آج کام سے فارغ ہو کر میں نے ہاتھ میں موبائل اٹھا یا کہ ہادیہ پڑھوں۔ جیسے ہی پڑھنے کے لیے ایک مضمون کھولا، تو میری نظریں ٹھہر سی گئیں۔ بے اختیار میرا ذہن دو ماہ پیچھے چلا گیا۔
میرے کانوں میں آواز گونجی۔۔۔۔
’’کیا تم نے اس ماہ کا ہادیہ پڑھا؟‘‘
میں:’’نہیں! آج کل ذرا مصروف ہوں۔‘‘
جواب آیا:’’کوئی بات نہیں۔ گھر کے کام کرتے ہوئے آڈیو سن لینا۔‘‘ (محبت سے حل پیش کیا گیا۔)
منظر تحلیل ہو گیا۔ میرا دل اداس ہو گیا۔میری ہادیہ کی ساتھی مجھے شدت سے یاد آئی، جو چند دن پہلے داعیٔ اجل کو لبیک کہہ گئی تھی۔
وہ مجھے اچھی کتابیں پڑھنے کی ترغیب دیتی۔ اہم مضامین کی نشان دہی کرتی۔ لکھنے والوں کو دعائیں دیتی۔۔۔
ماں اپنی اولاد کی خاطر بہت کچھ بن جایا کرتی ہے۔ پڑھائی کے وقت ٹیچر، بیماری کے وقت ڈاکٹر، جگانے کے لیے الارم، پریشانی کے وقت حوصلہ اور مشورہ۔۔۔ کبھی سکون، کبھی چھاؤ۔۔۔ نہ جانے کیا کیا۔۔۔!!!
میری امی بھی ان سب کے ساتھ ساتھ میری ہادیہ کی ساتھی تھیں،بلکہ کتابوں کی ساتھی تھیں۔
الله رب العزت میری ماں کی مغفرت فرمائے اور ہادیہ کو ترقی عطا فرمائے۔ اسے قارئین کے لیے راہ ہدایت بنائے۔
آمین!!!
ربِ کریم آپ کی والدہ محترمہ کو غریقِ رحمت فرمائے اور ساتھ ہی آپ کے دل کو قرار اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ آپ کے اس غم میں ہادیہ ٹیم آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کی قاری رائے ہمارے لیے محض ایک رائے نہیں، بلکہ اس احساس اور والدہ کی یاد سے جڑی ہوئی ہے، جس کی قدر ہمارے لیے بہت زیادہ ہے۔
اللہ تعالی ہادیہ میں لکھنے والے سبھی قلم کاروں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کی تحریروں کو قارئین کے لیے نفع بخش بنائے۔ سنجیدگی سے مطالعہ کرنے والے اور تحریروں کو دل سے محسوس کرنے والے قارئین ہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔ آپ جیسے قارئین کی محبت، اعتماد اور دعائیں ہی ہادیہ کے سفر کا حوصلہ ہیں۔
ہم دل سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی والدہ محترمہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور آپ سمیت تمام اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
والسلام
ایڈیٹر ہادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments