تلنگانہ کے میدک ضلع کے سداشیو پیٹ میں مشہور کمپنی ’’مدراس ربر فیکٹری‘‘(Madras Rubber Factory-MRF) کا ایک بڑا اور پرانا پلانٹ ہے۔ اسی علاقے میں قریب چھ سال پہلے’’ خدمت‘‘کی ایک برانچ نے کام کرنا شروع کیا۔ خدمت عام طور سے غریب اور عام طبقہ کے لوگوں کے درمیان بلاسودی قرض مہیا کرانے کا کام کرتی ہے۔
عبدالمجیب بالکل شروعاتی دورسے ہی خدمت سے جڑے ہیں۔ انہوںنے خدمت کے ڈیلی کلکٹر(Daily Colector)خلیل سے بلاسودی قرض اسکیم کے بارے میں جانا اور پھر اس کے ممبر بن گئے۔ سداشیو پیٹ کے گرلس ہائی اسکول کے پاس عطارن اسٹریٹ پر مجیب کی ایک چھوٹی سی سائیکل کی دکان ہے،جہاں پر وہ سائیکل مرمت کا کام کرتے ہیں۔ وہ قریب دو دہائیوں سے سائیکل کی مرمت کا کام کررہے ہیں۔ساتھ ہی موقع ملنے پر وہ پیشہ ور باورچی کا بھی کام کرتے ہیں۔چار بچوں کے باپ مجیب غیر تعلیم یافتہ ہیں مگر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنا نام لکھنا سیکھ گئے ہیں اور دستخط بھی کرلیتے ہیں۔
کاروبار کے لیے ملا ضروری سرمایہ
خدمت میں کھاتہ کھولنے کے ساتھ ہی مجیب کو اپنے کاروبار کے لیے مدد ملنی شروع ہو گئی۔ممبربننےکے بعد انہوںنے ہرروزپچاس سے سو روپے جمع کرنے شروع کیے،جوپہلے ممکن نہیں ہوپاتاتھا۔یہ بچت ان کے کام آنے لگی۔دکان کے لیے ٹائر،ٹیوب،رم اوردوسرے سامان خریدنے کے لیے حیدرآباد جاتے وقت اب ان کے پاس پہلےکے مقابلے میں زیادہ رقم ہوتی تھی۔ تھوک میں مال لینےپر انہیں سامان کچھ سستا ملنے لگا۔ خدمت سے قرض ملنے پریہ سلسلہ اور آگے بڑھ گیا۔ اب ان کے پاس کاروبار کے لیے وافر سرمایہ ہوتاہے۔ مجیب نے ممبر بننے کے ایک سال بعد خدمت سے دس ہزار روپے کا پہلا قرض لیا۔ وہ بتاتے ہیں:
’’دکان کے لیے سائیکل پارٹس خریدنے اور دکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے مجھے قرض کی ضرورت تھی۔ میں نے ڈیلی کلکٹر (Daily Colector) کو اپنی ضرورت بتائی،پھر میں خدمت کی آفس گیا،اورمجھے بہت آسانی سے قرض مل گیا۔ ‘‘
پانچ سال میں مجیب دس بار قرض لے چکے ہیں۔ عام طورپر وہ تین مہینے کی طے شدہ مدت کے اندر ہی قرض ادا کرکے نیا قرض لے لیتے ہیں۔ فی الحال انہوں نے چالیس ہزار روپے کا ایک قرض لے رکھا ہے۔ مجیب بتاتے ہیں:
’’اس قرض سے میں نے دکان کے لیے سامان خریدا،اور اپنے دو بچوں کی اسکول فیس جمع کی،نیز ان کی پڑھائی سے جڑے دوسرے خرچے بھی پورے کیے۔‘‘
اسکولوں میں نیا سیشن شروع ہونے کے وقت اسکول کی فیس،یونیفارم، کتاب کاپی جیسی چیزیںپوری کرنا پرائیویٹ اسکولوں میں اپنے بچوں کو پڑھانے والے ایک عام ہندوستانی کے لیے بڑا مسئلہ ہوتاہے۔خدمت سےملے قرض نے مجیب کو اس مسئلہ سے آسانی کے ساتھ نمٹنے میں مدد کی۔
بھاگ دوڑ سے ملی آزادی
مجیب پہلے دوسرے کی سائیکل دکان میں کام کرتے تھے۔ کوئی دس سال پہلے انہوں نے اپنی دکان شروع کی تھی۔اس وقت اپنے کاروبار کے لیے وہ پرائیویٹ فائنانسر سے اونچی شرح سود پر قرض لیتے تھے۔ مجیب بتاتے ہیں:
’’اس وقت پرائیویٹ فائنانسر دس ہزار روپے کا قرض آٹھ سے نو سو روپے سود پر دیتے تھے۔ اب تو یہ ریٹ بارہ سے تیرہ سو روپے تک پہنچ گیا ہے۔‘‘
مجیب نے یہ بھی بتایا کہ پرائیویٹ فائنانسر نہ صرف زیادہ سود لیتے ہیں،بل کہ پیسے کی ادائیگی میں دیر ہونے پر بے عزت بھی کرتے ہیں۔ حالانکہ مجیب کے مطابق انہیں کبھی ایسے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑاہے۔انہوں نے جب اپنی دکان شروع کی تو اس کے ڈیڑھ سال تک قریب چھ بار اونچی شرح سود پر قرض لیا۔ لیکن اب وہ خدمت کے آسان اور بلاسودی قرض کی وجہ سے اس پریشانی سے نکل چکے ہیں۔
اس کے علاوہ مجیب کے پاس بینک سے لین دین کا تجربہ بھی ہے۔ ان کا ایک سرکاری بینک میں قریب دس سال پرانا کھاتہ ہے۔اس بینک سے انہوں نےخدمت سے جڑنے کے پہلے اور بعد ایک ایک بار لون لیا ہے۔ اس معاملے میں مجیب خدمت کے اُن ممبران کی طرح نہیں ہیں جنہیں قرض لینے کے لیے بینک جانے میں ہچکچاہٹ ہوتی ہے یا بہت کوشش کرنے کے بعد بھی انہیں بینک لون نہیں مل پاتا۔
لیکن مجیب کو اب خدمت سے ہی قرض لینا پسند ہے۔ انہوں نے بتایا :
’’یہ سمجھ میں نہیں آتاکہ بینک کو اتنا زیادہ پیسہ کیوں واپس کرنا پڑتا ہے۔ ساتھ ہی بینک سے قرض لینے کے لیے بہت زیادہ بھاگ دوڑ کرنی پڑتی ہے۔مجھے خدمت اچھا لگتا ہے، کیونکہ یہاں کم پیسے واپس کرنے پڑتے ہیں، اور بھاگ دوڑ بھی نہیں کرنی پڑتی ۔‘‘
اپنی دکان کا سکون
مجیب کے مطابق خدمت سے جڑنے کے بعد اب ان کے ماتھے پرکوئی قرض نہیں ہے۔وہ عزت سے کماتے ہیں اور عزت سے کھاتے ہیں۔انہوں نے بتایا:
’’بہت برکت ہوئی۔ میری دکان میرے نام پر نہیں تھی،اب ہوگئی ہے۔دکان کے کرایے کا ٹینشن نہیں رہتا۔ کچھ خدمت کے قرض اور کچھ اپنی کمائی سے یہ ممکن ہوسکا۔‘‘
جس دکان میں مجیب اپنی سائیکل مرمت کی دکان چلاتے ہیں،وہ ان کے والد کی تھی۔ والد کے انتقال کے بعد مجیب کو اس دکان سے اپنا کاروبار کر نے کا موقع تو مل گیا مگر دکان کی ملکیت ان کے سبھی چھ بھائیوں کے پاس تھی۔ خدمت کی مدد سے جب ان کا کاروبار بڑھا تو دھیرے دھیرے اپنے سبھی بھائیوں کو ان کے حصے کے پیسے دے کر وہ اکیلے دکان کے مالک بن گئے۔ قریب تین سال پہلے اپنے تین بھائیوں کو ان کے حصے کے ایک لاکھ روپےچکائے،تب اس وقت خدمت سے ملا قرض ان کے لیے بہت مددگار ثابت ہوا۔
خدمت کے قرض سے مجیب کا کاروبار بڑھا تو انہوں نے ایک اسکوٹی بھی خریدلی۔اتناہی نہیں، اس آمدنی سے انہوں نے گھر کے لیے فریج اور کولر بھی خریدا۔اپنی دکان کے پاس ہی کرایے کے مکان میں رہنے والے مجیب بتاتے ہیں:
’’ میں ایک کوکنگ ماسٹر بھی ہوں۔ لوگ جب مجھے دور دور سے اس کام کے لیے بلاتے ہیں تو مجھے اسکوٹی سے وہاں جانے میں سہولت ہوتی ہے۔‘‘
زیادہ مدت کے لیے بڑا قرض چاہیے
جب آپ قرض کے لیے خدمت کی آفس جاتے ہیں، تو قرض کا پروسیس (Process)پورا ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں مجیب چھوٹتے ہی کہتے ہیں، ’’ہم کو سپرفاسٹ قرض مل جاتا ہے۔‘‘
قرض کو لے کر ان کا ایک سجھاؤ ہے، ’’پچاس ساٹھ ہزار روپے کا بڑا قرض ملنا چاہیے، اور اس کی ادائیگی کے لیے تین ماہ سے زیادہ کا وقت بھی ملنا چاہیے۔ بڑا قرض ہو تو زیادہ وقت ملنا ہی چاہیے۔‘‘
مجیب کے مطابق خدمت سے جڑنے کے بعد بھی انہیں بینک سے اونچی شرح سود پر پچاس ہزار روپے کا قرض لینا پڑاتھا ،کیونکہ اس وقت خدمت کے چھوٹے قرض سے ان کی ضرورت پوری نہیں ہو رہی تھی۔
خدمت سے جڑنے کے بعد مجیب کی خوداعتمادی میں اضافہ ہواہے۔ انہوں نے اپنے اگلے قرض کے سلسلہ میں بھی پلاننگ کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا:
’’مجھے اگلا قرض ساٹھ ہزار روپے کا لینا ہے۔اس سے دکان میں سامان بھی بڑھانا ہے اور نئی سائیکلوں کی تعداد بھی بڑھانی ہے۔‘‘
مجیب خدمت کی سالانہ میٹنگوں میں جاتے ہیں اور وہاں اپنی بات بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا:
’’میٹنگ میں، میں نے کہا کہ خدمت سے ہم لوگوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے، تھوڑا اور زیادہ وقت اور بڑا قرض ملنے سے ہم لوگوں کے لیے اچھا رہے گا۔‘‘
مجیب کہتے ہیں کہ خدمت کی وجہ سے بڑا سکون ہے، اور کام بند مٹھی میں چل رہا ہے۔ بند مٹھی والی بات کو سمجھاتے ہوئے مجیب کہتے ہیں:
’’ہم جو قرض لیتے ہیں کسی کو پتہ نہیں چلتا۔ لین دین بہت خاموشی سے اور آسانی سے ہوجاتاہے۔جبکہ پرائیویٹ فائنانسر(Private Financer) کا قرض چکانے میںذراکوتاہی ہوجائے تو وہ بہت سوال کرتے ہیں، آس پاس کے لوگوںکو پتہ چل جاتا ہے اور بے عزتی بھی ہوتی ہے۔
٭ ٭ ٭
مجیب کے مطابق خدمت سے جڑنے کے بعد اب ان کے ماتھے پرکوئی قرض نہیں ہے۔وہ عزت سے کماتے ہیں اور عزت سے کھاتے ہیں۔انہوں نے بتایا
بہت برکت ہوئی۔ میری دکان میرے نام پر نہیں تھی،اب ہوگئی ہے۔دکان کے کرایے کا ٹینشن نہیں رہتا۔ کچھ خدمت کے قرض اور کچھ اپنی کمائی سے یہ ممکن ہوسکا۔


0 Comments