سرخ زندگی کا سفر

ہواکے نرم جھونکےنے کھڑکی کے پردے کو سرکایا تو سورج کی کرنیں بستر پر بکھرگئیں۔ روشنی نے اسپتال کے سفید ماحول میں ایک سنہری چمک گھول دی۔ زہرہ کی سانسوں میں اٹکا ہوا درد اس چمک میں تحلیل ہوتا محسوس ہوا۔ اس نے آنکھیں کھولیں توچھت پرپھیلی دھندلی سفیدی کودیکھا،جیسے کوئی نامکمل کینوس جو اُس کے انتظار میں ہو۔نیلگوں رگیں،سوئیوںسے چھلنی ہاتھ۔۔یہ سب اُس کے لیے معمول تھا۔ مگر آج بھی اُس کی آنکھوں میں وہی چمک تھی جو کسی ویرانے میں اگے پھول کی طرح امید بانٹتی ہے۔
’’کیسا محسوس کر رہی ہو؟‘‘ نرس نے جھک کر پوچھا۔زہرہ نے آنکھیں موند لیں،جیسے اپنے اندرکوئی جواب کھوج رہی ہو۔ پھر اپنے ہوٹنوں پر مسکراہٹ سجا کر بولی :
’’سسٹر، زندگی کا ہردن ایک نئی پینٹنگ کا کینوس ہوتاہے۔کچھ رنگ ہمارے ہاتھ میں ہوتے ہیں،کچھ تقدیر ہمارے لیے چنتی ہے۔‘‘ وہ ایک لمحے کو خاموش ہوئی،جیسے اپنی سانسوں کو ترتیب دے رہی ہو۔ پھر گہری سانس لیتے ہوئے پر عزم لہجے میں بولی، ’’مگر میں چاہتی ہوں کہ میری تصویر مکمل ہو۔۔۔ادھوری نہ رہے۔‘‘ نرس نے اپنی آنکھیں نم ہوتے ہوئے محسوس کی۔
زہرہ کی زندگی کا پہلا رنگ خون کی سرخی تھا۔ چار سال کی عمر میں ہی تھیلیسیمیا (Thalassemia)نے اُس کے ہاتھوں سے گڑیا چھین لی تھی۔ والدین کی سسکیاں ، ڈاکٹروں کی بے بسی ، اور اسپتال کی تیز بو۔۔۔ یہ سب اُس کے بچپن کا کھلونا بن گئے تھے۔
’’میری بچی کو کیا ہوا ہے، ڈاکٹر صاحب؟‘‘والد کی آواز ڈوب رہی تھی۔
یہ تھالاسیمیا میجر ہے۔۔۔ ایک جینیٹک خون کی بیماری، جس کی وجہ سے اس کا جسم صحت مند سرخ خلیات پیدا نہیں کر پاتا۔ جس کی وجہ سے اسے بار بار خون چڑھانا پڑے گا۔ اس کی زندگی عام بچوں جیسی نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر نے رپورٹ پر نظر گھماتے ہوئے کہا۔
ماں نے چپکے سے دیوار کو تھام لیا،جبکہ زہرہ اپنی معصوم انگلیوں سے ایک ٹوٹی ہوئی گڑیاکو سہلا رہی تھی ۔ زہرہ کی معصوم آنکھوں میں نہ کوئی سوال تھا، نہ کوئی شکایت۔ اسے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ آنے والی زندگی اس کے لئے ایک ایسی جنگ بننے جا رہی ہے، جس میں ہر دن ایک نیا معرکہ ہوگا!
اس کی صحت کے بارے میں سوچ کرزہرہ کے والدین اسے اسکول بھیجنے سے ہچکچا رہے تھے ۔ مگر زہرہ ضدی تھی۔ اس نے اپنے والدین سے کہا،’’اگر میں بیمار ہوں تو کیا میرا دماغ بھی بیمار ہے؟ میں پڑھوں گی، اور دنیاکو دکھاؤں گی کہ کمزور جسم والوں کے خوابوں کی پرواز کو روکا نہیں جا سکتا!‘‘ اس کی ضد کے آگے والدین کو جھکنا پڑا،اوریوں زہرہ اسکول جانے لگی۔
اسکول میں بچے اسے عجیب نظروں سے دیکھتے،کچھ ترس کھاتے،کچھ مذاق اڑاتے، مگر زہرہ کا دل کہتاتھاکہ وہ عام نہیں، بلکہ وہ تو ’’غیر معمولی‘‘ ہے۔ جب بھی وہ ماں باپ کوبے بس دیکھتی تو وہ خود کو مضبوط ظاہرکرتی، مگر رات کے اندھیرے میں وہ تکیے میں اپنا درد سمو دیتی تھی۔
اسکول میں ایک دن ایک لڑکی نے اُس کی پیلی جلدپرانگلی رکھتے ہوئے حیرانی سے پوچھا ،’’تم ہمیشہ بیمار کیوں لگتی ہو!‘‘
’’میرے اندر کا خون شاید کم ہے، مگر میرے خواب سرخ ہیں۔‘‘زہرہ نے اپنے بیگ سے رنگین پینسلز نکالتے ہوئے کہا، اوراپنی ڈرائنگ بک میں مختلف قسم کی پینٹنگس بنانے لگی ۔زہرہ زندگی اور موت کی کشمکش سے جوجھ رہی تھی ۔ ڈاکٹرز نے کہہ دیا تھا کہ وہ زیادہ دن نہیں جی سکے گی، مگر اس بات کو زہرہ نے جیسے سنی اَن سنی کر دیا، کیوں کہ اس نے فیصلہ کر لیاتھا کہ وہ تھیلیسیمیا کو اپنی پہچان نہیں بننے دے گی۔ وہ اپنی زندگی کو مقصد کے ساتھ جیے گی، چاہے وہ کتنی ہی لمبی یا چھوٹی کیوں نہ ہو۔جب بھی درد ناقابلِ برداشت ہوتا، وہ اپنی ڈرائنگ بک نکالتی اور تصویریں بنانے لگتی۔ گویا اپنے درد کو رنگوں میں ڈھال رہی ہو ۔کبھی نیلا آسمان، کبھی سرخ دھوپ، کبھی ایک زخمی پرندہ، جو پھربھی اُڑنے کی کوشش کر رہا ہو ۔ایک دن ماں نے پوچھا: ’’بیٹا، یہ تصویر میں کیا بنا رہی ہو؟‘‘
زہرہ نے مسکرا کر جواب دیا، ’’یہ پرندہ ہے، جو پنجرے میں پیدا ہوا تھا، مگر اس نے اڑنا سیکھ لیا!‘‘
ماں کی آنکھوں میں آنسو چمکنے لگے۔ وہ جان گئی تھی کہ زہرہ کے خواب، اس کی بیماری سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔ جب پہلی بار اس کی یہ پینٹنگ اسکول کی نمائش میں رکھی گئی، تو استادنے حیرت سے دیکھا۔ ‘‘یہ تصویر تم نے بنائی ہے؟‘‘
زہرہ نے پرجوش لہجے میں کہا، ’’جی سر، یہ ایک مسافر کی کہانی ہے،جو ہزاروں زخم کھانے کے باوجود چلتا جا رہا ہے!‘‘
استاد نے تصویر کو غور سے دیکھا، پھر مسکرا کر کہا، ’’یہ صرف پینٹنگ نہیں، یہ تو ایک پیغام ہے۔۔۔ تم بہت آگے جاؤ گی، زہرہ!‘‘
وقت کے ساتھ ساتھ زہرہ کی تصویریں مشہور ہونے لگیں، اور ادھربیماری نے بھی اپنا زور بڑھا دیاتھا۔ اس کے جسم میں خون کی شدید کمی ہونے لگی،وہ اکثر بستر سے لگ جاتی، مگر اس نے برش کو کبھی ہاتھ سے گرنے نہ دیا۔ وہ اسپتال کے بیڈ پربھی تصویریں بناتی، نرسیں حیران ہوتیںکہ اتنی تکلیف میں بھی وہ کیسے کام کر سکتی ہے ؟کچھ دنوں بعد زہرہ کی طبیعت مزید بگڑنے لگی۔
ایک دن ڈاکٹر نے اس کی ماںکو بلایا اور سنجیدگی سے کہا:’’زہرہ کے پاس زیادہ وقت نہیں بچا، شایدیہ مہینہ آخری ہو ! کیوں کہ اس کا جسم مزید خون قبول نہیں کر رہا ہے۔۔۔‘‘
زہرہ نے دروازے کے پیچھے سے یہ سب سن لیا تھا ، مگر وہ ڈری نہیں، وہ جانتی تھی کہ زندگی کی مدت نہیں، بلکہ زندگی کے اثرات اہم ہوتے ہیں۔‘‘اگر میں مر بھی گئی تو میری تصویریں زندہ رہیں گی۔ میں اپنا نام ہمیشہ کے لئے چھوڑ جاؤں گی۔‘‘
اس نے مسکراتے ہوئے زیر لب خود سے کہا۔ مصوری اس کا شوق اور رنگ اس کے لئے زندگی کی علامت تھے، جو اس کی دھڑکنوں میں بہتے خون کے ہر قطرے میں موجود تھے۔ اس نے کینوس پر برش سے وہ دنیا تخلیق کرنی شروع کی جو اس کی روح میں بسی ہوئی تھی۔اس کی آخری نمائش میں، ایک ایسی پینٹنگ رکھی گئی جس میں ایک لڑکی کو پروں کے ساتھ آسمان کی طرف اڑتے دکھایا گیاتھا۔نیچے زمین پر کانٹے، پتھر، اندھیرا تھا، مگر وہ سب کچھ چھوڑ کر روشنی میں تحلیل ہو رہی تھی۔ اس تصویر کا نام تھا ’’روشنی کی تلاش‘‘
زہرہ کو اس دن ویل چیئر پر لا کر نمائش میں بٹھایا گیا تھا۔ وہ کمزور ہو چکی تھی، مگر اس کی آنکھیں خوشی سے چمک رہی تھیں۔ لوگ اس کی طرف دیکھ رہے تھے۔ کچھ حیران،کچھ نم آنکھوں کے ساتھ، مگر سب کے دلوں میں ایک ہی احساس تھا یہ لڑکی جیت گئی۔
زہرہ کا آخری دن اسپتال کے بستر پرگزرا۔ کمرے میں اس کے والدین، نرس، اور چند قریبی لوگ تھے۔
’’زہرہ، کیسا محسوس کر رہی ہو؟‘‘ والد نے اس کا ہاتھ تھاما۔
’’بابا! دیکھو میں نے اُڑنا سیکھ لیا۔‘‘
ایک نرم سی مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر تھی، جیسے وہ کسی خواب کی تکمیل پر مطمئن ہو۔
کمال کے ہوتے ہیں وہ لوگ جو زندگی کے مشکل ترین لمحات کی کڑواہٹ کا مزہ چکھنے کے باوجود بھی خود کڑوے نہیں ہوتے ،مسکراہٹ سجائے رکھتے ہیں اور شیریں گفتگو کرتے ہیں۔ زندگی انہی لوگوں کی وجہ سے خوبصورت اور رنگین بن جاتی ہے۔ایک زندگی ختم ہوئی تھی، مگر ایک کہانی امر ہو گئی تھی !
زہرہ تھیلیسیمیا کے ساتھ زندگی گزارنے والے دوسرے لوگوں کے لیے امید کی کرن بن گئی،یہ ثابت کرتے ہوئے کہ مشکلات کے باوجود بھی کوئی بامقصد اور پُرامید زندگی گزار سکتا ہے۔نرس نے جیسے ہی سفید چادر اُس کے چہرے پر ڈالی،کمرے میں رنگین پروانے اُڑنے لگے۔ ہر ایک پر زہرہ کی مسکراہٹ کندہ تھی۔ زہرہ کی تصویریں اور اس کا پیغام، آج بھی زندہ ہے ۔ اس کی کہانی ہر اس شخص کو زندگی جینے کا حوصلہ دیتی ہے جو مشکلات سے گھبرا جاتاہے۔آج بھی جب لوگ اس کی پینٹنگ دیکھتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان رنگوں میں روشنی ہے،امید ہے،جینے کاہنرہے۔ اور زندگی کا اصل فن تویہی ہے کہ ’’مشکلات میں بھی جینا، اور جیتنا۔‘‘

 ختم شد

٭ ٭ ٭


اس کی آخری نمائش میں، ایک ایسی پینٹنگ رکھی گئی جس میں ایک لڑکی کو پروں کے ساتھ آسمان کی طرف اڑتے دکھایا گیاتھا۔نیچے زمین پر کانٹے، پتھر، اندھیرا تھا، مگر وہ سب کچھ چھوڑ کر روشنی میں تحلیل ہو رہی تھی۔ اس تصویر کا نام تھا ’’روشنی کی تلاش‘‘

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Zeenat qamar

    Bohat sabaq amooz kahani thi jo hosla nahin ker pate un ke liye pegam hai ke mushikil ko mushkil na samjho aage berho

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے