ملکی و عالمی منظر

ملکی منظر نامہ

ووٹ چور گدی چھوڑ۔۔۔!

قارئین کرام! گزشتہ ماہ وطنِ عزیز میں ایک اہم مسئلہ منظر عام پر آیا، جس نے عوام الناس میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے۔ ۷؍ اگست کے روز کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس کی۔ اس پریس کانفرنس میں انہوں نے مع ثبوت ببانگ دہل یہ کہا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے الیکشن میں بڑے پیمانے پر ’’ووٹ چوری‘‘ ہوئی ہے۔ یہ کوئی معمولی الزام ہرگز نہیں ہے۔ یہاں لفظ جمہوریت ہی سوالیہ نشان بن کر رہ جاتا ہے۔ معاملے کی تفصیلات دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ تمام تر ثبوتوں کے مطابق قریباً 1,00,250 ووٹ چوری کیے گئے ہیں، جو اپنے آپ میں انتہائی غیر معمولی اور حیران کن ہے۔ ووٹر آئی ڈی میں ہونے والی گڑبڑ بھی کسی طرح سے معمولی نہیں ہے۔ زندہ افراد کو مردہ قرار دینا اور کہیں مردہ کو زندہ بتادینے کا معر طلب ہے۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ انتہائی صفائی کے ساتھ اور بغیر بھنک لگے فرضی ووٹرز فہرست میں شامل کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں پانچ طریقے بھی بتائے، جس بنیاد پر یہ پورا معاملہ ٹکا ہوا ہے۔ سب سے پہلے توفرضی ووٹرز فہرست میں شامل کیے جاتے ہیں اور تحقیق کے مطابق ان کی تعداد 11,965 ہے۔ دوسرا طریقہ یہ کہ جعلی ووٹرز ایسے ایڈریس پر رجسٹرڈ ہیں جس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے اور تحقیق کے مطابق ان ووٹروں کی تعداد 40,009 ہے۔ تیسرا طریقہ ذہن سے پرے ہے۔ یوں کہ ایک ہی ایڈریس پر رہنے والے سینکڑوں ووٹرز جسٹرڈ ہیں جو اپنے آپ ہی میں ناممکن بات ہے۔ اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مثال بھی پیش کی گئی کہ ایک دس sq کے روم میں ۸۰؍ ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔ صرف یہی نہیں بلکہ انڈیا ٹوڈے نے جب اس الزام کی تحقیق کی تو یہ حیران کن معاملہ واقعی حقیقی ثابت ہوا اور ایسے ووٹرز کی تعداد رپورٹ کے مطابق 10,452 ہیں۔ چوتھا جعلی طریقہ یوں ہے کہ مسئلہ ووٹرز کی تصویر میں ہے اور کہیں کہیں تصویر ہے ہی نہیں۔ اس معاملے میں درج ہونے والے ووٹرز کی تعداد 4132 ہیں۔ پانچواں طریقہ یہ ہے کہ بزرگ اور عمر دراز ووٹرز کو First time voter کے طور پر فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور ان کی تعداد رپورٹ کے مطابق 33,692 ہے۔ ان اعداد و شمار کو قلم بند کرنے کا مقصد یہی ہے کہ اتنے ٹھوس ثبوت کے ساتھ الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ سروے ملک کے فقط ایک حصے کا ہے۔ ایک عام شہری بھی اتنا بیدار ذہن تو ہے ہی کہ وہ سوچ سکے کہ جب ایک حصے کا یہ حال ہے تو پورے ملک میں ووٹ کو لے کر سختی سے سروے کیا جائے تو کیا نتیجہ ہوگا۔ انہیں اشاروں سے یہ نتیجہ اخذ ہوا کہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی کوئی نظیر نہیں۔ ساتھ ہی اس کا بھرپور اثر۲۰۲۴ء لوک سبھا الیکشن کے نتائج پر لازماً ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دہلی الیکشن سے پہلے عام آدمی پارٹی کی جانب سے ووٹ چوری کے کئی ثبوت بتائے گئے تھے، مگر الیکشن کمیشن کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ بلکہ اس کے علی الرغم الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ الزامات فقط گمراہ کرنے کے لیے ہیں۔ بغیر کسی تفتیش کے، بغیر کوئی تحقیق کیے، بغیر کوئی اختلافی رائے قائم کیے یہ جملہ کہہ دینا الیکشن کمیشن کو مزید مشکوک کردیتا ہے۔ یہاں اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کہ ایک جمہوری ملک میں ٹرانسپرنسی کے نام پر جو کھیل کھیلا جارہا ہے وہ کس قدر گھٹیا ہے۔ لاکھوں ووٹ چوری ہونا کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ حکومت بنانے کے لیے اور مخالف کو گرانے کے لیے حد سے کافی ہے۔ اتنے ٹھوس ثبوت اور تحقیقات کے بعد بھی الیکشن کمیشن کی بے حسی اور لاپرواہی پر حیرت ہے کہ ذمہ داری اور دیانت داری لفظ کی کوئی حقیقت اس ضمن میں ہے بھی یا نہیں۔ ایک جمہوری ملک میں جس کی جمہوریت کے قصیدے عالمی سطح پر پڑھے جاتے ہوں، اور دستور کی مثال دی جاتی ہو اس قسم کے حقائق کا آشکار ہونا انتہائی شرمناک ہے۔ اس سے زیادہ شرمناک حکومت اور الیکشن کمیشن کی بے حسی ہے کہ اس قدر حساس مسئلے کو حددرجہ ہلکے طور پر لیا جارہا ہے۔ یہ عوام کا حق ہے کہ وہ اپنا حکمراں بذات خود چنے۔ یہ عوام کا حق ہے کہ وہ کس نمائندے کو اپنے حق میں بہتر سمجھتی ہے۔ مگر یہاں حقوق کی پامالی کے ساتھ ہی ناانصافی اور گھٹیاپن کی جو حدود پار ہوئی ہیں، اس پر الیکشن کمیشن سے لازمی سوال کیا جانا چاہیے۔ اندھا قانون کیا واقعی اس قدر اندھا ہوگیا ہے کہ اتنے ثبوتوں کے بعد بھی ایک ایسے حاکم کو ہم پر مسلط رکھے جو حاکم کہلانے کے لائق ہی نہیں اور نہ ہی اس کا حقدار ہے۔ اس ضمن میں فوری کوشش کی جائے۔ اس سے قبل کہ عوام اپنے اس نعرے پر شدت پسند ہوجائے: ’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘

زندہ ہے علی گڑھ۔۔ ۔زندہ ہے!

حالیہ دنوں علی گڑھ سے اٹھنے والے اس نعرے نے تعلیمی اداروں کو بیدار کردیا ہے۔ ملک کے ایک ایسے نامور ادارے سے فیس بڑھانے کا مسئلہ سامنے آیا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک کی علامت ہے، جو بانی علی گڑھ سرسید کے وژن کا عملی مظہر ہے۔ اے ایم یو جیسے ادارے کی یہ بہت ہی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نصب العین کو اور اس بات کو ہر صورت یاد رکھے کہ تعلیم کو ہر خاص و عام کے لیے قابل رسائی بنانا ہے۔ فیس میں بے جا اضافہ کرنا اس مقصد سے انحراف کے مترادف ہے۔ بالخصوص تب جب طلبہ کی ایک بڑی تعداد متوسط یا کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھتی ہو۔ طلبہ نے اس مسئلے کے خلاف احتجاج کیا۔ مگر افسوس کہ جس انداز میں اس احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی اور طلبہ کے ساتھ پروکٹر و دیگر عملے کا غیر اخلاقی و تحقیر آمیز رویہ سامنے آیا، وہ نہ صرف شرمناک ہے بلکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے شایان شان بھی نہیں۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ یوپی پولیس کا کیمپس میں آجانا جو کہیں سے بھی مناسب معلوم نہیں ہوتا۔ فورسز کا تعلیمی اداروں میں یوں عام ہوجانا اور مسئلے کے حل کے لیے طاقت کا سہارا لینا حقیقتاً انتظامیہ کی ناکامی کا ضامن ہے۔ فیس میں اضافہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ احتجاج کرنے والے ایک طالب علم کا کہنا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے فیس بڑھا دی گئی، حتیٰ کہ علم تک نہیں ہوسکا۔ جب انہوں نے پورٹل اوپن کیا، تب علم ہوا کہ فیس میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کم و بیش ۳۶؍ فیصد فیس میں اضافے کی خبر ملی تھی، جبکہ طلباء کا کہنا ہے کہ اس سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ فیس بڑھانا خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک بھر میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اور تعلیم نچلے و متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے افسوسناک ہے۔ طلبہ کا احتجاج محض ایک وقتی رد عمل نہیں، بلکہ یہ اس احساس کی عکاسی ہے کہ وہ اپنے مستقبل، اپنے حق تعلیم اور ادارے کی روح کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا جانتے ہیں۔ یہ کوئی غیر اخلاقی قدم نہیں بلکہ جمہوری دائرے میں ایک جائز مطالبہ ہے۔ انتظامیہ کا فرض عین تھا کہ وہ اس احتجاجی آواز کو دبانے کے بجائے اسے سمجھنے پر غور کرتے۔ کیوں کہ اگر تعلیمی اداروں میں بھی اختلاف رائے کے لیے جگہ نہیں رہے گی تو ہم کیسے ایک بہتر، باشعور اور جمہوری معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں گے؟

عالمی منظرنامہ

درد اتنا ہے کہ ہر رگ میں ہے محشر برپا

قارئینِ کرام! سرزمین انبیاء سے بہتا ہوا لہو کا دریا اب تک نہیں تھما۔ وہاں روزانہ بھوک، بمباری اور ظلم کا شکار ہونے والے معصوم بچے انسانیت کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں۔ ایسے حالات میں اولو العزم انس الشریف جیسے صحافی حق کی آواز بنے تھے، لیکن وہ بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہ رہ سکے۔ انس نے سچ کو دنیا تک پہنچانے کی تگ ودو میں جان کا نذرانہ دیا اور یوں شہداء کی صف میں شامل ہوگئے۔ ان کی شہادت صرف ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ آزادیِ صحافت اور انسانی وقار پر حملہ ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ قابض قوتیں فقط زمین پر نہیں سچ پر بھی قبضہ جمانا چاہتی ہیں۔ انس کے ساتھ ہی بے باک مریم ابو دقہ نے بھی بزم شہادت کو رونق بخشی۔ دل رنجور ہے کہ حق کی برحق آوازیں خاموش ہوگئیں، مگر اپنے رب کے حضور یہی افراد سرخرو ہیں۔ روزانہ موصول ہونے والی دل سوز خبریں سننے کی طاقت اب مفقود ہوتی جارہی ہے۔ نظروں کے ساتھ ہی قوت سماعت بھی اب جواب دے رہی ہے۔ ہم پر فرض ہے کہ ہم ان مظلومین کی آواز بنیں اور شہداء کی قربانی کو سدا یاد رکھیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥