فروری ۲۰۲۳
بڑا مہربان ہے خدا اپنے بندوں پر
وہ یاد کرتا ہے اپنے ماضی کو اور راتوں میں بے چین ہوا جاتا ہے ، نیند آنکھوں سے اڑ جاتی ہے ، گھنٹوں روتا ہے ۔کبھی اس کی نگاہ میں وہ چہرے بھی آجاتے ہیں ، بھولے بھالے سیدھے سادھے چہرے ، مگر پڑھے لکھے لوگ بھی اس کی لفاظی سے متاثر ہوجاتے تھے، اور اسے بھی مکاری اور دغابازی کے فن میں مہارت حاصل ہوگئی تھی ۔
دولت تو بہت جمع ہوچکی تھی ، اور اسی دولت کے سہارے وہ سبھی کے منہ پر تالے ڈالے رہتا تھا ، کیا پولیس کیا وکیل ؟ اس کے سامنے وہ چہرہ بھی بار بار آیا، اور پھر اس نے طے کر لیا تھا کہ اس پولیس والے کے گھر پر وہ بیس ہزار روپے ماہانہ بھیج دیا کرے گا ۔
اسے اس پولیس والے کی بے باکی اچھی نہیں لگی تھی ، اس وقت کاروبار افیم اور گانجے کا تھا اور کسی کی مجال نہ تھی کہ اس کا نام سننے کے بعد اس کےکسی آدمی کو روک لے ۔ لیکن وہ کافر… بڑا ایمانداری کا دعویٰ کر رہا تھا ، آخر اس نے دس لاکھ کا‌مال ضبط کر ڈالا اور اسی جرم کی سزا نے اسے اپنے مالک حقیقی سے ملا دیا ، لیکن جب اس کے بیوی بچوں کی روتی بلکتی ویڈیو وائرل ہوئی تو اس کو بہت دکھ ہوا۔ شاید اس کی زندگی کا یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی کے آنسوؤں نے اسے تڑپا کر رکھ دیا ۔ خاص طور پر اس کا معصوم بچہ جب ماں کو کہتا ہے کہ امی امی مت روؤ امی ، میں جلد ہی بڑا ہوکر کما کر لاؤں گا ، امی کل مسجد میں مولانا کہہ رہے تھے بیٹے تمہارے والد بہت نیک انسان تھے ۔اللہ انہیں جنت نصیب کرے ۔ صبر کرو اللہ تعالیٰ آسانیاں پیدا کر دیں گے ۔
بس بچے کی ان باتوں کو سن کر ہی اس نے فیصلہ کر لیا تھا کہ بیوہ کےلیے بیس ہزار روپے ماہانہ بھیج دیا کرے گا ، لیکن بیوہ بھی خوددار خاتون تھی ۔ اس نےایک وردی والے شخص کو بھیجا، اس نے بڑے ہی اچھے انداز میں سمجھایا کہ آپ کے پینشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رقم آپ کے کھاتے میں آتی رہے گی ، جب تک بڑے صاحب نے یہ لفافہ دیا ہے ۔ وہ رقم لے کر رات دن اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کرتی اور اس عنایت پر دعا بھی دیا کرتی ۔
ادھر دعاؤں کے اثر سےاس سخت دل انسان کے دل کو اللہ نے نرم کردیا۔اسے اس ایک سنگین واقعہ کے بعد اپنے تمام کردہ گناہوں پر ندامت ہونے لگی ، تنہائیوں میں ماضی کی تلخیوں کو یاد کرکے وہ روتا ہے ۔
وہ اپنے رب سے رجوع تو کرتا ہے، لیکن بارگاہ الٰہی میں داخل ہوتے ہی اسے لگتا ہے کہ سینکڑوں نگاہیں اس کی طرف اٹھ رہی ہیں ، وہ شرمندگی بھی محسوس کرتا ہے اور نظریں نیچی کیے نماز کے انتطار میں بیٹھ جاتا ہے ۔ فرض نماز کی ادائیگی کے بعد امام صاحب قرآن کی تفسیربیان کرنے لگے ۔وہ پورے انہماک سے سن رہا تھا ۔اسے لگا یہ کلام خدا توگویا اسی کے لیے ہے۔ امام صاحب نے سورۃ الانعام کی 54نمبر کی آیت کریمہ تلاوت کر نے کے بعد اس آیت کی ترجمانی پیش کی :
’’جب تمہارے پاس وہ لوگ آئیں جو ہماری آیات پر ایمان لاتے ہیں تو ان سے کہو تم پر سلامتی ہے۔ تمہارے رب نے رحم و کرم کا شیوہ اپنے اوپر لازم کرلیا ہے۔ یہ اس کا رحم و کرم ہی ہے کہ اگر تم میں سے کوئی نادانی کے ساتھ کسی بُرائی کا ارتکاب کر بیٹھے، پھر اس کے بعد توبہ کرے اور اصلاح کرلے تو وہ اُسے معاف کردیتا ہے اور نرمی سے کام لیتا ہے۔‘‘
امام صاحب نے تفسیری نوٹ پڑھا :
جو لوگ اس وقت نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر ایمان لائے تھے ان میں بکثرت لوگ ایسے بھی تھے جن سے زمانہ جاہلیت میں بڑے بڑے گناہ ہوچکے تھے۔ اب اسلام قبول کرنے کے بعد اگرچہ ان کی زندگیاں بالکل بدل گئی تھیں، لیکن مخالفین اسلام ان کو پچھلی زندگی کے عیوب اور گناہ کے طعنے دیتے تھے۔ اس پر فرمایا جارہا ہے کہ اہل ایمان کو تسلی دو ۔ انہیں بتاؤ کہ جو شخص توبہ کر کے اپنی اصلاح کرلیتا ہے اس کے پچھلے قصوروں پر گرفت کرنے کا طریقہ اللہ کے یہاں نہیں ہے۔
وہ سوچتا رہا کہ واقعی پروردگار انسانوں کے دلوں کے حال سے واقف ہے ۔ میں تو اسی خلش میں مرا جا رہا تھا کہ زمانے بھر کے گناہ کرنے کے بعد کس منہ سے دربار میں جاؤں ۔ مگر واہ میرا خدا کتنا مہر بان ہے ۔ اب راہ راست پر آجانے کے بعد پچھلے گناہوں پر گرفت نہیں کرتا ۔ لوگ درس ختم ہوتے ہی جا چکے تھے ،اور وہ کسی گہری سوچ میں ڈوبا دیر تک اپنی جگہ بیٹھا رہا ۔
Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

فروری ۲۰۲۳