ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

‎مرنے والے بھائی کا خط

جب میری ماں کی طلاق ہوگئی، وہ اپنی راہ چلی گئیں۔ والد نے ہمیں اُن سے ملنے سے منع کر دیا۔ وقت نے یہ کر دکھایا کہ میں انھیں بھول گیا اور ایک ظالم سوتیلی ماں کو اپنا لیا۔
‎ میرا بھائی جو کبھی کبھار ایک یا دو راتوں کے لیے گھر سے غائب رہتا، سزا کے خوف سے بے پرواہ ہو چکا تھا۔ جب وہ واپس آتا، شدید مار پیٹ اور تھپڑوں کے بعد بے ہوش ہونے کا ڈراما کرتا تھا تاکہ وہ اسے یہ نہ بتانا پڑے کہ کہاں غائب رہا۔
‎میں اُس کا واحد دوست تھا، لیکن اُس نے کبھی بھی مجھے نہیں بتایا کہ وہ غیر موجودگی میں دن کہاں گزارتا ہے۔ شاید اس لیے کہ میں بزدل تھا اور اپنے سائے سے بھی ڈرتا تھا۔
‎مجھے یاد ہے، ایک مرتبہ وہ تین دن سے زیادہ غائب رہا۔ ابو غصے سے سیخ پا ہو گئے تھے اور سوتیلی ماں کی باتوں نے انھیں مزید بھڑکا دیا۔ وہ تو میرے بھائی کو عارضی موت کے گھاٹ اتارنے کی خواہاں تھی۔ ایک گھنٹے کے اندر بھائی کمرے کے فرش پر خون میں لت پت ڈھیر تھا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ تنہائی بھی مجھے اُس کے بھلانے پر مجبور کر دے گی۔
‎ایک یخ بستہ رات، مجھے اُس کے تکیے کے نیچے سے ایک حیرت انگیز خط ملا۔ اس میں لکھا تھا:
‎’’اماں جی سے ملتے رہنا۔ وہ نابینا ہیں، ہماری آوازوں میں فرق نہیں کر سکتیں۔ اُن کی دیکھ بھال کرتے رہنا خواہ خود تکلیف سے دو چار ہی کیوں نہ رہو۔ اُنھیں یہ محسوس نہ ہونے دینا کہ ہم میں سے کوئی چل بسا ہے۔‘‘

‎محمد زیاد الترک(اردن)،عربی سے ترجمہ: اسد اللہ میر الحسنی

نیت کا فرق

‎سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے پاس سے ایک شخص جب بھی گزرتا، بلند آواز سے ’’الصلوٰۃُ والسلامُ علیکَ یا رسول اللہ!‘‘ پڑھتا۔ انھوں نے اس کی یہ حرکت نوٹ کی کہ جب بھی آپ گزرتے ہیں، تبھی وہ ایسا کرتا ہے۔ بالآخر ایک دن انھوں نے اس شخص کو روکا اور کہا:
‎’’میرے بھائی! آپ اگر یہ کلمات، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں ادا کرتے ہیں تو اللہ کسی کی نیت اور عمل کا اجر ضائع کرنے والا نہیں اور اگر یہ کلمات آپ محض مجھے چڑھانے کے لیے ادا کرتے ہیں تو سوچ لیں کہ آپ نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نام کس مقصد کے لیے استعمال کیا؟‘‘

مشغولی کی نعمت

‎شعبۂ طب میں زندگی کے 35 سال مریضوں کے لیے دواؤں کے نسخے تحریر کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ‎ نفسیاتی مسائل کا علاج یہی ہے کہ:
‎ بے روزگار نہ رہو! تنہا نہ رہو! خود کو تخلیقی کاموں میں مصروف رکھو ۔ اپنی روز مرہ زندگی سے ہی خوشی کشید کرو۔‎آج کا مشقت بھرا دن ہی آنے والے کل کو برکتوں سے بھرنے کا ضامن ہے۔
‎ خدا کی قسم! میں کام کی شدید مصروفیت سے خوش ہوں، چاہے میں کام کا آدھا حصہ بھی مکمل نہ کر سکوں۔ یہ ادھورا کام میرے تمام دن کو منظم کرتا ہے اور مجھے مکمل ہونے کا بھرپور احساس دلاتا ہے۔

‎ڈاکٹر احمد خالد توفیق،عربی سے ترجمہ:توقیر بُھملہ

ترجیح

‎ایک امریکی تھا، دانشور یا مصنف یا شاید ایک ریٹائرڈ بیورو کریٹ ۔ ‎اسے وائٹ ہاؤس سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی کہ امریکہ کے صدر اس اتوار کو آپ سے ملنے کے خواہاں ہیں۔ کسی معاملے پر مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔ آپ اتنے بجے تشریف لے آئیے!
‎عمر رسیدہ شخص نے معذرت کی کہ میں اُس دن ایک طے شدہ پروگرام کی بنا پر مصروف ہوں۔ وائٹ ہاؤس کے اہلکار نے تعجب سے پوچھا:
’’ حضور ! امریکہ کے صدر کے ساتھ ملاقات سے زیادہ ضروری بھی کوئی مصروفیت ہو سکتی ہے‘‘؟
‎جواب دیا:
’’ ہاں! یہ مصروفیت اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔‘‘
‎پوچھا:
’’ کیا ہے؟‘‘
اس نے بتایا کہ پوتی کو چڑیا گھر لے جانا ہے ۔
‎وائٹ ہاؤس کا سکریٹری ہنسااور کہا:
’’ سر ! یہ یہ بھی کوئی بات ہے بھلا ؟ پوتی کو آپ اگلے اتوار کو لے جائیے گا۔‘‘
‎بوڑھے نے کہا:
’’ نہیں ! ایسا نہیں ہو سکتا۔ امریکی صدر اس قدر مصروف ہیں کہ مجھ سے ملاقات کرنے کے ایک گھنٹے بعد اُنھیں یہ ملاقات یاد ہی نہیں رہے گی، مگر میری پوتی چڑیا گھر کی اس سیر کو ساری زندگی یاد رکھےگی۔ یہ اس کی یادداشت کا ایسا حصہ ہوگا، جو ہمیشہ تر و تازہ رہے گا ۔‘‘

‎محمد اظہار الحق

بس یہی ایک کام

‎ میں نے عرض کیاکہ میرے شیعہ دوست ہیں، جو پروفیسر کرار حسین اور پروفیسر حسن عسکری کے شاگرد رہے ہیں۔انھوں نے ایک دن مجھے بتایا کہ ایک دن وہ مذکورہ اساتذہ کی خدمت میں حاضر تھے اور وہ دونوں اسلام کے حوالے سے کسی نظری بحث میں مصروف تھے ۔میں نے نہایت ادب سے سوال کیا کہ جناب یہ نظری بحث اپنی جگہ لیکن یہ نوجوان نسل جو اسلام سے دور ہوتی جارہی ہے، اس بارے میں بھی آپ لوگوں نے کچھ سوچا ہے؟
اس پر پروفیسر حسن عسکری نے کہاکہ نادر صاحب! جب آپ طالب علم تھے، تو کوئی شخص بال بڑھائے مذہب پر تنقید کرنے کھڑا ہوجاتا اور کمیونزم کے بارے میں دلائل دے کر مرعوب ومتاثر کرنے کی کوشش کرتا، لیکن اب صورت حال بدل گئی ہے۔
‎آج کے طالب علم خود کو فخر سے مسلمان کہتے ہیں ۔ جمعیت طلبہ سے وابستہ نوجوان بھر پور استدلال سے ایسے لوگوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔
عسکری صاحب نے مزید کہاکہ مولانا مودودی نے اپنی زندگی میں اگر کوئی کام نہ کیا ہوتا، صرف جمعیت طلبہ کی تشکیل ہی کی ہوتی تو ان کی بخشش کے لیے یہی چیز کافی ہوتی۔

‎پروفیسر عنایت علی خان

کہا کچھ تھا، وہ کچھ سمجھا…

‎کہنے لگے :
’’سوشل میڈیا نے لوگوں کے بات کرنے اور لکھنے کے انداز تبدیل کردیے۔‘‘
‎عرض کیا :
’’وہ کیسے؟‘‘
‎جواب ملا:
’’اب دیکھیں نا! Congratulations کو Congrats لکھتے ہیں، Superb کو Sup ۔ گویا ہر بات مختصر مختصر۔‘‘
‎میں نے کہا :
’’ یہ بات تو انگریزی تک محدود ہے ۔ شکر ہے اردو تو محفوظ ہے۔‘‘
‎ہنس کر بولے :
’’ یہ آپ کی خام خیالی ہے۔‘‘
پھر پوچھا :
’’ وہ کیسے؟‘‘
‎گویا ہوئے:
’’یہ جو اچھے بھلے سخن فہم ہر ایسے ویسے شعر یا کلام پر واه لکھتے ہیں، وہ بھی تو مخفف ہوتا ہے۔ جانتے ہیں کس کا ؟‘‘
‎عرض کیا :
’’جی! کس کا؟‘‘
‎ مسکرا کر بولے :
’’واہیات کا۔‘‘

‎عابد علی بیگ

کتاب یہی ہے؟ہاں،نہیں،شاید

‎دنیا کے کم و بیش ساٹھ ملکوں میں ہر سال پانچ ارب کے قریب کتا بیں شائع ہوتی ہیں۔ اس کے باوجود آج تک کتاب کی تعریف پر کوئی دو ممالک بھی متفق نہیں ہوئے۔ ہر ایک کے نزدیک کتاب کی تعریف جدا جدا ہے۔
‎انگلینڈ میں ہر وہ مطبوعہ چیز کتاب کہلاتی ہے، جس کی قیمت کم از کم 4 پینس ہو۔ ہنگری میں ہر وہ مطبوعہ چیز کتاب کہلاتی ہے، جس کے 64 صفحات ہوں۔ آئس لینڈ میں کتاب کی حد17 اور آئر لینڈ اور اٹلی میں10 صفحات ہے۔ بعض ممالک جن میں پاکستان ، ہندستان، انڈونیشیا اور سوویت روس بھی شامل ہیں ، وہ کتاب اور پمفلٹ کے درمیان کوئی بڑا فرق روا نہیں رکھتے۔ امریکہ میں سرکاری مطبوعات اور پمفلٹوں کے سوا ہر وہ مطبوعہ چیز کتاب کہلاتی ہے ،جو نفع یا اقتصادی فائدے کے لیے فروخت کی جائے۔ یونیسکو کے نزدیک ہر وہ مطبوعہ چیز جس کے 49 یا اس سے زیادہ صفحات ہوں اور وہ جریدہ نہ ہو، کتاب کہلانے کا حق رکھتی ہے۔

ابتدائی تعلیم

‎پانچویں یا چھٹے سال میں میری تعلیم شروع ہوئی ۔ اس وقت میرے بھائی انگریزی پڑھنے کے لیے چھپرا جا چکے تھے۔ اس زمانے کی مروجہ رسم کے مطابق بسم اللہ مولوی صاحب نے کرائی تھی۔ جس دن تعلیم شروع ہوئی حرف شناسی کی ابتدا بسم اللہ سے ہوئی۔ شیرینی بانٹی گئی اور اُن کو روپے بھی دیے گئے۔ ہم تین طالب علم ان کے سپرد کیے گئے ۔ ہم لوگ فارسی پڑھتے رہے ۔
کوئی چھ آٹھ مہینوں کے بعد مولوی صاحب چلے گئے۔ ہم لوگ شاید حرف سیکھ چکے تھے اور کر یما ( پند نامہ سعدی) پڑھنے لگے تھے ۔
پھر دوسرے مولوی بلائے گئے، جو بہت متین تھے اور اچھا پڑھاتے بھی تھے۔ وہی دو برسوں تک رہے اور کریما ما مقیماں ، خالق باری ، خوش حال سیمیاں ، دستور الصبیاں، گلستاں اور بوستاں تک ہم لوگوں کو پڑھا سکے ۔

‎کتاب: میری کہانی(خود نوِشت)،از:(صدر جمہوریہ ہند اول) ڈاکٹر راجندر پرساد

شفیق چور

‎ قاضی ابن ابی جرادہ ایک روز نماز کے لیے جامع مسجد گئے اورانھوں نے اپنے نئے جوتے اتار کر منبر کے پاس رکھ دیے۔ نماز سے فارغ ہوئے تو دیکھا کہ نئے جوتے نہ دارد! البتہ پرانے جوتے ان کی جگہ موجودہیں۔
‎غلام سے پوچھا:
’’کیوں میاں! ہم نئے جوتے پہن کر جامع مسجد نہیں آئے تھے؟ وہ کہاں ہیں؟‘‘
‎غلام نے عرض کیا:
’’جی حضور! مگر ایک شخص گھر آیا، دروازہ کھٹکھٹایا اور کہاکہ قاضی صاحب فرماتے ہیں کہ میرے پرانے جوتے جامع مسجد بھیج دو، نئے جوتے چوری ہو گئے ہیں۔‘‘
‎قاضی ہنس پڑے اور فرمایا:
’’واللّٰہ! چور بڑا شفیق ہے۔ اللّٰہ اسے جزائے خیر دے۔ ہماری طرف سے اسے معافی ہے۔‘‘

کتاب:معجم الادباء ،از: یاقوت الحموی

جذبۂ رواداری

شبلی جب ’’الفاروق‘‘ لکھ رہے تھے تو سر سید کو خدشہ تھا کہ کہیں کالج کے شیعہ ٹرسٹی برا نہ مان جائیں۔سر سید ہرخطرہ مول لے سکتےتھے لیکن وہ کالج کی ناؤ کو منجدھار میں نہیں دیکھ سکتے تھے۔ سو انھوں نے حفظ ما تقدم کے طور پر اس شیعہ ٹرسٹی سے ’’الفاروق‘‘ کا ذکر کر دیا۔
شیعہ ٹرسٹی نے جواب دیا کہ اگر عمر فاروق کی سوانح نہیں لکھی جائے گی تو اور کس کی لکھی جائے گی؟اسلام میں تو ایک ہی فاروق ہیں۔
اس طرح الفاروق کی اشاعت عمل میں آئی۔‎سر سید کے اس طرز عمل پر کیا تبصرہ کیا جائے؟ لیکن شیعہ ٹرسٹی کے جذبۂ رواداری کی داد نہ دینا بھی ظلم ہوگا۔

‎رشید ودود

کون نہیں!کیا؟

ایک یہودی نے روس چھوڑ کر اسرائیل میں رہائش اختیار کرنے کی اجازت لی اور روس سے روانہ ہوا۔ ایئرپورٹ پر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو لینن کا ایک مجسمہ بر آمد ہوا۔
‎انسپکٹر نے پوچھا:
’’یہ کیا ہے؟‘‘
‎یہودی نے کہا:
’’جناب! آپ نے غلط سوال کیا ہے۔ آپ کو کہنا چاہیے تھا یہ کون ہے؟
‎یہ لینن ہے، جس نے اشتراکیت کے ذریعے روسی قوم کی خدمت کی۔ میں ان کا بڑا فین ہوں۔ اس لیے یادگار کے طور پر ان کا مجسمہ اپنے ساتھ لے جا رہا ہوں۔‘‘
‎روسی انسپکٹر بڑا متاثرا ہوا اور کہا:
’’جاؤ! ٹھیک ہے۔‘‘
‎یہودی ماسکو سے تل ابیب ایئرپورٹ پر اترا تو اس کے سامان کی تلاشی لی گئی اور وہ مجسمہ بر آمد ہوا۔ انسپکٹر نے پوچھا :
’’یہ کیا ہے؟‘‘
‎یہودی نے کہا:
’’آپ کا سوال غلط ہے۔ آپ کو کہنا چاہیے تھا کہ یہ کون ہے؟
‎یہ مجرم لینن ہے۔ یہی وہ پاگل ہے، جس کی وجہ سے میں روس چھوڑنے پر مجبور ہوا۔‎اس کا مجسمہ میں یادگار کے طور پر اپنے ساتھ لایا ہوں تاکہ صبح و شام اس کو دیکھ کر اس پر لعنت بھیج سکوں۔‘‘
‎اسرائیلی انسپکٹر متاثرا ہوا اور کہا: ’’جاؤ! ٹھیک ہے۔‘‘
‎یہودی اپنے گھر پہنچا اور مجسمہ نکال کر گھر کے ایک کونے میں سنبھال کر رکھ دیا۔‎خیریت سے اسرئیل پہنچنے پر اس کے رشتےدار ملنے آئے۔ ان میں اس کا ایک بھتیجا بھی تھا۔

‎اس نے پوچھا:
’’انکل !یہ کون ہے؟‘‘
‎یہودی بولا:
’’ تمھارا سوال غلط ہے۔ تمھیں یہ کہنا چاہیے تھا کہ یہ کیا ہے؟‎یہ دس کلو سونا ہے۔ اس کو بغیر کسٹم کے لانا تھا۔ میں نے اس کا مجسمہ بنوایا اور بغیر کسی ٹیکس اور کسٹم کے لانے میں کام یاب ہوا۔‘‘

پچیس لفظوں کی کہانی
قیمت

’’آپ نےکتابیں لکھنی کیوں چھوڑدیں؟‘‘
میں نےپوچھا۔
جواب ملا:’’کتابوں کی لاگت بھی نہیں آپاتی تھی۔اب تعویذ لکھتا ہوں، من چاہی قیمت ملتی ہے۔‘‘

کتاب:(پچیس لفظی کہانیوں کا مجموعہ)بس پچیس لفظ،از:
احمد بن نذر

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. Zeenat Qamar

    tamam kahani Yan bohat sabaq amooz hai behtareen

    Reply
  2. اریب

    انسانی تاریخ اور روزمرہ کے واقعات محض بے مقصد حادثات نہیں ہیں، بلکہ یہ انسان کی سوچ، فیصلوں اور سماجی محرکات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ ہر چھوٹے بڑے واقعے کے پیچھے کوئی نہ کوئی پس منظر، نفسیاتی وجہ یا اجتماعی سوچ کارفرما ہوتی ہے۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦