درس قرآن
زمرہ : النور

سُبْحَـٰنَ ٱلَّذِىٓ أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًۭا مِّنَ ٱلْمَسْجِدِ ٱلْحَرَامِ إِلَى ٱلْمَسْجِدِ ٱلْأَقْصَا ٱلَّذِى بَـٰرَكْنَا حَوْلَهُۥ لِنُرِيَهُۥ مِنْ ءَايَـٰتِنَآ ۚ إِنَّهُۥ هُوَ ٱلسَّمِيعُ ٱلْبَصِيرُ. (الاسراء، ۱)

پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو لے گئی ایک رات مسجد حرام سے اس دور والی مسجد تک جس کے اردگرد کو ہم نے برکت بخشی تاکہ ہم اس کو اپنی کچھ نشانیاں دکھائیں۔ بلا شبہ وہی سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔

مفسرین کا اس بات پراتفاق ہے کہ یہ آیت نبی اکرم ﷺ کے سفر معراج سے متعلق ہے، لیکن اس میں معراج کے سفر کے سلسلے میں صرف ایک رات میں مسجد حرام سے مسجد اقصی تک نبی اکرم ﷺ کو لے جانے کا ذکر ہے جو کہ اس دور میں مکہ سے چالیس دن کی مسافت پر واقع تھا۔ باقی معراج کی تمام تر تفصیلات ہمیں حدیث کی کتابوں میں ملتی ہے۔ بہت سارے صحابہ کرام ؓ نے اس واقعے کا تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ آج کے اس درس قرآن میں اس آیت کے تناظر میں ہم بیت المقدس اور مسجد اقصی کی تاریخ اور مسلمانوں کے دلی و جذباتی اور مذہبی تعلق کو تفصیل سے بیان کریں گے۔
اس آیت میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے دو مساجد کا اہتمام سے ذکر کیا ہے۔ ایک تو مسجد حرام یعنی خانہ کعبہ اور دوسری مسجد اقصی۔ اس دوسری مسجد کا تعارف اللہ تعالیٰ نے دو صفات سے کرایا ہے؛ ایک تو ہے اقصیٰ۔ قصی کا معنی ہیں دور والی، یہ مسجد مکہ کے باشندوں سے جو اس کلام کے مخاطب اول تھے کم و بیش چالیس دن کے مسافت پر یوروشلم میں واقع تھی۔ پھر ’الذی بارکنا حولہ‘کی صفت لگا کر اس سرزمین کی طرف بھی اشارہ کردیا جس میں یہ مسجد واقع ہے۔ یہ اس زمین کی روحانی و مادی دونوں قسم کی زرخیزی سے تعبیر ہے۔ جتنے انبیاء کے مولد و مدفن ہونے کا شرف اس سر زمین کو حاصل ہوا، کسی دوسرے علاقے کو حاصل نہیں ہوا۔
’لنریہ من آیٰتنا‘ یہ اس سفر کی غایت بیان ہو رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا کہ اپنے بندے کو اپنی کچھ نشانیاں دکھائیں۔ یہ نشانیاں کیا تھیں اس کا کوئی ذکر نہیں ہے، لیکن قرینہ دلیل یہ ہے کہ اس سے مراد وہ آثار و مشاہد اور وہ انوار و برکات ہیں جن سے یہ گھر معمور تھا۔ یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ خدا کے ان دونوں گھروں پر بے ایمانوں اور خائنوں نے تصرف کر رکھا تھا۔ ان گھروں کو ان کے بنیادی مقاصد کے خلاف اسے شرک و بت پرستی کا اڈا بنا دیا تھا۔ اب معراج کا یہ واقعہ اس بات کی تمہید تھا کہ اب ان گھروں کی امانت اس ہستی کے سپرد ہونے والی ہے جو اس کے اصل مقصد تعمیر کو پورا کرے گا اور نبی اکرمﷺ کو یہ دکھانا مقصود تھا کہ اب یہ ساری امانت نا قدروں اور بد عہدوں سے چھین کر آپ کے حوالے کی جانے والی ہے۔
بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول رہا ہے۔ مکہ میں نماز میں کچھ یوں آپﷺ قیام فرماتے تھے کہ بہ یک وقت خانہ کعبہ اور بیت المقدس سامنے ہوتا، لیکن ہجرت کے بعد مدینہ میں معاملہ کچھ ایسا ہوگیا کہ اگر آپﷺ بیت المقدس کی طرف نماز میں رخ کرتے تو پیٹھ خانہ کعبہ کی طرف ہوتی اور اگر خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے تو پیٹھ بیت المقدس کی طرف ہوتی۔ چنانچہ آپﷺ نے سولہ یا سترہ ماہ تک بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھی، آپﷺ کو تحویل قبلہ کا انتظار تھا، کیوں کہ اب جب کہ پرانی امت مسلمہ کو امامت کے منصب سے معزول کرکے ایک نئی امت مسلمہ کو وجود بخشا گیا، جن کا مقصد تھا کہ ابراہیم علیہ السلام کے طریقے کے مطابق چلیں، تو لازما اس قبلے کی طرف پھیرا جاتا جو ابراہیم کا قبلہ تھا اور اس زمین پر خدا کی عبادت کا پہلا مرکز تھا۔

بیت المقدس اور مسجد اقصی کی تاریخ

المقدس یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں تینوں کے نزدیک مقدس ہے۔ یہاں پر سلیمانؑ کا تعمیر کردہ معبد ہے جو بنی اسرائیل کے نبیوں کا قبلہ تھا اور اس شہر سے ان کی تاریخ وابستہ ہے۔ یہی شہر حضرت عیسیٰ ؑ کی پیدائش اور ان کی تبلیغ کا مرکز تھا۔ بیت المقدس ایک پہاڑ پر آباد ہے جس کا نام کوہ صہیون ہے۔ اسی شہر میں مسجد اقصی اور قبۃ الصخرۃ واقع ہے۔ کوہ صہیون ہی کے نام پر یہودیوں کی عالمی تحریک صہیونیت قائم کی گئی۔
قدیم تاریخ میں حضرت ابراہیم ؑ اور ان کے بھتیجے لوطؑ نے عراق سے بیت المقدس کی طرف ہجرت کی تھی ۔ حضرت یعقوب ؑ نے مسجد بیت المقدس کی بنیاد رکھی تھی جسے قرآن نے مسجد اقصی کا نام دیا اور اس کی وجہ سے بیت المقدس آباد ہوا۔ پھر عرصۂ دراز کے بعد حضرت سلیمان ؑ نے مسجد اور شہر کی تعمیر و تجدید کی، اسی لئے یہودی مسجد اقصی کو ہیکل سلیمانی کہتے ہیں، لیکن وہ اسے کبھی بھی بذریعہ دلیل ثابت نہیں کر سکے۔ ہیکل سلیمانی اور بیت المقدس کو شاہ بابل بخت نصر نے ۵۸۶ قبل مسیج میں مسمار کر ڈالا اور ایک لاکھ یہودیوں کو اپنے ساتھ بابل غلام بنا کر لے گیا۔ بیت المقدس کے اسی دور بربادی کے بارے میں روایت ملتی ہے کہ حضرت عزیر ؑ کا وہاں سے گزر ہوا اور انہوں نے تعجب کا اظہار کیا کہ یہ شہر کیسے دوبارہ آباد ہو سکتا ہے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں موت دے دی پھر جب وہ سو سال بعد اٹھے تو بیت المقدس پھر آباد اور پر رونق شہر بن چکا تھا۔
۴۸؍سال کے بعد ایران کے بادشاہ ذوالقرنین نے بابل یعنی عراق پر حملہ کرکے وہاں کی حکومت کو ختم کردیا تو یوروشلم سے بھی ان کا اقتدار ختم ہو گیا۔ عراق میں جو یوروشلم کے لوگ تھے انہیں بھی آزاد کردیا اور اپنے شہر واپس جا کر بسنے کا حکم دیا۔ جب یہ لوگ اپنے شہر پہنچے تو وہاں کے مقامی لوگوں نے انہیں گھسنے ہی نہیں دیا۔ کسی طرح لڑ جھگڑ کر شہر میں داخل تو ہو گئے لیکن معبد بنانے ہی نہیں دے رہے تھے۔ اس وقت ذو القرنین کی وفات ہو چکی تھی اور ایران کا بادشاہ دارا تھا۔ دارا نے انہیں ہیکل سلیمانی دوبارہ بنانے میں مدد کی۔ اس طرح ہیکل سلیمانی دوبارہ تعمیر ہوا، لیکن۳۴۴؍ قبل مسیح میں سکندر اعظم جو یونان سے تھا اور ۲۲؍ سال کی عمر میں دنیا کو فتح کرنے نکلا تھا۔ اس نے حملہ کر دیا اور یہ علاقہ یونانیوں کے ہاتھوں میں آگیا اور ۱۹۳؍ سال تک انھیں کے پاس رہا۔ یونانی یہودیوں کو پوری طرح ختم کر دینا چاہتے تھے۔ یہ مذہبا مشرک اور بد اخلاق تھے اور یونانی تہذیب کو فروغ دے کر یہودی مذہب کو ختم کرنا چاہتے تھے۔ وہاں ایک اصلاحی تحریک اٹھی جس کا نام مکّابی سلطنت تھا اس کے ذریعے یونانیوں کا زور کم ہوا اور ایک بڑی سلطنت قائم کی جو رقبے کے اعتبار سے سلیمان ؑ کی حکومت سے بھی بڑی تھی۔
یہ مکّابی سلطنت زیادہ عرصہ حکومت نہ کر سکی۔ تقریبا ۷۸؍ سال یہ حکومت رہی۔ ان کے درمیان آپسی اختلافات بڑھے۔ پھر اسی حکومت کے ایک شخص نے رومی حکومت کے حکمراں پومپئی کو دعوت دی کہ وہ آکر وہاں قبضہ کرلیں۔ اس طرح ۶۳؍ قبل مسیح میں یہاں رومیوں کا قبضہ ہوگیا اور بیت المقدس پر قبضہ کرکے یہودیوں کی آزادی کا خاتمہ کر دیا گیا۔ اس وقت یہ حکومت صرف رومیوں کی باج گزار تھی، یعنی مقامی لوگ ہی انتظام کو سنبھالتے تھے۔ اس وقت فلسطین کی حکومت ہیرود نامی ایک شخص کے ہاتھوں میں تھی جو نسبتا بہتر تھا اور رومیوں اور یہودیوں دونوں کو خوش کرنے کی کوشش کرتا تھا۔ اس زمانے میں یہودیوں کی دینی و اخلاقی حالت گرتے گرتے زوال کی آخری حد کو پہنچ چکی تھی۔ یہی زمانہ تھا جب عیسیٰؑ ابن مریم بنی اسرائیل کی اصلاح کے لئے اٹھے جنہیں یہودیوں نے رومی حکومت کے ہاتھ صلیب پر چڑھانے کی سازش کو عملی جامہ پہنایا۔ ہیرود کے ہی ایک بیٹے نے ایک رقاصہ کے کہنے پر حضرت یحیی ؑ کا سر قلم کرکے اس کے نذر کیا۔ عیسیٰ ؑ کو صلیب پر چڑھانا گویا اللہ کی طرف سے آخری حجت تھی۔ اس کے بعد رومیوں اور یہودیوں میں زبردست کشمکش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے یہودیوں نے ایک بار پھر اپنی حکمرانی کی جدوجہد کی تو رومن ایمپائر کے ایک کمانڈر ٹائٹس نے وہاں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ شمشیر کے زور پر یروشلم فتح کر لیا۔ ہیکل سلیمانی کو زمین بوس کر دیا۔ ۱؍ لاکھ ۳۳؍ ہزار قتل کر دیے گئے، ۶۷؍ ہزار غلام بنا لئے گئے۔ ہزارہا مصری کانوں میں کام کرنے کے لئے بھیج دیے گئے۔ نوجوان اور خوبصورت لڑکیاں فاتحین کے لئے چن لی گئیں۔ میں تمام یہودیوں کو وہاں سے کھدیڑ کراس طرح نکال دیاگیا اور ان کا اثر و رسوخ ایسا ختم ہوا کہ ۲؍ ہزار سال تک سر اٹھانے کا موقع نہ ملا اور مدت ہائے دراز تک وہاں داخلے کی اجازت بھی نہ تھی۔

مسجد اقصی مسلمانوں کے ہاتھوں میں

بیت المقدس خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے بعد تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ وہ تین مساجد جن کی زیارت کو باعث اجر و ثواب بتایا گیا ہے، ان میں سے ایک مسجد اقصی بھی ہے۔ یہ مشرقی یوروشلم میں واقع ہے جس پر اسرائیل کا قبضہ ہے۔ یہ یوروشلم کی سب سے بڑی مسجد ہے جس میں بیک وقت پانچ ہزار نمازی نماز پڑھ سکتے ہیں۔ جب کہ مسجد کے صحن میں بھی ہزاروں افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔ ہمیں یہ واضح ہونا چاہیے کہ بیت المقدس یا القدس فلسطین کا ایک شہر ہے۔ مسجد اقصی اور قبۃ الصخرۃ یہیں پر ہے۔ نبی اکرم ﷺ سفر معراج میں پہلے بیت المقدس پہنچے۔ یہاں آپ ﷺ نے تمام انبیاء کرام کی امامت کی۔ اس کے بعد براق کے ذریعے ساتوں آسمانوں کی سیر کی، جس کا اس آیت میں ذکر ہے۔ بیت المقدس حضرت عمر فاروق ؓ کے زمانے میں عیسائیوں سے ایک معاہدے کے تحت فتح ہوا۔ اس سے پہلے تک کئی سو سالوں سے یہ عیسائیوں کے ہاتھوں میں تھا۔ بیت المقدس کے فتح کے بعد حضرت عمر ؓ نے اس جگہ کا پتا لگایا جہاں آپ ﷺ نے براق باندھا تھا۔ آپ نے حضرت بلال ؓکو وہاں اذان دینے کا حکم دیا۔ نماز پڑھی اور وہاں مسجد بنانے کا حکم دیا۔ وہی مسجد مسجد اقصی کے نماز سے جانی جاتی ہے۔ خلیفہ مروان بن عبدالملک نے اس مسجد کی ۶۹ھ میں از سر نو تعمیر شروع کروائی اور خلیفہ ولید بن عبدالملک نے اس کی تکمیل کی۔
پہلی صلیبی جنگ کے بعد جب عیسائیوں کا بیت المقدس پر قبضہ ہوگیا تو انہوں نے مسجد اقصی میں بہت ردو بدل کیا۔ انہوں نے مسجد میں رہنے سہنے اور اناج وغیرہ رکھنے کے لئے کئی کمرے بنوا لئے جسے معبد سلیمان کہا گیا۔ انہوں نے مسجد کے اندر اور مسجد کے ساتھ ساتھ کئی گرجا گھر بھی بنوا لیا۔ سلطان صلاح الدین ایوبی نے میں فتح بیت المقدس کے بعد مسجد اقصی کو تمام عیسائیوں کے نشانات سے پاک کیا۔ محراب کو دوبارہ تعمیر کیا۔ اس کے بعد یہ مسجد ایک مختصر مدت کے علاوہ ہمیشہ مختلف اسلامی حکومتوں کی سر پرستی میں رہی۔ پہلی جنگ عظیم کے وقت یہ علاقہ خلافت عثمانیہ کے ہاتھوں میں تھا۔
پہلی جنگ عظیم میں عثمانیوں کی شکست کے بعد ۲؍نومبر ۱۹۱۷ء میں بالفور ڈکلریشن ہوتا ہے جس میں ملکہ وکٹوریا نے لکھ کر دیا کہ فلسطین کو یہودیوں کے حوالے کیا جاتا۔ انہیں وہاں جا کر رہنے، بسنے اور آباد ہونے کی پوری اجازت حاصل ہوگئی۔ ۱۹۱۷ء تا ۱۹۲۲ ءتک برطانیہ نے فلسطین پر اپنی فوجی حکومت قائم رکھی۔ ‘League of Nation’ ایک عالمی ادارہ اس وقت وجود میں آیا جس نے برطانیہ کو حکم دیا کہ وہ فلسطین میں حکومت کرے تاکہ یہودیوں اور فلسطینیوں کو صحیح طور پر مینج کیا جا سکے۔ اب فلسطین میں برطانیہ کا قبضہ ہوگیا، یعنی برطانیہ یہاں کمشنر کے ذریعے حکومت کرے گا۔ پہلے کمشنر کا نام سموئل تھا۔ ۱۹۱۷ء سے ۱۹۴۷ء تک یعنی تیس سال برطانیہ اسرائیل کو ہتھیاروں سے لیس کرتا رہا، فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال یہودیوں کو لا لا کر بساتا رہا اور اسرائیل کو دودھ پلا پلا کر تندرست اور توانا بناتا رہا۔ جب کہ فلسطینیوں کا پورا پورا گاؤں جبر اور تشدد کے خالی کرواتا انہیں آس پاس کے ممالک کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور کرتا۔ تلاشی کے نام پر ان سے ہر قسم کے ہتھیاروں کو ضبط کر لیتا، یہاں تک کہ چاقو رکھنا بھی محال کردیا اور انہیں اندر کی طرف دھکیل رہا تھا۔ ادھر۱۹۳۳ء میں ہٹلر نازی جرمنی میں آگیا اور اس نے یہودیوں کو قتل کرنا شروع کر دیا تو وہ بڑی تعداد میں وہاں سے بھاگ کر فلسطین آکر بسنے لگے اور یہاں کے لوگوں پر ظلم و تشدد کرتے۔
جب ظلم و ستم حد سے تجاوز کر گیا اور صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ۱۹۳۹ء میں فلسطینیوں نے ایک تحریک شروع کی اور چھ مہینہ مسلسل ہڑتال کیا اور بغاوت کردی جو گریٹ نقبہ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ اس تحریک کو برطانیہ نے بری طرح کچل دیا، لیکن اس بار فلسطینی مرنے مارنے پر پوری طرح آمادہ ہو چکے تھے۔ اب مزید ظلم کو برداشت نہیں کر سکتے تھے۔ آخر کار برطانیہ نے وعدہ کیا کہ ہم یہودیوں کی اندھا دھند آمد پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ پانچ سالوں تک یہ ہر سال زیادہ سے زیادہ دس ہزار آسکیں گے اور پانچ سال کے بعد ان کا فلسطین آکر بسنا بالکل روک دیا جائے گا۔
اسی بیچ میں دوسری جنگ عظیم ختم ہو جاتی ہے اوراقوام متحدہ وجود میں آ چکا تھا۔ برطانیہ نے فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کے حوالے کر دیا اور خود بوریا بستر سمیٹ کر یہودیوں کو مضبوط اور مستحکم کر کے واپس چلا جاتا ہے۔ یہاں سے یہودیوں کی سرپرستی امریکہ نے کرنا شروع کر دیا۔ ۱۹۴۷ء میں اقوام متحدہ نے مسئلے کا یہ حل نکالا کہ فلسطین کو دو حصوں میں تقسیم کردیا۔ یہ تقسیم بھی ظالمانہ تھی یعنی یہودیوں کو۵۵؍ فیصد ، فلسطینیوں کو ۴۴؍ فیصد اور یوروشلم وغیرہ کو انٹر نیشنل شہر بنا کر ۱۰؍ فیصدی کا فیصلہ بعد پر چھوڑ دیا۔ یہودیوں نے اس تقسیم کو ویلکم کیا، جب کہ فلسطینیوں نے اسے ظلم کہہ کر مسترد کردیا۔ اب یو این او نے بھی کہہ دیا کہ پندرہ مئی ۱۹۴۸ء میں وہ خود فلسطین سے چلا جائے گا۔ تم دونوں آپسی معاملات کو خود ہی سلجھاؤ۔ اقوام متحدہ نے ۱۵؍ مئی ۱۹۴۸ء کے دن فلسطین چھوڑ کر جانے کا وقت طے کیا، لیکن اسرائیل نے ۱۴؍ مئی ۱۹۴۸ء کی رات کو اپنی مملکت کا اعلان کر دیا۔ اسرائیل میں تو خوب جشن کا سماں بندھ گیا لیکن فلسطینیوں نے اس مملکت کو ماننے سے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں جنگ شروع ہوئی جس میں نئی نویلی حکومت یعنی اسرائیل کی جیت ہو جاتی ہے اور وہ مزید ۱۰؍ فیصدی کو ہتھیا لیتا ہے۔
اسرائیل نے ۱۹۶۷ء کی جنگ میں مشرقی یوروشلم پر قبضہ کر لیا تھا جس میں بیت المقدس بھی شامل ہے لیکن اس قبضے کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم نہیں کیا گیا۔ الاقصی کامپلیکس کے حوالے سے اسرائیل اور اردن میں ایک معاہدہ ہوا جس کے مطابق اردن کے وقف بورڈ کو مسجد کے اندر کے انتظامات کی ذمہ داری ملی اور اسرائیل کو بیرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری ملی۔ مسجد کے احاطے میں صرف مسلمانوں کو عبادت کرنے کی اجازت ہے۔ اس کمپلیکس کی مغربی دیوار کو دیوار گریہ کہا جاتا ہے جہاں یہودی عبادت کرتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ سلیمان ؑ کی تعمیر کردہ عبادت گاہ کا ایک یہی اصلی حصہ باقی ہے۔
۲۱؍ اگست ۱۹۶۹ء میں ایک آسٹریلوی یہودی ڈینس مائیکل روحان نے قبلہ اول کو آگ لگایا۔ تین گھنٹوں تک مسجد اقصی آگ کی لپیٹ میں رہی اور جنوب مشرق کی جانب عین قبلہ کی طرف کا ایک بڑا حصہ گر پڑا۔ محراب میں موجود منبر جسے سلطان صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کی فتح کے بعد نصب کیا تھا وہ نذر آتش ہو گیا۔اس کے بعد ہی مسلم حکمراں تھوڑا خواب غفلت سے بیدار ہوئے اور او آئی سی کا قیام عمل میں آیا، جس کو آج کی تاریخ میں نا قابل فعال آرگنائزیشن کہا جا سکتا ہے۔
تو یہ کچھ تاریخی سچائیاں تھیں بیت المقدس اور مسجد اقصی کے بارے میں۔ آج بھی فلسطینی اپنی جانوں اور خونوں کی قربانی القدس کی آزادی کے لئے دے رہے ہیں۔ اللہ رب العزت ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔ بیت المقدس کو صہیونیوں کی جارحیت اور بربریت سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ کے احساس امت کو بیدار کرے۔ آمین یا رب العالمین۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

پہلی صلیبی جنگ کے بعد جب عیسائیوں کا بیت المقدس پر قبضہ ہوگیا تو انہوں نے مسجد اقصی میں بہت ردو بدل کیا۔ انہوں نے مسجد میں رہنے سہنے اور اناج وغیرہ رکھنے کے لئے کئی کمرے بنوا لئے جسے معبد سلیمان کہا گیا۔ انہوں نے مسجد کے اندر اور مسجد کے ساتھ ساتھ کئی گرجا گھر بھی بنوا لیا۔ سلطان صلاح الدین ایوبی نے ۱۱۸۷ء؁ میں فتح بیت المقدس کے بعد مسجد اقصی کو تمام عیسائیوں کے نشانات سے پاک کیا۔ محراب کو دوبارہ تعمیر کیا۔ اس کے بعد یہ مسجد ایک مختصر مدت کے علاوہ ہمیشہ مختلف اسلامی حکومتوں کی سر پرستی میں رہی۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥