جنگل کے بیچ و بیچ پرانے جامن کے درخت پر ایک میٹنگ ہوئی۔ ننھی مینا، رنگ برنگی تتلیاں، شہد کی مکھیاں، چڑیاں، خرگوش اور ہرن سب ایک ایک کرکے جمع ہوگئے۔ اچانک سفید کبوتر ہانپتا کانپتا ہوا آیا۔ اس کی آنکھوں میں آنسو تھے اور پروں پر گرد جمی ہوئی تھی۔ ’’کیا ہوا کبوتر بھائی؟‘‘ مینا نے گھبرا کر پوچھا۔ کبوتر نے سر جھکایا اور کہا: ’’ بہت بری خبر ہے۔ میں فلسطین کے شہر غزہ سے آ رہا ہوں۔ وہاں بچوں کے چہرے زرد ہیں۔ ان کے پاس کھانا نہیں۔۔۔ دوا نہیں۔۔۔ اور امن بھی نہیں۔۔۔ اوپر سے بم گرتے ہیں اور نیچے زمین پر بھوک سے تڑپتے بچے روتے ہیں۔۔۔!‘‘
ننھی تتلی نے اپنے پر جھکا دیے۔ ’’تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟ ہم تو بہت چھوٹے ہیں۔۔۔‘‘ چڑیا نے کہا: ’’چھوٹے سہی، لیکن ہم سب مل کر کچھ نہ کچھ ضرور کر سکتے ہیں۔ میں ہر روز دانہ چگ چگ کر غزہ لے جاؤں گی!‘‘
مینا بولی: ’’میں روز ایک ننھی سی خوشی کی خبر لے جاؤں گی، شاید کسی بچے کے چہرے پر مسکراہٹ آ جائے!‘‘
شہد کی مکھیوں نے کہا: ’’ہم پھولوں پر زیادہ محنت کریں گے۔ شہد جمع کریں گے تاکہ بیمار بچوں کی طاقت لوٹے۔‘‘
نازک رنگین تتلیوں نے کہا: ’’ہم شھد کی مکھیوں کو پھولوں کا پتہ دکھائیں گے۔‘‘
ہرنوں نے گردن جھکا کر کہا: ’’ہمارے پاس صرف دودھ ہے اور ہم اپنا دودھ بانٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم غزہ کے بچوں کے لیے دودھ دیں گے!‘‘
خرگوش بولا: ’’میری کھال نرم ہے، میں چاہوں تو کسی بچے کو سردی میں گرمی دے سکتا ہوں۔ میں چھوٹا ہوں مگر کچھ کرسکتا ہوں۔‘‘
کبوتر کی آنکھوں سے آنسوں ٹپکنے لگے۔ اس بار وہ غم کے نہیں، اُمید کے تھے! ’’میں امن کا پیغام لے کر دوبارہ غزہ جاؤں گا۔ میں اُن بچوں کو بتاؤں گا کہ بہت دور، ایک جنگل میں چھوٹے چھوٹے جانور تم بچوں سے بہت پیار کرتے ہیں۔ تم تنہا نہیں ہو!‘‘
سب نے ایک آواز میں کہا: ’’ہمیں کسی کا ڈر نہیں، نہ بموں کا، نہ دوری کا، جو جتنی مدد کر سکتا ہے ضرور کرے گا۔ یہ جان تو ایک دن جانی ہے اور مرنے کے بعد ہمیں اللہ کے سامنے جواب دینا ہے۔ اس وقت ہم یہ کہہ کر بری ہوسکیں گے کہ مالک جب تیرے مجبور و معصوم بندے بھوکے تھے، ہم نے ان کے درد کو سمجھا اور اپنی سکت بھر کوشش کی۔ وہ مالک دلوں کا حال جانتا ہے۔‘‘
اسی شام جنگل میں ننھے پرندے چونچوں میں دانے لیے، تتلیوں کے پروں پر پھولوں کی خوشبو، دودھ والی ہرنیاں، شہد کی مکھیاں اور خرگوش سب امن کے پیام بر کبوتر کے ساتھ روانہ ہوئے۔ غزہ کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں اب اُمید کا ایک چھوٹا سا دیا جلنے والا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments