و قف: اسلامی ادارہ سازی کا تاریخی ماڈل(قسط:1)

گذشتہ شمارے سے اشارات کے ان صفحات میں ایک نئے سلسلے کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت اسلامی تحریک میں اداروں کے کردار کو زیر بحث لایا جارہاہے۔ گذشتہ مضمون میں اداروں کی ضرورت و اہمیت اور ان کےمطلوبہ کردار و مقاصدپر نیز تحریک کے اصل مقصد سے ان کے تعلق پر کچھ بنیادی باتیں پیش کی گئی تھیں۔ اس مضمون میں اسلامی تاریخ میں ہوئی ادارہ جاتی کوششوں کا تجزیہ پیش کیاجارہاہے۔ اس تجزیے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ اسلامی تاریخ کے روشن ادوار میں اداروں کا کردار کیا رہا ہےاور کیسےان اداروں نے وہ مقاصد حاصل کیے ہیں جن کا ذکر سابقہ مضمون میں کیا گیا تھا۔
یہ تاریخی حقیقت ہے کہ غیر سرکاری فلاحی اداروں کے تصور کو مسلمانوں ہی نے اوقاف کے نظام کے ذریعے دنیا میں بڑے پیمانے پر عام کیا ہے۔ اسلامی تاریخ میں وقف پبلک سیکٹر(Public Sector)کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کے ایک مستقل سیکٹرکے طور پر ابھرا۔دولت مند افرادنے نہ صرف غریبوں اوربےسہاروں کی ضرورتوں کی تکمیل کو اپنی ذمےد اری محسوس کیا بل کہ ریاست کے ساتھ تعاون اور اس کی ذمے داریوں میں شراکت کو بھی اپنے مال کااہم مصرف سمجھا۔ یتیموں،بیواؤں اور دیگر ضرورت مند افراد کی حاجت روائی، مسجدوں، خانقاہوں وغیرہ کی تعمیرو انتظام اور دیگر مذہبی امور کے ساتھ ساتھ تعلیم،معاشی فلاح و بہبود، طب اور عوامی صحت اور ان کے علاوہ عوامی وشہری سہولیات کی فراہمی کی خاطر بھی اپنی بڑی بڑی جائیدادیں وقف کیں۔
اوقاف کے اس وسیع نیٹ ورک نے اسلامی تاریخ میں بڑ ااہم کردارادا کیا۔ یہ ایک رجحان ساز ادارہ تھا اوراس نے ساری دنیا میں عوامی فلاح و بہبودکے بالکل نئے رجحانات کو عام کیا۔ان اداروں نے اسلام کی انسانیت دوستی، غریب پروری،مساوات اور تکریم آدمیت کی قدروں کی بڑی طاقت ور اور مؤثر عملی شہادت پیش کی۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق اسلام کی منفرد قدروں کو بھی بڑے پیمانے پرمتعارف کرایا اور ان قدروں کوادارہ جاتی سطح پربرت کر ان کے حق میں ٹھوس عملی شہادت بھی پیش کی۔آنے والے زمانوں میں وقف کے اس تصور نے دنیابھرکی تہذیبوں پرگہرے اثرات ڈالے۔ حکومتوں کی پالیسیوں کومتاثرکیا اور اسلام کی بعض اہم قدروں کو ساری دنیا میں مقبول کرانے اوران پرہمہ گیر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اگلی سطروں میں جوتفصیلات پیش کی جارہی ہیں، ان سے وقف کا یہ ہمہ گیر کردار واضح ہوگا۔
وقف کا عظیم الشان نظام : ایک نظرمیں
وقف کانظام خود اللہ کے رسولﷺ نے قائم فرمایا تھا اور پہلا وقف بھی آپ نے ہی فرمایا تھا۔’’ مخیریق بن نضیر‘‘ نامی ایک یہودی ربی (جنھوں نے بعض روایات کے مطابق اسلام قبول کرلیا تھا) نے غزوہ احد میں مسلمانوں کی حمایت میں لڑتے ہوئے یہ وصیت کی تھی کہ اگر میں مارا جاؤں تو میری جائیداد محمد ﷺ کے لیے ہوگی۔ چناں چہ وہ مارے گئے اور ان کے سات باغات آں حضرت ﷺ کی ملکیت میں آگئے۔ آپ نے ان باغات کو اللہ کی راہ میں وقف قرار دے دیا[1]اوراس طرح وقف کے اس منفرداور شاندارنظام کا مبارک افتتاح فرمایا۔ پھر حضرت عمرؓنے خیبر کی مفتوحہ زمینوں میں سے جو زمینیں ان کے حصے میں آئی تھیں، انھیں وقف فرمایا اور وقف کی تفصیلی شرائط لکھائیں جو بعد میں وقف کے اسلامی قانون کی بنیاد بنیں۔[2] ان کے بعد حضرات ابوبکرؓ، عثمانؓ، علیؓ، زید بن ثابتؓ، زبیر بن عوامؓ، سعد بن ابی وقاصؓ،معاذ بن جبلؓ،خالد بن ولیدؓ، ابو عروہ دوسیؓ، سعد بن عبادہ ؓ، جابر بن عبداللہؓ، عقبہ بن عامرؓ، عبد اللہ بن زبیرؓ اور امہات المومنین میں حضرت عائشہؓ، حضرت ام سلمہؓ، حضرت ام حبیبہؓ، حضرت حفصہؓ، حضرت صفیہؓ، حضرت سودہؓ نے اپنی ملکیتوں کو وقف فرمایا۔[3] جلیل القدر صحابہ کی اس فہرست ہی سے اندازہ ہوتا ہے کہ وقف دور صحابہ ہی میں کس طرح ایک عام رجحان بن چکا تھا۔
بعد کے ادوار میں وقف کے اس نظام نے اسلامی تہذیب کی ایک منفرد خصوصیت اور عوامی فلاح و بہبود کے ایک بڑے وسیع اور مہتم بالشان انتظام کی شکل اختیار کرلی۔اصحاب خیر بڑے پیمانے پر عوام کی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے سامنے آئے۔قرآن مجید کی روشنی میں اپنے مال و دولت کو انھوں نے اللہ کی امانت سمجھا اور اسے اپنا فریضہ جاناکہ اللہ کے عطا کردہ اموال کو عوامی فلاح و بہبود اور عوام کی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے استعمال کیا جائے۔چناںچہ عوامی بہبود، رفاہ عام اور حاجت مندوں کی حاجت روائی کے کام صرف حکومتوں تک محدودنہیں رہے بل کہ وقف کی صورت میں ان ضرورتوں کی تکمیل کے لیے وسیع غیر سرکاری انتظام بھی متوازی طور پرقائم ہوگیا۔ اس انتظام نے عوامی سہولتوں(Public Goods) کو اسلامی ادوار میں ہر ایک کے لیے سہل الحصول بنادیا۔
اوقاف کے ذریعے اُن ضرورتوں کی تکمیل بھی ہوتی تھی جو آج بھی فلاحی اداروں کے کاموں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ یعنی اسکولوں،کالجوں اور دانش گاہوں کا قیام و انتظام، علمی و تحقیقی ادارے اور کتب خانوںکانظم،اسپتال و شفا خانے (یا بیمارستان)، یتیم خانے، بیواؤں، غریبوں اور بے سہاروں کی کفالت کے انتظامات وغیرہ جیسے رفاہی مقاصد کے لیے ہر زمانے میں بے شمار اوقاف مختص رہے۔ ان کے علاوہ اس زمانے کی ضرورت کے لحاظ سے مسافر خانوں (کارواں سرائے) کا قیام اورمسافروںکوسہولتوںکی فراہمی، مساجد اور مدارس کا قیام وغیرہ بھی وقف کے کاموں کے اہم میدا ن تھے۔ وقف کا ایک بڑا محاذ صوفیا کی خانقاہیں تھیں جو مختلف علاقوں میں خانقاہ، زاویہ یا رباط وغیرہ مختلف ناموں سے موسوم رہیں۔ ان کا آغاز عباسی دورہی میں ہوگیا تھا لیکن سلجوقیوں اور مملوکوں کے زمانے میں ساری اسلامی دنیا میں ان کا رواج عام ہوگیا۔ہمارے ملک ہندوستان میں بھی سلاطین دہلی ہی کے زمانے سے خانقاہوں نے کام کرنا شروع کردیا تھا۔یہ بیک وقت دعوت دین، اصلاح امت، تزکیہ و تربیت اور عوامی خدمت کے بڑے بڑے مراکز تھے۔ہر خانقاہ میں قیام و طعام کے معقول انتظامات کے ساتھ وسیع وعریض قیام گاہیں ہوتیں جن میں وہ لوگ بھی آکر ٹھہرتے تھے جو یہاں کے تزکیہ و تربیت کے نظام سے مستقید ہونے کی خاطر آتے لیکن ان سالکین کے علاوہ بڑی تعداد میں عام لوگ اور مسافر بھی اپنی ضرورتوں کے لیے قیام کرتے تھے،جن کے لیے ان خانقاہوں کے دروازے کھلے رہتے۔ ان خانقاہوں میں مختلف مذاہب کے لوگوں کا بھی استقبال ہوتا۔ ان سے گفتگو ہوتی اور ان تک دعوت دین پہنچائی جاتی۔بہت سی خانقاہوں کے ساتھ بڑے مدارس، علمی مراکز اور کتب خانے بھی منسلک تھے،جن سے مستفید ہونے کے لیے اہل علم اور محققین بھی قیام کرتے۔ اس طرح ان کا علمی و تعلیمی کردار بھی تھا۔ عام طور پر خانقاہوں کے ساتھ لنگر بھی ضرور ہوتے جہاں بلاتفریق مذہب لوگ آکر کھانا کھاتے۔ بعض خانقاہوں میں خدمت خلق کے اور بھی مختلف منصوبے روبعمل لائے جاتے۔ خانقاہی نظام میں بعد میں در آئی بعض خرابیوں سے قطع نظر، اس میں کوئی شک نہیں کہ ان خانقاہوں نے نویں صدی عیسوی سے لے کر اٹھارہویں صدی عیسوی تک سارے عالم اسلام میں اسلام کی پیش کش، دعوت دین اور مسلمانوں کی اصلاح و تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔[4]
ا ن معروف استعمالات کے علاوہ وقف کے ان اداروں نے بڑے پیمانے پر شہری سہولیات کی فراہمی میں بھی رول ادا کیا۔ اور عوام کی ضرورتوں کو سمجھ کر ایسے منفرد اور اختراعی طریقوں سے ان ضرورتوں کی تکمیل کی راہیں نکالیں کہ محققین جب بھی ان کا تذکرہ کرتے ہیں، حیرت کا اظہار کرتے ہیں۔ وقف کے اس وسیع انتظام کو سمجھنے کے لیے عام طور پر عثمانی سلطنت کے اوقاف کی مثال پیش کی جاتی ہے کیوں کہ ان اوقاف کی تفصیلات اور اعداد و شمار دستیاب ہیں۔درج ذیل چشم کشا تفصیلات سے اوقاف کی خدمات کی حیرت انگیز وسعت کا اندازہ ہوتا ہے۔
عثمانی عہد میں قابل کاشت زمینوں کا تین چوتھائی حصہ اوقاف کی زمینیں تھیں۔ الجیریا میں نصف، تیونس اوریونان میں ایک تہائی، مصر میں بیس فیصد اور ایران میں پندرہ فی صدجملہ قابل کاشت زمینیں اوقاف کی تھیں۔ [5]
سلطنت عثمانیہ کے سرکاری بجٹ کے ایک تہائی کے مساوی وہ بجٹ تھا جو اوقاف کے ادارے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرتے تھے۔[6]
سولہویں صدی کے استنبول میں اکثر اسپتال وہی تھے جو اوقاف کے ذریعے چلتے تھے۔[7]سترہویں صدی کے دمشق میں آب رسانی اور فواروں کا مکمل نظام اوقاف پر مبنی تھا۔[8]عثمانی سلطنت کی آبادی میں ہر چھ میں سے ایک فرد کا روزگار وقف سے متعلق کسی ادارے سے وابستہ تھا۔ [9]
مغل ہندوستان میں بھی کم و بیش یہی صورت حال تھی۔ دہلی میں آب رسانی کے نظام کا بڑا حصہ اوقاف کے ذریعے چلتا تھا۔ [10]
درج ذیل جدول[11] سے ان اوقاف کی وسیع اور ہمہ جہت خدمات کا اندازہ ہوتا ہے۔
اس تفصیل کو ہم مشہور سیاح’’ ابن بطوطہ‘‘کے اُس دل چسپ اقتباس پر ختم کرتے ہیں جو اس نے دمشق کی سیر کا حال بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’دمشق میں اوقاف اتنے وسیع اور متنوع ہیں اور ان کےا خراجات اتنے زیادہ ہیں کہ حساب لگانا مشکل ہے۔ جو لوگ حج کی استطاعت نہیں رکھتے ان کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے وقف ہیں۔ لڑکیوں کو شادیوں کے عروسی لباس فراہم کرنے کے لیے وقف ہیں۔ قیدیوں کو رہا کرانے کے لیے وقف ہیں۔مسافروں کو اپنے وطن پہنچنے تک کھانا کپڑا اور سفر خرچ فراہم کرنے کے لیے اوقاف ہیں۔ دمشق کی سڑکوں پر ہر جگہ فٹ پاتھ ہیں جن پر پیدل لوگ چلتے ہیں جب کہ سواریاں سڑک کے درمیان میں چلتی ہیں۔ ان فٹ پاتھوں کی دیکھ ریکھ کے لیے وقف ہیں۔ اس طرح کے ہر اچھے کام کے لیے وقف موجود ہیں۔ ایک دفعہ دمشق کی ایک سڑک سے میں گزررہا تھا کہ میں نے ایک غلام لڑکے کو دیکھا جس کے ہاتھ سے چینی مٹی کا ایک مہنگا برتن گرکر ٹوٹ گیا۔ مجمع جمع ہوگیا اور ایک شخص نے آگے بڑھ کر کہا، برتن کے ٹوٹے ٹکڑوں کو سمیٹو اور فلاں جگہ ٹوٹے برتنوں کے وقف والے متولی کے پاس لے کر جاؤ۔ اس لڑکے نے فوری ٹکڑے سمیٹے،متولی کو دکھائے اور اس نے وہیں اس برتن کو خریدنے کے لیے معقول رقم ادا کردی۔ یہ بہترین اعمال میں سے ہے کیوں کہ برتن توڑنے پر اس لڑکے کا مالک ضرور اسے سزا دیتا اور اس کا دل توڑتا۔ اس طرح یہ وقف دلوں کا علاج ہے۔اللہ تعالیٰ اس واقف کو جزائے خیردے جس کی خیرپسندی کاحوصلہ اس بلند سطح تک پہنچا ہے۔ ‘‘ [12]
ان تفصیلات سے درج ذیل اہم باتیں معلوم ہوتی ہیں۔
اسلامی تہذیب نے فلاحی اداروں کا ایک مستحکم نظام قائم کیا اور وقف کے ذریعے چلنے والے یہ فلاحی ادارے اسلامی تمدن کی نمایاں علامت بن گئے۔ اس طرح،وقف کے ذریعے انسانوں کی خدمت کی ادارہ جاتی کوشش اسلامی تراث کا ایک ایسا اہم حصہ ہے جس میں رسول اللہﷺ کے دور سے حالیہ ادوار تک تواتر و تسلسل پایا جاتا ہے۔
اصحاب ثروت اپنے اموال کو بڑے پیمانے پر عوامی بہبود کے کاموں کے لیے استعمال میں لاتے تھے اور اس غرض کے لیے خصوصی وقف اور وقف پر مبنی ادارہ جاتی نظام قائم کرتے تھے۔عوامی بہبود کے ان کاموں میں عام خیراتی کام ہی شامل نہیں تھے بلکہ لوگوں کی ضرورتوں کی تکمیل اور ان کی تمکین و ترقی کے ٹھوس انتظامات بھی شامل تھے بل کہ ان سے آگے بڑھ کر شہری سہولتوں کی فراہمی میں بھی دولت مند لوگ اپنی دولت کا استعمال کرکے اوقاف کے ذریعے حکومتوں کا ہاتھ بٹاتے تھے۔
عوام کی ضرورتوں کو معلوم کرنے کے لیے گہرے مشاہدے و مطالعے سے کام لیا جاتا تھا اور نت نئے طریقوں سے ان ضرورتوں کی تکمیل کی کوشش ہوتی تھی۔ جس طرح موجودہ دور میں بزنس اور انڈسٹری میں ایجاد و اختراع کی دوڑ لگی ہوئی ہے، اُس زمانے میں فلاحی کاموں اور دولت کے رفاہی استعمال کے لیے اسی طرح مسابقت ہوتی تھی۔
جس طرح آج جمہوری حکومتیں رائے دہندوں کو متاثر کرنے کے لیے نت نئی رفاہی اسکیمیں شروع کرتی ہیں،اُ س زمانے میں اصحاب ثروت اپنے اموال کے استعمال کے لیے نت نئی اسکیمیں جاری کرتے تھے اور طرح طرح کے اوقاف تخلیق کرتے تھے۔
رجحان سازی (Trend Setting)اور نئے سماجی معمولات (Social Norms)کی تشکیل گذشتہ مضمون میں ہم نے یہ بات عرض کی تھی کہ فلاحی ادارے اپنے تصورات اور نظریات کے مطابق سماج میں نئے معمولات فروغ دے کر معاشرے کی تعمیر میں حصہ لیتے ہیں۔ اس مضمون میں ہم واضح کریں گے کہ اسلامی تاریخ میں اوقاف نے یہ کردار بہت نمایاں طور پرادا کیا ہے۔
عالمی تمدن پر اسلامی اوقاف کا یہ بہت بڑا احسان ہے کہ انھوں نے مستقل اور پائیدار فلاحی کاموں کے تصور کو عام کیا۔ اسلامی اوقاف سے پہلے دنیا کے مختلف مذاہب میں خیرات اور غریبوں کی انفرادی مدد کا تو تصور پایا جاتا تھا لیکن اجتماعی، منظم اور پائیدار فلاحی کاموں کا تصور،نایاب نہ سہی بہت کم یاب ضرور تھا۔دنیا کی دوسری تہذیبوں میں حکمراں خدا کا نمائندہ اور عوام کا مائی باپ تھا۔ عوام کے مسائل کا حل حکمراں کی ذمہ داری تھی اور عوام کاکام حکمراں کی مدد،اس کے حکم کی تعمیل اور اطاعت و فرماں برداری تھا۔صدقہ و خیرات کی ترغیب تمام مذاہب میں تھی لیکن لوگ اپنی خیراتی رقمیں یا تو انفرادی طور پر غریبوں اور مسکینوں میں صدقہ و دان کے طور پر خرچ کردیتے تھے یا مذہبی پیشواؤں اور چرچ جیسے مذہبی اداروں کے حوالے کردیا کرتے تھے۔مذہبی اداروں کے ذریعے کچھ فلاحی کام ضرور ہوجاتے تھے لیکن و ہ محض علامتی کام ہوتے۔ عوام کی وسیع ضرورتوں کی تکمیل میں ان کاکردار ناقابل شمار ہوتا۔
اس کے بالمقابل اسلام نے ساری مسلم امت کے خیر امت ہونے کا تصور عام کیا۔امر بالمعروف و نہی عن المنکر اور قیام قسط کوپوری امت کی ذمے داری قرار دیا۔انسانی فلاح و بہبود کو حکومتوں کی بھی اہم ذمے داری قرار دیا اور عام مسلمانوں کو بھی اس کا حکم دیا۔سماج کی مختلف ضرورتوں اورتمدنی تقاضوں کی تکمیل کوبھی ’فرض کفایہ‘ قرار دیا چناں چہ عام مسلمان بھی دنیا کی تعمیر و ترقی اور انسانوں کے مسائل کے حل کو اپنا کام اور اپنی ذمے داری سمجھنے لگے۔وقف سے متعلق رسول اللہ ﷺ کے اسوے اور اس کے صدقہ جاریہ ہونے کے تصور نے ان ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے وقف کے طریقے کو ترجیح دینے کا مزاج عام کیا۔
وقف کا بنیادی اصول ہی یہ ہےکہ اسے نہ ختم کیا جاسکتا ہے، نہ واپس لیا جاسکتا ہے اور نہ فروخت کیاجاسکتا ہے۔ ان احکام نے فلاحی کام کو ایک طرح کا دوام(Permanence) اور استحکام(Stability) فراہم کیا۔ منشائے وقف اور وقف سے متعلق شرعی احکام نے مل کر ان کاموں کو مستقل قواعد اور ضابطوں کا پابند بنادیا۔ دوام،استحکام اور قاعدے قوانین کی مضبوط اساس کو جدید ادارہ جاتی نظام کی امتیازی خصوصیات سمجھاجاتا ہے۔ اس لیے یہ بات اب علمی حلقوں میں وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ ہے کہ ٹرسٹوں اور فلاحی اداروں کا مروجہ معاصر نظام اسلامی اوقاف کی دین ہے۔ مغربی تجزیہ نگاروں نے بھی یہ بات تسلیم کی ہے کہ صلیبی جنگوں کے زمانے میں ترکوں کے اوقاف اور قوانین وقف کو قریب سے دیکھنے اور متاثر ہونے کے نتیجے میں انگریزوں میں ٹرسٹوں کا رواج شروع ہوا اور ٹرسٹ کے قوانین وجود میں آئے۔[13] نپولین نے جب شمالی افریقہ پر قبضہ کیا تو یہاں بھی یوروپی اقوام کو اوقاف کے قریبی مشاہدے کا موقع ملا جس کے نتیجے میں فلاحی اداروں کے یوروپی نظام کا ارتقا شروع ہوا اور یوروپی قوانین میں فلاحی اداروں سے متعلق تفصیلی ضوابط تشکیل پائے۔
اوقاف کے ذریعے رفاہی کاموں کا سب سے نمایاں نمونہ موجودہ دورمیں یونیورسٹیاں اور اعلیٰ تعلیمی ادارے ہیں۔ہارورڈ (ہارورڈمینجمنٹ کمپنی) آکسفورڈ یونیورسٹی (آکسفورڈانڈومنٹ مینجمنٹ) کیمبریج یونیورسٹی (کیمبریج انڈومنٹ)اسٹانفورڈ یونیورسٹی (اسٹانفورڈمینجمنٹ کمپنی)پرنسٹن، ایم آئی ٹی، عالمی سطح کی یہ تمام مشہور یونیورسٹیاں وقف کی طرح کے فلاحی اداروں کے ذریعے چلائی جاتی ہیں۔[14] ہارورڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا انڈومنٹ(Endowment) دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی انڈومنٹ ہے۔[15] ہمارے ملک میں ٹاٹا ٹرسٹ (Tata trust)ملک کے کئی موقر تعلیمی اداروں کا مالک و منتظم ہے۔ (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس،(Indian Institute of Science) ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس،(Tata Institute of Social Science) ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ وغیرہ(Tata Institute of Fundamental Research)۔[16] یہ رجحان بھی مسلم اوقاف کا قائم کردہ ہے۔ گذشتہ صدی کے اوائل میں ہسپانوی محقق جولین ریبیرJulian Ribera 1858)-(1934نے اپنے مدلل تحقیقی مقالےسے تہلکہ مچادیاتھا۔ اس میں اس نے ثابت کیا تھاکہ مغربی دنیا کے اعلیٰ تعلیم کا نظام اسلامی دنیا سے مستعار ہے۔[17] اپنے مقالے میں دیگر باتوں کے ساتھ انڈومنٹ، اس کے ذریعے مستقل آمدنی، آزادانہ حیثیت اور دوام و استحکام جیسی چیزوں کو اس نے خاص طور پر اوقاف پر مبنی مسلمانوں کے تعلیمی نظام کی نقل قرار دیاتھا۔اب یہ بات معلوم و معروف اور بڑی حد تک تسلیم شدہ ہوگئی ہے۔
اوقاف کے اس نظام نے تعلیمی ادارے کی آزادی کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سرکاری جبرکے ماحول میں علم کی آزادانہ نشوو نما نہیں ہوسکتی۔ اوقاف کے اس نظام نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو سرکاری تسلط سے آزاد رکھا اور کم سے کم سرکاری مداخلت کے ساتھ اعلی تعلیم کے عمل کو ممکن بنایا۔ مغربی یونیورسٹیوں نے بعد میں اسی ماڈل کو اختیار کیا۔[18]
تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اوقاف نے آزادانہ علمی تحقیقات اور ریسرچ کے رجحان کو بھی عام کیا۔ گذشتہ مضمون میں ہم نے مولانا مودودیؒ کا اقتباس نقل کرکے یہ بات واضح کی تھی کہ امام ابوحنیفہؒ نے ایک طرح کا آزاد ’تھنک ٹینک‘ قائم کیا تھا، جس نے اسلامی قانون کی تدوین کا اہم فریضہ انجام دیا۔ بعد کے ادوار میں یہ رجحان اور مستحکم ہوا۔ ائمہ اربعہؒ کے علاوہ ائمہ محدثینؒ نے بھی اسی رجحان کو آگے بڑھایا اور سرکاری مددو سرپرستی کے بغیر آزادانہ غیر معمولی اہمیت کے حامل علوم کو فروغ دیا۔ بعد کے ادوار میں علما نے سرکاروں سے ممکنہ حد تک آزاد رہ کر تعلیمی ادارے بھی قائم کیے اور انھیں چلایا اور علمی تحقیقات کے عظیم کام بھی اسی طریقے کے مطابق انجام پائے۔ عام طور پر پوری اسلامی تاریخ میں یہ روایت رہی کہ اہل علم کی باوقار اور شایان شان کفالت کے لیے مستقل اوقاف کام کرتے رہے اور ان اوقاف نے اہل علم کو معاشی سرگرمی سے یکسو کرکے علمی و تحقیقی کاموں کے لیے فارغ رکھا۔[19] سلجوقیوں کے زمانے میں بغداد میں قائم اوقاف مختلف علمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہل علم کو خطیر وظیفے فراہم کرتے تھے اور وہ علمی کاموں کے لیے یکسو رہتے تھے۔امام غزالیؒ اور علامہ ابن رشدؒ وغیرہ جیسے محققین کو اس نظام کے ذریعے وظائف دیے جاتے رہے۔[20]مراغہ کی رصد گاہ تیرہویں صدی عیسوی کا ایک اہم سائنسی پروجیکٹ تھا جہاں فلکیات میں بعض غیر معمولی اہم دریافتیں کی گئیں۔[21]یہ سب مراکز بھی وقف کے اداروں ہی کے ذریعے وجود میں لائے گئے تھے۔
رازی کی کیمیا، ابن الہیثم کی بصریات، خوارزمی کا الجبرا،بو علی سینا کاطب،یہ سب علوم و فنون جو عہد وسطی کے عظیم ترین علمی و سائنسی کارنامے تھے، ان کی انجام دہی میں اوقاف کا بڑا کلیدی کردار تھا۔[22] اوقاف کے ذریعے اہل علم کو خطیر وظیفے ملتے تھے جن سے وہ یکسوئی سے اپنا کام کرسکتے تھے۔ اہل علم کے ساتھ ساتھ ان کے معاونین کی تنخواہوں کا بھی انتظام ہوتا تھا۔ رصد گاہوں اور سائنسی تجربات کے لیے درکار خرچ بھی فراہم کیاجاتا تھا [23] اور علم و تحقیق کے لیے درکار وسیع کتب خانوں کا قیام و انتظام بھی عام طور پر اوقاف ہی کی مدد سے ہوتا تھا۔ چناں چہ بغداد کا مستنصریہ کتب خانہ، جو عہد وسطی کے عظیم ترین کتب خانوں میں سے ایک تھا،مکمل طور پر وقف کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔ [24]
یہ روایت گذشتہ صدی تک بھی رہی چناں چہ نظام حیدرآباد اور بھوپال کی بیگمات نے متعدد علما،ادباء اور مصنفین کو باقاعدہ وظیفے جاری کیے اور علمی کاموں کے لیے ان کو فارغ کیا۔

٭ ٭ ٭

عالمی تمدن پر اسلامی اوقاف کا یہ بہت بڑا احسان ہے کہ انھوں نے مستقل اور پائیدار فلاحی کاموں کے تصور کو عام کیا۔ اسلامی اوقاف سے پہلے دنیا کے مختلف مذاہب میں خیرات اور غریبوں کی انفرادی مدد کا تو تصور پایا جاتا تھا لیکن اجتماعی، منظم اور پائیدار فلاحی کاموں کا تصور،نایاب نہ سہی بہت کم یاب ضرور تھا۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے