مشہور مصری مصنف ڈاکٹر طہ حسین کا قول ہے کہ تعلیم ہوا اور پانی کی طرح ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ وہ ہوا اور پانی کی طرح تعلیم کو انسان کے بنیادی حقوق میں شامل کرتے ہیں۔ ان کا ماننا تھا کہ تعلیم کے بغیر آپ کسی بھی سماج اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتے۔ ان ہی کی طرح دنیا کے بیشتر مفکرین اور مصلحین نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا ہے۔
دوسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی ہم سماجی تفریق کے مسئلہ کے حل کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا اور بالخصوص ہمارے ملک میں امیر اور غریب کے درمیان کی خلیج بہت گہری ہوچکی ہے اور اس کی ایک اہم وجہ وسائل اور ذرائع آمدنی پر ایک طبقہ کا بڑھتا ہوا تسلط بھی ہے۔
عالمی یومِ خواندگی جو ہر سال ۸؍ ستمبر کو یونیسکو کی جانب سے منایا جاتا ہے، اس بڑھتی ہوئی تفریق کے خلاف ایک امید کی کرن کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ اس دن کا آغاز ۱۹۶۷ء میں ہوا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد انسانی سماج میں خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور تعلیم کو سب کا بنیادی حق ثابت کرنا ہے۔
خواندگی کی تعریف
جب ہم خواندگی کا لفظ سنتے ہیں تو اس کی روایتی اور بنیادی تعریف ہمارے ذہن میں آتی ہے جس کے مطابق کسی بھی زبان میں بنیادی طور پر پڑھنے، لکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت کو خواندگی کہتے ہیں۔ لیکن وقت کے ساتھ اس کی تعریف میں وسعت پیدا ہوئی ہے اور جدید تعریف کے مطابق خواندگی سے مراد وہ علم، مہارتیں اور صلاحیتیں ہیں جو کسی فرد کو کسی خاص معاشرے میں موثر طریقے سے کام کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور ترقی کرنے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔ یہ صرف الفاظ کو پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں، بلکہ معلومات کو سمجھنے، استعمال کرنے اور تنقیدی انداز میں سوچنے کی اہلیت کا نام ہے۔
جب ہم اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اس دن کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں تو پہلی وحی کی آیات کریمہ ہمارے ذہن و فکر کو جلا بخشتی ہیں: اقَرأ باسم ربک الذی خلق.
خَلَقَ الْإِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ. اقْرَأْ وَرَبُّكَ الْأَكْرَمُ الَّذِي عَلَّمَ بِالْقَلَمِ. عَلَّمَ الْإِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ.
(سورة العلق) ’’پڑھیے اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا، اس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا، پڑھیے اور تمہارا رب بڑا کریم ہے، جس نے قلم کے ذریعے علم سکھایا، اس نے انسان کو وہ باتیں سکھائیں جو وہ نہیں جانتا تھا.‘‘
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت نے جس علمی انقلاب کو برپا کیا، یہ آیات کریمہ اسی کا نقطۂ آغاز تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح جنگ بدر میں لکھنا پڑھنا سکھانے والے قیدیوں کو بلا معاوضہ آزاد کیا، وہ ایک عہد ساز قدم تھا۔ جس نے علم اور خواندگی کی اہمیت کو ہمیشہ کے لیے انسانی معاشرے میں ثابت کردیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات اور اقدامات سے علم اور تقوی کو اسلامی معاشرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان تعلیمات کے بابرکت نتائج سے پوری دنیا فیض یاب ہوئی۔
آج جب ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں عالمی خواندگی اعداد وشمار کو دیکھتے ہیں، تو اس وقت کے عالمی سطح پر خواندگی کی شرح 86.3 ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی تقریباً ۸۶۷؍ ملین بالغ آبادی (۱۵ سال سے زائد عمر) ابھی بھی ناخواندہ ہے۔ اس وقت جنوبی ایشیا اور افریقہ کے ممالک کی شرح خواندگی پوری دنیا میں سب سے کم ہے۔
جنوبی ایشیا 72.9؍ فیصد
ذیلی صحارا افریقہ 65؍ فیصد
مشرق وسطی 80.8؍ فیصد
لاطینی امریکہ 93.7؍ فیصد
یورپ/شمالی امریکہ 99؍ فیصد
جب ہم عالمی سطح پر ناخواندگی کی وجوہات تلاش کرتے ہیں تو اس میں سب سے پہلا مسئلہ غربت اور وسائل کی کمی کا آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں آج بھی۲۵؍ کروڑ بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ دوسری اہم وجہ جنگ اور نقل مکانی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیسرا مسئلہ صنفی تفاوت کا ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر ناخواندہ بالغوں میں سے دو تہائی تعداد خواتین کی ہے۔ ہمارے ملک میں آزادی کے وقت خواندگی کی شرح ۱۴؍ فیصد تھی جو ۲۰۲۳، ۲۴ء کے اعدادوشمار کے مطابق 80.9 ؍ فیصد ہے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے، مگر جہاں ہم پاکستان (۵۸؍ فیصد) اور بنگلہ دیش (61.5؍ فیصد ) سے بہتر ہیں۔ وہیں چین (96.4؍ فیصد )، سری لنکا (92.6؍ فیصد) اور عالمی اوسط (86.3؍ فیصد ) سے ابھی بھی پیچھے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے ملک میں مختلف صوبوں میں خواندگی کی شرح میں شدید تفاوت پایا جاتا ہے: جہاں کیرالہ ملک بھر میں 95.3 ؍ فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، وہیں بہار میں شرح خواندگی 74 ؍ فیصد ہے۔ ملک بھر میں جہاں دیہی اور شہری علاقوں کی شرح خواندگی میں واضح فرق ہے وہیں مختلف مذہبی برادریوں کی خواندگی کی شرح میں بھی قابل ذکر فرق موجود ہے۔
عیسائی 84.53؍ فیصد
جین 94.88؍ فیصد
ہندو 73.27؍ فیصد
مسلمان 68.54؍ فیصد
خواندہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق مسلمانوں میں شرح خواندگی میں کمی کی اہم وجہ ان کی معاشی پسماندگی ہے۔ دوسرے نمبر پر تعلیمی اداروں تک ان کی محدود رسائی ہے۔ اس کے علاوہ ثقافتی رکاوٹیں بھی ان کی منزل مشکل بنا دیتی ہیں۔ لیکن حقیقت یہ بھی ہے کہ خود مسلمانوں کی اکثریت کے اندر اجتماعی ترقی اور قومی فلاح کا تصور بہت کمزور ہے۔ ہر کام کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال کر بری الذمہ ہونے کے بجائے آگے بڑھ کر تعلیم اور خواندگی کی مہم میں حصہ داری ضروری ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کے اقدامات اور پالیسیوں کا علم ہونا بھی لازمی ہے۔ جیسے ۲۰۲۴ء میں شروع کی گئی اُلاس اسکیم(ULAS) ، جس کا مقصد ہے ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی سمیت جامع تعلیم فراہم کرنا۔ اس کے تحت ۲۰۳۰ء تک ۱۰۰؍ فیصد خواندگی کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اسی طرح ساکشر بھارت مشن کے تحت7.5 کروڑ بالغوں کو خواندہ بنانے کا ہدف ہے، جس میں9.81 ؍ ملین اقلیتیں شامل تھیں۔ قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ء، جس کے تحت تعلیمی ڈھانچہ 5+3+3+4میں تبدیل ہوا ہے، وہیں مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کا حق بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے خواتین اور پسماندہ طبقات کے لیے مخصوص اسکالرشپ اسکیمیں بھی ہیں جن کا علم ہونا ضروری ہے۔
آج جہاں ہم سب کے لیے ملک کی خواندگی کے میدان میں قابل قدر ترقی خوشی کا باعث ہے، وہیں مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی باعث رنج بھی ہے اور باعث غور و فکر بھی۔ کیوں کہ ہم وہ امت ہیں جس کی بنیاد ہی اقرأ (پڑھیے) کے اوپر ہے۔ ہمارے لیے علم ایک انتخاب نہیں بلکہ دینی فریضہ ہے۔ ایک ایسا اہم فریضہ جس کی تکمیل سے ہم بحیثیتِ مسلمان منھ نہیں موڑ سکتے۔ حالات سازگار ہوں یا نا سازگار، ہم دینی شعور، سماجی بیداری اور مستحکم تعلیمی ڈھانچے کے ذریعے اپنے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کرسکتے ہیں اور علم کی روشنی سے اپنے اطراف کے اندھیروں کو روشن کر سکتے ہیں۔ یہی وقت کی پکار ہے اور بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری بھی۔
٭ ٭ ٭
عالمی یومِ خواندگی جو ہر سال ۸؍ ستمبر کو یونیسکو کی جانب سے منایا جاتا ہے، اس بڑھتی ہوئی تفریق کے خلاف ایک امید کی کرن کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ اس دن کا آغاز ۱۹۶۷ء میں ہوا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد انسانی سماج میں خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور تعلیم کو سب کا بنیادی حق ثابت کرنا ہے۔


0 Comments