سورج کی کرنیںدکان کے شیشےکے اوپرپڑنا شروع ہوچکی تھیں۔ میرے چاروں طرف کھڑے بے جان شوکیس ایک اور دن کے آغاز کو دیکھ رہے تھے۔ میں نے ایک لمبی اور ٹھنڈی سانس لی۔ خود کو اتنا مجبور کبھی محسوس نہیں کیا تھا۔ کیا میرے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔۔؟یہ سوال رہ رہ کر مجھے پریشان کر رہاتھا۔نہ چاہتےہوئےبھی اپنے پاس کے شوکیس پرمیری نگاہیںجم گئیں۔اس نے خوبصورت ماڈل کو پچھلے مہینے ہی کمپنی نے لانچ کیاتھا۔ مشہور اداکار اس کے اشتہار میں کام کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا اور ٹی وی پر ہر طرف اس کی دھوم مچی ہوئی تھی۔ اس کی ایڈوانس بکنگ لگاتار جاری تھی ۔
ایساکیاخاص ہے اس میں؟ میں نے خود کلامی کرتے ہوئےاس کوبغور دیکھا۔ وہی سائیکل،جو اسکرین پر اداکاروں کے جلووں اور ہزاروں روشنیوں سے لیس ہو کر کوئی آسمانی تحفہ دکھائی دے رہی تھی اس وقت صبح کی خالص اور پاکیزہ روشنی میں اپنے اصل رنگ و روپ میں نظر آرہی تھی۔
میری نگاہوں کے ارتکاز کو اس نے بھی محسوس کر لیا تھا ،تبھی ایک گہری اور طنزیہ مسکراہٹ کے ساتھ اس نے میری طرف دیکھا، ’’ ایسے کیا دیکھ رہی ہو، میں بھی تمہاری طرح ایک سائیکل ہی ہوں۔‘‘ میں نے اس کی بات کا کوئی جواب دئے بغیر اپنی نظروں کا رخ بدل لیا۔ اس کے منھ لگنے کا میرا کوئی موڈ نہیں تھا۔ اب کل کی آنے والی ان محترمہ کو کیا خبر کہ ان کی آمد سے پہلے میرا اس جگہ کیا مقام اور مرتبہ تھا۔ میں اس دکان پربکنے والا سب سے مشہور ماڈل ہوا کرتی تھی۔ میری مضبوطی اورقیمت نے مجھے سب کی نگاہوں کا مرکز بنا رکھا تھا۔ میرے طلبگاروں میں عوام و خواص سبھی شامل تھے۔دکان پرموجود سبھی سائیکلوں سےکئی گنازیادہ میری فروخت تھی۔ مجھ سے ہونے والے منافع نے میرے مالک کے نہ جانے کتنے بگڑے کام بنا ئےتھے۔ جب دھندا مندا چلتا تب بھی میں ہی اس کی منجھدار میں پھنسی کشتی کو ساحل تک پہنچا تی تھی۔ مجھے اپنے اوپر پورا بھروسا تھا ۔میری ڈیمانڈ میںکبھی کمی نہیں آسکتی۔ میری مضبوطی،قیمت اور کارکردگی کبھی ماند نہیں پڑ سکتی۔
مگریہ سب باتیں پچھلے ایک ہفتے میں میری خام خیالی ثابت ہوچکی تھیں۔ دکان پر قدم رکھنے والا ہر خریدار اسی نئے ماڈل کا طواف کر رہا تھا۔ ہر طرف اسی کے چرچے تھے۔ میرا وجود دن بدن اپنی اہمیت کھوتاچلاجارہاتھا۔ میں اپنی اس ناقدری اور بے عزتی کا غم بھی کسی سے بانٹ نہیں سکتی تھی۔ آج سے پہلے میں کسی کو خاطر میں ہی کہا ں لائی تھی ۔
ہر گزرتا دن میری اذیت میں اضافہ کر رہاتھا ۔کل میرے مالک کا بیٹا اپنے والدکو مشورہ دے رہا تھا،’’ ابو مجھے لگتا ہے اس پرانے ماڈل کی سائیکل کو یہاں سے ہٹا دینا چاہیے۔ اس درمیانی شوکیس میں ہمیں اپنے نئے ماڈل کو رکھنا چاہیے۔‘‘
’’ تم ٹھیک کہہ رہے ہو بیٹا، کل ہی صفدر سے اس کی جگہ تبدیل کراتا ہوں۔ ‘‘ ان الفاظ نے میرے پیروں تلے زمین کھسکا دی تھی،ایسا کیسے ممکن تھا۔۔! میرے مالک نے میری پچھلی تمام خدمات کو یکسر فراموش کر دیا۔ کیا اس کو یاد نہیں رہا کہ میری بدولت ہی اس کی دکان کی پہچان بنی تھی۔ آخر اتنی جلدی وہ میرامقام کسی اورکوکیسے دے سکتا تھا!کیا ہوگیا اگر آج میرا ماڈل مشہور اداکاروں کے جلوؤں سے لیس نہیں اور میرے اشتہارات کے بورڈ چاروں طرف لگے ہوئے نہیں ہیں۔ میں آج بھی دم خم رکھتی ہوں،مجھے پورا یقین تھا میرے طلبگار پھر لوٹ کر میرے پاس ہی آئیں گے۔ مالک کو مجھ پر بھروسا رکھنا چاہیے۔ میں کبھی اس کے لیے گھاٹے کا سودا ثابت نہیں ہوں گی، مگر اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے میرے پاس نہ الفاظ تھے اور نہ ہی اپنی ناقدری پر بہانے کے لیے آنسو!
آج میرا مقام مجھ سے چھن جانا تھا۔ میری جگہ، میری ملکیت، میرے خوابوں کا محل، میرا شوکیس، آج کے بعد میرا نہیں رہے گا۔ دکان کا یہ درمیانی شوکیس جو پہلے دن سے میرے حصے میں آیا تھا، آج کے بعد میرا نہیں رہے گا،مجھے اپنے شوکیس سے الگ کردیا جائے گا۔اس شوکیس کوپوری دکان میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ یہاں سے میں نہ صرف اندورن دکان ہر چیز سے باخبر رہتی تھی بلکہ بیرونی دکانوں کے جلوے بھی دیکھتی تھی۔ آج میرا اس شوکیس میں آخری دن تھا۔
یا الہی یہ دن بھی میرے نصیب میں تھا۔ میں نے آج سے پہلے کبھی اس دکان کو اتنا پرایا محسوس نہیں کیا تھا۔ پوری فضا میں اجنبیت در آئی تھی ۔ دکان کے در و دیوار بیگانگی سے مجھے دیکھ رہے تھے۔ اندر کا ماحول اتنا بوجھل تھا کہ میں نے اپنی نگاہوں کو باہر کی طرف مرکوز کر لیا۔ اپنی سوچوں کے بھنورسے نکلنے کے لیے فی الحال میرے پاس اس سے بہتر کوئی راستہ نہیں تھا۔
دکان کے باہرروزکی طرح صفدر قرآنی آیات سے مزین خوب صورت کتبے ریک میں بیچنے کے لیے لگا رہاتھا۔سورج کی سنہری روشنی میں ان کے
کنارے جگمگا تے دکھائی دے رہے تھے۔
میں نے ایک سرسری نظر ان پر ڈالی اور اپنی توجہ دوسری طرف کرنی چاہی، مگر میری نگاہوں نے میرا ساتھ نہ دیا ،وہ مستقل اسی کتبے پر مرکوز رہیں جس پر جلی حروف میں لکھا ہوا تھا ،
كُلُّ مَنْ عَلَیْهَا فَان(۲۶)وَّ یَبْقٰى وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلٰلِ وَ الْاِكْرَامِ(۲۷)
ترجمہ: زمین پر جتنی مخلوق ہیں سب فنا ہونے والی ہیں،اور تمہارے رب کی عظمت اوربزرگی والی ذات باقی رہے گی۔
عورت کو ترقی دینے کا اصل راز یہ نہیں ہے کہ اس کو زندگی کے ہر میدان میں داخل کیا جائے، بلکہ اس کا اصل راز یہ ہے کہ عورت کو صاحب علم اور صاحب شعور بنایا جائے۔ عورت جتنا زیادہ باشعور ہوگی اتنا ہی زیادہ بڑا کام وہ اس دنیا میں انجام دے سکے گی۔ عورت اگر حقیقی معنوں میں باشعور ہو تو گھر کے اندر رہ کر بھی وہ انتہائی بڑے بڑے کام انجام دے سکتی ہے اور اگر وہ بے شعور ہو تو کوئی بھی بڑا کام نہیں کر سکتی خواہ اس کو سب سے بڑے چوراہے پر کیوں نہ کھڑا کر دیا گیا ہو۔
خاتون اسلام، از مولانا وحید الدین خاں
٭ ٭ ٭
زمین پر جتنی مخلوق ہیں سب فنا ہونے والی ہیں، اور تمہارے رب کی عظمت اور بزرگی والی ذات باقی رہے گی۔


0 Comments