محترمہ چیف ایڈیٹر و ایڈیٹر صاحبہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ! ہادیہ کا خصوصی شمارہ ہاتھوں میں ہے۔ جب یہ خصوصی شمارہ تحریری شکل میں ہاتھوں میں آیا تو وہ بچپن میں رسالے کی منتظر لڑکی پھر سے نظر آنے لگی، جس کا بچپن ’’ھلال‘‘ اور ’’اچھا ساتھی‘‘ کے ساتھ گزرتا تھا۔ وہی جذبات، وہی خیالات اور وہی کیفیت۔ مگر جب ہادیہ کو پڑھتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ اس لڑکی کے ساتھ ساتھ اس کے رسالے بھی بڑے ہو گئے۔ ہماری مالی ضروریات، ہمارے تقاضے، ہمارا علمی و فکری مطالعہ، اولاد کی تربیت، حالات حاضرہ وغیرہ سب کچھ اس رسالے میں موجود ہے۔ جیسے جیسے ہم اس کے مطالعہ میں دلچسپی لیتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ اس میں سب کچھ قلم بند ہے۔ ہمارے دینی معاملات، اصلاحات اور صحت کے مسائل سے لے کر جدید دنیاوی معلومات ’’اے آئی‘‘ جیسے عنوانات اس میں شامل ہوتے ہیں۔ خواتین کی دینی تربیت کے لیے جہاں درس قرآن و حدیث نظر آتے ہیں، وہیں ہماری الجھنوں کو حل کرنے کے لیے سوال جواب کا کالم رہنمائی کرتا ہے۔ بچوں کا صفحہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ماؤں کے ساتھ ساتھ ان کے جگر گوشوں کے لیے بھی مواد ہے۔ یہ دینی و عصری علوم سے آراستہ ایک مکمل رسالہ ہے۔ اس کو دیکھ کر بے ساختہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ‘‘سمندر کو کوزے میں بند کر دیا گیا ہو‘‘۔
اللہ تعالیٰ آپ تمام کی کوششوں کو قبول فرمائے۔
وعلیکم السلام
بہن یہ بات قابل تعریف ہے کہ آپ نے ہادیہ کا پرنٹ شمارہ حاصل کیا اور اس پر تبصرہ فرمایا۔ پرنٹ شمارہ دراصل ہماری ویب سائٹ کا تعارفی مجلہ ہے، جو سال نامے کے طور پر شائع ہوتا ہے ۔آپ جیسے قدر شناس قارئین کے ہم تہہ دل سے مشکور و ممنون ہیں ۔
والسلام
ایڈیٹر ہادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments