اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے مسلم خواتین آگے بڑھیں -این ایف جی آئی او کی نائب صدر عفیفہ تہنیت کا خاص انٹرویو

نیشنل فیڈریشن آف گرلس اسلامک آرگنائزیشن(NFGIO) یکم اگست سے 31اگست تک ملک گیر پیمانے پر’نسوانیت کو اپنانا‘ (Embracing Femininity) مہم چلا رہی ہے۔ خواتین کے مسائل اور مہم کے مقاصد کے تعلق سے سینئر صحافی مشتاق عامر نے تنظیم کی نائب صدر عفیفہ تہنیت سے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے بات کی۔ اس گفتگو کے اہم حصے پیش کیے جا رہے ہیں۔

سوال: نیشنل فیڈریشن آف گرلس اسلامک آرگنائزیشن پورے ملک میں ایک ماہ کی مہم منا رہی ہے۔ میں آپ سے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ اس مہم کا کیا مقصد ہے اور اس کے ذریعے این ایف جی آئی او کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟

جواب: جی، اس مہم کے مقصد کے بارے میں بات کرنے سے پہلے میں چاہوں گی کہ اس مہم کا مختصر تعارف پیش کر دوں۔ Embracing Femininity یعنی ’نسوانیت کو اپنانا‘ ایک ملک گیر مہم ہے، جس کا اہتمام NFGIO کے زیرِ نگرانی یکم اگست سے31 اگست 2026 تک ملک بھر کے تمام GIO زونز اور کیمپسوں میں کیا جا رہا ہے۔ اگر ہم اس مہم کے مقصد کی بات کریں تو ہم دیکھتے ہیں کہ آج کی عورت کے سامنے دو انتہائیں موجود ہیں۔ ایک طرف وہ سوچ ہے، جو خواتین کو کنٹرول کرنے اور انھیں محدود رکھنے کی بات کرتی ہے۔ اس سوچ کے تحت خواتین کو تعلیم حاصل کرنے، فیصلہ سازی میں حصہ لینے اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کے حق سے محروم رکھنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ دوسری جانب ایک اور انتہا ہے، جو یہ کہتی ہے کہ آزاد اور خودمختار ہونے کے لیے عورت کو اپنی فطری خوشیوں، جذبات اور اپنی ذمے داریوں سے دور ہونا ہوگا۔ ان دونوں انتہاؤں کو سامنے رکھتے ہوئے Embracing Femininity یعنی ’نسوانیت کو اپنانا‘ کی مہم خواتین کو دعوت دیتی ہے کہ وہ اپنی فطری صلاحیتوں، خوبیوں، جذبات اور ذمے داریوں کے درمیان ایک متوازن اور باہمی ہم آہنگ تعلق قائم کریں۔ اس مہم کے ذریعے ہم یہ چاہتے ہیں کہ عورت اپنی صلاحیتوں کو پہچانے، اپنی اقدار کو سمجھے اور اپنی زندگی میں ایک تہذیبی توازن تلاش کرے۔ اسی کو ہم ’تیسری جگہ‘ یا‘تیسرا راستہ‘ کہتے ہیں۔ یہ ایک ایسا تصور ہے جو عورت کو اس کی فطرت سے جوڑتا ہے، اسلامی تہذیب سے رہنمائی حاصل کرتا ہے اور بہ یک وقت جدید دور کے تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہوتا ہے۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یہ مہم عورت کو کسی مخصوص بیانیے، شناخت یا تعریف کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ عورت اپنی مکمل شخصیت کو خود پہچانے۔

سوال: میں یہاں پر ایک بات اور جاننا چاہوں گا کہ آپ نے دو انتہاؤں کا ذکر کیا ہے۔ ان دو انتہاؤں کے درمیان آپ نے تہذیبی توازن کا ذکر کیا ہے۔ اس توازن سے آپ کی کیا مراد ہے؟

جواب:جی، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ان دو انتہاؤں کے درمیان بھی ایک راستہ ہے۔ ان دونوں انتہاؤں کو پیچھے چھوڑ کر، ان دونوں کو الگ رکھتے ہوئے، ایک متوازن، تیسرا راستہ ہمارا مقصود ہے۔ ہم ان دونوں کو بیلنس (توازن) کرتے ہوئے نہیں، بلکہ ان دونوں انتہاؤں کو بھی پیچھے چھوڑ کر ایک تیسرے راستے کی بات کر رہے ہیں۔ کیوں کہ جن انتہاؤں کی ہم بات کر رہے تھے، ان میں سے ایک انتہا ایسی ہے جو مسلسل پیداواری صلاحیت (Relentless Productivity) کی طرف دعوت دیتی ہے، جو ایک لبرل بیانیہ ہے۔ یعنی اگر عورت آزاد اور خودمختار بننا چاہے تو وہ اپنی نسوانیت کو پیچھے چھوڑ دے۔ اپنی معصومیت، اپنے جذبات اور اپنے اندر موجود دیگر فطری خصوصیات کو پسِ پشت ڈال دے اور ایک مشین کی طرح مسلسل کام کرتی چلی جائے۔ اس میں کسی متوازن رویے کی گنجائش پیدا کرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے۔ اسی لحاظ سے دوسرا بیانیہ یعنی عورت کو تعلیم سے دور رکھنا، اس کو حقوق سے محروم رکھنا اور پدر شاہی نظام کے شکنجے میں رہنا وغیرہ۔ ان دونوں بیانیوں کے درمیان ہمارا مقصد صرف توازن برقرار رکھنا نہیں ہے، بلکہ ہمارا مقصد ایک تیسرا راستہ، ایک Third Space (تیسری جگہ) کے لیے راستہ ہموار کرنا ہے۔

سوال:آج خواتین کو سماج کے ہر شعبے میں نمائندگی حاصل ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے خلاف جرائم اور استحصال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مسائل بھی بڑھے ہیں۔ اس کی کیا وجہ ہے؟

جواب:اگر ہم خواتین کی سماجی اور پیشہ ورانہ نمائندگی کی بات کریں تو اس میں اضافہ ہوا ہے اور یہ بہت اچھی تبدیلی ہے۔ لیکن صرف نمائندگی میں اضافہ کرنے سے ورک پلیس (کام کی جگہ) یا معاشرے کا ماحول خواتین کے لیے محفوظ نہیں بن جاتا اور نہ ہی خواتین اس میں خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ بلکہ خواتین کے خلاف آج کل جو بھی جرائم ہو رہے ہیں، ان کی بہت سی وجوہات ہیں۔ ان میں سب سے بنیادی وجہ ایک مخصوص ذہنیت ہے۔ ایک ایسی ذہنیت، جو عورت کو ایک مکمل انسان اور باوقار شخصیت کے بجائے ایک کمتر مخلوق یا قابلِ ملکیت چیز سمجھتی ہے۔ ہم اس ذہنیت کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

سوال:یہیں پر ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ سماج میں خواتین کے خلاف دو طرح کے تشدد بہت نمایاں ہو کر سامنے آئے ہیں۔ ایک تو ڈومیسٹک وائلنس- یعنی گھریلو تشدد- اور دوسرا جنسی تشدد۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ صرف ان پڑھ یا جاہل معاشرے میں ہو رہا ہے، بلکہ یہ سب اعلیٰ تعلیم یافتہ سوسائٹی میں ہو رہا ہے۔ تعلیم یافتہ اور مہذب سوسائٹی ہونے کے باوجود خواتین گھریلو اور جنسی تشدد کا شکار کیوں ہو رہی ہیں؟

جواب:جی، میں اسی کی طرف آ رہی تھی کہ جو جنسی تشدد، آن لائن بدسلوکی، سائبر کرائمز اور عورت کے بارے میں موجود ہر وہ غلط تصور جو اس کے استحصال کا سبب بنتا ہے، ان سب کی جڑ یہی ہے کہ عورت کو صرف ایک کمتر مخلوق، ایک مشین یا ایک کھلونے کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ اسے ایک قابلِ عزت شخصیت نہیں سمجھا جاتا۔ چاہے کوئی کتنا ہی پڑھا لکھا ہو یا کتنا ہی بڑا عہدہ رکھتا ہو، اگر وہ عورت کو اپنے برابر کی مخلوق نہیں سمجھتا، اس کی ذہنیت نہیں بدلتی اور خان دان میں اس کی صحیح تربیت نہیں ہوئی، تو ان ہی وجوہات کی بنا پر اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو عورت کے آگے بڑھنے کے حق کا احترام کرے، اس کی ’ہاں‘اور ’نہیں‘ کا احترام کرے اور اس کی حفاظت کرے۔

سوال:ماضی میں مختلف خواتین کے گروپس کی طرف سے کچھ ایسی مہم چلائی گئیں جیسے ’میرا جسم میری مرضی’ یا ’می ٹو‘ وغیرہ۔ کیا اس طرح کی مہم چلانے سے عورت کا وقار بحال ہو سکتا ہے؟ کیا ان کے بنیادی مسائل حل ہو سکتے ہیں؟ آپ اسے کس نگاہ سے دیکھتی ہیں؟

جواب:دیکھیے! خواتین کے مسائل نہ کسی ایک نعرے سے حل ہو سکتے ہیں اور نہ ہی کسی ایک مہم سے۔ جیسا کہ بات آئی ’می ٹو‘ جیسی تحریکوں کی، تو وہ جنسی ہراسانی (Sexual Harassment) جیسے مسئلے کو عوامی گفتگو (Public Discourse) میں لانے اور اسے ایک اہم سماجی موضوع بنانے کے لیے ایک کردار ادا کرنے والی مہم تھی۔ یہ ایک اچھی کوشش تھی۔ اسی طرح ’میرا جسم‘ میری مرضی‘ جیسے نعروں کے پیچھے بھی کچھ ایسی صورتیں تھیں، جن میں عورت کے اپنے جسم، اس کے اختیار (Autonomy) اور اس کی حفاظت کے بارے میں بات کی گئی تھی۔ لیکن اگر ہم ہر نعرے اور ہر بیانیے کا تنقیدی جائزہ لیں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ ہر مہم اور ہر تحریک نے کسی ایک مخصوص پہلو (Particular Aspect)کو موضوع بنایا، چاہے وہ جسمانی خودمختاری کا معاملہ ہو یا جنسی ہراسانی کا۔
تو اگر ہم چاہتے ہیں کہ عورت کے مسائل حل ہوں، تو ہمیں اس کے ہر مسئلے کو دیکھنا ہوگا۔ صحت کا مسئلہ، مالی مواقع کا مسئلہ، گھریلو تشدد کا مسئلہ، ہراسانی کا مسئلہ، اس کی جسمانی صحت، ذہنی سکون، خان دانی تعلقات، اس کا کام، اس کی زندگی سے متعلق سماجی رویے، الغرض جو کچھ بھی ہے، ان تمام چیزوں اور تمام پہلوؤں کو ہمیں دیکھنا ہوگا۔ لہٰذا اگر ہم عورتوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو ان نعروں سے آگے بڑھ کر ایک فطری اور سماجی حل تلاش کرنا ضروری ہے اور Embracing Femininity بھی اسی گفتگو کو عوامی سطح پر لانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ہم خواتین کے مسائل کو کس زاویے سے دیکھیں۔ یہ محض ایک نعرہ نہ ہو، بلکہ ایک انسان کے طور پر اس کے برتاؤ، اس کی فطرت اور اس کی سماجی ذمے داریوں کو پورے شعور اور ایک وسیع تر نقطۂ نظر کے ساتھ دیکھا جائے۔ اسی تصور کے تحت اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ ایک طرف جو Moderate اور Liberal Narratives (کم شدت پسند اور لبرل بیانیے) ہیں اور دوسری طرف مردانہ بالادستی کا تصور ہے، ان دونوں انتہاؤں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک تیسری راہ متعین کرنے کی کوشش کی جائے۔

سوال:عورت کے خلاف ہونے والے جرائم کے تعلق سے ملک میں سخت قوانین موجود ہیں۔ لیکن اس کے باوجود جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کیا جرائم کو قابو کرنے میں موجودہ قوانین ناکام ہو رہے ہیں؟

جواب:قانون تو موجود ہے لیکن قانون کے نفاذ میں سختی آنی چاہیے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کتنے ہی قوانین موجود ہیں! جہیز کے خلاف قانون ہے، جنسی ہراسانی کے خلاف قانون ہے اور چھوٹے بچوں کے تحفظ کے لیے POCSO ایکٹ ہےوغیرہ وغیرہ۔ اتنے سارے قوانین موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود جرائم بڑھ رہے ہیں۔ یہاں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ سخت قانون کا نفاذ ہونے کے بعد احتساب (Accountability) بھی ضروری ہے۔ یعنی کسی کو جیل میں ڈالنے یا اس کے خلاف جو بھی قانونی کارروائی ہوتی ہے، اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ وہ دوبارہ جیل سے رہا ہو جاتا ہے۔ یہ چیزیں بھی ہمیں مدِنظر رکھنی چاہئیں کہ قانون تو سخت ہے، لیکن جواب دہی کہاں ہے؟ اسی طرح معاشرے میں عورت کے حوالے سے جو نظریہ اور سوچ ہے، اس میں بھی تبدیلی آنی چاہیے۔ ہمیں لگتا ہے کہ ایک ایسا سماج تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس میں عورت خود کو محفوظ محسوس کر سکے۔ اور ہاں! اخلاقی اعتبار سے بھی۔ یعنی انسان اپنے اندر موجود اخلاقی خوبیوں اور برائیوں کو جس نظر سے دیکھتا ہے، اس میں بھی تبدیلی آنی چاہیے۔

سوال:ایک اہم مسئلہ یہ بھی سامنے آتا ہے کہ جب ہم اخلاقیات کی بات کرتے ہیں تو مختلف مذاہب میں اخلاقیات کے اصول الگ الگ ہیں۔ مثلاً جب ہم اسلام کی بات کرتے ہیں تو وہاں اخلاقیات کے اصول ایک خاص نوعیت کے ہیں، جب کہ دوسرے مذاہب میں اخلاقیات کے اصول مختلف ہو سکتے ہیں۔ جو چیز اسلام میں بہت ممنوع ہے، ممکن ہے دوسرے مذہب کے اخلاقی تصور میں وہ اتنی ممنوع یا معیوب نہ سمجھی جاتی ہو؟

جواب:دیکھیے! جب ہم انسانوں کی بات کرتے ہیں تو ہر انسان کے اندر ایک اخلاقی شعور (Moral Compass) ہوتا ہے، جو اسے بتاتا ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والا انسان ہو۔ یا اگر ہم اس سے بھی گہرائی میں جائیں تو ممکن ہے کہ وہ کسی مذہب کو نہ مانتا ہو۔ تو کیا ایسا شخص کسی اخلاقی شعور کی پیروی نہیں کرتا؟ کیا اسے معاشرے میں ہر کام کرنے کے لیے بالکل آزاد چھوڑ دیا جائے گا؟ نہیں! ہر انسان کے اندر ایک اخلاقی شعور ہوتا ہے۔ خواہ وہ کسی بھی مذہب یا نظریے سے تعلق رکھتا ہو۔ ایک انسان ہونے کی حیثیت سے اس کے اندر کچھ بنیادی اخلاقی قدریں ہونی چاہئیں۔ یہ قدریں معاشرے، خان دان اور اردگرد کے لوگوں کے ذریعے بھی انسان تک پہنچتی ہیں۔ انسان اپنے ماحول سے سیکھتا ہے کہ اس کا اخلاقی شعور کیا ہے اور اس کی حدود کہاں تک ہیں۔

سوال:ملک کے موجودہ حالات میں مسلم خواتین کو عوامی مقامات پر کچھ چیلنجز (مسائل) کا سامنا ہے، خاص طور پر وہ خواتین جو نقاب، حجاب یا اپنی مذہبی شناخت کے ساتھ زندگی گزارتی ہیں۔ اس مسئلے کو کس طرح حل کیا جا سکتا ہے؟

جواب:ہم دیکھتے ہیں کہ مسلم شناخت کے ساتھ رہتے ہوئے بھی ہندستان میں ہماری ٹیچرز، ڈاکٹرز، مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز، ایکٹیوسٹس، جرنلسٹس، رائٹرز اور بزنس ویمن موجود ہیں۔ الحمدللہ یہ سب حجاب کے ساتھ رہتے ہوئے آگے بڑھی ہیں۔ اگر ہم عام مسلم خواتین کی بات کریں توان کے سامنے تعلیم، مالی مواقع، اسلاموفوبیا اور ان کی شناخت سے متعلق مسائل بہت زیادہ ہیں۔ چیلنجز بہت ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایک چیز جو ہمارے اندر اعتماد پیدا کرتی ہے، وہ یہ ہے کہ ہندستان کا آئین ہر شخص کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنے مذہب پر عمل کر سکے۔ لہٰذا اگر ہم آئینی اعتبار سے دیکھیں تو شناخت، حجاب اور پردے سے متعلق ان تمام مسائل کو اسی بنیاد پر حل کیا جا سکتا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ چیلنجز جیسے بھی ہوں، ہم حجاب یا برقعے میں رہتے ہوئے اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔

سوال:جب ہم ویمن ایمپاورمنٹ (خواتین کو بااختیار بنانے) کی بات کرتے ہیں، تو اس میں مسلم خواتین کا بااختیار ہونا بھی شامل ہے۔ لیکن عملی طور پر مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے میں بہت سی شرائط اور پیچیدگیاں سامنے آتی ہیں۔ ایسے میں ہم مسلم ویمن ایمپاورمنٹ کی بات کرتے ہیں تو انھیں بااختیار بنانے کے کیا طریقے ہونے چاہئیں؟

جواب:پہلی بات تو یہ ہے کہ ’مسلم لڑکی یا مسلم خاتون کو بااختیار بنانے‘ کی اصطلاح کچھ عجیب محسوس ہوتی ہے، کیوں کہ جب ہم اسلام اور مسلم خواتین کی بات کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ نے اسے جو حقوق اور اختیارات دیے ہیں، ان ہی کا استعمال کرتے ہوئے وہ تعلیم حاصل کر سکتی ہے اور معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان تمام کاموں کے لیے وہ آزاد ہے۔ لہٰذا جب ہم مسلم ویمن ایمپاورمنٹ کی بات کرتے ہیں تو کسی مسلم لڑکی کو بااختیار بنانے کے لیے ہمیں کوئی الگ سے خاص کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے پیغمبر ﷺ نے ہمیں جو تعلیمات دی ہیں، اگر ہم ان پر عمل کریں، ان تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں تو ہر عورت، ان شاء اللہ، بااختیار ہو جائے گی۔

سوال:ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جو مخلوط معاشرہ ہے۔ تو ایسے میں اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک مسلم خاتون کس طرح ترقی کر سکتی ہے؟

جواب:جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اپنی شناخت، اپنے حجاب یا اپنے پردے کے ساتھ رہتے ہوئے مسلم خاتون اپنے سامنے آنے والے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ظاہر ہے کہ ہم ایک کثیر مذہبی اور کثیر ثقافتی معاشرے میں رہ رہے ہیں۔ کسی ایک بند دائرے میں یا اپنا کوئی الگ ادارہ قائم کر کے صرف اسی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری بہت سی لڑکیاں کالجز میں جاتی ہیں۔ اسی طرح مرکزی یونیورسٹیوں میں ہماری طالبات موجود ہیں۔ ان شاء اللہ! ہم اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اپنے مواقع حاصل کریں گے۔

سوال:آپ کو کیا لگتا ہے کہ صرف ایک ماہ کی مہم سے مسلم خواتین کے مسئلے حل ہو سکتے ہیں؟

جواب:ایک ماہ کی مہم سے مسلم خواتین کے تمام مسائل حل نہیں ہو سکتے اور نہ ہی اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ ہم صرف ایک ماہ میں ان تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس مہم کا بنیادی مقصد لڑکیوں اور خواتین میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ ان کی اصل شناخت کیا ہے؟ ان کی حقیقی صلاحیتیں کیا ہیں؟ اللہ تعالیٰ نے انھیں کن خوبیوں سے نوازا ہے اور اسلام میں اللہ تعالیٰ نے انھیں کیا مقام اور حیثیت دی ہے؟ ہم ایک فکری اور شعوری مہم لے کر اٹھے ہیں۔ یہ صرف ایک ماہ کا کام نہیں ہے، بلکہ ہم پوری سوسائٹی کے اندر ایک تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ذہنوں اور نقطۂ نظر کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ایک ایسی گفتگو اور ڈسکورس شروع کرنا چاہتے ہیں جو خواتین کو اپنی شناخت برقرار رکھنے کی طرف متوجہ کرے اور انھیں سنجیدگی سے غور کرنے اور سوچنے پر مجبور کرے کہ کیا وہ وہی ہیں جو معاشرہ انھیں بتاتا ہے؟ کیا وہ وہی ہیں جو گھر والے یا دوسرے لوگ انھیں بتاتے ہیں؟ کیا وہ وہی ہیں جو مختلف بیانیے انھیں بتاتے ہیں؟ یا وہ وہی ہیں جو ان کے سوشل میڈیا کے دوست انھیں بتاتے ہیں؟ آخر ان کی حقیقی شناخت کیا ہے؟ ہم کسی پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کر رہے، بلکہ ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ اپنی اس شناخت کو خود تلاش کریں، جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کی ہے۔ اس مہم کے ذریعے ہم ایک ایسا ڈسکورس اور فکری ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں دو انتہاؤں کے درمیان ایک متوازن راستہ تلاش کیا جا سکے۔

سوال:دیکھا گیا ہے کہ اس طرح کی مہم کے اثرات زمینی سطح تک نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ اس کے اثرات زمینی سطح پر دکھائی دیں، اس کے لیے کیا منصوبہ بندی کی گئی ہے؟

جواب:الحمدللہ اس وقت ہندستان کی 18ریاستوں میں جی آئی او کے 20 زونز ہیں۔ اس مہم کے دوران ہر زون نے اپنی الگ الگ منصوبہ بندی ہمیں بھیجی ہے۔ ان کی جو منصوبہ بندی ہے، اس کے مطابق ہم کام کر رہے ہیں۔ اس کے تحت مختلف کیمپس میں پروگرامز ہو رہے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے ہم مسلم خواتین سے براہ راست رابطہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اپنے پروگراموں کے ذریعے گراؤنڈ لیول (زمینی سطح) تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ Embracing Femininity یعنی ’نسوانیت کو اپنانے‘ مہم کے تحت ہم خواتین کی ذہنی صحت کے بارے میں بات کر رہے ہیں، عورت کی شناخت کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور عورت کو فطرت کی طرف واپس آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ ایک اور اہم تیاری یہ ہے کہ ہم نے Women’s Support Group (خواتین کی معاون کمیٹی) بھی شروع کیا ہے۔ یہ خواتین کی جذباتی بہبود اور ذہنی معاونت کی طرف ایک قدم ہے۔ اس لیے کہ بہت سی گھریلو خواتین ایسی ہوتی ہیں، جو دوسروں کے طعنے سنتی ہیں، مختلف باتوں کا سامنا کرتی ہیں اور ان سب سے ان کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔

سوال:ایک آخری سوال آپ سے کرنا چاہوں گا۔ مہم کے دوران کیا جی آئی او نے خواتین کے لیے کام کرنے والی دوسری تنظیموں سے بھی کوآرڈی نیشن (تال میل) کیا ہے؟

جواب:ہم بنیادی طور پر مسلم خواتین کے درمیان کام کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور آن لائن ہماری جو بھی سرگرمیاں ہیں، وہ سب لوگوں کے لیے ہیں۔ ہماری دوسری بہنوں کے لیے بھی ہیں۔ لیکن گراؤنڈ لیول پر ہمارا جو کام ہے، اس کے تحت ہم Returning to Fitrah یعنی فطرت کی طرف واپسی اور اسلامی اقدار کی بات کر رہے ہیں۔ اس لیے ہم بنیادی طور پر مسلم خواتین ہی کو مخاطب کرنا چاہتے ہیں۔ اس لحاظ سے اگر ہم دیکھیں تو دوسرے مذاہب کی تنظیموں کے ساتھ اس حوالے سے ہمارا کوئی اشتراک نہیں ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦