قربانی

’’ابو ہم لوگ یہ سفید والا بکرا خریدیں گے۔ نہیں نہیں، یہ کالا والا بکرا تو زیادہ اچھا لگ رہا ہے، ہم یہی لے لیتے ہیں۔ ارے! یہ لال والا بکرا تو بہت اچھا لگ رہا ہے، اس کے تو سینگ بھی بڑے بڑے ہیں، یہ صفوان کے بکرے کو بھی ہرا سکتا ہے۔ ہم یہی لیتے ہیں۔‘‘
بکرا منڈی میں ہر طرف بکرے بکرے دیکھ کر عمر خوشی سے اچھل رہا تھا۔
’’عمر،پہلے ڈیسائڈ(Decide) کر لوکہ کون سا بکرا تمہیں خریدنا ہے،ہر بکرے پر تمہاری نظر ہے۔‘‘ بھیا نے عمر کو ہنستے ہوئے کہا۔
’’یہ بکرا کیسا رہے گا؟‘‘ ابو نے کالے اور گھنے بالوں والے بکرے کی قیمت معلوم کی۔
’’نہیں ابو،یہ تو بہت چھوٹا ہے،مجھے بڑا اور موٹا والا بکرا چاہیے جو صفوان کے بکرے سے بھی بڑا اور اچھا لگے،جیسے کہ یہ والا!‘‘ عمر نے ایک چاکلٹی رنگ کے دھاری دار اوربڑے بڑے سینگوں والے بکرے کی طرف اشارہ کیا۔
دکاندار نے مسکرا کر کہا: ’’بیٹا، یہ بکرا کوئی معمولی بکرا نہیں ہے۔یہ اس بکرا منڈی کا سب سے قیمتی اور مہنگا بکرا ہے۔‘‘
’’ارے واہ! تو پھر یہی بکرا صفوان کے بکرے کو بھی ہرا سکتا ہےاور سب بچوں میں میرے بکرے کی ہی تعریف ہوگی۔‘‘ عمر نے دل ہی دل میں سوچا اور اس کی آنکھوں میں چمک آگئی۔
’’ابو، ہم یہی بکرا لیں گے، یہ بکرا آپ فائنل کر لیں!‘‘
عمر نے بکرے کی طرف اشارہ کیا۔
’’یہ بکرا؟ یہ تو بہت موٹا تازہ اور بڑا لگ رہا ہے۔ یہ بہت مہنگا بھی بہت ہوگا۔‘‘ ابو نے دکاندار کی طرف دیکھا۔
’’جی صاحب،یہ بکرا ڈیڑھ لاکھ کا ہے۔‘‘ دکاندار نے کہا۔
’’ڈیڑھ لاکھ؟‘‘ عمر کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
’’ہاں صاحب،یہ بکرا بہت ہی اعلیٰ نسل کا ہے۔‘‘ دکاندار نے شان سے کہا۔
’’ہاں بس بس، ٹھیک ہے۔ ہمیں وہ والا بکرا دکھائیے جو عمرنے پہلے پسند کیا تھا، وہ کالا والا۔ اس کی قیمت کیا ہوگی؟‘‘
’’پندرہ ہزار،‘‘ دکاندار نے کہا۔
’’ٹھیک ہے، اس بکرے کو ہم فائنل کرتے ہیں۔‘‘
’’لیکن ابو، اس کے سینگ تو بہت چھوٹے ہیں اور یہ زیادہ موٹا اور طاقتور بھی نہیں لگتا، اس سے کیا ہوگا؟‘‘ عمر نے مایوسی سے کہا۔
’’عمر، اللہ تعالیٰ نے قربانی کے جانور کی جو شرطیں بتائی ہیں، وہ اس بکرے میں موجود ہیں اور یہ ہمارے بجٹ میں بھی کافی ہے، اب ہمیں اور کیا چاہیے؟‘‘
’’مگر بھیا، صفوان کا بکرا تو اس سے بھی بڑا ہوگا نا؟‘‘ عمر نے سوچتے ہوئے کہا۔
’’یہ کیا؟ صفوان کا بکرا، صفوان کا بکرا لگا رکھا ہے تم نے! کیوں تم اسے صفوان کے بکرے سے کمپیر(Compare) کر رہے ہو؟‘‘بھیا نے عمر کو گھورتے ہوئے کہا۔
’’کیونکہ صفوان کا بکرا اگر بڑا نکلا تو انہیں زیادہ ثواب ملے گا اور ہمیں کم،‘‘ عمر نے سر کھجاتے ہوئے کہا۔
’’ہائے، یہ تم سے کس نے کہا؟‘‘ ابو نے سر پر ہاتھ مارتے ہوئے کہا:’’عمر بیٹا، اللہ تعالیٰ بکرے کا سائز دیکھ کر ثواب نہیں دیتا،بلکہ نیت دیکھ کر ثواب دیتا ہے۔ بکرا بڑا ہویاچھوٹا،جو بھی اچھی نیت سے یعنی صرف اللہ کو خوش کرنے کے لیے قربانی کرے، اسے زیادہ اجر ملتا ہے۔‘‘
’’ٹھیک ہے ابو۔‘‘ عمر نے خاموشی اور اداسی سے کہا۔
عمر اپنے بھائی اور ابو کے ساتھ بکرا لے کر گھر آگیا۔ عصر کی نماز کے بعد عمر مسجد سے نکل رہا تھا کہ اس کی نظر صفوان پر پڑی۔
’’ارے صفوان بیٹا، یہ تمہارے ہاتھ کو کیا ہو گیا؟‘‘ ابو نے پوچھا۔
’’انکل،میںنے ضد کر کے ابو سے سینگ والا بکرا لیا تھا، لیکن بکرے نے مجھے ہی دھکا مار کر گرا دیا اور میرے ہاتھ میں چوٹ لگ گئی۔ ابو نے بکرے کو رسی سے باندھ دیا ہے اور اسے گھمانے سے بھی منع کر دیا ہے۔‘‘
’’عمر، تمہارے بکرے کا کیا ہوا؟ اب تک خریدا بھی ہے یا نہیں؟‘‘ صفوان نے ہنستے ہوئے پوچھا۔
’’خریدا ہے نا، چلو گھر چلتے ہیں۔‘‘ عمر کے بھائی نے کہا۔عمر خاموشی سے سب کے ساتھ گھر کی طرف چل پڑا۔
’’ارے واہ! تمہارا بکرا تو ایک دم پرفیکٹ ہے، نہ زیادہ بڑا نہ چھوٹا۔ ہم اسے گھمانے بھی لے جا سکتے ہیں۔ عمر،کیا میں بھی تمہارے ساتھ بکرے کو گھمانے کے لیے چل سکتا ہوں؟‘‘
’’ہاں، کیوں نہیں، بالکل!‘‘ عمر نے خوش ہوتے ہوئے کہا۔
اب عمر اور صفوان کا زیادہ تر وقت بکرے کے ساتھ ہی گزرنے لگا۔ وہ لوگ بکرے کو گھماتے،چارہ کھلاتے، نہلاتے اور اس کا بہت زیادہ خیال رکھتے۔اس طرح انہیں بکرے سے انسیت ہو گئی۔عید سے ایک دن پہلے عمر کے سارے کزن،چچا زاد، تایا زاد بھائی بہنیں عمرکے گھر عید منانے کے لیے آگئے۔ مغرب کی نماز کے بعد سارے بچے صوفے پر بیٹھ گئے اور عید کی پلاننگ(Planning) کرنے لگے، لیکن عمر غیر معمولی خاموش تھا۔ سب نے محسوس کیا۔
’’کیا بات ہے عمر؟ کچھ چپ چاپ سے لگ رہے ہو؟ کیا طبیعت ٹھیک نہیں ہے؟‘‘
’’نہیں ابو، بالکل ٹھیک ہوں،‘‘ عمر نے کہا۔
’’تایا جان،دراصل کل عمر کا بکرا ذبح ہوجائےگا نا، اس لیے عمر اداس ہے۔‘‘ ننھے فوزان نے ابو سے کہا۔
’’ہاں، لیکن عمر یہ تو اللہ کا حکم ہے اور ہمیں ہر وہ کام کرنا چاہیے جس سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے۔‘‘
’’ہاں ابو، وہ تو ٹھیک ہے، لیکن اللہ تعالیٰ نے کسی کو تکلیف دینے سے منع کیا ہے، پھر جانور کو قربان کرنے سے اللہ تعالیٰ کیسے خوش ہوگا؟‘‘ عمر نے معصومیت سے پوچھا۔
’’ہمم، چلو میں تمہیں بتاتا ہوں۔ ایک مرتبہ اللہ تعالیٰ نے’’ ابراہیم علیہ السلام‘‘ کا امتحان لینے کے لیے انہیں حکم دیاکہ وہ اپنے بیٹے ’’اسماعیل علیہ السلام‘‘ کو ذبح کر دیں۔‘‘
’’اپنے بیٹے کو ذبح کر دیں؟‘‘ ننھے فوزان نے حیرت سے پوچھا۔
’’ہاں! اور جب ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کو یہ بات بتائی تو انھوں نے کہا ابو جی! اگر اللہ تعالی کا حکم ہے تو آپ مجھے ضرور ذبح کر دیجئے ،میں تیار ہوں۔‘‘
’’پھر انہوں نے اپنے بیٹے کو زبح کر دیا؟‘‘
فوزان نے پھر بیچ میں اچک کر پوچھا۔’’افوہ فوزان، تھوڑا صبر تو کر لو‘‘عمر نے فوزان کونیچے بٹھاتے ہوئے ٹوکا۔
’’ہاں، لیکن جب ابراہیم علیہ السلام نے چھری چلائی تو اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسماعیل علیہ السلام کی جگہ ایک بکرا آگیا۔ اللہ تعالیٰ نے اسماعیل علیہ السلام کو بچا لیا اور بکرا قربان ہو گیا۔‘‘
’’اوہ! اچھا ہواکہ وہاں بکرا آگیا، ورنہ اسماعیل علیہ السلام ت۔۔۔‘‘عمر نے سکون کی سانس لیتے ہوئے کہا۔
’’نہیں عمر! اللہ کا یہی پلان تھا،وہ تو بس ابراہیم علیہ السلام کاامتحان لینا چاہ رہے تھے، اور ابراہیم علیہ السلام اس امتحان میں پاس ہو گئے ۔۔تو آپ لوگوں کے لیے اس کہانی میں یہی سبق ہے کہ اللہ تعالیٰ کا جو حکم ہے اسے بنا کوئی سوال کیے اس کو پوراکرنا۔اور اللہ کی راہ میں ہروہ چیز قربان کرنے کے لیے تیار رہنا جس سے اللہ خوش ہوتا ہے، چاہے وہ بکرا ہو یا کوئی اور چیز جو ہمیں بہت عزیز ہو۔‘‘
’’ہاں ابو، اب میں قربانی کے لیے بالکل تیار ہوں!‘‘
عمر نے مسکراتے ہوئےکہا اور مما کے پاس بھاگ گیا۔دوسرے دن، سب نے عید خوشی خوشی منائی اور عمر بھی اب بالکل خوش تھا۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

تو آپ لوگوں کے لیے اس کہانی میں یہی سبق ہے کہ اللہ تعالیٰ کا جو حکم ہے اسے بنا کوئی سوال کیے اس کو پوراکرنا۔اور اللہ کی راہ میں ہروہ چیز قربان کرنے کے لیے تیار رہنا جس سے اللہ خوش ہوتا ہے، چاہے وہ بکرا ہو یا کوئی اور چیز جو
ہمیں بہت عزیز ہو۔‘‘

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے