فروری ۲۰۲۳
ھادیہ ای میگزین کے زیر نگرانی کروائے جانے والے ھادیہ ای قرأت مقابلوں نے ملک عزیز کے طول و عرض کو اپنےجلو میں لے لیا ہے۔ پچھلے ماہ یہ قرأت مقابلے ریاست مہاراشٹر،گجرات،کرناٹک اور گوا میں کروائے گئے۔یہ قرأت مقابلے دو گروپس پر مشتمل ہوتے ہیں۔ گروپ A میں10 تا 18 سال کی طالبات اور گروپ B میں 19 تا 30 سال کی خواتین و طالبات حصہ لیتی ہیں۔ درج بالا ریاستوں کی 198 خواتین و طالبات نے ھادیہ قرأت مقابلے میں حصہ لیا اور مقابلے کے نتائج کی تقریب 20 جنوری 2023 ءکی شام آن لائن منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں بطورمہما نان خصوصی ھادیہ کی چیف ایڈیٹر محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ اور ایڈیٹر ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ موجود تھیں۔
پروگرام کا آغاز کلام ربانی سے ہوا۔ محترمہ معارفہ نور صاحبہ نے خوبصورت آواز کے ساتھ قرأت پیش کی۔ بعد قرأت قرآن مجید اس پروگرام کی نظامت کر رہیں محترمہ تبسم صاحبہ نے محترمہ ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ کو استقبالیہ و افتتاحی کلمات کے لیےمدعو کیا۔
محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ نے ھادیہ کی چیف ایڈیٹر عطیہ صدیقہ صاحبہ اور تمام شرکاء کا پروگرام میں خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی بات کا آغاز کیا۔ محترمہ نے ھادیہ کو جاری کرنے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ سوشل میڈیا پر رواں فحاشی،عریانیت، اباحیت پسندی اور لایعنی مواد کے سیلاب سے کس طرح مقابلہ کیا جائے،کس طرح ان چیزوں سے امت کی نو خیز کلیوں کو بچایا جائے اور معاشرے کو اس کا بہترین متبادل پیش کیا جائے۔ جی ہاں، اسی سلسلے میں کی گئی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ھادیہ ای میگزین ہے۔ نیز انہوں نے فرمایا کہ ھادیہ اپنی نوعیت کا پہلا میگزین ہے، جس میں خواتین ہی خواتین کے مسائل کا حل پیش کرتی ہیں ۔ محترمہ نے بے حد خوبصورت اور جامع انداز میں اسکرین کے ذریعے میگزین کا تعارف پیش کیا اور اس فیملی میگزین کو سبسکرائب کرنے کے طریقے سے بھی متعارف کروایا۔میگزین کے تمام مشمولات کو تفصیلی طور پر متعارف کروانے کے بعد محترمہ نے اللہ رب العزت سے ھادیہ اور ٹیم کی کوششوں اور کاوشوں کی قبولیت کی دعا کی اور اپنی بات کا اختتام کیا۔
سابقہ روایات کے مطابق تقریب کا اگلا مرحلہ تبصروں پر مشتمل تھا۔ پہلا تبصرہ زیب النساء فلاحی صاحبہ نے پیش کیا۔محترمہ نے اللہ رب العزت کا ہزار ہا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی بات کا آغاز کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ ھادیہ ای میگزین کی نمایاں خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ ہے کہ یہاں مسائل کے حل قرآن و حدیث کی روشنی میں پیش کیے جاتے ہیں۔محترمہ نے مزید فرمایا کہ یہ میگزین زندگی کے جملہ شعبوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں محترمہ نے ماہ جنوری کے شمارے کے مختلف مضامین کی مثال پیش کی۔ انہوں نے فرمایا کہ یہ میگزین حالات حاضرہ سے روشناس کروا تا ہے، یہی نہیں بلکہ ہمیں مایوسیوں سے نکالنےکےلیےمایوس کن مسائل کے حل بھی پیش کرتا ہے۔ محترمہ نے ہادیہ اور ٹیم کو دعائیں دیتے ہوئے اپنی بات ختم کی۔
اس تقریب کی دوسری مبصرہ محترمہ حنا کوثر عبدالخالق صاحبہ تھیں۔ محترمہ نے موجودہ دور کو پر فتن دور قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ باطل طاقتیںمسلم خواتین کے خلاف ایک محاذ کھڑا کی ہوئی ہیں۔ عورت کے وقار،مرتبے اور حیثیت کو تار تار کیا جارہا ہے۔ محترمہ نے ان نامساعد حالات میں ھادیہ کو امید کی کرن بتاتے ہوئے فرمایا کہ ان حالات میں ھادیہ ہمیں مایوسی سے بچاتا ہے اور ہماری اس انداز سے تربیت کرتا ہے کہ ہم اپنے ہوش و حواس کو برقرار رکھتے ہوئے حالات کا مقابلہ کر سکیں۔ محترمہ نے ماہ جنوری کے بیشتر زمرہ جات کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ آخر میں محترمہ نے اپنا عزم ظاہر کیا کہ وہ حتی المقدور ھادیہ کو عام کرنے کی کوشش کریں گی تاکہ ہر مسلمان خاتون ھادیہ کو اپنا ہادی بنا لے۔
اگلا تبصرہ محترمہ منزہ فردوس محمد عبدالرحیم صاحبہ کا تھا۔ محترمہ نے فرمایا کہ دور حاضر میں موبائل کے منفی اثرات سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے، نیز اپنے قیمتی اوقات کو گنوا کر کتابوں سے بھی دوری اختیار کر رہی ہے۔ ان حالات میں اگر کوئی طالب علم ھادیہ سے وابستگی اختیار کرتا ہے تو ھادیہ اس کے لیے ایک گراں قدر تحفے سے کم نہ ہوگا۔ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے محترمہ نے ھادیہ کے ماہ جنوری کے شمارے کی تفصیلات بھی پیش کیں۔منزہ صاحبہ نےاپنی گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے ھادیہ کے لیے لکھنے کی شروعات کی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ان کی دیرینہ خواہش تھی اور یہ ان کے لیے بے انتہا خوشی کی بات ہے۔ آخر میں محترمہ نے ھادیہ اور ٹیم کو دعاؤں سے نوازا۔
تقریب کا اگلا مرحلہ انعامات کی تقسیم پر مشتمل تھا ۔یہ وہ لمحہ تھا جس کا بے صبری سے تمام امیدواران اور ان کے متعلقین کو انتظار تھا اور کیوں نہ ہو انتظار ؟بقول ایونٹ آرگنائزر محترمہ نصرت خان شبیر صاحبہ کہ مقابلہ بڑا دلچسپ اور ججز کے دانتوں تلے پسینہ لانے والا تھا۔ ہر امیدوار قاریہ ایک سے بڑھ کر ایک تھی۔ فیصلہ کرنا واقعی مشکل ہو گیا تھا۔ قرأت مقابلے میں اس طرح کی صورتحال امت مسلمہ کے لیے خوش آئند ہے۔ یہ بات ہماری خواتین و طالبات کی قرآن اور علم دوستی کی مثال ہے۔ اب مزید انتظار نہ کرواتے ہوئے محترمہ نصرت خان شبیر صاحبہ نے نتائج کے اعلانات کیے۔ گروپ A میں اول،دوم اور سوم آنے والی طالبات کے نام بالترتیب معرفہ نور محمد مصدق( بھٹکل ،کرناٹک)،صفیہ بنت ابوبکر صدیق خطیبی (بھٹکل ،کرناٹک) اور کلثوم قاضی شبر قاضی (بھٹکل ،کرناٹک) ،اسی طرح گروپ B میں اول آنے والی قاریہ کا نام ندا قاضیہ محمد شعیب قاضیہ (بھٹکل ،کرناٹک)،دوم آنے والی قاریہ کا نام عائشہ سچورا عبدالقادر سچورا( ہمت نگر، گجرات) اور سوم آنے والی قاریہ کا نام صدف شفیق انصاری (میرا روڈ، مہاراشٹر) ہیں۔
اس تقریب میں گروپ A اور گروپ B کے فاتحین کو بیسٹ قاریہ خطاب سے نوازا گیا ساتھ ہی اول،دوم اور سوم آنے والی قاریہ کو بالترتیب 2000,1500 ,1000 روپیے نقد دئیے گئے نیز ھادیہ کا خصوصی مجلہ نقوش ھادیہ بھی دیا گیا۔ علاوہ ازیں ان فاتحین کو آل انڈیا فائنل مقابلے میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔تمام امیدوار خواتین و طالبات کو ای سرٹیفکیٹ اور مجلہ نقوش ھادیہ سے نوازا جائے گا۔
تقریب اپنے آخری مراحل میں داخل ہونے کو تھی، تبھی کنوینر صاحبہ نے اختتامی خطاب کے لیے ھادیہ کی چیف ایڈیٹر محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ کو دعوت سخن دی۔ محترمہ نے تمام امیدواران کو دلی مبارکباد پیش کی اور ھادیہ کے تعلق سے فرمایا کہ ہم اگر ھادیہ کے تمام مشمولات پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ میگزین ایک خاتون کو مکمل خاتون بنانے کے لوازمات سے پر ہے۔اس کے تمام زمرہ جات خواتین کو ہر میدان میں ایمپاور کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔انہوں نے مزید فرمایا کہ یہ میگزین جہاں خواتین کی الجھنیں دور کرتا ہے وہیں خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں مختلف پلیٹ فارمز بھی مہیا کرتا ہے۔ علاوہ ازیں محترمہ نے ھادیہ ای میگزین کی دو سالہ تقریب کے موقع پر بچوں کا ویڈیو مقابلہ گیت،مکالمہ،کہانی اور نعت و حمد وغیرہ کے بارے میں بھی معلومات بہم پہنچائیں۔انہوں نے مزید فرمایا کہ بھیجے جانے والے ویڈیوز کو ھادیہ کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا جائے گا اور ویڈیوز پر سب سے زیادہ Like اور Views کے مطابق اول دوم اور سوم انعامات دیے جائیں گے۔ محترمہ نے اپنے پر اثر خطاب میں امت کی بیٹیوں کی رہنمائی کی اور دعا پر اپنی بات ختم کی۔آخر میں اظہار تشکر کا نذرانہ محترمہ آصفہ نثار صاحبہ نے پیش کیا اور پر اثردعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

ویڈیو :

Comments From Facebook

1 Comment

  1. شائستہ انجم

    السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ ۔
    ماشاءاللہ بہت بہت خوشی ہوئی سب کا جذبہ دیکھکر ۔۔۔۔۔۔میری بھی خواہش ہے کہ میں بھی اس مسابقہ میں شریک ہوکر کسی قابل بن سکوں ۔۔۔۔۔۔۔انجم لکھیم پوری

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

فروری ۲۰۲۳