اوقاف پر اپنوں اور غیروں کاقبضہ ،اسباب و تدارک

قرآن کریم اس بات پر شاہد ہے کہ نفس انسانی مادہ پرستی کا خواہاں ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

 ’’الھکم اُ التَّكَاثُرُحَتّٰى زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ‘‘

 (سورہ التکاثر۱: ۱۰۲۔۲)
ترجمہ: یعنی تم کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنے کی خواہش نے غفلت میں ڈالے رکھا، یہاں تک کہ تم نے قبریں جا دیکھیں۔
اور مادہ پرستی کی راہ میں کی جانے والی تگ و دو نے غلط و صحیح کی تمیز سے بے بہرہ کردیا ہے ،یہاں تک کہ مادہ پرستی کی اسی ہوس کا شکار انسان جب اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہوا تو ’’اوقاف‘‘کو بھی اپنی اس ہوس کا نشانہ بنایا، جو خالص اللہ کی ملکیت ہیں جس پر کسی بھی شخص کو اپنے کسی ذاتی تصرف کا حق حاصل نہیں ہے۔
ملک ہندوستان جہاں فوج اور ریلوے کے بعد سب سے زیادہ زمینیں اوقاف کی ہیں، جس کا تخمینہ اس وقت سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ۹ لاکھ ایکڑ سے زائد کا لگایاجاتاہے۔لیکن مادہ پرستی کے اٹھتے ہوئے شعلوں نے جب اوقاف کی جانب اپنے رخ کئے تو اس پرداخلی اورخارجی خطرات کے امنڈتے بادل نظر آنے لگے۔

وقف آراضی پر اپنوں کا قبضہ

وقف آراضی سے متعلق اپنوں اور غیروں کے سلوک کاجائزہ لیاجائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ اوقاف کے مفادات کو سب سے زیادہ نقصان اپنوں سے پہنچا ہے۔بدعنوانی اور عدم شفافیت کے بڑھتے معاملات ہماری کارکردگی پرسوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔ لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ مسلمانوں میں سے ہی ایک طبقہ اوقاف کی جائداد سے مستحقین کو فائدہ پہنچانے کے بجائے خود متولی بنا بیٹھا ہے،جسے سماج کے دبنگ اور طاقتور لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کرتے نظر آتے ہیں یا وہ شخص خود اس سے فائدہ اٹھاتانظر آتا ہے۔ لہٰذا بعض وقف ملکیت کو بہت معمولی کرایہ پر لگاکر اس کا فائدہ وہی شخص حاصل کرتاہے اور ستم بالائے ستم کہ اوقاف کی بہت سی زمینوں کو فروخت کرنے سے بھی گریز نہیں کیا گیا۔
اسی طرح کسی زمین کو کسی کے آباء و اجداد میں سے کسی نے گزشتہ سالوں میں اگر وقف کردیا ہے تو اب اس کی تیسری پیڑھی یعنی پوتے پوتیاں اس پر اپنی ملکیت کا حق جتاتے نظر آتے ہیں۔ علاوہ ازیں باہمی تنازعات اور اختلافات نے ایک خلفشار پیدا کردیا ہے جیسا کہ اللہ تعالٰی کا فرمان ہے:

وَ اَطِیْعُوا اللٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ وَ لَا تَنَازَعُوْا فَتَفْشَلُوْا وَ تَذْهَبَ رِیْحُكُمْ

 ( سورہ انفال ۴۶)
ترجمہ: اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور آپس میں تنازعہ نہ کرو ورنہ تم بزدل ہوجاوگے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔
مسلمانوں نے فرمان الہی ’’ كُوْنُوْا قَوّٰمِیْنَ بِالْقِسْطِ ‘‘ کو پس پشت ڈال کر اوقاف کی جائداد سے کھلواڑ کیا ہے اور سونے پر سہاگہ یہ کہ ہمارے ہی مسلم رہنما یا دیگر عام افراد نے ایک دوسرے سے ذاتی دشمنی نبھانے کے لئے خود مخبری کا کام کرکے اوقاف کی ملکیت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے اپنے مضمون میں اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ بعض شخصیتیں وقف کی آراضی پر قبضہ کرکے کمرشیل(Comercial) تعلیمی ادارے قائم کرتی ہیں لیکن اس کا نفع غریبوں اورمستحقین کو پہنچانے کے بجائے خود حاصل کرتی ہیں اور اس کو ملت پر اپنا احسان قرار دیتی ہیں،جو کہ ملت کے لئے بہت بڑا خسارہ ہے۔
( دیکھئے: تحفظ اوقاف اور ہمارا رویہ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، شمع فروزاں۲۵۔۴۔۲۰۱۵)
مذکورہ بالا یہی وہ تمام صورتحال ہیں جنہیں ہم اللہ کی ملکیت پر اپنوں کا قبضہ قرار دیتے ہیں۔

اللہ کی ملکیت پر غیروں کا قبضہ

اس کے بالمقابل غیروںکے قبضے کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ اوقاف کو لاحق خارجی خطرات دراصل ہمارے داخلی رویوں کا ہی نتیجہ ہیں،جو موجودہ وقف ترمیمی بل کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالٰی کا ارشاد ہے:

ظَهَرَ الْفَسَادُ فِی الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ اَیْدِی النَّاسِ لِیُذِیْقَهُمْ بَعْضَ الَّذِیْ عَمِلُوْا لَعَلَّهُمْ یَرْجِعُوْنَ

َ( سورہ الروم: ۴۱)
ترجمہ: خشکی اور تری میں فساد ظاہر ہوگیا ان برائیوں کی وجہ سے جو لوگوں کے ہاتھوں نے کمائیں تاکہ ان کے بعض اعمال کا مزہ چکھائے تاکہ وہ باز آجائیں۔
چنانچہ ہم نے جب اوقاف کے ساتھ شفافیت کا معاملہ نہیں برتا، اطیعوا اللہ و رسولہ ولا تنازعوا کے پیغام کو نظر انداز کیا، مادہ پرستی سے مرعوب ہوکر اپنے ذاتی مفاد کی خاطر دشمنان دین سے تعلقات مستحکم کئے، حتی کہ بعض مسلمانوں نے ہی اس بل کا یہ کہتے ہوئے خیر مقدم کیا کہ زمانے سے اوقاف پر قابض لوگوں کے لئے یہی طریقہ بہترہے تو موجودہ بل کی صورت میں پھن پھاڑے یہ اژدھا ہمارے سامنے نمودار ہوا جو کسی بھی پل اوقاف کی ساری جائیداد کو نگلنے کے لئے تیار ہے۔ حالانکہ موجودہ بل میں پیش کردہ قابل اعتراض باتیں امت مسلمہ کے لئے خطرے کا الارم بجا رہی ہیں، جن میں سے چند قابل توجہ پہلو کا ضمنا ذکرکرنامناسب ہوگا۔ مثلا اس بل کے مطابق وقف کی ہوئی تمام جائداد کا رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، جب کہ اس پر کسی بھی صورت میں عمل خطرے سے خالی نہیں ہوگا۔ کیونکہ ایک تو یہ احکام شریعت کے خلاف ہے کہ شریعتِ اسلامیہ کے مطابق زبانی وقف کا بھی اعتبار کیا جائے گا۔ دوسرے یہ کہ ہندوستان میں وقف کی تاریخ فیروز شاہ تغلق کے دور سے ہی ملتی ہے چنانچہ اس وقت سے اب تک کے ریکارڈ ملنا ایک مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن امر ہے، لہٰذا اس صورت میں اوقاف کی بیشتر زمینیں ہاتھوں سے نکل جائیں گی۔
اسی طرح وقف کی زمینوں کے بارے میں اختلاف کی صورت میں وقف کے ہونے نہ ہونے کا اختیار ضلع مجسٹریٹ کو دے کر یہ باور کرایا گیاکہ ملک میں مسجد اور مندر کی جو مسموم فضا ملک کے ہرگوشے کو آلودہ کر رہی ہے اس کے لئے راہ ہموار ہوجائے اور ساری زمینیں دھیرے دھیرے اوقاف سے ختم ہوجائیں۔
علاوہ ازیں وقف کونسل میں غیر مسلم اراکین کی شمولیت نیز چیف ایگزیکٹیو(Chief Executive) کے منصب پر غیر مسلم کے تعیین کے اختیار سے وقف آراضی کے متعدد شعبوں میں شامل مسلمانوں کی ملازمتوں کو خطرہ میں پڑنے کے امکانات ہیں۔ یہی نہیں بلکہ مزید اور بھی خطرات ہیں جن تک عام امت کی رسائی ایک مشکل امر ہے۔ انہی خطرات سے آگاہی مولانا ارشد مدنی حفظہ اللہ نے ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے بیان کے جواب میںکہا :’’ ہمارے وزیر اعظم صاحب نے کہا ہے کہ دستور ہند میں بیان کردہ حقوق میں وقف کا ذکر نہیں ملتا ۔‘‘ اس بیان کا جواب دیتے ہوئے مولانا مدنی نے مزیدکہا :’’ وقف اللہ کاحکم ہے اور دفعہ۲۵ اور۲۶ کے تئیں ہر اقلیت کو اپنے مذہبی امور کو مکمل طور پر اختیار کرنے کی آزادی ہے۔‘‘ انہوں نے اس بیان پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا :’’ آج تم کہہ رہے ہو کہ دستور میں وقف کا ذکر نہیں ہے تو کل یہ کہو گے کہ دستور میں کہیں حج کا ذکر نہیں ہے، پرسوں یہ کہو گے نماز، زکوۃ، رمضان کے روزے کا بھی ذکر نہیں ہے تو اس طرح ہمارے ارکان اسلام اور دیگر احکامات پر کاربند رہنے پر بھی پابندی عائد کردیں گے۔‘‘
(دیکھئے یوٹیوب چینل Tahaffuze Islam Media)
یہی وہ تمام صورتحال ہے جسے ہم ملکیت خدا پر غیروں کا قبضہ قرار دیتے ہیں۔
غرض یہ کہ موجودہ وقف ترمیمی بل میں مجوزہ تمام قرارداد کو تمام علماء دین یکسر خلاف اسلام نیز خلاف قانون قرار دیتے ہوئے اسے رد کرتے ہیں اور حکومت کے بیان کہ ’’یہ بل مسلمانوں اور بالخصوص مسلم خواتین کے حق میں ہے ‘‘ اسے ایک مکر و فریب سے تعبیر کرتے ہیں۔

اوقاف پر منڈلاتے خطرات کا تدارک

یہ سچ ہے کہ اوقاف کو سب سے زیادہ نقصان اپنوں کے طرز عمل کی وجہ سے پہنچاہے، لیکن سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ کیا کسی خاندان میں انتشار نے جنم لے لیا ہو اور خانگی مسائل پیچیدہ تر ہوتے جا رہے ہوں تو ان مسائل کو آپس میں سلجھا لینا عقلمندی ہے یا اس میں دوسرے خاندان کی مداخلت ان مسائل کا حل ہے؟
اس کا واضح جواب یہ ہے کہ باہمی تنازعات کو آپس میں حل کرلینا ہی دانشمندی کا ثبوت ہے۔ بعینہ اسی طرح اوقاف کے مسائل بھی ملت کا آپسی معاملہ ہے، لہٰذا اس کا تدارک بھی ملت کے افراد کے ذریعے کیا جانا ہی وقت کا اہم تقاضا ہے۔
ملکیت خدا پر اپنوں اور غیروں کے قبضوں سے نجات پانے کے لئے مندرجہ ذیل نکات پر عملدرآمد کارگرثابت ہو سکتا ہے۔
۱)ملت کے افراد کو چاہیے کہ وہ اس نازک وقت میں بدعنوان متولیوں پر شکنجہ کسنے والے بل کو دیکھ کر خوشی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے اس بل کی مخالفت میں اپنے ملی رہنماؤں کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اس سلسلے میں پیش رفت کرنے والی جمعیت’’ مسلم پرسنل لا بورڈ‘‘ کے فیصلے کا خیر مقدم کریں اور بورڈ کی آواز کو متفقہ آواز بنائیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ ایام میں’’ بتی گل‘‘ نیز متعدد خاموش احتجاج کے موقع پر اتحاد ملت کا مشاہدہ کیا گیا جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ورنہ اس نازک موقع پر اختلاف امت
’’ ولا تنازعوا فتفشلوا و تذھب ریحکم ‘‘کے مصداق اس ملک میں کہیں پاؤں جمانے کے لائق نہیں چھوڑے گا۔
۲)قائدین ملت اپنی توجہ اوقاف کی صحیح تنظیم کی طرف مبذول کریں تاکہ اوقاف کی جائیداد سے حاصل کردہ سالانہ آمدنی سے مسجدیں، مدارس، تعلیمی ادارے، یونیورسٹیاں،مسافر خانے ،اسپتال اور دیگر رفاہِ عام کی تعمیرات کی جائیں ،جس کے ذریعے نہ صرف غرباء اور مستحقین کی ضروریات کا مداوا ہوسکے بلکہ لاکھوں مسلمانوں کے لئے روزگار کے دروازے بھی کھل سکیں۔
۳)وقف کی املاک کے تئیں مختلف پروگرامز، سیمینار اور ورکشاپس وغیرہ کے ذریعے عوام الناس میں بیداری لائیں نیزدیگرسیاسی رہنماؤں اور اراکین پارلیمان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کریں تاکہ اس بل کے خلاف ایک طاقتور جتھہ بن کر اس بل کی تردید میں اہم کردار ادا کر سکیں۔
۴) وقف آراضی کی اگر احاطہ بندی نہ ہوئی ہو تو جلد از جلد ان کی احاطہ بندی کی کوشش کریں۔ مثلا عید گاہ، قبرستان یا زرعی زمینیں وغیرہ اور بالخصوص وہ ویران مسجدیں جو زمانہ قدیم میں بادشاہوں اور نوابوں نے تعمیر کی تھیں اور اب وہاں کی مسلم آبادی بھی تقریبا ختم ہوچکی ہے لہٰذا مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے مطابق ان جگہوں کو علماء اور ارباب افتاء کے مشوروں سے دینی و ملی ضرورتوں کے پیش نظر ان کے استعمال کی تدابیر پر غور و فکر کرنا اور اس پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اس طرح ملت کو درپیش بیروزگاری اور دیگر مسائل سے نمٹا جا سکے۔
( دیکھئے: باقی ماندہ اوقاف کا عملی و قانونی تحفظ۔۔۔۔۔۔۔۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، انقلاب۱۸۔۴۔۲۰۱۵)
۵)جن آراضی کا اب تک رجسٹریشن نہ ہوا ہو ان کا بھی اور آئندہ آنے والی اوقاف کی جائداد کا جلد از جلد رجسٹریشن کرا لیا جائے۔ یہ بھی قابل غور ہے کہ یہ کام ایک طویل مدتی امر ہے، جس کے لئے ایک طرف اضافی رقم کی ضرورت ہے تو دوسری طرف قانون دانوں اور ماہرین کے مشوروں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔لہٰذا اس سلسلے میں عوام الناس اور ماہرین کی اعانت اور قیمتی مشوروں سے بھرپور استفادہ کی کوشش کریں۔
۶)ماضی میں اوقاف کے ساتھ بدعنوانی جیسے معاملات سے نمٹنے کے لئے ایک یہ طریقہ کار آمد ثابت ہوسکتا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ایک ہی منصب پر فائز شخص کو وہاں سے ہٹاکردوسرے کو وہ منصب سونپا جائے اور پھر ہر پوسٹ کے لئے زیادہ سے زیادہ تین سال کی مدت متعین کی جائے تاکہ آراضی زیادہ عرصہ تک کسی ایک متولی کے ذمے نہ رہے، کیونکہ اس سے بدعنوانی اور ناخدا ترسی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔
۷)اس ضمن میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی پیش کردہ تجویز پر عمل بھی افادے سے خالی نہیں ہوگا، جس کے تحت تمام رفاہی اداروں اور کمیٹیوں کا ٹرسٹ کا قیام ایک اہم قدم ہوسکتا ہے۔ اس طرح اختیارات اور ذمہ داریاں تقسیم ہوں گی، مصارف متعین کئے جائیں گے اور سالانہ آڈٹ پیش کیا جائے گا جس سے کسی بھی قسم کی بدعنوانی کے خطرات سے نمٹنا آسان ہوگا۔
۸)ملت کے ہر فرد کو اس بات کا احساس دلائیں کہ وقف کی حفاظت مسلم سماج کی بڑی ذمہ داری ہے، لہٰذا جب بھی کسی موقوفہ زمین کی لڑائی کا مسئلہ سامنے آئے تو آگے بڑھ کر ظالم کو ظلم سے روکیں اور اس سلسلے میں کتاب و سنت کے دلائل سے اس کی حرمت کو واضح کریں۔
خلاصہ کلام یہ کہ اوقاف کو درپیش آپسی اور اغیار کے قبضے سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر کتاب و سنت کے دلائل سے مادہ پرستی کی شناخت اور بل کے نقصانات سے عوام الناس کو روشناس کرانے اور اتحاد ملت کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام قانونی چارہ جوئی اور مالی اعانت سے ہی اس تشویشناک مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں برادران وطن کے سامنے ملت کے اس درد کو شاعر عمران پرتاپ گڑھی کے اس شعر سے روشناس کیا جاسکتا ہے جو انہوں نے فلسطین کے حوالے سے کہا تھا لیکن اس موقع پر یہ شعر بالکل صادق آتا ہے:

کاش دنیا یہ سمجھ لیتی کہ جھگڑا کیا ہے
آپ کے گھر پہ کسی اور کا قبضہ کیا ہے

اللہ تعالیٰ ملت کے اس سنگین مسائل سے نمٹنے کے لئے ملت میں اتحاد پیدا کرے اور ملت کو اس میدان میں اترنے کے لئے جرأت و ہمت کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ حسن تدبیر اور ہوشمندی سے مالا مال کرے اور اس مسئلہ کا حل فرمائے۔ آمین

٭ ٭ ٭

اوقاف کو درپیش آپسی اور اغیار کے قبضے سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر کتاب و سنت کے دلائل سے مادہ پرستی کی شناخت اور بل کے نقصانات سے عوام الناس کو روشناس کرانے اور اتحاد ملت کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام قانونی چارہ جوئی اور مالی اعانت سے ہی اس تشویشناک مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے