السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
میرے سامنے ہادیہ ای میگزین کا مئی۲۰۲۵ کا شمارہ ہے ۔میگزین میں موجودہ حالات کے سلگتے ہوئے مسائل پر مفصل معلومات فراہم کی ہے۔ جیسے ’’وقف ترمیمی بل‘‘ کے متعلق تین مضامین اس میگزین میں موجود ہیں۔
’’ وقف مسلمانوں کی دینی اور ملی وجود کی بنیاد‘‘ اس مضمون میں محترمہ ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ نے وقف کی تاریخ کا پس منظر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور مبارک سے لے کر آج تک کے واقعات کی اہمیت،اس کی ضرورت، اس کے فوائد اور موجودہ ترمیمی بل کے نقصانات کو نکات کی صورت میں بیان کیا ہے۔
’’ وقف حکومت کی نشانے پر‘‘ اس مضمون میں محترمہ عمارہ فردوس صاحبہ نے وقف بورڈ کی ترمیم، اس کی تاریخ، اس کی جائیداد اور اس کے ضروری استعمال کے حوالے سے نہایت جامع اور مدلل انداز میں بتایا ہے کہ حکومت کس طرح وقف کا استعمال اپنے مفادات کے لیے کرنا چاہتی ہے۔
’’وقف کی شرعی حیثیت‘‘پر ڈاکٹر تنویر صاحبہ کا مضمون قرآن و حدیث کی روشنی میں اس بات کو بخوبی واضح کرتا ہے کہ وقف کیا ہے، کون وقف کر سکتا ہے اور وقف کی جائیدادسے فائدہ کس کو حاصل ہو سکتا ہے۔ یہ تمام مضامین خود ہماری اپنی معلومات میں بھی اضافہ کرتے ہیں اور دوسروں کے سامنے بھی ہم وقف کے سلسلے میں بہتر معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔ بچوں کے صفحے میں ’’مولانا مودودی‘‘کے بچپن کے واقعات نہایت بہترین اور دلچسپ انداز میں تربیتی پہلو کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
ٹی ٹائم واقعی خالص ٹی ٹائم ہے۔ انہوں نے نہایت بہترین اور مہذب انداز میں اخلاقی دائرے میں رہتے ہوئے بات کی ہے ۔ان کا انداز گفتگو دل نشین اور پراثرہے۔
ای استاد کے تحت واٹس ایپ سے متعلق جو معلومات فراہم کی گئی ہیں آج کے دور کی خواتین اور بچوں کے لیے مختلف مقاصد کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اس کے فیچرز کو نہایت موثر اور مختصر اور سادہ انداز میں بیان کیا گیا ہے ،جو صارفین کے لیے نہ صرف مفید ہے بلکہ ایک نایاب اور قابل عمل طریقہ کار بھی فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر سمیہ ریاض فلاحی کا مضمون ’’خاندان :معاشرہ انسانی کا تاج اور عالمی یوم خاندان کی حیثیت‘‘ اہم ضرورت ہے، اس کا مطالعہ بھی ہر گھر میں کیا جائے۔ انہوںنے جامع تحریرکے ذریعے خاندانی اورمعاشرتی شعور کو قران و حدیث کی روشنی میں واضح کیا۔
دیگر کالمزمیں ’’اکاڈمیا‘‘، ’’معمار جہاں تو ہے‘‘،’’ بولتی تصویریں‘‘،’’ گرلز پلانٹ ‘‘وغیرہ بھی قابل تعریف ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس میگزین کو قبولیت عام حاصل ہو۔
جزاک اللہ خیرا
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترمہ اسماء فردوس صاحبہ
آپ کا مراسلہ موصول ہوا ۔آپ نے ہادیہ کے قلم کاروں کی ہمت افزائی کی ہے، یہی احساسات ہماری ٹیم کا اصل سرمایہ ہے۔ کسی تصنیفی کام کو باذوق قاری میسر ہوں اس سے بڑا آخر کیا انعام ہوسکتا ہے۔ہم آپ کے شکر گزار ہیں ۔
شکرا جزیلا
ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments