پردیس:جو کاٹی نہ جا سکے وہ زندگی کاٹی

آج ایک خاتون سے ملاقات ہوئی، جس کا شوہر روزگار کی خاطر پردیس میں رہتا ہے اور وہ اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ سسرال میں زندگی گزار رہی تھی۔ باتوں باتوں میں اس نے بہت کچھ نہیں کہا، لیکن آنکھوں کی نمی اور دھیمی مسکراہٹ اس کے پیچھے چھپی تنہائی کی ایک لمبی کہانی سنا رہی تھی۔ اس نے شوہر کی جدائی کا شکوہ بھی نہ کیا، لیکن اس کے ہر جملے میں انتظار کی امید اور چہرے پر ذمے داریوں کی خاموش تھکن سب بیان کر رہی تھی۔
اس گھر کے ماں باپ کو بھی غور سے دیکھا، جو اپنی بہو کو بیٹی کی طرح سنبھالنے کی کوشش کر رہے تھے اور جو اپنے بیٹے کی جگہ اپنے جذبات دل میں چھپائے اس کے غم و خوشی میں ساتھ ہیں۔ لیکن ایک ماں باپ ہونے کے ناطے اپنے پردیس میں موجود بیٹے کی کمی بھی ہر روز محسوس کر رہے تھے۔ ان کی دعاؤں میں بیٹے کی سلامتی بھی شامل تھی اور اس گھر کے دوبارہ مکمل ہونے کی آرزو بھی!
یہ صرف ایک گھر کی کہانی نہیں بلکہ ان ہزاروں خان دانوں کی تصویر ہے، جہاں رزق کی تلاش میں فاصلے بڑھ جاتے ہیں لیکن دل امید میں زندہ رہتے ہیں۔ آج اس گھر سے ملاقات ہوئی تو احساس ہوا کہ پردیس صرف ایک شخص کو گھر سے دور نہیں کرتا، بلکہ ایک بیوی سے اس کا ہم سفر، ایک بچے سے اس کا باپ اور بوڑھے ماں باپ سے ان کا واحد سہارا اور آنکھوں کا سکون، وقتی طور پر چھین لیتا ہے۔
انسان اپنی زندگی کو بہتر بنانے، اپنے خان دان کی ضروریات پوری کرنے اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیشہ بہتر مواقع کی تلاش میں رہتا ہے۔ موجودہ دور میں روزگار کی قلت، کم آمدنی اور بڑھتی مہنگائی، قرض، بہتر مستقبل اور معیارِ زندگی کی خواہش نے لاکھوں افراد کو اپنے عزیزوں اور وطن سے دور بیرون ملک جانے پر مجبور کر دیا ہے۔ اپنی عمر کے کئی سال بیرون ملک گزارنے والا شخص بے شمار قربانیوں کے ساتھ اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے جدوجہد کرتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی اس کو زندگی میں تنہائی، ذہنی دباؤ، ثقافتی تبدیلی اور مسلسل محنت جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف وطن میں رہ جانے والے والدین، بیوی، بچے اور دیگر اہلِ خانہ بھی مختلف نفسیاتی، معاشرتی اور جذباتی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ اگرچہ بیرون ملک کمائی سے مالی خوش حالی آتی ہے، مگر بعض اوقات اس کی قیمت خان دانی دوری، رشتوں کی کمزوری اور ذہنی بے سکونی کی صورت میں دونوں فریقین کو ادا کرنی پڑتی ہے۔

ہندستان سے بیرون ملک ہجرت

ہندستان دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں سے بڑی تعداد میں افراد روزگار کے لیے خلیجی ممالک، یورپ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، سعودی عرب اور دیگر ممالک کا رخ کرتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی عالمی ہجرت رپورٹ کے مطابق ہندستان کے تقریباً 18.1 ملین افراد بیرون ملک رہتے ہیں، جن میں ایک بڑی تعداد روزگار کی غرض سے مقیم ہے۔ لاکھوں ہندستانی، خصوصاً ریاست کیرلہ، اتر پردیش، بہار، تلنگانہ، آندھرا پردیش، پنجاب اور تمل ناڈو سے خلیجی ممالک میں ملازمت کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ہندستان کئی برسوں سے دنیا میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر وصول کرنے والے ممالک میں شامل رہا ہے۔ اسی بنا پر ہندستان اس وقت بین الاقوامی تارکینِ وطن کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے، جو عالمی سطح پر تمام بین الاقوامی تارکینِ وطن کا چھ فی صد ہے۔
فاصلے بہت کچھ چھین لیتے ہیں۔ بیرون ملک جانے والا اور پیچھے رہ جانے والا، ہر فرد اپنی ذمے داریوں اور طویل انتظار میں تھک جاتا ہے۔ بعض تھکن جسم پر نہیں، روح پر اترتی ہے اور وہ اسی کے ساتھ اپنے حوصلے کی چادر اوڑھے زندگی کا سفر طے کرتے رہتے ہیں۔ اسی بنا پر بیرون ملک جانے والے شخص سے لے کر اس کے پیچھے رہ جانے والے خان دان کے ہر فرد پر ذہنی و جسمانی اور نفسیاتی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

والدین کی زندگی

اگر بیٹا بیرون ملک ہو تو والدین کی زندگی بھی بدل جاتی ہے اور اگر وہی والدین بڑھاپے کی دہلیز پر ہوں تو ان کی زندگی اور مشکل ہو جاتی ہے۔ کیوں کہ بڑھاپے میں ان کا سہارا گم ہو جاتا ہے۔ بیماری میں بیٹے کی عدم موجودگی کا احساس اور شدید ہو جاتا ہے۔ عید، تہوار اور خان دانی تقریبات ادھوری محسوس ہونے لگتی ہیں۔ ساتھ مل کر رہنے کا خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا، یہاں تک کہ آخری دیدار کی آرزو میں وہ دن گزارنے لگتے ہیں۔ بعض اوقات والدین اپنے بیٹے یا پوتے، پوتیوں کو ویڈیو کال میں بڑا ہوتا دیکھ کر دل بہلاتے ہیں۔ بیٹے کی غیر موجودگی میں بڑھاپے میں محتاجی کا خوف بڑھ جاتا ہے۔ بزرگ والدین اپنے بیٹے کی کام یابی پر خوش تو ضرور ہوتے ہیں، لیکن دل ہی دل میں اس کی جدائی کا دکھ بھی محسوس کرتے ہیں۔ والدین کے بڑھاپے اور ان کی کمزوری کے دنوں میں اولاد کی قربت ان کے لیے سب سے ضروری ہوتی ہے، جس کا بدل کوئی نہیں بن سکتا۔

بیوی کو در پیش مسائل

مرد کی غیر موجودگی کا سب سے زیادہ اثر اس کی بیوی اور بچوں کو پڑتا ہے۔ شوہر کی غیر موجودگی عورت کے لیے آسان نہیں ہوتی۔ شوہر کی طویل جدائی بیوی کی نفسیات، جذبات، سماجی زندگی اور خان دانی ذمے داریوں پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ ہر عورت کے حالات، شخصیت، معاشی صورتِ حال اور خان دانی ماحول کے مطابق یہ اثرات مختلف ہو سکتے ہیں۔
جذباتی تنہائی: طویل عرصے کی دوری جذباتی دوریاں پیدا کر دیتی ہے۔ زندگی کے روزمرہ معاملات، خوشی و غم کے لمحات یا اہم فیصلوں میں شوہر کی عدم موجودگی بیوی کو جذباتی تنہائی اور خلا کا احساس دلاتی ہے۔ بعض اوقات وہ اپنے جذبات کسی سے کھل کر بیان نہیں کر پاتی، جس سے اس کے اندر تناؤ بڑھتا چلا جاتا ہے۔
ذہنی دباؤ: میاں بیوی میں سے کوئی ایک یا دونوں فریقین جذباتی طور پر لاپتہ (Emotionally Unavailable)ہو جائیں تو شادی صرف چند ذمے داریوں اور خاموشی کا نام بن کر رہ جاتی ہے اور یہ ذمے داریاں، صحت اور مستقبل کی فکر اور بے چینی کا باعث بن جاتی ہیں۔ طویل عرصے تک جاری رہنے والا یہ ذہنی دباؤ نیند، توجہ اور روزمرہ کارکردگی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔
گھریلو ذمے داریوں کا بوجھ: شوہر کی غیر موجودگی میں گھر کی تقریباً تمام ذمے داریاں بیوی کے کندھوں پر آ جاتی ہیں اور اگر ماں ہو تو والد کی غیر موجودگی میں اسے دہرا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔ بچوں کی تعلیم، ان کی تربیت، مالی معاملات، بزرگوں کی دیکھ بھال اور دیگر روزمرہ امور کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا۔ اس اضافی ذمے داری سے جسمانی تھکن کے ساتھ ذہنی دباؤ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
سماجی دباؤ: معاشرے میں اکیلی رہنے والی خواتین کو غیر ضروری سوالات، تنقید یا سماجی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات لوگ ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں، جو ان کے اعتماد اور ذہنی سکون کو متاثر کر سکتی ہے۔
اعتماد اور تحفظ:ازدواجی زندگی کا حسن باہمی محبت، قربت اور ایک دوسرے کے تعاون میں ہوتا ہے۔ فاصلے کے سبب بیوی ازدواجی رشتے میں عدم تحفظ کے خوف میں مبتلا رہتی ہے، خاص طور پر اگر رابطہ کم ہو یا ایک دوسرے کو مناسب وقت نہ دیں۔ تاہم اگر میاں بیوی کے درمیان باہمی اعتماد، کھلی گفتگو اور احترام موجود ہو تو دوری کے باوجود بھی رشتہ مضبوط رہ سکتا ہے۔
مثبت نفسیاتی پہلو:ہر عورت صرف منفی اثرات کا شکار نہیں ہوتی اور ہر عورت کا تجربہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ بہت سی خواتین میں وقت کے ساتھ خود اعتمادی، ذمے داری سنبھالنا، مشکلات سے لڑنے کا ہنر اور فیصلہ سازی کی صلاحیت آ جاتی ہے۔ وہ مالی منصوبہ بندی، بچوں کی تعلیم اور گھریلو معاملات کو بہتر انداز میں سنبھالنا سیکھ لیتی ہیں۔ اس طرح اس کی شخصیت میں پختگی اور خود انحصاری پیدا ہو جاتی ہے۔

بچوں کی شخصیت پر اثرات

باپ اپنے بچے کا پہلا ہیرو ہوتا ہے، جو اسے زندگی کے اصول اور کردار سکھاتا ہے۔ لیکن جب باپ ملازمت کے لیے پیچھے بچوں کو چھوڑ جاتا ہے تو ان کا بچپن زندہ درگور ہو جاتا ہے، کیوں کہ بچے باپ ہوتے ہوئے بھی ایک ایسے خالی پن کا شکار ہو جاتے ہیں جو یتیمی سے کم نہیں ہوتا۔ والد کی طویل غیر موجودگی بچوں کے نفسیات، جذبات، شخصیت اور سماجی نشو و نما پر مختلف اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ ان اثرات کی نوعیت بچوں کی عمر، والدین کے باہمی تعلقات، خان دانی ماحول اور والد کے ساتھ رابطے کے انداز پر منحصر ہوتی ہے۔
جذباتی اثر:والد بچوں کی زندگی میں محبت، تحفظ اور رہنمائی کا اہم ذریعہ ہوتا ہے۔ اس کی طویل عدم موجودگی سے بعض بچے اداسی، تنہائی اور محرومی محسوس کرتے ہیں اور والد کی قربت، شفقت اور حوصلہ افزائی کو یاد کرتے ہیں، خاص طور پر عید، اسکول و خان دانی تقریبات اور دیگر اہم مواقع پر۔ یہاں تک کہ اکثر بچے والد کی محبت کو ویڈیو کال کی اسکرین پر دیکھ کر ہی بڑے ہو جاتے ہیں۔
تعلیمی اور سماجی اثرات:بیرون ملک جا کر والد اپنی اولاد کو ہر چیز مہیا کر سکتا ہے، لیکن والد کی عدم موجودگی بعض بچوں کی تعلیمی کارکردگی اور ان کے رویوں پر اثر ڈال سکتی ہے۔ بعض بچے زیادہ ذمے دار بن جاتے ہیں، جب کہ کچھ کی توجہ پڑھائی سے ہٹ سکتی ہے یا وہ رویوں میں چڑچڑا پن اور خاموشی اختیار کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ سماجی سرگرمیوں سے ہٹ کر صرف اپنی ذات میں گم ہو جاتے ہیں۔ لیکن مثبت خان دانی ماحول اور مناسب رہنمائی ان اثرات کو کسی حد تک کم کر دیتی ہے۔
اعتماد اور شخصیت کی تشکیل:بچے کے لیے اس کا باپ اس کی زندگی کے ہر مشکل وقت میں سہارا ہوتا ہے، جو اسے مصائب سے لڑنا اور زندگی میں صحیح فیصلہ کرنا سکھاتا ہے۔ والد کی رہنمائی بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اگرچہ جسمانی دوری ہی کیوں نہ ہو۔ باقاعدہ رابطہ اور حوصلہ افزائی بچوں میں خود اعتمادی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے برعکس مسلسل بے توجہی بچوں کے جذباتی تعلق کو متاثر کر سکتی ہے۔

بیرون ملک میں در پیش مسائل

دور کے ڈھول سہانے:اپنے وطن سے باہر رہنے والوں کی زندگی جتنی گلزار اور خوش نما دکھائی دیتی ہے، حقیقتاً اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتی ہے۔ آج بہت سے لوگ بیرونِ ملک جانے کو اپنے لیے فخر اور کام یابی کی علامت سمجھتے ہیں، لیکن بیرون ملک رہنے والوں کی زندگی کام یابیوں اور آزمائشوں کا امتزاج ہے۔ بہتر مواقع، مالی استحکام اور ذاتی ترقی کے ساتھ ساتھ تنہائی اور ثقافتی فرق بھی ان کی زندگی کا حصہ بن جاتے ہیں کیوں کہ اہل و عیال سے زیادہ بیرون ملک رہنے والے کی زندگی مشکلات سے بھری ہوئی ہوتی ہے۔
مسلسل محنت:بیرون ملک رہنے والے اکثر طویل اوقات تک کام کرتے ہیں۔ بہت سے افراد اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک سے زیادہ ملازمتیں بھی کرتے ہیں۔ اگرچہ انھیں اچھی آمدنی مل سکتی ہے، لیکن اس کے ساتھ سخت محنت اور وقت کی پابندی جیسے مسائل بھی ہوتے ہیں، جس سے ان کی صحت پر کافی اثر پڑتا ہے۔
تنہائی:پردیس کی سب سے بڑی آزمائش تنہائی ہے اور اپنوں سے دوری کا یہ احساس عید، شادی، خوشی اور غم کے مواقع پر اور بڑھ جاتا ہے۔ وہاں انھیں ہر قسم کے حالات کا تنہا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ لیکن یہ تنہائی انسان کو خود مختاری، نظم و ضبط اور مختلف حالات میں خود کو ڈھالنے اور مصائب سے تنہا لڑنے کا ہنر بھی سکھاتی ہے۔
قانون اور ثقافتی پہلو:ہر ملک کے اپنے قوانین اور معاشرتی اصول ہوتے ہیں، جہاں خود کو نئے ماحول میں ڈھالنا آسان نہیں ہوتا۔ بیرون ملک رہنے والوں کو ان قوانین کا احترام کرنا پڑتا ہے۔ ویزا، مشترکہ رہائش، اجازت نامہ، ٹیکس اور دیگر قانونی تقاضوں کی پابندی ان کی زندگی کا اہم حصہ ہوتی ہے۔ ہر ملک کے قوانین، زبان، رہن سہن اور ثقافت مختلف ہوتی ہے۔ نئی زبان اور نئی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا مشکل ضرور ہوتا ہے، لیکن اس کا مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ انسان کو نئی زبان، مختلف روایات، تہذیبوں اور جدید ٹیکنالوجی سے مکمل واقفیت حاصل ہو جاتی ہے۔
وطن کی یاد:وطن کی محبت انسان کے دل میں اتنی گہری ہوتی ہے کہ فاصلے اسے مٹا نہیں سکتے۔ جسم کے دور ہونے سے وطن کی محبت کم نہیں ہوتی۔ ہم ہندستانیوں کے لیے آپسی بھائی چارہ، محبت اور رواداری سب سے زیادہ اہم ہے۔ یہاں ہم سب باہمی محبت کے دھاگے سے بندھی ہوئی ایک قوم ہیں۔ یہ ہمارے وطن کی امتیازی خصوصیت ہے، جو ہمیں پردیس میں نہیں ملتی۔ ہماری وابستگی ہمیشہ ایسی جگہ اور ایسے ماحول سے ہے، جہاں نیکی، سچائی، محبت، احترام اور انسانیت کو ہمیشہ مقدم رکھا جاتا ہے۔ یعنی ہماری اصل پہچان، ہمارا اچھا کردار اور ہماری اعلیٰ اخلاقی اقدار ہیں۔ چاہے ہم پردیس میں رہیں، مگر دل، احساسات اور اخلاقی اقدار کا سرمایہ وہیں سے اٹھائیں گے، جہاں سے ہم سینچے گئے ہیں۔ اسے علامہ اقبال اس شعر میں بیان کرتے ہیں:

غربت میں ہوں اگر ہم، رہتا ہے دل وطن میں
سمجھو وہیں ہمیں بھی، دل ہو جہاں ہمارا

مالی ذمہ داریاں:گھر والوں کی ضروریات، قرض، بچوں کی تعلیم، والدین کی بیماری اور ملازمت کے تحفظ کی فکر میں اکثر بیرون ملک جانے والا شخص اپنی ضروریات محدود کر کے اپنی زیادہ تر آمدنی گھر بھیج دیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ خود بھی سادہ زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

اسلامی نقطہ نظر اور اس کا حل

وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ

ترجمہ: عورتوں کے لیے بھی معروف طریقے پر ویسے ہی حقوق ہیں جیسے مردوں کے حقوق ان پر ہیں۔ (سورۃ البقرہ، آیت 228)
اسلام حلال روزی کمانے کی ترغیب دیتا ہے، لیکن اس کے ساتھ خان دان کے حقوق ادا کرنے پر بھی زور دیتا ہے۔ اگر بیرون ملک جانے سے والدین کی خدمت، بیوی کے حقوق اور بچوں کی تربیت شدید متاثر ہو رہی ہو تو انسان کو اپنے حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ نیز ایسا متوازن راستہ اختیار کرنا چاہیے، جس میں معاشی ضرورت اور خان دانی ذمے داری، دونوں کا خیال رکھا جا سکے۔
سیرت کی کتابوں سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تجارت کی غرض سے صرف شام ہی نہیں بلکہ یمن اور بحرین کا سفر بھی کیا تھا، لیکن بعد از نبوت تجارت کی غرض سے کوئی سفر مذکور نہیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ بہ قدرِ کفاف گزارا ہو جاتا تھا۔ معیارِ زندگی کو بڑھانے کی فکر حضور صلی اللہ علیہ وسلم میں کبھی نہیں رہی تھی۔
اسلام کی نظر میں شادی کا اصل مقصد جانبین میں مودت و الفت اور جذبۂ ایثار پیدا کرنا ہے، لیکن ان فاصلوں میں یہ سب کہیں نہ کہیں مفقود ہو جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَمِنْ آيَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكُمْ مِنْ أَنْفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُمْ مَوَدَّةً وَرَحْمَةً إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ

ترجمہ:اللہ کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمھارے لیے تمھاری ہی جنس سے بیویاں بنائیں، تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو اور اس نے تمھارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی۔ یقیناً اس میں بہت سی نشانیاں ہیں، ان لوگوں کے لیے جو غور و فکر کرتے ہیں۔ (سورۃ الروم، آیت 21)
دورِ فاروقی میں مسلمان فوجی کئی ماہ سرحدوں اور محاذوں پر تعینات رہتے تھے۔ لیکن جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے شبِ گشت میں ایک بیوی کو اپنے شوہر کے بارے میں گلہ کرتے سنا تو انھوں نے اپنی بیٹی حفصہ رضی اللہ عنہا سے سوال کیا کہ عورت خاوند کے بغیر کتنا عرصہ رہ سکتی ہے۔ بیٹی نے عورت کی نفسیات کے مطابق جواب دیا کہ چھ یا چار ماہ سے زیادہ نہیں۔ اسی بنا پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بیوی کے حق کو ریاستی انتظام میں ملحوظ رکھتے ہوئے یہ حکم جاری کر دیا کہ فوجیوں کو چھ ماہ سے زیادہ عرصے کے لیے اپنے گھروں سے دور نہ رکھا جائے۔ (تفسیر فی ظلال القرآن)
اگر انسان کو اپنے ملک اور شہر میں بہ قدرِ کفاف معاشی وسائل حاصل ہیں جن کے ذریعے وہ متوسط زندگی گزار سکتا ہے، تو اس کے باوجود بغیر کسی مجبوری، قرض یا ناگزیر حالات کے، صرف معیارِ زندگی بلند کرنے، خوش حالی اور عیش و عشرت کی زندگی گزارنے کی غرض سے بیرونِ ملک ہجرت کرنا کسی طرح کراہت سے خالی نہیں۔

صحت مند عائلی زندگی برقرار رکھنے کے عوامل

ہر صورت کے منفی اور مثبت اثرات ہوتے ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ روزگار کے لیے بیرون ملک جانا مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، لیکن حتی الامکان اس کے منفی اثرات کو مندرجہ ذیل عوامل کے ذریعے کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی اقدام:اگر ہندستان میں صنعت، زراعت، تجارت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید روزگار پیدا ہو تو نوجوانوں کو اپنے خان دان سے دور جانے کی ضرورت کم پڑے گی۔ تاہم حکومت مزید تعلیمی اداروں کے بجائے بہترین، شفاف و ایمان دار تعلیمی نظام بنانے پر زور دے، تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند اوراتنا باصلاحیت بنایا جا سکے کہ وہ بہتر تنخواہ والی ملازمتیں حاصل کر سکیں، خواہ ملک کے اندر ہو یا بیرون ملک۔ نیز حکومت کو بیرون ملک جانے والے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ استحصال اور دھوکے سے بچا جا سکے۔
ہماری ذمے داری:اگر خان دان کا کوئی فرد بیرونِ ملک محنت کر رہا ہے تو ہمیں اس کی قربانی کی قدر کرنی چاہیے۔ اسی طرح پردیس میں رہنے والے شخص کو بھی چاہیے کہ وہ صرف دولت کمانے کو مقصد نہ بنائے، بلکہ اپنے والدین، بیوی، بچوں اور خان دان کی جذباتی ضرورتوں کا بھی خیال رکھے۔ مزید یہ کہ آج ذرائع ابلاغ نے رابطہ آسان بنا دیا ہے، لیکن جسمانی موجودگی کا متبادل ممکن نہیں۔ اگر باقاعدگی سے رابطے میں رہیں، خان دان کے مسائل سنیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے معاملات میں دلچسپی لیں تو افراد کی نفسیاتی کیفیت نسبتاً بہتر رہ سکتی ہے۔ موثر رابطہ اعتماد کو مضبوط کرتا ہے اور غلط فہمیوں کے امکانات کو بھی کم کرتا ہے۔ حتی الامکان ایسی ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کریں، جہاں اتنی رعایت ہو کہ آپ ہر سال یا مناسب وقفے کے بعد اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے آ سکیں یا ممکن ہو تو اپنے افرادِ خان دان کو اپنے پاس بلا سکیں تاکہ مضبوط رشتے قائم رہیں۔ ساتھ ہی کمائی کو صرف خرچ کرنے کے بجائے بچت، سرمایہ کاری اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بھی توجہ دی جائے تاکہ برسوں پردیس میں رہنے کی مجبوری کم ہو۔
تاہم دوسری طرف خان دان کے تمام افراد کو باہمی اعتماد، صبر، دیانت داری اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ ذمے داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ مضبوط اخلاقی بنیادیں دوری کے باوجود رشتوں کو قائم رکھنے میں مدد دیتی ہیں اور بچوں کی شخصیت سازی میں بھی ایک دوسرے کی مددگار بنتی ہیں۔ والد کے ساتھ افرادِ خان دان کے تعاون سے بھی اگر جذباتی قربت، اعتماد اور مسلسل رہنمائی برقرار رہے تو بچے ذہنی و جسمانی، جذباتی اور سماجی طور پر متوازن شخصیت کے ساتھ پروان چڑھ سکتے ہیں۔
اپنے رشتوں کو مضبوط بنائے رکھنے کے لیے دونوں فریقین کو سپورٹ کے سات طریقوں کو اختیار کرنا چاہیے۔ انگریزی لفظ Support کے سات حروف کو یوں سات جملوں میں پھیلایا جا سکتا ہے:

S—Stay connected
U—Understanding
P—Patience
P—Protect and maintain the relation
O—Open communication
R—Respect and appreciation
T—Trust each other

یاد رکھیں! بیرون ملک جانا نہ مکمل طور پر نعمت ہے اور نہ مکمل طور پر مصیبت۔ اس کا اصل فائدہ اسی وقت حاصل ہوتا ہے، جب معاشی ترقی کے ساتھ خان دانی تعلقات، اخلاقی اقدار اور انسانی جذبات کو بھی یکساں اہمیت دی جائے۔ یہی متوازن طرزِ فکر ایک خوش حال فرد، مضبوط خان دان اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦