الہام متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی ایک خوبصورت،قابل اور باصلاحیت آرکیٹیکٹ(Architect)تھی، جو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شہر کی ایک نامور تعمیراتی کمپنی میں جاب کر رہی تھی۔ اس کا ہمیشہ سے خواب تھا کہ وہ اپنی فیملی کے دیگر افراد کی طرح نت نئی عمارتیں ڈیزائن کرے۔ اس کے تینوں بھائی اور والد بھی اسی پیشے سے وابستہ تھے۔ البتہ وہ اپنے بھائی بہنوں میں زیادہ قابل تھی۔والدین کے لاکھ منع کرنے کے باوجود اس نے جاب کا فیصلہ کیا،اور کالج کی فضا سے نکلتےہی،اُس نے فوراًمختلف اداروں میں ملازمت کے لیے درخواستیں دیں۔اپنی خداداد صلاحیتوںاورقابلیتوںکی بنا پراسے فوراً ہی معروف کنسٹرکشن کمپنی(Construction Company) میں جاب بھی مل گئی تھی۔
الہام اپنے کام میں مکمل دیانت داری اور شفافیت کو ملحوظ رکھتی تھی،جس کے سبب وہ کمپنی میں جلد ہی مشہور و معروف ہو گئی نیز اپنے ساتھیوں میں بھی ہردل عزیز بن گئی تھی۔ الہام ہر کام کو لگن اور محنت کے ساتھ کرتی تھی۔ دیکھنے والی ہر آنکھ اس کی ایمانداری کی گواہ تھی۔ اس نے جلد ہی کمپنی میں نمایاں مقام حاصل کر لیاتھا،جس کی وجہ سے اس کا نام عزت اور قدرکے ساتھ لیا جانے لگا۔
الہام کو جلد ہی اعلیٰ عہدے پر فائز کردیاگیاتھا۔ وہ مزید جوش و خروش کے ساتھ کام کرتی رہی۔ خاندان کے لوگ اسے اور اس کی فیملی کو مبارکباددینے آتے۔ الہام ہمیشہ اپنی تعلیم اور فن کے جوہر دکھانے میں کوشاں رہتی۔ اس کی نگاہ ہمیشہ انہیں عمارتوں کے نقشوں پر ہوتی تھی جو مستقبل میں تعمیرات اور فنون لطیفہ کا نیا باب لکھ سکیں۔اس کی خواہش تھی کہ وہ اپنے فن کو بلند و بالا اخلاقی معیاروں کے مطابق ڈھالے اور انسانی خدمت کے لیے اپنی ساری کوششیں لگا دے۔ اس کی محنت کا پہلا پھل اس مرحلے کی شکل میں سامنے آیا جب اس کی جاب کے مختصر عرصے میں کمپنی نے اسے ایک عظیم الشان تجارتی مرکز کے منصوبے کی ذمہ داری سونپی۔یہ پروجیکٹ اس کے لیے نہایت اہمیت کا حامل تھا۔ ایک ایسا موقع جو اسے تعمیراتی دنیا میں نمایاں کرسکتاتھا۔اس پروجیکٹ کی کامیابی اسے اس کی محنت کا ثمرہ دے سکتی تھی، اور ملکی سطح پر اس کے نام کی شہرت بھی ہوسکتی تھی۔
الہام نے پوری لگن اور د ل جمعی سے کام کرنا شروع کیا۔ اس کے ڈیزائن (Design)ماحول دوست، جدیدیت اور معاشرتی اصولوں کا حسین امتزاج ہوتے تھے۔ ہرشخص اس کے کام کو سراہتاتھا۔ اور وہ کامیابی کے مدارج طے کرتی چلی گئی۔
اس کی کامیابیاں اس کے والدین کا سر فخر سے بلند کرتی تھیں۔ یوں لگتا تھا کہ اس کی کامیابی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ایک دن وہ اپنی دوست ردا کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی۔رداگریجویشن تک اس کے ساتھ تھی۔پھر اس نے پڑھائی ترک کرکے مختلف فرمز(Firms) میں جاب کرنے کے بعد اسی کمپنی میں جاب شروع کردی تھی،جہاں الہام جاب کررہی تھی۔ الہام ماسٹرز (Masters)کے بعد وہاں آئی تھی۔
ردا کافی پیتی اسنیکس کی پلیٹ سے انصاف کرتی جا رہی تھی۔ الہام خود کافی پی رہی تھی۔
’’فرائیڈ چیزیں ذرا کم کھایا کرو۔‘‘ الہام نے اسے تنبیہی نظروں سے گھورا۔
’’فکر نہ کرو، تمہاری دولت میں کمی نہیں آنے والی۔ تمھاری سیلری میں اضافہ ہی ہوتاجاتا ہے۔ اور عین ممکن ہے کہ باس(Boss) پھرسے تمہاری پروموشن (Promotion)کریں۔ پوری کمپنی تم پر مہربان ہے۔‘‘ وہ ساتھ ساتھ منہ میں تیزی سے کچھ چبا رہی تھی۔
’’نہیں یار، اللہ تعالی مجھ پر مہربان ہے۔ یہ اس کا فضل و کرم ہے،جسے چاہتا ہے عطا کرتا ہے۔‘‘ الہام نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
’’تم پر وہ کچھ زیادہ ہی مہربان ہے۔مجھے دیکھو،میںکتنے سالوں سے جہاں کی تہاں ہوں۔ نہ میری سیلری (Salery)بڑھتی ہے نہ میرا پروموشن ہوتا ہے۔‘‘ ردا نے برا سا منہ بنایا۔
’’ہر کوئی محنتوں اور کوششوں کا پھل پاتا ہے ردا۔ ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرو تو وہ زیادہ نوازتا ہے۔ میں تو اس کی بہت ممنون ہوں۔ عمر کی اس اسٹیج پر میں نے کیریئر کی اتنی بلندی خواب میں بھی نہیں سوچی تھی۔‘‘ وہ شکر اداکررہی تھی۔
’’تم ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ (Head of Department)ہو بھئی، میری پروموشن کے لیے بھی کوشش کیا کرو۔‘‘
’’تم خود بھی کوئی کوشش کرلو۔
اور انسان کے لیے وہی کچھ ہے جس کی اس نے کوشش کی۔
(النجم ۳۹:۵۳)
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
تم ایسی ہی قوم ہو۔‘‘
کیسی دوست ہو یار! کالج لائف میں بھی تم اتنی ہی اکڑو ہواکرتی تھیں۔مجھے یادہے کئی لڑکے بھی تم سے دوستی کے خواہاںتھے،لیکن تم نے کبھی کسی لڑکے کو گھاس تک نہیں ڈالی۔دوستی تودور، تم لڑکوں کے قریب بھی نہیں پھٹکتی تھیں۔ اور اب جاب کے دوران بھی تمھارا رویہ یہی ہے۔‘‘
الہام کو اس کمپنی میں جاب کرتے ہوئے دو سال گزر چکے تھے۔ وہ اپنے پروجیکٹ میں کامیاب ہو چکی تھی اور وہ اب مینجمنٹ (Management)کے فرائض انجام دے رہی تھی، لیکن ایک دن اپنے ساتھ ہواؤں اور طوفان کے کئی جھونکے سمیٹ لایا۔ ان جھونکوں میں نرم اور خوش کن فضا کی خوشبوئیں رچی بسی تھیں یا سخت کانٹوں کی چبھن تھی،یہ وقت جانتا تھا۔
وقت نے کبھی اپنی منصوبہ بندی کسی کو نہیں بتائی۔ وہ رازوںکو پوشیدہ رکھنا جانتا ہے۔ اسے رازوں کو افشاں کرنا کبھی آیا ہی نہیں۔وقت سا مہربان بھی کوئی نہیں اور وقت سابے رحم بھی کوئی نہیں۔
ایک دن وہ اپنے آفس میں بیٹھی کام میں مصروف تھی۔ تب اسے کمپنی کے سی ای او(C.E.O.) کی طرف سے روم میں آنے کی دعوت دی گئی۔کچھ دیر بعد وہ اس کے آفس میں تھی۔
’’گڈ مارننگ سر!(Good Morning Sir)‘‘
’’گڈ مارننگ مس الہام!(Good Morning Miss Ilham) کیسی ہیں آپ؟‘‘
’’فائن! تھینک یو سر!‘‘ (Fine! Thank you Sir!)
’’کیسا جا رہا ہے آپ کا کام؟‘‘
’’بہت بہتر، الحمدللہ!‘‘
’’آپ جتنی قابل اور ہونہار ایمپلائی(Employee) کے ہوتے ہوئے مجھے یقین ہے کہ ہماری کمپنی اس کے بعد کے بھی تمام پروجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کر لے گی ۔‘‘
’’مائی پلیزر،تھینکس اگین سر۔‘‘ (My Pleasure, Thanks Again)
’’اچھا مجھے آپ سے ایک ضروری بات کرنی ہے۔ دراصل ایک بڑے تجارتی مرکزکے پراجیکٹ کی ڈیل ہمارے سامنے ہے۔ جلد ہی ہم اس بین الاقوامی پروجیکٹ کی بولی لگانے والے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ اس پروجیکٹ کی قیادت کی ذمہ داری آپ کے سپرد کروں۔‘‘
الہام کے دل کو خوشی کا احساس ہوا، لیکن اس نے چہرے سے ظاہر نہیں ہونے دیا۔ سی ای او نے بات جاری رکھی۔
’’یہ ایک بڑی پیش رفت ہے، اور ہماری کمپنی اس پروجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کر تی ہے تو آپ مالی طور پر بھی مزیدمستحکم ہو جائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر بھی آپ کا نام روشن ہو جائے گا۔‘‘
الہام کا دل اس پیشکش پر شادماں ہواجا رہاتھا۔وہ اندرسے پرجوش ہو رہی تھی۔ بظاہریہ پیشکش الہام کے لیے سنہری موقع تھی، لیکن اس کے پیچھے چھپی ایک ’شر ط‘ کا اسے اندازہ نہیں تھا۔
سی ای او نے نہایت نرمی سے اپنی بات جاری رکھی۔ اس نے جیسے ہی مزید تفصیلات بتانا شروع کیں، الہام ششدر رہ گئی۔
’’آپ مجھے ہراس(Harass) کررہے ہیں؟‘‘
’’یہ پراجیکٹ آپ کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ یہ آپ کو آرکیٹیکچرل ورلڈ(Architectural Word)میں ایک مقام دلا سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے۔۔۔۔‘‘
الہام آنکھیں پھاڑے حیرت سے اسے دیکھ اور سن رہی تھی۔
وہ الہام سے غیر اخلاقی مطالبہ کر رہا تھا۔ اس کا اشارہ واضح تھا کہ اسے پیشہ وارانہ تعلقات کی حدود سے تجاوز کرنا ہوگا۔
الہام یہ سن کر حیران و پریشان رہ گئی۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے اس کے اتنے ماہ کی محنت و وقار کی پامالی کا مطالبہ کیا جا رہا ہو۔ اس کے سامنے ایک مشکل فیصلہ تھا۔ ایک طرف وہ کامیابی، شہرت و عزت تھی جو اس کی محنت کا ثمرہ بن سکتی تھی، اور دوسری جانب اس کی عزتِ نفس، خودداری اور ایمان۔ لیکن اسے اس دشوار گزار راستے سے گزرنا تھا۔ اس مرحلے کو عبور کرنا تھا۔ انتخاب اس کے ہاتھ میں تھا۔الہام نے اپنے ضمیر کی گہرائیوں میں جھانکا،دل کی لہرکو تھام کر سوچا کیاکہ وہ اپنے کردار کے لیے دولت و شہرت کو قربان کرے گی یا نام و نمود کے لیے کردار کو کچل کر آگے بڑھ جائے گی!
’’کیا وہ اس کی آفر(Offer) کو مان لے؟‘‘
اس کے ضمیر نے اس سے پوچھا۔
’’نہیں۔۔۔۔ یہ غلط ہے، اور گناہ کبیرہ ہے! جبکہ تم ایک پارسا لڑکی ہو!‘‘
’’ہاں! میں یہ نہیں کر سکتی۔‘‘
اس نے دل میں سوچا۔
’’کیا کررہی ہوبے وقوف! ایسا موقع پھر نہیں آئے گا۔سوچو، تمھارا نام پوری دنیا میں مشہور ہو جائے گا۔ دولت کی ریل پیل ہوگی۔ پیسوں میں کھیلوگی تم۔‘‘ اس کے ضمیر نے لتاڑا۔
’’ارے نہیں رکو۔۔۔۔ یہ غلطی نہ کرنا۔ ورنہ خاندان بھر میں بدنام ہوجاؤگی! تمھارے والدین کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔‘‘
’’بیٹا! اس جاب کے دوران ہمیشہ ہر کام اللہ کو یاد کرتے ہوئے کرنا۔ شیطان تمھارا کھلا دشمن ہے۔ وہ تمھیں بہکائے گا،وہ طرح طرح کی دل لبھاتی، مادہ پرست چیزوں کا جال بچھائے گا، لیکن تم ہروقت اپنے ایمان کو مضبوطی سے تھامے رکھنا۔ اخلاق و کردار اور عزتِ نفس پر کبھی سمجھوتا نہیں کرنا بیٹا،چاہے تمھارے سامنے قارون کا خزانہ کیوں نہ ہو۔‘‘ جاب کے لیے اپلائی کرتے وقت اپنے بابا کی کہی بات اس کی سماعتوں کو مفلوج کررہی تھی۔
’’اس دنیا میں پیسہ کمانے کے لیے ہرکوئی مرا جارہا ہے، لیکن تم بہت خوش نصیب ہو۔ آگے بھی کسی موقع پر تمہیں بھاری رقم یا بڑے پراجیکٹ کی آفر ہو تو تم انکار مت کرنا۔ کسی قیمت پر بھی نہیں۔‘‘ ماضی میں کسی کی کہی گئی بات اس کی سماعتوں سے ٹکرائی۔
’’دولت۔۔۔۔ ہر چیز مٹھی میں ہوگی۔۔۔۔۔‘‘
’’عزت۔۔۔۔۔۔ ہر چیز سے بڑھ کر۔۔۔۔۔۔‘‘
’’پیسہ۔۔۔‘‘
’’ایمان۔۔۔۔۔‘‘
’’پیسہ۔۔۔۔۔‘‘
’’پیسہ۔۔۔۔ دنیا کی ہر چیز خرید سکوگی۔ دنیا تمھارے قدموں میں ہوگی۔‘‘
اس کے ضمیر کی لڑائی میں اس کا دماغ سن ہوا جارہا تھا۔
وہ ان کی جنگ روکنے سے خود کو قاصر سمجھ رہی تھی۔
’’اے ایمان والو! شیطان کے قدموں کی پیروی نہ کرو، اور جو شیطان کے قدموں کی پیروی کرتا ہے، وہ اسے بے حیائی اور برائی کا حکم دیتا ہے۔‘‘
(النور ۲۱:۲۴)
اس نے تعوذ پڑھا اور زور سے سر جھٹکا۔
الہام ایک دیانت داراور خوددار لڑکی تھی۔ اس نے ہمیشہ اپنے کردار اور اصولوں کو ترجیح دی تھی۔چند لمحے اس نے گہرے سانس لے کر خود کو پر سکون کیا، اورچند لمحوں کی خاموشی کے بعد الہام نے اس کی آنکھوں میں دیکھ کر ٹھہرے ہوئے انداز میں کہا:
’’میں اپنی محنت، علم اور کردار کے بل بوتے پر ترقی کی منازل طے کرنے کی خواہاں ہوں۔ اگر آپ کی شرط ہی اس پراجیکٹ کی بنیاد ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔‘‘
اس کے جواب پر مقابل کا چہرہ غصے سے تمتمانے لگا۔ وہ اپنی جگہ پر اٹھ کھڑا ہوا۔
’’میں تمہیں طشت میں رکھ کر دولت کی پیشکش کر رہا ہوں اور تم انکار کر رہی ہو؟‘‘ اس کی آواز غصے سے بلند ہوئی۔
’’میں اس راہ پر نہیں چل سکتی جہاں میرا ضمیر مطمئن نہ ہو۔ میں چند روپوں اور نام کے لیے اپنے ایمان کا سودا نہیں کر سکتی۔‘‘
’’تم انکار ہی کرنا چاہتی ہو تو سوچ لو،اس بڑے پراجیکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھو گی،
ساتھ ہی تمہارا کیریئر بھی مشکل میں پڑ جائے گا۔‘‘ اس کی آواز بلند ہو گئی۔
’’ایسے کیریئرکی مجھے پرواہ نہیں، جس کے لیے مجھے اپنی حدود سے تجاوز کرنا پڑے۔ اور اپنے رب کے حکم کی خلاف ورزی کرنا پڑے۔‘‘ اس کی آواز بھی بلند ہو گئی۔
’’اس کا مطلب تم اپنی اور اپنے کیریئر کی بربادی چاہتی ہو؟‘‘
’’تم جیسے گھٹیا اور نیچ لوگ ہر ادارے میں ہوتے ہیں۔ اور تم جیسوںسے ڈیل کرنا میں بہتر طور پرجانتی ہوں۔ اس آفرکو رد کرنے سے اگر میرا کیریئر برباد ہو جاتا ہے تو ہوجائے، مجھے پرواہ نہیں۔‘‘
الہام کا فیصلہ اٹل تھا ۔وہ جان گئی تھی کہ اگر آج اس نے اخلاق و کردار کے معاملے میں سمجھوتہ کیا تو کل اسے اپنی عزت نفس کا سودا کرنا پڑے گا۔
’’میں انہیں بہکاؤں گا، میں انہیں آرزوؤں میں الجھاؤں گا، میں انہیں حکم دوں گا اور وہ میرے حکم سے جانوروں کے کان پھاڑیں گے اور میں انہیں حکم دوں گا اور وہ میرے حکم سے خدائی ساخت میں رد و بدل کریں گے۔ اس شیطان کوجس نے اللہ کے بجائے اپنا ولی و سرپرست بنا لیا وہ صریح نقصان میں پڑ گیا‘‘۔
قرآن کی یہ آیت اس کے کانوں میں بار بارگونج رہی تھی۔
اس کے انکار پر سی ای او نے اپنے اختیارات اور عہدے کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہوئے الہام کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر دیا۔اس نے الہام کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے طرح طرح کے حربے اپنائے۔
الہام کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر اس کے ساتھ ہی دیگر خواتین نے بھی سی ای او کے خلاف اپنی شکایتیں بیان کرنا شروع کر دیں۔قبل اس کے کہ وہ اسے ذلیل کرکے نچلے درجے پر لا کھڑا کرتا،الہام نے اس کمپنی سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ کر کے وہ گھر آئی تو خوب روئی۔ گھر والوں کو ساری بات سے آگاہ کیا۔
اس نے اپنے ایمان کو بچایا تھا۔ اللہ کی عائد کردہ حدود کی پاسداری کی تھی۔ وہ ایک معمار تھی۔ اور ایک معمار ہی نسلوں کا معمار ہوتاہے۔ نسلیں وہی کامیاب رہتی ہیں، جن کی تربیت میں کردار کی پاکیزگی اور ایمان باللہ کو پرویا گیا ہو۔ اس نے دنیاوی فائدے کے لیے آخرت کا سودا نہیں کیا۔ اسے یقین تھا کہ اس کا رب اسے کبھی رسوا نہیں کرے گا۔ اور وہ اسے ضرور مقام محمود پر فائز کرے گا۔
یہ معاملہ جلد ہی عوامی سطح پر آگیا اور کمپنی کو تحقیقات کا آغاز کرنا پڑا۔ اس کیس کو عدالت میں اچھالا گیا۔نتیجتاً سی ای او کے خلاف کئی سنگین الزامات ثابت ہوئے اور اسے عہدے سے معزول کر دیا گیا۔
اس موڑ پر اس نے ایک اور فیصلہ کرلیا تھا کہ اسے کہیں پر جاب نہیں کرنی۔ اس نے کہیں جاب کر بھی لی تو ہمیشہ ایک خوف طاری رہے گا۔ اور وہ پھر سے اس جوش کے ساتھ کام نہیں کر پائے گی، جیسا پہلے کرتی تھی۔
اس نے اپنا بزنس شروع کیا۔ ایک نئی کنسٹرکشن کمپنی (Construction Company)بنائی۔ اور اس کو تیزی سے بام عروج تک پہنچانے کی حتی المقدور کوشش میں جٹ گئی۔ اور اب وہ بزنس میں عزت و وقار کی بلندیوں کو چھوتی ہوئی کامیابی کے زینے عبور کررہی تھی۔
کچھ عرصے بعد ہی الہام کی کمپنی کا نام بین الاقوامی سطح پر معروف کمپنیوں میں لیا جانے لگا۔
وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا
(اور جو اللہ سے ڈرتا ہے، اللہ اس کے لیے نجات کا راستہ بنا دیتا ہے۔) (الطلاق ۲:۵۶)
اپنی ایمانداری، کردار و پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت وہ ترقی کی منازل طے کررہی تھی۔الہام کی کامیابیاں اس کے دل کی گہرائیوں سے پھوٹنے والے خلوص، اور ایمان کی پختگی کی مرہون منت تھیں۔
الہام نے ٹھان لیاتھاکہ وہ کسی صورت میں اپنی عزت،وقار اور اخلاق و کردارپر سمجھوتہ نہیں کرے گی،چاہے اس کے سامنے کتنی ہی بڑی آزمائش کیوں نہ ہو۔وہ اپنے ایمان اور اصولوں پر قائم رہی، کیونکہ اسے یقین تھا کہ ہر آزمائش اللہ کی جانب سے ہوتی ہے اور وہی نجات کا راستہ دکھاتا ہے۔
اس نے نہ صرف خود اللہ کی عائد کردہ حدود سے تجاوز کیا بلکہ وہ دیگر خواتین کے لیے بھی ایک مثال بن گئی۔
اس احساس نے اس کے دل کو چھواتھاکہ ایسے معاشرے میں سروائیو (Survive)کرنے کے لیے لڑکیوں کی عزت و وقار اپنے کاروبار میں ہی سب سے زیادہ ہے۔ اور جو انسان صبر و استقامت سے کام لیتا ہے، وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔
الہام نے ثابت کر دیا کہ کامیابی صرف محنت ایمان و کردار کے بل پرحاصل کی جا سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں کو کبھی رسوا نہیں کرتا۔ وہ اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے کامیاب ہوئی ،جس میں اس کی عزت نفس کا نور شامل ہے۔ وہ نور جو اسے اخلاق و کردار کی سطح پر بلند کرتاہے۔ رب العالمین کی رضا اور خوشنودی کے حصول کے لیے تڑپتے دل کو منور کرتا ہے۔
کردار کی پاکیزگی اور ایمان کے لیے دولت و شہرت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے منزل کی طرف بڑھنے کا راستہ دکھاتا نور۔ نورٌ علیٰ نور۔
زندگی کے مشن اور نصب العین کا گہرا تعلق اعتقاد Belief System سے ہوتا ہے۔
ہر مشن اور نصب العین کسی اعتقاد کی پیداوار ہوتا ہے اور ہر پختہ عقیدہ کسی نہ کسی نصب العین کو لازما جنم دیتا ہے۔
بدلتی ہوئی دنیا اور اسلامی فکر، از سید سعادت اللہ حسینی
٭ ٭ ٭
اس نے اپنا بزنس شروع کیا۔ ایک نئی کنسٹرکشن کمپنی (Construction Company)بنائی۔ اور اس کو تیزی سے بام عروج تک پہنچانے کی حتی المقدور کوشش میں جٹ گئی۔ اور اب وہ بزنس میں عزت و وقار کی بلندیوں کو چھوتی ہوئی کامیابی کے زینے عبور کررہی تھی۔
کچھ عرصے بعد ہی الہام کی کمپنی کا نام بین الاقوامی سطح پر معروف کمپنیوں میں لیا جانے لگا۔


0 Comments