الحمدللہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی رسولہ الکریم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
گلوں کے جسم میں خوشبو اتار دیتا ہے
جلال حسن تو پروردگار دیتا ہے
وہ لفظ لفظ کو دیتا ہے موتیوں کی چمک
وہ کاوشات قلم کو نکھار دیتا ہے
وہی تو دیتا ہے لہجوں کو رنگ پیراہن
وہ حرف حرف کو جلوہ ہزار دیتا ہے
محترم ایڈیٹر صاحبہ!
میں آپ کی اور ٹیم ھادیہ کی انتہائی ممنون و مشکور ہوں کہ آپ لوگوں نے ہمارے لیے ھادیہ ای میگزین کی صورت میں علم کا ایک بحر بیکراں جاری کیا۔ دور حاضر میں موبائل کے منفی اثرات سے معاشرے کی نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے، اور اپنا قیمتی وقت گنوا رہی ہے۔یہ کتابوں سے بھی اپنا رشتہ توڑ بیٹھی ہے۔ اس ڈیجیٹل دور میں ھادیہ ای میگزین سے وابستگی حقیقت میں ایک گرانقدر نعمت سے کم نہیں۔
الحمدللہ ھادیہ ای میگزین موجودہ حالات اور فتنوں کے دور میں خواتین کے مسائل کا حل اور نوجوان لڑکیوں کے لیے بہترین تربیت کا ذریعہ ہے۔ ھادیہ کے تمام زمرہ جات اپنے عناوین کے اعتبار سے بہت ہی دلچسپ اور عمدہ ہیں۔ ھادیہ کی تعریف کرنا گویا سورج کو چراغ دکھانا ہے۔
زمرہ النور جس کے تحت درس حدیث اور درس قرآن مختصر، جامع اور بہترین انداز میں پیش کیےجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ فوزو فلاح، گرلز پلانٹ،صحت و صلاح، خواتین کی معاشرتی الجھنیں اور رہنمائی، معمار جہاں تو ہے، بہت ہی بہترین اور دلچسپ زمرہ جات ہیں۔
ماہ جنوری کا شمارہ بھی اپنے دلکش سرور ورق کے ساتھ بہت ہی دیدہ زیب ہے۔ ادراک کے کالم میں میں محترمہ ایڈیٹر صاحبہ کا مضمون ’’نئے دن کا نیا سورج افق پر اٹھتا آتا ہے‘‘ بہترین عنوان کے ساتھ ساتھ بہت ہی سبق آموز تھا۔ درس قرآن میں توبۃً نصوحاً، درس حدیث میںیتیم کی نگہداشت،بولتی تصویریں اس میں غفلت کا فلسفہ اور جذبۂ ہمدردی بہترین عنوان رہے۔ ان کے علاوہ گوشۂ مطالعہ میں علم کی اسلامی تشکیل اور مولانا سید جلال الدین عمری رحمتہ اللہ علیہ کی کتاب ’’اسلام کا عائلی نظام‘‘ پر لکھا گیا تبصرہ پسند آیا۔
ھادیہ ای میگزین کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے بچوں کی تربیت اور والدین کی رہنمائی دونوں کام بہت ہی بہترین انداز میں کیے جا رہے ہیں۔ ماہ جنوری کے شمارے میں زمرہ اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ایڈیٹر صاحبہ نے بہن بھائیوں کے بچپن کے جھگڑوں میں والدین کا کردار کیا ہونا چاہیے،بہت اچھے انداز میں سمجھایا ہے ، کہ بچوں کو بچپن کے جھگڑوں میں ہی صلاح کرنا سکھانا چاہیے، غلطی کا احساس کرنا سکھانا چاہیے، تاکہ آئندہ زندگی میں اس طرح کی اخلاقی قدریں ان کی شخصیت کو نکھار سکیں، اور بچوں میں کبر پیدا ہونے سے کس طرح روکاجائے، بحسن خوبی اس پر روشنی ڈالی گئی کہ کبھی بھی بچے کی ذات کی تعریف نہیں کرنی چاہیے ،بلکہ اس کے کیے گئے عمل کی تعریف کرنی چاہیے، جس کی وجہ سے اس کے اندر کبر پیدا نہیں ہوگا۔
سیاسی منظرنامہ ،یہ کالم خواتین کو ملک کے حالات سے باخبر رکھنے میں مددگار ہے ۔جنوری کے شمارے میں ‘‘یکساں سول کوڈ آمریت کی طرف بڑھتے قدم‘‘انتہائی افسوس ناک صورت حال کو اجاگر کیا گیا۔
اللہ تعالی ہمیں باطل کے شر سے محفوظ رکھے اور ایمان پر استقامت عطا فرمائے، آمین۔
ماشاءاللہ پچھلے چند مہینوں سے ھادیہ ای میگزین کی جانب سے سے قرأت مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ شرکاء کی قرآن سے دلچسپی اور تعداد کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔اللہ تعالی آپ تمام لوگوں کو جزائے خیر عطا فرمائے، ھادیہ کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے ، اور تمام کاموں میں آسانیاں پیدا فرمائے آمین۔
آخر میں اپنے تعلق سے کچھ کہنا چاہوں گی کہ دل میں کئی دنوں سے خواہش مچل رہی تھی کہ میں بھی ھادیہ میگزین میں کچھ لکھوں، اور آج یہ خواہش بھی پوری ہوئی، الحمدللہ قاری کی رائے نامی اس کالم سے شروعات ہوئی۔ اللہ سے دعا ہے کہ ادب اور قلم سے میرا یہ رشتہ ہمیشہ جڑا ہے۔
والسلام
وعلیکم السلام
ھادیہ ٹیم کے ساتھ جڑنے،مقابلے میں شرکت کرنے اور اپنی رائے پیش کرنے پر ھادیہ کی ٹیم کی جانب سے شکریہ۔
امید ہے آپ کا تعاون دائم آباد رہے گا۔آپ ھادیہ کا مطالعہ کرتی ہیں اور اسے پابندی سے پڑھتی ہیں،یہ بات بڑی خوش آئند ہے۔
شکراًجزاک اللہ خیرالجزاء
ایڈیٹر
ھادیہ ای میگزین


0 Comments