’’ہماری قوم بہت ہی جاہل تھی۔ ہم بتوں کی پوجا کرتے تھے۔ مردار کھاتے تھے۔ برے کام کرتے تھے۔ پڑوسیوں کو ستاتے تھے۔ ہم میں کا طاقتور کمزوروں کا خون چوس لیتا تھا۔ ہم اپنے رشتہ داروں کا حق مار لیتے تھے۔ ہم انہی برائیوں میں دن رات لگے رہتے تھے۔ خدا نے ہم ہی میں سے ایک شخص کو ہمارے پاس رسول بنا کر بھیجا۔ ہم اس شخص کی ہر بات سے اچھی طرح واقف تھے۔ اس کی پوری زندگی اور اس کی زندگی کا ہر کام ہم پر واضح تھا۔ ہم نے اس کو ہمیشہ سچا اور امین پایا۔ وہ ہمیشہ پاک باز اور نیک ثابت ہوا۔ ہم اس کی بزرگی کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔ اس نے ہم کو بتوں کی پوجا سے منع کیا۔ شرک سے روکا۔ اس نے ہم کو توحید کی تعلیم دی۔ سچائی اور امانت داری کا سبق دیا۔ پڑوسیوں اور رشتہ داروں سے محبت کرنا سکھایا۔ اس نے ہمیں تاکید کی کہ ہم جھوٹ نہ بولیں۔ بے قصور کسی کا خون نہ بہائیں۔ یتیم کا مال نہ کھائیں۔ شریف عورتوں پر تہمت نہ لگائیں۔ بت پرستی کو چھوڑ کر ایک خدا پر ایمان لائیں۔ نماز پڑھیں، روزہ رکھیں، اور زکوۃ دیں۔ ہم اس پر ایمان لائے اور اس کی بتائی ہوئی باتوں پر چلے۔ ہم نے بتوں کو پوجنا چھوڑ دیا۔ صرف ایک خدا کی عبادت کرنے لگے۔ حلال کو حلال اور حرام کو حرام سمجھنے لگے۔ اس پر ہماری قوم ہماری دشمن ہو گئی ۔‘‘
یہ ہے تعارف معلم انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا جس نے ایک جاہل اور اجڈ قوم کو تہذیب اور اخلاق سے آراستہ کیا۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا مقصد
قرآن مجید میں چار مقامات پر اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے مقاصد اور فرائض منصبی کی وضاحت فرمائی ہے۔ آپ کو معلم و مربی کے منصب پر فائز کیا ہے۔ آپ کا فرض منصبی یہ ہے کہ آپ لوگوں کے سامنے اللہ کی آیات کی تلاوت کریں، ان کا تزکیہ کریں اور انھیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیں۔ حکمت کی تعلیم کا اہم پہلو یہ ہے کہ علم اور عمل ساتھ ساتھ ہو۔ صرف معلومات میں اضافہ نہیں، بلکہ ہماری زندگیوں میں ا س پر عمل ہو ۔
متعدد احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے معلم ہونے کی صراحت ملتی ہے۔ مسلم شریف میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک ارشاد نقل کیا گیا ہے جس میں آپ نے ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی نے مجھے نہ تو لوگوں کو مشقت میں ڈالنے والا بنا کر بھیجا ہے اور نہ دوسروں کی لغزش کا خواہاں بنا کر بھیجا ہے۔ اس نے تو مجھے ایسا معلم بنا کر بھیجا ہے، جو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تربیت کسی انسان کے بجائے خود اللہ رب العزت نے فرمائی۔ اسی تربیت کا نتیجہ تھا کہ آپ کا اٹھنا بیٹھنا، بات چیت ، رہنا سہنا ،
برتاؤ، سونا جاگنا، خوشی اور غم، لین دین، ملنا جلنا سب کچھ رضائے الہی کے سانچے میں پوری طرح ڈھلا ہوا تھا جو کہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے قابل تقلید ہے ۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ’’حقیقت یہ ہے کہ تمہارے لیے رسول اللہ کی ذات میں ایک بہترین نمونہ ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یوم آخرت سے امید رکھتا ہو اور کثرت سے اللہ کا ذکر کرتا ہو۔‘‘
(سورہ الاحزاب: ۲۱)
آپ کی سیرت طیبہ قرآن کریم کے احکام اور تعلیمات کی جیتی جاگتی مکمل عملی نمونہ تھی۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کسی کے سوال کے جواب میں بجا طور پر کہا تھا: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق سراپا قرآن ہے۔‘‘ (صحیح مسلم: ۷۴۶)
حکیم الاسلام حضرت قاری محمد طیب صاحب رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں: ’’گویا ایک علمی قرآن ہے جو اوراق میں محفوظ ہے اور ایک عملی قرآن یعنی سیرت طیبہ ہے، جو ذات نبوی میں محفوظ ہے اور دونوں آپس میں ایک دوسرے پر من و عن منطبق ہے۔ قرآن کا کہا ہوا حضور کا کیا ہوا ہے اور حضور کا کیا ہوا قرآن کا کہا ہوا ہے۔ قرآن میں جو چیز قال ہے وہی آپ کی ذات نبوی میں حال ہے اور جو قرآن میں نقوش و دوال ہیں وہی ذات اقدس میں سیرت و اعمال ہیں۔‘‘(نقوش کا رسول نمبر ، ۱؍ ۳۸)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ تعلم
اخلاص ایک معلم کے لیے ضروری ہے۔ وہ اپنے طلبہ کے لیے مخلص ہو، ان کے لیے انتہائی شفیق اور ان کی خیر خواہی کے مدنظر اپنے منصب کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہ کرے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا مطالعہ کریں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ آپ کے اندر یہ تمام صفات موجود تھیں ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں: ’’ لوگو تمہارے پاس ایک ایسا رسول آیا ہے جو تم ہی میں سے ہے، جس کو تمہاری ہر تکلیف بہت گراں معلوم ہوتی ہے، جسے تمہاری بھلائی کی لگن لگی ہوئی ہے، جو مومنوں کے لیے انتہائی شفیق نہایت مہربان ہے ۔ ‘‘ (سورہ توبہ : ۱۲۸)
سورہ سبا میں اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں: ’’کہو میں نے اگر اس بات پر تم سے کوئی اجرت مانگی ہو۔ میرا اجر تو اللہ کے سوا کسی اور کے ذمے نہیں ہے اور وہ ہر چیز کا مشاہدہ کرنے والا ہے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی لالچ کے بغیر اپنا فرض منصبی سنبھالا۔ معلم کے کام کی روح محبت اور خیر خواہی ہے۔ اس فریضے کو انجام دینے میں جبر تشدد کی سپرٹ نہیں ہونی چاہیے۔ حضور کو جو حکمت کی تعلیم سکھائی گئی، اس کا تقاضا یہ ہے کہ معلم نرم خو ہو، تندخو نہ ہو۔ حضور اپنے صحابہ کو ہدایت دیتے تھے کہ آسانیاں پیدا کرو، مشکلات پیدا نہ کرو، بشارت دینے والے بنو، نفرت دلانے والے نہ بنو ۔
حکمت کی تعلیم کا تقاضہ یہ ہے کہ خوش آئند طرز تکلم اختیار کیا جائے۔ بحث اور اختلاف کا موقع پیش آئے تو جدال احسن سے کام لیا جائے، یعنی خوشگوار انداز میں تبادلہ خیال کیا جائے۔ لوگوں سے ان کی عقلی و ذہنی استعداد کے مطابق خطاب کیا جائے۔ اس میں عمر کو بھی ملحوظ رکھنا ہوگا، شہری اور دیہاتی کے فرق پر بھی نگاہ رکھنی ہوگی۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم مختصر تدریس اور مختصر تعلیمی خطاب فرماتے۔ طویل خطبہ طویل گفتگو سے پرہیز کرتے۔ اصول و تکرار سے بھی آپ نے بارہا کام لیا۔ کسی اہم بات کو ذہن نشین کرانے کے لیے تین بار اسے دہرائے۔ اسی طرح کسی کے ہاں تشریف لے جاتے تو تین مرتبہ اجازت طلب فرماتے۔ حضور نے تعلیم کے فروغ کے لیے سوال کو یہ فرما کر بڑی اہمیت دی کہ علم ایک صندوق ہے جس کی کنجی سوال ہے۔ یعنی سوالات اٹھانا اور سوالات کا خیر مقدم کرنا بھی منصب معلمی کا لازمہ ہے۔ حضور کی حکمت و تعلیم کا ایک سبق یہ ہے کہ علم دیکھ کر سیکھو کہ کس سے سیکھ رہے ہو۔
بچوں کی تربیت کے سلسلے میں حضور نے والدین کو یہ تاکید کی کہ اپنی ساری اولاد سے مساوات کا معاملہ کریں، ورنہ بچوں میں بگاڑ پیدا ہو جائے گا۔ یہی اصول اجتماعی نظم تعلیم پر بھی لاگو ہوگا۔ درسگاہوں میں تمام طلبہ کے ساتھ مساویانہ معاملہ ہونا چاہیے۔ سب کے لیے حقوق اور فرائض کی یکسانیت کے ساتھ اساتذہ کا رویہ ایک جیسا ہونا چاہیے۔
سزا کے بارے میں دو نکات کی طرف متوجہ کیا گیا؛ ایک یہ کہ شدید ضرورت کے تحت سات سال کی عمر سے سزا دی جا سکتی ہے اور یہ کہ کوئی ایسی جسمانی سزا نہیں دینی چاہیے جو نشان چھوڑنے والی ہو۔لہذا حکمت کی تعلیم کا لازمی تقاضہ یہ ہے کہ جس طرح استاذ کو طلبا کے ساتھ محبت و شفقت کا برتاؤ کرنا چاہیے، اسی طرح طلبا کے لیے ضروری ہے کہ وہ استاد کا ادب و احترام کریں۔ اس کی ہدایت کاتقاضا ہے کہ معلم قابلیت کے لحاظ سے، کردار کے لحاظ سے ایسے اوصاف سے متصف ہو کہ طلبہ میں اس کے لیے احترام نشونما پائے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم تعلیم دیتے ہوئے کسی بات کی عقلی توجیہہ اور تشریح فرماتے ہیں، جس سے مخاطب کو شرعی حکم کی حکمت سمجھ میں آئے اور وہ اسے تسلیم کرلے۔ احادیث کی کتابوں میں ایک واقعہ منقول ہے: ’’ ایک نوجوان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آیا اور کہا یا رسول اللہ مجھے زنا کی اجازت دیجئے۔ یہ سنتے ہی لوگ اسے ڈانٹ ڈپٹ کرنے لگے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو قریب بلایا اور اس سے پوچھا کہ کوئی تمہاری ماں سے یہ برا کام کرنا چاہے تو تمہیں گوارا ہوگا؟ اس نے کہا یا رسول اللہ میری جان آپ پر قربان ہرگز نہیں اور میں ہی کیا کوئی بھی اس کو پسند نہیں کرے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا اگر تمہاری بیٹی کے ساتھ کرنا چاہے تو ؟ اس نے کہا یا رسول اللہ میری جان آپ پر قربان ہرگز نہیں اور میں ہی کیا کوئی بھی اس کو پسند نہیں کرے گا۔ آپ نے فرمایا اگر تمہاری بہن کے ساتھ کرنا چاہے تو؟ نوجوان نے وہی جواب دیا۔ پھر حضور نے پھوپھی اور خالہ کا تذکرہ کیا تو نوجوان نے وہی جواب دیا۔ اس طرح بات جب نوجوان کی سمجھ میں آگئی تو آپ نے اپنا ہاتھ اس کے اوپر رکھ کر اس کو دعا دی، اس کے بعد سے وہ نوجوان اس طرح کی چیزوں کی طرف کبھی متوجہ نہ ہوا( مسند احمد)
دیکھیے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے زنا کی حرمت اور اس کے بارے میں آنے والی وعیدوں کا ذکر کرنے کے بجائے اس کو حرمت زنا کی حکمت اور عقلی وجہ سمجھا دی اور اسے اسلام کے اس حکم پر مکمل اطمینان ہو گیا۔ مثالیں دینے سے بات جلدی سمجھ میں آتی ہے اور اچھی طرح ذہن نشین ہو جاتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تعلیم میں تشبیہ و تمثیل کا کثرت سے استعمال فرماتے، تا کہ باتوں کو بآسانی ذہن میں اتارا جائے۔ تشبیہات اور مثالیں احادیث میں بکثرت آئی ہیں۔ یہاں صرف ایک مثال نقل کی جاتی ہے۔ آپ نے فرمایا: ’’نیک ہم نشین ساتھی کی مثال مشک بیچنے والے کی طرح ہے۔ تمہیں مشک والے سے کچھ مشک نہ بھی ملے تو خوشبو تو ضرور ملے گی اور برے ہم نشین کی مثال بھٹی والے کی طرح ہے اگر تمہیں بھٹی کی کالک نہ بھی لگے تو دھواں ضرور پہنچے گا( ابو داؤد)
معلم کے لیے ضروری ہے کہ وہ تحمل مزاجی اور نرمی کرنے والا ہو۔ جلد بازی اور زیادہ غصہ کرنے والا نہ ہو۔ بات کی تہہ تک پہنچنے والا ہو۔ یہ تمام صفات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس میں پائی جاتی تھی۔ قرآن پاک میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ’’اللہ کی رحمت ہی تھی جس کی بنا پر اے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم تم نے ان لوگوں سے نرمی کا برتاؤ کیا۔ اگر تم سخت مزاج اور سخت دل ہوتے تو تمہارے پاس سے ہٹ کر بکھر جاتے۔ لہذا ان کو معاف کر دو اور ان کے لیے مغفرت کی دعا کرو۔‘‘ (سورۃ آل عمران: ۱۵۹)
احادیث میں بھی اس حقیقت کو واضح کیا گیا کہ آپ انتہائی نرم مزاج واقع ہوئے ہیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ایک اعرابی مسجد میں کھڑا ہو کر پیشاب کر دیا تو لوگوں نے اسے پکڑ لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا کہ اسے چھوڑ دو اس کے پیشاب پر ایک ڈول پانی کا ڈال دو، اس لیے کہ تم لوگ نرمی کرنے کے لیے بھیجے گئے ہو، سختی کے لیے نہیں۔ (البخاری: ۲۲۱)
ایک دوسری حدیث مبارکہ میں ہے: ’’ یہاں تک کہ اس نے پیشاب کر لیا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو بلوایا اور اس کو فرمایا کہ مسجد میں پیشاب اور گندگی وغیرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ تو اللہ عزوجل کا ذکر اور قرآن کی تلاوت کے لیے بنائی گئی ہے ۔پھر آپ نے حکم دیا کہ ایک ڈول پانی کا لے آئے اور اس جگہ پر بہا دے ( مسلم: ۶۶۱)
سادہ جامع اور قابل فہم اسلوب تعلیم
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کا انداز نہایت سادہ اور جامع تھا۔ آپ نے مشکل سے مشکل مضامین کو آسان اور قابل فہم مثالوں کے ذریعے بیان فرمایا۔ آپ کی تعلیمات تمام طبقات کے لیے ہے۔ آپ نے اپنے الفاظ اور انداز بیان کو اس طرح ترتیب دیا کہ ہر شخص آسانی سے سمجھ سکے۔ مثلا: جب ایک شخص نے سوال کیا کہ بہترین عمل کیا ہے؟ آپ نے مختصر مگر جامع جواب دیا ’’اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا، نماز قائم کرنا اور اخلاق حسنہ اپنانا ‘‘ (بخاری) یہ جواب دین اسلام کے بنیادی ارکان کی وضاحت کرتا ہے اور ہر ایک فرد کے لیے قابل عمل ہے۔
عملی مثالوں کے ذریعے تعلیم و تربیت
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم محض الفاظ سے تعلیم نہیں دیتے تھے بلکہ اپنے اعمال سے بھی تعلیم دیتے تھے۔ آپ کردار اور عمل سے ہر تعلیم کی عملی تفسیر تھے۔ آپ نے صحابہ کو اپنے عمل سے سکھایا۔ مثال کے طور پرجب ایک شخص نے دریافت کیا کہ سب سے افضل مسلمان کون ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
سوال و جواب کے ذریعہ غور و فکر کی عادت ڈالنا
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کا ایک نمایاں پہلو سوال و جواب کے ذریعے ذہنی نشونما کرنا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایسے سوالات کرتے تھے جو سننے والے کو سوچنے پر مجبور کر دیتے۔ یہ طریقہ کار نہ صرف علم کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ ذہن کو متحرک بھی رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر جب ایک صحابی نے سوال کیا کہ قیامت کب آئے گی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم نے اس کے لیے کیا تیاری کی ہے؟ (بخاری)
یہ حکمت بھرا جواب اس بات کی طرف اشارہ تھا کہ اصل مقصد قیامت کے وقت کا علم حاصل کرنا نہیں بلکہ اس کی تیاری کرنا ہے۔
تعلیمی میدان میں طلباء کی نفسیات کا لحاظ رکھنا، طلباء کا خیر مقدم کرنا، وسائل اور ذرائع کو استعمال کرنا، رائج الوقت تعلیم کے طریقوں کو اپنانا ایک کامیاب استاد کے بنیادی اوصاف ہوتے ہیں۔ بلا شبہ آپ کی ذات ان تمام اوصاف سے متصف تھی۔
بچوں کو علم دینے کی اہمیت پر زور
محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بچوں کو علم دینے پر بہت زور دیا اور والدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اولاد کی سب سے بڑی وراثت علم کی فکر کریں۔ آپ نے فرمایا: ’’ایک باپ اپنی اولاد کو جو بہترین تحفہ دے سکتا ہے، وہ اچھی تعلیم و تربیت ہے۔‘‘ (ترمذی) یہ حدیث والدین کے لیے ایک بہترین اصول متعین کرتی ہے کہ بچوں کے لیے سب سے قیمتی سرمایہ دولت نہیں بلکہ علم اور تربیت ہے۔
خواتین کے علمی حقوق کا تحفظ
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی۔ ان کے حقوق کو اجاگر کیا۔ آپ نے فرمایا علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ۔
خواتین میں علمی ترقی
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں خواتین نہ صرف تعلیم حاصل کرتی تھی بلکہ علمی مباحث میں بھی حصہ لیتی تھیں۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے بے شمار احادیث مروی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین کو بھی علمی میدان میں آگے بڑھنے کا حق دیا جائے۔
الغرض دنیا اور آخرت کی کامیابی کے لیے سیکھنے اور سکھانے کا ذہنی سلسلہ ایک سنگ میل ہے۔ تعلیم حاصل کرنے سے لے کر تعلیم کے مقاصد تک، طلباء کے آداب سے لے کر اساتذہ کے اوصاف تک اور علم کی فضیلت سے لے کر علم حاصل کرنے کے طریقے تک، تمام مراحل کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے ہمیں مکمل رہنمائی ملتی ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تربیت گاہ سے نکلنے والا ایک ایک شخص قوموں کا مصلح اور امام بن گیا۔ دنیا کی تاریخ میں کوئی معلم اور مربی ایسا نہیں ملتا جس نے صرف دو دہائی کی قلیل مدت میں ایسا عظیم الشان، ہمہ گیر علمی و اصلاحی انقلاب برپا کیا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس دنیا سے رحلت کیے ہوئے آج چودہ سو صدیاں بیت گئیں، لیکن نہ اس معلم کی علمی فیاضی میں کوئی فرق آیا نہ اس کے تربیت کے غلغلے کم ہوئے۔ دنیا میں آج بھی کروڑوں انسان ہیں جو اس معلم کی طرف انتساب کو زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس جہان کی متاع کو عزیز تر جانتے ہیں۔ آج بھی اسی کے لائے ہوئے قرآن اور اسی کے بتائے ہوئے علم اور حکمت کے جواہر پاروں کو تعلیم و تربیت کا سب سے بڑا سرچشمہ سمجھتے ہیں اور اس سے اکتساب فیض کرتے ہیں۔ یہ وہ معلم ہے جس کا بتایا ہوا طریقہ خالق کائنات کا انتخاب اور جس کی لائی ہوئی شریعت حق و صداقت کا ابدی معیار ہے۔ اس کے علاوہ ہر طریقہ مردود، باطل اور ہر رہبری ضلالت و گمراہی ہے۔
٭ ٭ ٭
دنیا کی تاریخ میں کوئی معلم اور مربی ایسا نہیں ملتا جس نے صرف دو دہائی کی قلیل مدت میں ایسا عظیم الشان، ہمہ گیر علمی و اصلاحی انقلاب برپا کیا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس دنیا سے رحلت کیے ہوئے آج چودہ سو صدیاں بیت گئیں، لیکن نہ اس معلم کی علمی فیاضی میں کوئی فرق آیا نہ اس کے تربیت کے غلغلے کم ہوئے۔ دنیا میں آج بھی کروڑوں انسان ہیں جو اس معلم کی طرف انتساب کو زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس جہان کی متاع کو عزیز تر جانتے ہیں۔


0 Comments