جنگ کیا مسئلوں كا حل دے گی!!

ارئینِ کرام!
گزشتہ ماہ ملکِ عزیز میں جموں و کشمیر کے ’’پہلگام‘‘ حملے کے بعد ہر عام و خاص کو مسئلہ جنگ زبان زد رہا۔ پہلگام میں ہونے والے انسانیت سوز واقعے کے جواب میں وطن عزیز نے’’آپریشن سندور‘‘(Operation Sindoor) نامی محاذ تیار کیا۔ دونوں ہی ممالک کے مابین شدید تناؤ کے بعدگولہ باری اور حملے مخصوص وقت تک مسلسل جاری رہے۔ خبروں کے مطابق ہندوستان نے مخالف کے قریباً نو ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ حملے کیے ہیں۔ دونوں ہی ممالک کے کچھ میڈیا ہاؤسز نے اپنے اپنے ملکوں کی کامیابیوں کے خوب قصیدے پڑھے۔یہاں کچھ اہم نظریے اور کچھ حقائق باشعور ذہن کے در پر سوالیہ نشان بن کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔
اولاً تو اعلان جنگ کے بعد دونوں ہی ممالک نے خوب تگ و دو کی کہ تیاری میں کوئی کسر نہ رہے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد میڈیا کا میدان خوب گرم رہا،ساتھ ہی عوام کا تجسس اور فکرمندی بھی سامنے آئی۔ یہ کہا گیا کہ یہ پہلگام حملے میں بیدردی سے مارے جانے والے ان معصوموں کا بدلہ ہے، مگر یہاں توجہ طلب پہلو یہ ہے کہ اس جنگ کے نتائج جس کی امید حکومت کو تھی اس میں ہم کتنا کامیاب رہے! دونوں ہی ممالک ایک لمبے عرصے سے غربت و افلاس کے سنگین مسئلوں سے مسلسل نبرد آزما ہیں۔اس صورت حال میں جنگ کسی بھی صورت میں کسی کے بھی حق میں درست نہیں ہے۔ اگر چہ جنگ کے مطلوبہ نتائج میں سے کچھ فیصد حاصل بھی ہو چکے ہوں تو اس صورت میں بھی کچلا گیا خطہ اور روندے گئے لوگ غریب ہیں۔یہ وہ معصوم لوگ ہیں جو اس جنگ کی نذر ہوگئے ،جو امن کے لیے اور دہشت گردی کے خاتمے کی نیت سے کی گئی۔ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی ہلاکت کی خبروں نے رقت طاری کردی۔ ایسی صورت حال میں جنگ تو علی الاعلان ہوجاتی ہے مگرجو لوگ سب سے ذیادہ متاثر ہوتے ہیں وہ دونوں ممالک کے غریب لوگ ہیں۔ جبکہ جن دہشت گردوں کو ختم کرنا اور ٹارگٹ کرنا مقصود تھا، اس سلسلے میں حکومت کو اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ پہلگام حملے کو ایک ماہ سے زائد عرصہ‌گزر چکا ہے مگر حکومت اب تک کف افسوس مل رہی ہے۔ این آئی اے(NIA) کے ذریعے ہونے والی تفتیش میں ہزاروں افراد کو حراست میں لیا گیا۔تقریباً۳ ہزار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، مگر کچھ نتیجہ حاصل نہ ہوسکا۔ ایسے میں ایک ٹھوس سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک ملک جو جنگ کے اعلان کے بعد کمر کس لیتا ہے اور حتی الامکان کوششیں کر پرچم سربلند رکھنے میں کسی حد تک کامیاب ہوجاتا ہے اسی ملک میں کیا تفتیشی کمیٹی اس قدر کمزور ہے کہ وہ ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی ان لوگوں کا سراغ نہ لگا سکی جو مطلوب ہیں یا پھر اس سوال کا رخ حکومت کی جانب زیادہ مناسب ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کا نعرہ بلند تو ہوجاتا ہے مگر خاطر خواہ کوششیں نہیں ہوپاتیں یا نہیں کی جاتیں۔ اس قدر الجھے ہوئے معاملے میں متاثرہ افراد مزید متاثر ہوگئے ہیں۔
ایک حقیقت جو اس پورے پس منظر میں عیاں ہوئی وہ ہندوستانی مسلمانوں کے تعلق سے قائم کیے گئے غلط تاثرات پر مبنی بتوں کا منہدم ہونا تھا۔ ’’کرنل صوفیہ قریشی‘‘ اور ’’زبیر خان‘‘ یہ وہ دو درخشاں نام ہیں،جنہوں نے اس پورے آپریشن کے دوران بحیثیت ہندوستانی مسلمان اپنا بہترین تعاون دے کر منسلک شعبوں کا حق اداکیا۔ اس آپریشن کی قیادت کر کے کرنل صوفیہ نے نہ صرف ملک و ملت کا نام روشن کیا ہے بلکہ مسلمانوں کے تعلق سے قائم کئے غلط عقائد کو بھی اکھاڑ پھینکا۔ اسی طرح معروف صحافی محمد زبیر نے سوشل میڈیا پر مخالف کے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ ایک مرتبہ پھر جرات مندانہ کارکردگی کے سبب وہ خبروں کی زینت بنے رہے اور خوب داد و تحسین وصول کی۔ لہذا ان دو ملت کے قیمتی اثاثوں نے ہندوستانی مسلمان کو لے کر جو خناس معصوم عوام کے ذہن میں بھرا جاتا ہے اس کو نکالنے میں بہت مدد کی ہے‌۔ساتھ ہی ایک منظر کشمیر کی ان غریب اور معصوم عوام کا سامنے آتا ہے جو اس جنگ کے سبب مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ پہلگام حملے کے بعد سے کشمیر میں سیاحوں کی آمد تقریباً مفقود ہے اور اس وجہ سے ان کے روزگار پربھاری ضرب لگی ہے۔ اس پورے معاملے کو سمجھنے کی کوشش کریں توبے اختیار ساحر لدھیانوی کا شعر زبان پر امڈ آتا ہے

ؔجنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں كا حل دے گی
آگ اور خون آج بخشے گی
بھوک اور احتیاج کل دے گی!!

مسئلہ اوقاف

 عزیز قارئین! ملک کے مسلمانوںکو لاحق انتہائی اہم مسئلہ اوقاف پرایک مرتبہ پھر بحث جاری رہی۔ اگرچہ جنگ کے دوران احتجاجی مظاہروں کو روک دیا گیاتھا، مگر ایک بار پھر ملی غیرت امڈ آئی اور حالات سازگار ہوتے ہی اپنے حق کی لڑائی لڑنے عوام نے احتجاج جاری رکھا۔گزشتہ ماہ کورٹ میں جب مسئلہ اوقاف پیش کیاگیاتو حاضرین کا یہ احساس رہاکہ اس مرتبہ کورٹ اس مسئلے کو صرف سن نہیں رہابلکہ سمجھنے کی بھی کوشش میں ہے۔ ’’وقف بائی یوزر‘‘ مکمل طور پر تاریخ سے صاف کردینے کی سازش ہے۔ اس پوری شنوائی کے دوران’’آپ وقف کو ایک ٹیکنکل مسئلہ نہ سمجھیں، وقف زمین نہیں ایک قوم کی روح ہے، اور اس روح کی حفاظت دستور کرتا ہے، کلکٹر نہیں!!‘‘ کپل سبل کی یہ آواز ان تمام آوازوں پر بھاری تھی جو مخالف کی جانب سے اٹھائی جارہی تھی۔ پل پل نیوز کی رپورٹر خوشبو اختر لکھتی ہیں کہ’’میں عدالت میں موجود تھی، مگر رپورٹر کی طرح نہیں بلکہ گواہ کی طرح!‘‘ گواہ اس بات کی کہ جب دستور ہند پر حملہ ہوا اور اس سے کھیلنے کی کوشش کی گئی تو کچھ لوگ موجود تھےجوخاموش نہیںتھےاحتجاج درج کروارہےتھے!!اس لڑائی کا مطلب، اب یہ وقف کی لڑائی نہیں رہی یہ دستور کا امتحان بن چکی ہے!!

عالمی منظر نامہ

لکھنے کو اب کیا لکھیں!قارئینِ کرام! سرزمین زیتون سے آرہے کربناک مناظر دیکھنے کی تاب اب ان آنکھوں میں نہیں رہی۔ جب یہ خبر آتی ہے کہ۱۴ ہزار بچے اس نہج پر ہیں کہ بھوک کے سبب یہ ننھے غازائی پھول دم توڑ دیں گے تودل لرز اٹھتے ہیں۔مگر ان بے حس اور بے ضمیر عربوں کے کلیجے نہیں پھٹتے جو عیش و عشرت میں محو عذاب الٰہی کے حقدار ہیں۔ گزشتہ ماہ غزہ سے آئی اس ماں کی تصویر جس کے دس بیٹوں میں سے نو جگر گوشے جامِ شہادت نوش فرما گئے ،خون کے آنسو رلادینےکے لیے کافی ہے۔ان ماؤں کی فولادی استقامت اور حوصلے کو سلام جس کی ہمت کو توڑنا تو دور یہ ظالم ہلا بھی نہیں سکے۔ رب تعالیٰ سے اب یہی دعا ہے کہ انصاف کا وہ منظر ہمیں جلد دیکھنا نصیب ہو جس سے ان بہتی آنکھوں کو ٹھنڈک ملے اور ان قابل احترام ماؤں اور عزیزوں کے دل کو قرار آجائے، جنہوں نے اپنے اقارب کو نظروں کے سامنے کھویا ہے۔

Normal

Normal

English Text

Arabic Text

Urdu Hightlight

٭ ٭ ٭

آپ وقف کو ایک ٹیکنکل مسئلہ نہ سمجھیں، وقف زمین نہیں ایک قوم کی روح ہے، اور اس روح کی حفاظت دستور کرتا ہے، کلکٹر نہیں!!

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے