جون ۲۰۲۴

پیارے بچو!کیا اپ جانتے ہیں آج کون سا دن ہے ؟
جی ہاں، آج یکم جون ہے۔
ہر سال یکم جون کو عالمی یوم والدین (Global Parents Day) کے طور پر منایا جاتا ہے۔یہ قرارداد 17 ستمبر 2012 ءکو منظور ہوئی تھی۔
اقوام متحدہ اپنے تمام رکن ممالک کو اس دن کے ذریعے یہ ترغیب دیتا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملک میں ایسے قوانین اور پالیسیاں بنائیں، جن سے ضعیف والدین کو معاشرہ میں عزت و وقار اور تحفظ حاصل ہوسکے ۔ضعیف والدین کو اولڈ ایج ہوم میں قید نہ کریں۔
بچے اپنے والدین کی محبتوں اور قربانیوں اور شفقتوں کا احساس کریں۔ضعیف والدین کے ساتھ خوش گوار وقت گزاریں، ان کی خدمت کو اپنی خوش نصیبی سمجھیں۔
آئیے! دیکھتے ہیں اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات ہماری کیا رہ نمائی کرتی ہیں۔
فرمان الٰہی ہے:
’’ اور تمھارے رب نے فیصلہ فرمادیا ہے کہ تم خدا کے سوا کسی کی بندگی نہ کرو اور والدین کے ساتھ نیک سلوک کرو۔‘‘ (سورہ بنی اسرائیل : 23)
ایک شخص نے پیارے نبی ﷺ سے پوچھا :
’’ یا رسول اللہ ! ماں باپ کا اولاد پر کیا حق ہے؟‘‘
آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’ ماں باپ ہی تمھاری جنت اور دوزخ ہیں۔‘‘
یعنی ان کے ساتھ اچھا سلوک کر کے ہم جنت کے مستحق ہوں گے اگران کو ناراض کریں گے تو (خدا نخواستہ)جہنمی ہوں گے۔
حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے سنایا کہ ایک آدمی اپنے ماں باپ کو روتا ہوا چھوڑ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ہجرت پر بیعت کرنے کے لیے حاضر ہوا، تب پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
’’جاؤ! اپنی ماں باپ کے پاس واپس جاؤ، اور ان کو اسی طرح خوش کر کے آؤ جس طرح تم ان کو رلا کر آئے ہو۔‘‘ ( ابو داو‘د)
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پیارے نبیﷺ فرماتے ہیں : ’’جو نیک اولاد بھی ماں باپ پر محبت بھری ایک نظر ڈالتی ہے ،اس کےبدلے اللہ میاں اس کو ایک حج مقبول کا ثواب دیتے ہیں۔‘‘
لوگوں نے پوچھا کہ اگر کوئی ایک دن میں سو باراسی طرح رحمت و محبت کی نظر ڈالے ۔
آپ ﷺ نے فرمایا :
’’ جی ہاں! اگر کوئی سو بار ایسا کرے تب بھی خدا تمھارے تصور سے بہت بڑا اور پاک ہے۔‘‘
والدین اگر غیر مسلم ہوں تب بھی ان کے ساتھ صلہ رحمی کی تاکید کی گئی ہے۔
قرآن میں والدین کے لیے اس طرح دعاء خیر سکھلائی گئی ہے:

و قل رب ارحمھما کما ربینی صغیرا(سورہ بنی اسرائیل: 24)

(پروردگار! ہمارے والدین پر رحم فرما، جس طرح ان دونوں نے بچپن میں میری پرورش فرمائی۔)

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جون ۲۰۲۴