ابوحمزہ شہید ترجمان قول و عمل کا مجاہد

سر زمین فلسطین صدیوں سے قربانیوں، جد و جہد اورمزاحمت کی داستانوں سے لبریز رہی ہے۔ یہی وہ سر زمین ہے جس نے ’’قبلہ اول‘‘ کی حفاظت کا بیڑا اٹھایاہواہے۔اس سر زمین نے صرف پتھروں سے جنگ نہیں لڑی بل کہ ہتھیاروں کا بھی سہارا لیا، زبان و بیان کا سہارالیا اور قلم و قرطاس سے بھی میدان جنگ کے ماحول کو گرم رکھا۔ یہی وہ لوگ ہیں جو امت مسلمہ کی جانب سے تن تنہا اقصی کی ترجمانی کر رہے ہیں اور بھولے ہوئے اسباق کو بار بار دہرا رہے ہیں کہ یہ جنگ صرف علاقائی جنگ نہیں بلکہ اس مسجد اقصی کی حفاظت کے لئے ہے، جس کو اسرائیل منہدم کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتا ہے ۔
انہیں عظیم لوگوں میں سے ایک عظیم شخص بھی ہے جسے ہم ’’ابو حمزہ ‘‘کے نام سے جانتے تھے، جو اپنی گرج دار آوازسے فلسطین کی ترجمانی کی۔ شہید ِقدس نے اسرائیلی بمباریوں،دھمکیوں اورپابندیوں کا نا صرف سامناکیابلکہ ان تمام چیزوں کا منھ توڑ جواب بھی دیتے رہے ۔وہ ایسے تھے کہ امت مسلمہ کو ہر محاظ پر سرگرم رہنے کی برابر تلقین کرتے تھے کہ جہاد صرف بندوق سے نہیں، زبان و بیان، قلم و قرطاس اور سچ کی آواز بن کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ وہ صرف ایک سیاسی یا عسکری ترجمان ہی نہیں تھے، بلکہ ایک مجاہد بھی تھے۔ زبان سے دشمن کی د ھمکیوں کا جواب دیتے تھے اور بندوق سے دشمنوں کو عملی جواب بھی دیتے تھے۔ ان کی آواز فلسطین کے لوگوں کی ترجمان تھی۔ ان کی زندگی فلسطین اور اقصی کے لئے ہمیشہ قربان ہونے کو تیار تھی۔ ان کے بیانات دنیا میں مسلمانوں کو حوصلہ دیتے تھے۔ وہ ایک سچے اور جرات مند کمانڈر بھی تھے ۔
ابو حمزہ شہید کی سب سے بڑی طاقت ان کی آواز تھی، جو دشمن کو ہر لمحہ جواب دینے کو تیار رہتی تھی۔ وہ کسی بھی بڑے حملے کےبعد نقاب کی صورت میں ظاہر ہوتے تھے تو ان کے الفاظ ایک نیا محاذ دشمن پر کھول دیتے تھے۔وہ صرف ایک آواز ہی نہیں ہوتی تھی بلکہ بچوں کی چیخ و پکار کا جواب بھی ہوتی تھی، شہیدوں کی صداؤں کاجواب ہوتی تھی اور زخمیوں کے دلوں کی دھڑکن بھی ہوا کرتی تھی۔ ان کا بیان دشمن کے لیے جنگ کا پیش خیمہ ہوتا تھا اور ان کی للکار فلسطین کے لوگوں کے لئے امید کی ایک کرن ہوتی تھی ۔
وہ شہید ہو گئے۔ ان کی زبان کو بند تو کر دیا گیا۔ ان کے اہل خانہ تمام شہید ہو گئے، لیکن یہ شہادت حیات جاودانی کا سامان بن گئی۔ ان کی آواز ہمیشہ کے لئے زندہ و جاوید ہو گئی۔ انہوں نے جو کہا وہ کر دکھایا۔ ان کی آواز کو دبا دیا گیا، لیکن ان کا مشن آج بھی جاری ہے۔ دشمن نے ان کو خاموش تو کر دیا، لیکن ان کے الفاظ آج بھی گونج رہے ہیں۔ ان کی شہادت نے دشمنوں کو ان تمام سوالوں کے جواب دے ڈالے جو ہزاروں تقریروں سے بھی نہیں دیا جا سکتا تھا کہ ’’مزاحمت جاری رہے گی، یہاں تک کہ آزادی کا سورج طلوع ہو جائے ۔‘‘
۱۸/اپریل ۲۰۲۵ کو آپ نے اپنی اہلیہ و دیگر اہل خانہ کے ساتھ جام شہادت کو نوش فرما لیا۔ ابو حمزہ نا صرف ایک ترجمان تھے، بلکہ مزاحمت کی ایک روح بھی تھے، جنہوں نے کم عمری میں ہی اس منصب کو سنبھالا اور۲۰۲۴ سے اب تک مکمل اس فریضہ کو احسن طریقے سے نبھاتے رہے۔ کبھی عسکری میدانوں میں تو کبھی سیاسی اسٹیج پر آپ رونق کل جہاں رہے، یہاں تک کہ اب رب العالمین کے مہمان ہو گئے ۔
اللہ تعالیٰ ان کی شہادت کو قبول فرمائے ۔

انھیں یہ بھی بتا دینا جو ہم اس راہ پہ نکلے
سوائے دردِ امت کے ہمیں درپیش غم نہ

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے