درس حدیث
زمرہ : النور

عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ الله عَنْهُ، قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ ﷺ: ’’لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ، وَوَلَدِهِ، وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ۔‘‘

 (صحیح البخاری، كتاب الإيمان، باب حلاوة الإيمان، حديث: ١٥)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی شخص (کامل) مومن نہیں ہو سکتا، جب تک کہ میں اس کے نزدیک اس کے والد، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے بڑھ کر محبوب نہ بن جاؤں۔‘‘

یہ حدیث ایمان کے ایک بنیادی اصول کو واضح کرتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت ہر محبت پر غالب ہو، حتیٰ کہ ماں، باپ، اولاد اور پوری انسانیت کی محبت پر بھی۔

محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایمان کی بنیاد ہے

اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا:

قُلۡ اِنۡ كَانَ اٰبَآؤُكُمۡ وَاَبۡنَآؤُكُمۡ وَاِخۡوَانُكُمۡ وَاَزۡوَاجُكُمۡ وَعَشِيۡرَتُكُمۡ وَ اَمۡوَالُ ۨاقۡتَرَفۡتُمُوۡهَا وَتِجَارَةٌ تَخۡشَوۡنَ كَسَادَهَا وَ مَسٰكِنُ تَرۡضَوۡنَهَاۤ اَحَبَّ اِلَيۡكُمۡ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُوۡلِهٖ وَ جِهَادٍ فِىۡ سَبِيۡلِهٖ فَتَرَ بَّصُوۡا حَتّٰى يَاۡتِىَ اللّٰهُ بِاَمۡرِهٖ‌ ؕ وَاللّٰهُ لَا يَهۡدِى الۡقَوۡمَ الۡفٰسِقِيۡنَ ۞ (التوبة: ٢٤)

اے نبی ! کہہ دو کہ اگر تمہارے باپ، بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، تمہارے عزیز و اقارب اور تمہارے وہ مال جو تم نے کمائے ہیں، وہ کاروبار جن کے ماند پڑجانے کا تم کو خوف ہے اور تمہارے وہ گھر جو تم کو پسند ہیں، تم کو اللہ اور اس کے رسول اور اس کی راہ میں جہاد سے عزیز تر ہیں، تو انتظار کرو۔ یہاں تک کہ اللہ اپنا فیصلہ تمہارے سامنے لے آئے اور اللہ فاسق لوگوں کی رہنمائی نہیں کیا کرتا۔
اس آیت میں جن رشتوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان سے انسان کو فطری لگاؤ ہوتا ہے۔ اس لیے انہی چیزوں سے مومنوں کے ایمان کا امتحان لیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ واضح فرما رہے ہیں کہ جب اللہ اور اس کے رسول کی محبت، ماں باپ اور دیگر عزیز و اقارب سے زیادہ ہو، تبھی ایمان کا دعویٰ صحیح ہوسکتا ہے۔ اگر یہ رشتہ دار اور کمائے ہوئے مال اور دنیا کی زمین وجائیداد اور تجارت اور پسندیدہ مکانات خدا اور رسول اور جہاد فی سبیل اللہ سے زیادہ محبوب و مرغوب ہیں تو خدا کے عذاب کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔
محبت ایک فطری کشش کا نام ہے۔ ایک ایسا میلانِ نفس جو ہمیشہ پسندیدہ اور مرغوب چیزوں کی جانب ہوا کرتا ہے۔ یہ محبت اگر قرابت داری کی بنیاد پر ہو تو ’طبعی محبت‘ کہلاتی ہے اور اگر کسی کے جمال وکمال یا احسان کی وجہ سے ہو تو ’عقلی محبت‘ کہلاتی ہے اور اگر یہ محبت مذہبی رشتے کی بنیاد پر ہو تو’روحانی محبت‘ یا ’ایمان کی محبت‘ کہلاتی ہے۔
رسول اللہﷺکے ساتھ ’محبت طبعی‘ بھی ہے، جیسی اولاد کی محبت باپ سے ہوتی ہے، کیوں کہ آں حضور صلی اللہ علیہ وسلم اُمت کے روحانی باپ ہیں اور آپ کی ازواجِ مطہرات ’روحانی مائیں‘۔ جیسا کہ سورۃ الاحزاب میں فرمایاگیا: وَاَزْوَاجُهٗ اُمَّهَاتُهُمْ۔ بعض شاذ قرأتوں میں ’ھو أبوھم‘ کا لفظ بھی آیا ہے کہ نبی کریم تمہارے والد کی جگہ پر ہیں۔ تو جس طرح حقیقی باپ سے محبت طبعی ہے اسی طرح آپ سے محبت ایک مسلمان کے لیے بالکل فطری امر ہے۔ یہ محبت صرف جذباتی نہیں بلکہ عملی ہونی چاہیے۔ یعنی اطاعت، اتباع، قربانی اور وفاداری میں بھی رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وسلم سے محبت کو ترجیح دی جائے۔

ایمان کا معیار

اگر کسی کا دل ایسی محبت سے خالی ہے تو ایمان ادھورا ہے اور یہ محبت اللہ کی محبت کے بعد سب سے بلند درجہ رکھتی ہے۔ صحابہ آپ سے اسی کمال درجہ کی محبت کرتے تھے، اس کی کچھ جھلکیاں ہم یہاں پیش کریں گے۔

حضرت عمرؓ کے ایمان کا کمال

صحیح بخاری میں آتا ہے کہ ایک مرتبہ حضرت عمرؓ نے عرض کیا:‘‘یارسول اللہ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ محبوب ہیں، سوائے میری جان کے۔’’ آپ ﷺ نے فرمایا: ‘‘نہیں، عمر! جب تک میں تمہیں تمہاری جان سے بھی زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔‘‘ حضرت عمرؓ نے فوراً کہا: ’’اب اللہ کی قسم! آپ مجھے میری جان سے بھی زیادہ محبوب ہیں۔‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اب اے عمر! تمہارا ایمان کامل ہوا۔’’

غزوۂ اُحد میں جانثاری

حضرت طلحہؓ غزوۂ اُحد میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دشمن کے تیروں سے بچانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے کرتے رہے، حتیٰ کہ ہاتھ مفلوج ہوگیا۔ صحابہؓ کہتے تھے: ’’طلحۃ الیومَ أحیا‘‘ (آج طلحہ نے اپنی جان دے کر بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زندہ رکھا)۔ یہ اس محبت کا عملی مظاہرہ تھا جو ایمان کی شرط ہے۔

حضرت زیدؓ بن دثنہ کا واقعہ

کفارِ مکہ نے حضرت زیدکو قتل کرنے سے پہلے کہا: ‘‘کیا تم یہ پسند کرتے ہو کہ تمہاری جگہ محمد ﷺ ہمارے پاس ہوں اور تم اپنے گھر میں صحت مند ہوتے؟‘‘ حضرت زیدؓ نے کہا: ’’اللہ کی قسم! میں یہ بھی پسند نہیں کرتا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ مجھے معمولی سا کانٹا بھی چبھ جائے اور میں سلامت رہوں۔‘‘ یہ سن کر ابو سفیان (اس وقت مسلمان نہ تھے) نے کہا: ’’میں نے دنیا میں محمد ﷺ کے صحابہ سے زیادہ کسی کو اپنے نبی سے اتنی محبت کرتے نہیں دیکھا۔’’

محبتِ رسول ﷺ کے تقاضے:

(۱) احترام و تعظیم رسولؐ

 ’’ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں‘‘۔ حب ِ رسولؐ کا لازمی اور اہم تقاضا احترامِ رسولؐ ہے۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر جب عروہ بن مسعودؓ مکہ والوں کی طرف سے سفیر بن کر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا تھا تو واپس جاکر اپنا چشم دید واقعہ بیان کیا، جیسا کہ صحیح بخاری شریف میں ہے۔عروہ اپنے ساتھیوں کی طرف لوٹ کر گیا اور کہنے لگا کہ ’’بھائیو! میں تو بادشاہوں کے پاس بھی پہنچ چکا ہوں۔ خدا کی قسم! اس نے کسی بادشاہ کو ایسا نہیں دیکھا کہ لوگ اس کی ایسی تعظیم کرتے ہوں، جیسے محمد کی تعظیم ان کے اصحاب کرتے ہیں۔ خدا کی قسم! اگر وہ تھوکتے ہیں تو ان کا تھوک کسی نہ کسی صحابی کے ہاتھ پر گرتا ہے اور وہ اپنے منہ اور جسم پر تبرکا اس کو مل لیتا ہے۔ وہ جب کوئی حکم دیتے ہیں تو سب لپک کر ان کے حکم کو بجا لاتے ہیں، وضو کرتے ہیں تو اس کا پانی ان کے لیے باعث برکت ٹھہرتا ہے اور اس کو لینے کے لیے چھینا جھپٹی کرتے ہیں۔ وہ بولتے ہیں تو ان کے ساتھیوں کی آوازیں پست ہوجاتی ہیں۔ وہ ان کی طرف گھور گھور کر، آنکھ بھر کر نہیں دیکھتے۔‘‘(بخاری)

(۲) حب رسول کا حقیقی معیار: اطاعت رسول

حب رسول کا سب سے اہم تقاضا اطاعت رسول ہے، جیسا کہ ذیل کی روایات سے ثابت ہوتا ہے: ایک صحابیؓ خدمت اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: ’’یارسول اللہ! میں آپ کو اپنی جان و مال، اہل و عیال سے زیادہ محبو ب رکھتا ہوں، جب میں اپنے گھر میں اپنے اہل وعیال کے ساتھ ہوتا ہوں اور شوق زیارت بے قرار کرتا ہے تو دوڑا دوڑا آپ کے پاس آتا ہوں، آپ کا دیدار کرکے سکون حاصل کرلیتا ہوں، لیکن جب میں اپنی اور آپ کی موت کو یاد کرتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ آپ تو انبیا کے ساتھ اعلیٰ ترین درجات میں ہوں گے، میں جنت میں گیا بھی تو آپ تک نہ پہنچ سکوں گا اور آپ کے دیدار سے محروم رہوں گا۔ (یہ سوچ کر) بے چین ہوجاتا ہوں۔‘‘ اس پر اللہ تعالیٰ نے سورۃ النساء کی یہ آیت نازل فرمائی:

وَمَن يُطِعِ اللَّهَ وَالرَّ‌سولَ فَأُولـٰئِكَ مَعَ الَّذينَ أَنعَمَ اللَّهُ عَلَيهِم مِنَ النَّبِيّـۧنَ وَالصِّدّيقينَ وَالشُّهَداءِ وَالصّـٰلِحينَ ۚ وَحَسُنَ أُولـٰئِكَ رَ‌فيقًا.

(النساء: ٦٩) ’’اور جو لوگ اللہ اور رسول کی اطاعت کریں گے، وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ تعالیٰ نے انعام فرمایا ہے، یعنی انبیا، صدیقین، شہدا اور صالحین. کیسے اچھے ہیں یہ رفیق جو کسی کو میسر آئیں۔‘‘ (المصباح المنیر فی تہذیب تفسیر ابن کثیر،ص:۲۴۳)
صحابی کے اظہارِ محبت کے جواب میں اللہ نے یہ آیت نازل کرکے واضح فرما دیا کہ اگر تم حب ِرسول میں سچے ہو اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت حاصل کرنا چاہتے ہو تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و فرمانبرداری اختیار کرو۔

(۳) قلبی محبت

تکمیل ایمان کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صرف ظاہری اطاعت ہی نہیں، بلکہ قلبی تسلیم ورضا بھی ضروری ہے۔ فرمانِ باری تعالیٰ ہے: 

 فَلا وَرَ‌بِّكَ لا يُؤمِنونَ حَتّىٰ يُحَكِّموكَ فيما شَجَرَ‌ بَينَهُم ثُمَّ لا يَجِدوا فى أَنفُسِهِم حَرَ‌جًا مِمّا قَضَيتَ وَيُسَلِّموا تَسليمًا.

(النساء: ٦٥) ’’نہیں، تمہارے ربّ کی قسم یہ کبھی مؤمن نہیں ہوسکتے جب تک اپنے باہمی اختلافات میں آپ کو فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں۔ پھر جو کچھ آپ فیصلہ کریں اس پر اپنے دلوں میں کوئی تنگی بھی محسوس نہ کریں بلکہ دل و جان سے اسے تسلیم کرلیں۔‘‘

(۴) اتباع رسول

اتباع اور اطاعت کے معنی میں یہ فرق ہے کہ اطاعت کا مطلب دیے گئے حکم کی تعمیل کرنا ہے، مگر اتباع کا مطلب پیروی کرنا ہے، چاہے اس کام کا باقاعدہ حکم دیا گیا ہو یا نہ دیا گیا ہو۔ گویا یہ مقام عقیدت ہے کہ محبوب کی ہر ادا پر قربان ہونے کو جی چاہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو حضور سے جو والہانہ محبت تھی، اسی کا نتیجہ تھا کہ وہ ہر اس کام کو کرنے کی کوشش کرتے جو حضور نے کیا ہوتا۔ ان کو وہی کھانا پسند ہوتا جو آپ کو پسند ہوتا۔ جس مقام پر آپ تشریف فرما ہوتے یا نماز پڑھ لیتے، وہ جگہ بھی واجب الاحترام ہوجاتی اور اس مقام پر وہی عمل انجام دینا وہ اپنی سعادت جانتے، جیساکہ درج ذیل روایات سے واضح ہوتا ہے: موسیٰ بن عقبہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سالم بن عبداللہ بن عمر کو دیکھا کہ وہ دوران سفر راستے میں بعض مقامات تلاش کرتے تھے اور وہاں نماز پڑھتے تھے کیوں کہ انھوں نے اپنے والد عبداللہ کو اور انھوں نے اپنے والد عمر کو وہاں نماز پڑھتے دیکھا تھا اور عمرؓ وہاں اس لیے نماز پڑھتے تھے کہ انھوں نے آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کو وہاں نماز پڑھتے دیکھا تھا۔ (بخاری: ۴۸۳)

(۵) درود کا اہتمام

حب رسول کے اظہار و اثبات کے لیے لازم ہے کہ جب آنحضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا نام نامی پڑھنے، سننے یا بولنے میں آئے تو فوراً صلوٰۃ و سلام کا ورد زبان پر جاری ہوجائے۔ خود اللہ اور اس کے فرشتے بھی آنحضورؐ پر درود بھیجتے ہیں۔ سورۃ احزاب میں ارشاد ہے:

إِنَّ اللَّهَ وَمَلـٰئِكَتَهُ يُصَلّونَ عَلَى النَّبِىِّ، يـٰأَيُّهَا الَّذينَ آمَنوا صَلّوا عَلَيهِ وَسَلِّموا تَسليمًا.

(الأحزاب: ٥٦) ’’بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبیؐ پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی آپؐ پر درود و سلام بھیجو۔‘‘
آخر میں حب رسول کے دعویداروں سے یہ بات پھر عرض کرنا ہے کہ اتباع سنت اور اطاعت ِرسول صرف چند عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ اطاعت رسول ساری کی ساری زندگی پر محیط ہے۔ نماز کی ادائیگی میں جس طرح اتباع سنت مطلوب ہے، اسی طرح اخلاق و کردار میں بھی اتباع سنت مطلوب ہے۔ جس طرح روزے اور حج کے مسائل میں اتباع سنت ہونی چاہیے۔ اسی طرح کاروبار اور باہمی لین دین میں بھی یہ مطلوب ہے۔ منکرات کے خلاف جہاد ہو یا حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کا معاملہ ہو۔ سنت رسول ہر جگہ جاری ہونی چاہیے۔ اے اللہ! ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی اور عملی محبت نصیب فرما۔ آمین

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو حضور سے جو والہانہ محبت تھی، اسی کا نتیجہ تھا کہ وہ ہر اس کام کو کرنے کی کوشش کرتے جو حضور نے کیا ہوتا۔ ان کو وہی کھانا پسند ہوتا جو آپ کو پسند ہوتا۔ جس مقام پر آپ تشریف فرما ہوتے یا نماز پڑھ لیتے، وہ جگہ بھی واجب الاحترام ہوجاتی اور اس مقام پر وہی عمل انجام دینا وہ اپنی سعادت جانتے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥