ثانیہ ایک سنجیدہ اور سلجھی ہوئی لڑکی تھی، جس میں بے شمار خوبیاں اور بے پناہ قابلیتں موجود تھیں۔ صرف چند مہینوں میں اس نے کالج میں اپنا ایک منفرد مقام بنا لیا ۔
لنچ کا وقت تھا، ثانیہ ندا کے قریب پہنچی۔
’’ندا، جلدی چلو، بہت بھوک لگی ہے۔ صبح ناشتہ بھی ٹھیک سے نہیں کیا تھا۔‘‘
’’اچھا، چلتے ہیں۔‘‘
ندا نے پین بندکیا اور اسے پرس میں رکھا۔ وہ چلتے ہوئے جواد کا میسج چیک کرنے لگی۔ دونوں نے کینٹین کی جانب قدم بڑھا دیے۔ اچانک ثانیہ کے قدم ساکت ہو گئے۔اس نے رخ موڑا اور وحشت زدہ لہجے میں سرگوشی کی، ’’ندا، وہ دیکھو! وہاں بدتمیز رضا بیٹھا ہوا ہے۔‘‘
ندانے موبائل سے نظریں اٹھاکر رضاکودیکھا اور مسکرائی۔ رضابھی انہیں دیکھ کر مسکرانے لگا، وہ اس وقت اپنے شاگردوں کے درمیان بیٹھا چائے کی چسکیاں لے رہا تھا۔
’’ندا، وہ دیکھو! وہاں بدتمیز رضا بیٹھا ہوا ہے۔‘‘ندانے موبائل سے نظریں اٹھا کر رضاکو دیکھا اور مسکرائی۔ رضا بھی انہیں دیکھ کر مسکرانے لگا، وہ اس وقت اپنے شاگردوں کے درمیان بیٹھا چائے کی چسکیاں لے رہا تھا۔
’’یہاں سے چلتے ہیں!‘‘
ثانیہ جلدی سے پلٹ گئی،’’کیوں؟‘‘ندا حیران ہو ئی۔
’’مجھےیہ شخص بہت برالگتا ہے۔‘‘ثانیہ نفرت سے بولی۔
’’نہیں! سوئیٹ ہے…!‘‘ندا نے شوخی سے کہا۔
’’یہ سوئیٹ تمھیں مبارک!‘‘ثانیہ کی برہمی قابلِ دید تھی۔
’’یہ تیرے لیے تھا، میری تو منگنی ہو چکی ہے۔‘‘ندا ہنستی ہوئی ثانیہ کو چھیڑنے لگی۔
’’شٹ اپ!‘‘ثانیہ کو ضبط کا یارا نہ تھا۔
’’یار، تو اس قدر غصہ کیوں ہوتی ہے؟ میں نے زبردستی تھوڑی کی ہے۔‘‘ندا سنجیدگی سے بولی۔
’’ندا، ابھی تم مجھ سے مار کھاؤگی۔‘‘ثانیہ نے ہاتھ دکھایا۔
’’واقعی لگ رہاہےکہ شدید بھوکی ہو۔‘‘ندا نے ثانیہ کو چھیڑتے ہوئے قریب کی ٹیبل پر پرس رکھا اور کرسی پر بیٹھ گئی۔
’’چلو،یہاں سے چلتے ہیں۔ وہ بدتمیز انسان پھر کوئی توہین آمیز بات کہہ دے گا،جو مُجھ سے برداشت نہیں ہوگا۔‘‘ثانیہ ہاتھ چھڑاکربھاگنے کے موڈ میں تھی۔
’’اب بیٹھ بھی جاؤ۔۔۔خواہ مخواہ ہی نخرے دکھا رہی ہو۔‘‘
’’ندا۔۔۔۔! ‘‘وہ جھنجھلائی۔
’’ثانیہ،میں یہاں سے کہیں نہیں جانے والی، بس کہہ دیا۔‘‘
ندانے پیر پھیلا کر سرکو کرسی کی پشت سے لگاتے ہوئے اپنی آنکھیں موند لیں۔
’’ارے بابا، وہ کچھ نہیں کہے گا۔ تم خواہ مخواہ ٹینشن لیتی ہو۔ وہ بندہ دل کا برا نہیں ہے۔‘‘
ندا کی تسلی کے باوجود، ثانیہ رضا کی جانب پشت کیے کھڑی رہی۔ کچھ دیر بعد رضا وہاں سے چلا گیا تو ثانیہ سکون کی سانس لیتی ہوئی لنچ کرنے لگی۔
’’تم جانتی ہو،یہ چھ فٹ لمبا رضا جو خود کو آزاد پرندے کی مانند تصور کرتا ہے، دراصل خاندانی روایات کی زنجیروں میں جکڑاہوا ایک قیدی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس مغرور شخص کی زندگی پر ایک آسیب نما سایہ مسلط کر رکھاہے، جوبے چارے کی تمام آزادیوں کو قید میں رکھتا ہے۔یہ سایہ اور کوئی نہیں،بلکہ اس کے دادا محترم ہیں۔‘‘
نداکھانے کے دوران اپنی معلومات ثانیہ تک منتقل کرنے کا خوبصورت فریضہ انجام دے رہی تھی۔ثانیہ نے اپنی ہنسی پر بمشکل قابو پایا۔
’’اس چھ فٹ اونچے رضا ، جو ہر جگہ شیر بنا دہاڑتا ہوا نظر آتا ہے، دراصل اس کی اپنے دادا کے آگے ایک نہیں چلتی۔ ‘‘
’’ہمم،اس دنیا میںکوئی توہے جو اس بندے کو کنٹرول کر سکا۔‘‘ثانیہ نے نفرت کا اظہار کیا اور پانی کی بوتل منھ کو لگائی۔ جب پانی پی چکی تو سرکو خفیف انداز میں جنبش دی اور ندا کی جانب تمام توجہ مبذول کر تی ہوئی بولی،
’’یار، تم لڑکی ہو یا رضا کی پرسنل ڈائری؟‘‘
ندا کی آواز تھوڑی بھی اونچی ہوجاتی تو ثانیہ گھبرا کر آنکھیں پھیلا کر اِدھر اُدھر دیکھنے لگتی ، کہیں رضا سن نہ لے۔۔۔
’’اچھا،ایک بات بتاؤ،اتنی تفصیل اور اس قدر وسیع معلومات کیسے حاصل ہوئیں؟‘‘ثانیہ متجسس تھی۔’’کوئی خاص دلچسپی کا پہلو؟ تاکہ میں وقت پر جواد کو آگاہ کرسکوں کہ معاملہ گڑبڑ ہے۔‘‘ثانیہ نے چھیڑا۔
’’محترمہ، غلط فہمی کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ندا نے غصے سے ثانیہ کو گھورا۔ اس کے جواب میں ثانیہ کھل کھلا کر ہنس پڑی۔
’’یہ میری فطرت میں شامل ہے، جو ہستی ہمیں متاثر کرتی ہے توبس ہم اسے اپنے دل ودماغ کے گوگل میںایڈکرلیتےہیں۔کہوتوتمہاری سوانح حیات بیان کردوں؟‘‘ندا اپنی فطرت کا پہلو اُجاگر کرتی ہوئی پانی کا گھونٹ بھرتے ہوئے بولی۔
ثانیہ نے مسکرا کر پہلو بدلا اور شوخی سے کہا، ’’اچھا! محترمہ کے پاس میری بھی رپورٹ تیار ہے۔‘‘
’’بالکل…..!
’’مس ثانیہ سوشیالوجی کی بہترین پروفیسر ہیں۔ دیگر مضامین میں عبور حاصل ہونے کے سبب طلباء میں مقبولیت کے اعلیٰ مدارج طے کرتی جارہی ہیں۔‘‘ندا ایک پل رکی، پھر سلسلہِ کلام جاری رکھتے ہوئے گویا ہوئی:
’’یہ تورہی ملازمت کی بات۔فیملی کی بات کریں تو موصوفہ ایک پسماندہ خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ خاندان کے نام پر ایک عدد بھائی اور ایک بہن ہیں جنہیں وہ بہت پیار کرتی ہیں۔ محترمہ کے ابو نہایت دیندار قسم کے انسان ہیں،جو پوسٹ آفس میں ملازم ہیں۔ افسوس کہ ان کی فیملی کی زندگی کے تار بھی ان کی دادی جان سے جڑے ہوئے ہیں،جس کی وجہ سے تمام مکین مشرقی تہذیب و روایات کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔کسی کی مجال نہیں کہ دادی کی مرضی کے خلاف ایک قدم بھی اٹھائیں یا زندگی کو اپنے طرز پر جینے کی گستاخی کربیٹھیں۔‘‘
’’دادی کی شخصیت کو سیاسی رنگ نہ دو۔‘‘ثانیہ کھل کھلا کر ہنس پڑی۔
’’یہاں صورتحال بالکل رضا کے حالات سے میل کھاتی ہے۔ کیا پتا، آگے چل کر دونوں ہم مزاج، ہم خیال بن جائیں اور گنگناتے پھریں، ’’ہم دل دے چکے صنم۔‘‘ندا نے گفتگو مکمل کرتے ہوئے ثانیہ کی جانب دیکھا۔
’’ندا، دیکھنا ایک دن میں تیرا گلا گھونٹ دوں گی۔‘‘ثانیہ نے اس کی جانب دونوں ہاتھ بڑھاتے ہوئے غصے کا اظہار کیا۔
’’ارے بابا، ایسا غضب مت کرنا، ورنہ میں شادی کے دن جواد کے ہاتھوں پھولوں اور سونے کا ہارکہاں پہنوں گی؟‘‘ندا نے خوفزدہ ہونے کی اداکاری کی۔
’’ندا، تو کب سنجیدہ ہوگی؟‘‘ثانیہ نے اپنی ہنسی پر قابو پانے کی کوشش کی۔
’’خیر، میں کہاں تھی؟ ارے ہاں، یاد آیا۔‘‘ندا ایک بار پھر شروع ہوگئی۔
’’ثانیہ، اپنی دادی جان کے خلاف سوچ بھی نہیں سکتی۔ یہ عمل ایک گناہِ کبیرہ ثابت ہوگا! تم ہر روز نفل بطور شکرادا کرتی ہو کہ اللہ میاں نے دادی کو گاؤں میں رکھا ہے۔ بصورت دیگر، ایسے قوانین اورپابندیوں سے ثانیہ بی بی کی زندگی تو اجیرن تھی۔‘‘
نداکی ہر بات واقعی صدفیصد درست تھی۔’’دادی ہماری محافظ ہیں۔‘‘ثانیہ نے دادی کی طرف داری میں کہنا فرض سمجھا۔
’’محافظ ہی کبھی کبھی کشتی ڈوبادیاکرتے ہیں۔ زراسنبھل کر رہنا!‘‘ندا نے بات مذاق میں کہی تھی، لیکن بہت تلخ حقیقت تھی۔
واقعی وہ فل پریس رپورٹر تھی۔
’’بس کرو ندا۔تم لڑکی ہویاکمپیوٹرکی ہارڈ ڈسک؟‘‘ ثانیہ بے اختیار ہنستی چلی گئی۔
’’میری ان ہی خوبیوں کی وجہ سے جواد نے مجھ سے رشتہ جوڑا ہے۔ تم تو جانتی ہی ہو کہ وہ سی آئی ڈی افسر ہے۔‘‘ندا نے فخر سے سربلند کیا۔
انکشاف پراناتھا اور کئی بار دوہرایا جاچکاتھا۔ثانیہ کے لبوں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔
’’تم دونوں کی جوڑی خوب ہے۔خوب جمے گی۔‘‘ ثانیہ نے تبصرہ کیا۔
’’کیا خاک جمے گی؟ جواد ہر دوسری بات پر’’کچھ تو گڑبڑ ہے‘‘ ایک ہی جملہ دہراتا رہتا ہے۔‘‘پھر وہ خود ہی زور سے ہنس پڑی۔
’’یار، تم ہنستی بہت ہو۔ تمہیں پتہ ہے، تم ہنستی ہوئی بہت پیاری لگتی ہو۔ زندگی میں بس یوں ہی ہنستی مسکراتی رہنا۔رب تمہاری ان خوشیوں کو نظربدسے بچائے، آمین!‘‘ثانیہ نے دل سے دعا دی۔
’’اورتم دنیاکی سب سے پیاری لڑکی ہو۔۔۔کمال ہے،اس دل پھینک بندے نے مس ثانیہ فراز کی کشش سے خود کوکیسے محفوظ رکھا؟کچھ تو گڑبڑ ہے؟یاپھرکوئی وجہ ہے کہ وہ اب تک اس قرب سے انجان بنا ہوا ہے۔‘‘ خودکلامی کرتے ہوئے ندا نے تشویش سے آنکھیں موند لیں۔
’’اتنی ٹینشن کیوں لیتی ہو؟ جواد سے رجوع کرلو۔۔۔وہ دو چپت رسید کرتا ہوا تمھارے دماغ سے سارے فتور دفع کردے گا۔‘‘ثانیہ نے اس کا مذاق اڑایا۔
’’کم بخت،میں تمہارے لیے فکرمندہوں اورتم ہو کہ میرامذاق اڑارہی ہو۔‘‘ ندا نے مصنوعی غصہ دکھایا۔
’’اچھا، فکر کا انداز تو دیکھو!‘‘ثانیہ نے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔
’’ویسے تم کیوں دوسروں کی فکر میں مبتلا اپنا وزن بڑھانے میں لگی ہو؟‘‘ثانیہ نے اس کی ناک پکڑ کر دھیرے سے دبا دی۔
’’افف ۔۔۔‘‘ندا نے کراہ کر ثانیہ سے اپنی ناک آزاد کی۔
’’یار، رضا احمد کی ناک پر حملہ کرنا۔۔۔۔میری ناک کے پیچھے کیوں پڑی ہو؟‘‘
’’میری بلا سے!‘‘ثانیہ کے ماتھے پر شکنیں ابھر آئیں۔
’’میں نے رضا احمد کو ایسا سبق دیا ہے کہ وہ تاعمر میری جانب نگاہ اٹھا کر دیکھنے کی گستاخی نہیں کرسکتا۔‘‘
’’میری پھولن دیوی،اس واقعہ کو بھولتی کیوں نہیں؟‘‘نداکی بات پر ثانیہ بے اختیار ہنس دی۔
’’اچھا ہے، تھپڑکی گونج برسوں اپنے حصار میں باندھے رکھے گی۔‘‘ثانیہ نے قہقہہ لگایا،ندا پتا نہیں کیوں فکر مند ہوگئی۔اچانک اس کا قہقہہ دم توڑا۔ وہ بالکل سامنے کھڑاتھا۔۔۔اس کی گہری سیاہ آنکھیں نہایت سرخ انگاروں کی مانند سلگتی دکھائی دے رہی تھیں۔
’’اتنا تکبر!‘‘وہ زور سے چیخا تھا۔ ثانیہ کا دل دہل گیا۔
’’مس ثانیہ! دوسروں کی زندگیوں میں تانک جھانک،بے جا تجسس، نہایت فضول شغل ہیں۔‘‘
’’ہمیں کیوں نصیحت کا جام پلایا جارہا ہے؟ کون سی من گھڑت کہانیاں گڑھی جارہی ہیں؟‘‘ثانیہ غرائی۔
’’ویسے چھپ کرکسی کی باتیں سننا گناہ ہے۔۔۔یہ نہیں سکھایا آپ کی ٹیچر نے؟‘‘
’’شٹ اپ۔۔۔تمھاری زبان قینچی کی طرح چلتی ہے۔‘‘
’’آپ جو فائرنگ کی عادت رکھتے ہو۔۔۔اُس کا کیا؟
’’ہماری خاموشی کو مجبوری نہ سمجھیں تو بہتر ہے۔‘‘
’’جی بہتر۔۔۔اچھا کیا جو مطلع کیا!‘‘ثانیہ اپنی بے اختیار مسکراہٹ چھپا نہ سکی۔
’’تمھارا دماغ ہی خراب ہے۔دیکھنا ایک دن میں اس دماغ کی سرجری کر دوں گا۔‘‘
’’توبہ! پھر تو اس کا دماغ کام کرنا ہی بند کرےگا۔۔پھر یہ سارے فیصلے دل سے کرے گی۔۔۔دیکھنا پھر سب درست ہوجائے گا۔۔آپس کی نفرتیں بھی مٹ جائیں گی۔‘‘ندا نے معصومیت سے اپنا خیال اور فلسفہ ظاہر کیا۔
’’تم پاگل ہو۔۔۔تمہارا کچھ نہیں ہوسکتا!‘‘اس نے ندا کی جانب رخ کیا، غراہٹ بھری، اور وہاں سے چلا گیا۔
’’یہ شخص تو کسی آسیب کی طرح کہیں نہ کہیں سے اچانک نمودار ہوجاتا ہے۔ مجھے شک نہیں، یقین ہے کہ رضا انسان نہیں،کوئی اور مخلوق ہے۔‘‘ثانیہ پریشانی سے بولی تو ندا اپنی ہنسی روک نہ سکی۔
’’تم ہنس رہی ہو؟ جبکہ اس شخص نے میری تذلیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آئے دن بس بے عزتی کرتا رہتاہے۔۔آخر کیا چاہتا ہے؟‘‘
وہ زچ ہوگئی تھی۔
’’وہ تمہیں چاہتا ہے۔۔۔‘‘
’’ندا ! میں مذاق کے موڈ میں بالکل نہیں ہوں۔‘‘ثانیہ نے وارننگ دی۔
’’یقین کرو میں بھی نہیں ہوں۔۔۔!‘‘ندا نے بڑی معصومیت سے کہتے ہوئے کان پکڑلئے اور ثانیہ کی آنکھوں کے نمناک گوشوں کوصاف کیا۔
جاری ہے ۔۔۔۔۔۔
٭ ٭ ٭
یہ میری فطرت میں شامل ہے، جو ہستی ہمیں متاثر کرتی ہے توبس ہم اسے اپنے دل ودماغ کے گوگل میںایڈکرلیتےہیں۔کہوتوتمہاری سوانح حیات بیان کردوں؟‘‘ندا اپنی فطرت کا پہلو اُجاگر کرتی ہوئی پانی کا گھونٹ بھرتے ہوئے بولی۔


0 Comments