سوال : براہِ کرم چند سوالات کے جوابات مرمت فرمائیں :
(۱) اگر عورت کچھ رقم کی مالک ہو تو اس پر کس کا حق ہوتا ہے؟ شوہر کا یا بچوں کا؟
(۲) ماں کے زیورات بیٹیوں کے ہوتے ہیں یا بیٹوں کے؟ خاص طور پر اس صورت میں جب ماں اپنی زندگی میں کہہ دے کہ وہ بیٹیوں کے ہیں؟
(۳) ماں ملازمت کرتی تھی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اس نے اپنی بیٹیوں کو دو دو لاکھ روپے دیے اور کہہ دیا کہ اب ان کو وراثت میں حصہ نہ دیا جائے، کیا یہ درست ہے؟ کیا اس طریقے سے بیٹیوں کو وراثت سے محروم کیا جا سکتا ہے؟ کیا ماں کے انتقال کے بعد بیٹیاں وراثت کا مطالبہ کر سکتی ہیں؟
(۴) اگر کسی شخص نے اپنی بیٹی سے قرض لیا ہو۔ بڑھاپے میں اب اس کے پاس رقم نہ ہو تو اگر بیٹی قرض معاف کر دے تو کیا شرعی نقطۂ نظر سے وہ معاف ہو جائے گا؟ کیا بیٹی کے لیے ایسا کرنا جائز ہوگا؟
(۵) اگر عورت خلع لے لے اور بچوں کو بھی اپنے ساتھ لے جائے تو کیا شوہر کی جائیداد میں اس کا کچھ حق ہوتا ہے؟
جواب : اسلام نے عورت کا حقِ ملکیت تسلیم کیا ہے۔ جیسے مردوں کو حق حاصل ہے کہ وہ مال کمائیں، اپنی ضروریات کے لیے اسے اپنے پاس رکھیں، کسی کو دینا چاہیں تو اپنی مرضی سے دے سکتے ہیں، ہبہ بھی اور قرض بھی، ماں باپ اور دوسرے قریبی رشتہ داروں کے انتقال پر ان کے مال وراثت میں حصہ پا سکتے ہیں، اسی طرح عورت کو بھی یہ حقوق حاصل ہیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
لِلرِّجَالِ نَصِيۡبٌ مِّمَّا اكۡتَسَبُوۡا ؕ وَلِلنِّسَآءِ نَصِيۡبٌ مِّمَّا اكۡتَسَبۡنَ
(النساء :۳۲) ’’جو کچھ مَردوں نے کمایا ہے اُس کے مطابق ان کا حصّہ ہے اور جو کچھ عورتوں نے کمایا ہے اس کے مطابق اُن کا حصّہ۔‘‘
لِلرِّجَالِ نَصِيۡبٌ مِّمَّا تَرَكَ الۡوَالِدٰنِ وَالۡاَقۡرَبُوۡنَ ۖ وَلِلنِّسَآءِ نَصِيۡبٌ مِّمَّا تَرَكَ الۡوَالِدٰنِ وَالۡاَقۡرَبُوۡنَ
(النساء :۷) ’’مردوں کے لیے اُس مال میں حصّہ ہے جو ماں باپ اور رشتہ داروں نے چھوڑا ہو اور عورتوں کے لیے بھی اُس مال میں حصّہ ہے جو ماں باپ اور رشتہ داروں نے چھوڑا ہو۔‘‘
اسلام کی اس بنیادی تعلیم کی روشنی میں آپ کے سوالات کے جوابات درج ذیل ہیں:
(۱) عورت نے جو کچھ مال خود کمایا ہو یا اسے اپنے ماں باپ یا رشتہ داروں سے ملا ہو، یا کسی نے اسے تحفے میں دیا ہو، وہ اس کی مالک سمجھی جائے گی اور اسے اس میں آزادانہ تصرّف کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ وہ اپنی زندگی میں اس میں سے جتنا چاہے اور جس کو چاہے، دے سکتی ہے۔ اس کے انتقال کے بعد بچّے ہونے کی صورت میں شوہر کا حق ایک چوتھائی(۲۵؍ فیصد) ہوگا، باقی اس کے بچوں کے درمیان میں اس طرح تقسیم ہوگا کہ ہر لڑکے کو ہر لڑکی کے مقابلے میں دو گنا ملے گا (النساء : ۱۱)
(۲) ماں اپنے زیورات کی بھی مالک ہے۔ وہ جس کو چاہے دے سکتی ہے۔ شریعت میں اسے ’ہبہ‘ کہا جاتا ہے۔ ہبہ مکمل ہونے کے لیے شرط یہ ہے کہ جس کو کوئی چیز دی جائے اسے اس کا مالک بنا دیا جائے اور وہ چیز اس کے قبضے میں دے دی جائے، محض زبان سے کہنا کافی نہیں سمجھا جائے گا۔ اگر ماں اپنی زندگی میں اپنی زبان سے کہہ دے کہ اس کے زیورات اس کی بیٹیوں کے لیے ہیں، لیکن انھیں اپنے ہی قبضے اور تصرّف میں رکھے، بیٹیوں کو نہ دے تو بیٹیاں ان کی مالک نہیں سمجھی جائیں گی اور ماں کا انتقال ہونے کے بعد اس کی حیثیت مالِ وراثت کی ہوگی اور تمام ورثہ کا ان میں حصہ لگے گا، الّا یہ کہ دیگر ورثہ اپنی آزاد مرضی سے اپنا حصہ چھوڑ دیں اور انھیں بیٹیوں کو دے دیں۔
(۳) کسی کو کچھ ہبہ کیا جائے تو وراثت میں اس کا حصہ ختم نہیں ہو جاتا۔ ماں نے اپنی زندگی میں بیٹیوں کو دو دو لاکھ روپے دیے تو یہ ’ہبہ‘ کہلائے گا۔ اس کی وجہ سے بیٹیاں وراثت سے محروم نہیں ہوں گی۔ ماں کا انتقال ہونے پر اس کا کل مال تقسیم ہوگا تو اس میں بیٹیاں بھی اپنا حصہ پائیں گی۔ وہ اپنے حصے کا مطالبہ کر سکتی ہیں۔
(۴) عورت کو اپنے مال میں پورا تصرف کرنے کا حق حاصل ہے۔ وہ اپنے باپ کو کچھ قرض دے، بعد میں باپ قرض واپس کرنے کی پوزیشن میں نہ ہو تو بیٹی اپنی آزاد مرضی سے قرض معاف کر سکتی ہے۔ شرعی نقطۂ نظر سے ایسا کرنا جائز ہے۔ اس پر وہ باپ کے ساتھ حسنِ سلوک کا اجر پائے گی۔
(۵) نکاح ختم ہو جائے، چاہے طلاق کے ذریعے یا خلع کے ذریعے، عدّت گزارنے کے بعد عورت کا سابق شوہر سے کوئی تعلق باقی نہیں رہتا۔ اس کی جائیداد میں عورت کا کچھ حق نہیں ہوگا، لیکن بچوں کا تعلق اپنے باپ سے زندگی بھر قائم رہتا ہے۔ باپ کا انتقال ہونے پر بچے اس کی وراثت میں حصہ پائیں گے، چاہے وہ ماں باپ کی علاحدگی کے بعد اپنی ماں کے پاس رہ رہے ہوں اور باپ کی سرپرستی سے محروم رہے ہوں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments