پچھلے ہفتے علی گڑھ میں چار مسلم لڑکوں کے ماب لنچنگ (Mob Lynching)کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کارروائی میں اب تک ۱۳ نامزد ملزموں میں سے ۳ کو گرفتار کیا گیا ہے۔معمول کا نقل و حمل کا کام’’ سلیم خان‘‘ اور اُن کے بھتیجے’’ عقیل ابراہیم ‘‘کے لیے خونریزی اور دہشت کا منظر بن گیا۔ یہ دونوں سامان سے لدے کنٹینر میں اتراولی سے علی گڑھ کی ایک منڈی کی طرف جا رہے تھے۔ ان کے ساتھ دو نوجوان مزدور بھی تھے۔ سلیم اور عقیل کو اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ ان کا سفر تشدد اور شعلوں میں ختم ہوگا۔ان کا کنٹینر جب علی گڑھ کے مضافات کے قریب پہنچا تو خود ساختہ گؤ رکشکوں کے ایک ہجوم نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔ شرپسندوں نے ان پر گائے کے گوشت کی نقل و حمل کا الزام لگایا۔ اس سے پہلے کہ کچھ بات چیت ہو پاتی شر پسندوں نے کنٹینر کو آگ لگا دی اور گاڑی میں موجود چاروں لوگوں کو بری طرح سے مارا پیٹا۔
سماجوادی پارٹی،کانگریس اور اے آئی ایم آئی ایم کے کارکنوں نے سینئر پولیس سپرنٹنڈینٹ (ایس ایس پی) دفترپرپیرکو شدید احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں کارکنوں نے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی اور تمام ملزموں کو جلد از جلد جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ متاثرین کے اہل خانہ کو معاوضہ، سیکوریٹی اور امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
عالمی سطح پر منفی رد عمل اور تشویش کا اظہار۲۰۱۵ ء میں دادری میں’’ محمد اخلاق سیفی‘‘ کی گاؤ کشی کے الزام میں ہجومی تشدد اور قتل کے بعد ہی سے ہونے لگا تھا۔ اس واقعے کے فوراً بعد اس وقت کے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کولمبیا یونیورسٹی میں ایک لیکچر دینےگئے۔ لیکچر کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں ان سے اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وزیر موصوف نے فراست سے کام لیتے ہوئے اسے ایک باشعور ملک میں رو نما ہونے والا شاذ و نادر واقعہ قرار دینے کی کوشش کی اور اس سنگین جرم کے مکرر رونما ہونے کے امکانات کو یہ کہتے ہوئے مسترد کیا کہ:
’’بھارت ایک باشعور سماج ہے۔ ہم کو ان سب واقعات سے اوپر اٹھنا چاہیے،کیونکہ یہ ملک کے لیے کسی بھی طرح کی نیک نامی کا باعث نہیں بنتے۔‘‘
۲۰۲۳میںتشدد کے۳۲ واقعات،۲۰۲۴میں۵۹ جس میں سے۴۹ ان علاقوں میں ہؤے جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔مہاراشٹر ، اتر پردیش اور بہار میں سب سے زیادہ تشدد کے واقعات درج کیے گئے ہیں۔
ملک میں ان بڑھتے واقعات کے پیش نظر حکومتی سطح پر کوئی خاص فرق پڑتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ نہ ہی ملزموں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے نہ لواحقین کے گھر والوں کے ساتھ انصاف ہوتاہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے ہندوستان مذمت کا سامناکرچکا ہے، اس کے باوجود حکومت اس پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments