اکثریہ بات کہی جاتی ہے کہ اسلام میں طلاق کا اختیار صرف مرد کو ہے، عورت کو طلاق کا اختیار نہیں ہے، مرد جب چاہے عورت کو طلاق دے سکتاہے۔ اس کے برعکس عورت مجبور محض ہے، وہ شوہر کے رحم وکرم پر ہوتی ہے۔ یہ تاثر جہاں غیر مسلموں کا ہے وہیں بہت سے مسلمانوں کے ذہن میں بھی یہی بات ہوتی ہے۔ یہ اعتراض بہت پرانا ہے۔ اس کی بازگشت اکثرسنائی دیتی رہتی ہے۔ بعض مسلم دانشوروں کی تحریروں میں بھی یہ درد چھلکتا ہوا نظر آتا ہے۔ مسلم عورت کی مظلومیت اور بے کسی کے عنوان سے اصلا اسلام پر نشانہ لگایا جاتا ہے کہ اسلام میں صنفی بنیادوں پر تفریق کی گئی ہے، مرد کو زیادہ اختیار دیا گیا ہے اور عورت کوکم۔ یہ سراسر ناانصافی ہے اور عورت پر ظلم ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اسلام میں عورت کو جتنے حقوق ملے ہیں، وہ کسی مذہب اور کسی مہذب معاشرہ میں نہیں ملے۔ عورتوں کے حقوق کے علمبرداروں اور حریت نسواں کے پاسبانوں نے عورت کی عزت کا سبق خود اسلام سے سیکھا ہے، اس لیے یہ کیسے ممکن ہے جو مذہب عورتوں کو حقوق دینے میں سب سے آگے ہو، اس مذہب میں عورت کے ساتھ اتنی بڑی زیادتی ہوجائے؟ اس معاملہ میں جہاں دوسروں کی عیاری کار فرما ہے، وہیں اسلامی تعلیمات سے عدم واقفیت اور اسلام کی ناقص ترجمانی کا بھی دخل ہے۔
نکاح کا تصور ہر مذہب میں ہے۔ مذاہب میں عموما نکاح کو ایک مقدس عمل، ایک معاہدہ اور ایک سماجی رسم تصور کیا ہے۔ اسلام نے نکاح کو ایک جامع نظام عطا کیا، جو عبادت، معاہدہ اور حقوق وفرائض پرمشتمل ہے۔ نکاح کا پورا نظام عورت کی عزت، اس کے حقوق کے تحفظ اور عورت کے تئیں مردوں کی جوابدہی پر محیط ہے۔ اسلام میں جس طرح مرد و عورت کے حقوق وفرائض کے واضح خطوط متعین کیے گئے اور جس طرح عورت کی کفات کے ساتھ بچوں کی کفالت اور گھر گرہستی کی تمام تر ذمہ داری مردوں کے کاندھوں پرڈالی گئی، اس کی نظیر کسی مذہب میں نہیں ملتی۔
اسلام نے ہی عورت کو یہ اعزاز دیا کہ نکاح کے لیے اس کی مرضی معلوم کرنا ضروری ہے۔ عورت کی رضامندی کے بغیر اس کا نکاح نہیں ہوسکتا۔ بالغ لڑکی کو اپنی پسند کے مطابق نکاح کرنے کا اختیار ہے۔ عورت کی خود مختاری کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہوسکتی ہے؟ اسلام میں نکاح عبادت بھی ہے اور معاہدہ بھی۔ عبادت کامطلب یہ ہے کہ نکاح سے صرف سماجی ضرورت کی تکمیل ہی نہیں ہوتی بلکہ دنیا اور آخرت میں سرفرازی کا ذریعہ بھی ہے،اسی لئے احادیث میں نکاح کو نصف ایمان کی تکمیل کہا گیا ہے۔ نکاح کے معاہدہ ہونے سے صاف واضح ہے کہ معاہدہ کی پاسداری ضروری ہے، مگر یہ معاہدہ ٹوٹ بھی سکتاہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق نکاح کا معاہدہ نہ اٹوٹ ہے کہ کبھی ختم ہی نہ ہوسکے اور نہ سات جنموں کا ساتھ ہے۔ نکاح کے ذریعہ صرف دو افراد کا ربط نہیں ہوتا، بلکہ ایک خاندان وجود میں آتا ہے۔ قرآن کریم میں شوہر بیوی کو ایک دوسرے کے لیے سکون کا ذریعہ قراردیاگیا:
وَمِنْ ءَايَـٰتِهِۦٓ أَنْ خَلَقَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَٰجًۭا لِّتَسْكُنُوٓا۟ إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُم مَّوَدَّةًۭ وَرَحْمَةً ۚ إِنَّ فِى ذَٰلِكَ لَـَٔايَـٰتٍۢ لِّقَوْمٍۢ يَتَفَكَّرُونَ.
(الروم، ٢١) اسی لیے نکاح کاعمل خوب سمجھ کر اور پوری سنجیدگی سے ہونا چاہیے اور رشتہ جڑنے کے بعد پوری کوشش ہونی چاہیے کہ یہ رشتہ پائیدار ہو، تاکہ شوہر وبیوی زندگی کی حقیقی لذت سے ہم کنار ہوسکیں، اسی لیے نکاح کے نتیجہ میں جو رشتہ استوار ہوتا ہے وہ زندگی بھر کے لیے ہوتا ہے
اسلام میں محدود وقت کے لیے نکاح کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ لیکن کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی وجہ سے شوہر وبیوی کے درمیان وہ ہم آہنگی نہیں ہوپاتی جو ہونی چاہئے، جس کی وجہ سے اس رشتہ کو نبھانا مشکل ہوجاتا ہے اور خوشگواری کے بجائے ناخوشگوار حالات ان کا مقدر بننے لگتے ہیں، ایسی صورت میں بھی اسلام کی واضح ہدایات موجود ہیں۔ قرآن کریم میں میاں بیوی کے درمیان ہونے والے اختلافات کو حل کرنے کے لیے اصلاح ومفاہمت کے چارطریقے بتائے گئے ہیں: محبت اور نرمی سے پندو نصیحت، بستر الگ کرنا، معمولی سرزنش اور خاندان کے سمجھدار لوگوں کے ذریعہ مصالحت۔ ان ذرائع کو اختیار کیا جائے تو بہت سے مسائل آسانی سے ختم ہوجائیں گے۔ ان تدابیر کو اختیار کرنے کے بعد بھی حالات بہتر نہ ہوں اور یہ واضح ہوجائے کہ دونوں کے درمیان مزاجی تفاوت اس قدر ہے کہ ساتھ رہنا ممکن نہیں ہے، تو ایسی صورت میں علاحدگی کے طریقوں پر غور کرنا چاہیے۔ قرآن کا واضح اور دو ٹوک اعلان ہے کہ شوہر بیوی اگر ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور زندگی کی گاڑی کو مل کر آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو اچھے طریقہ سے اپنی زندگی گزاریں اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو اچھے اور شریفانہ طریقہ پر علاحدگی اختیار کرلیں:
فَإِمْسَاكٌۢ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌۢ بِإِحْسَـٰنٍۢ ۗ. (البقرة، ۲۲۹)
گھٹ گھٹ کر مرنے، گھر کو تباہ ہونے اور بچوں کے مستقبل کو برباد کرنے سے بہتر ہے کہ اس رشتہ کو ختم کرکے دونوں اپنی اپنی زندگی گزاریں۔
نکاح کوختم کرنے کے لیے کئی طریقے ہیں۔ مثلا: طلاق، خلع، مبارات، فسخ، تفریق وغیرہ۔ طلاق کا اختیار مرد کو دیا گیا ہے۔ اس کی دو بنیادی اسباب ہیں؛ ایک یہ کہ مرد گھر کا نگراں اور ذمہ دار ہوتا ہے، دوسرا یہ کہ مرد میں بہ مقابلہ عورت کے جذباتیت کم ہوتی ہے۔ فطرت کی طرف سے عورت کو بچہ کی پرورش اور گھر سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس لحاظ سے اس میں جذباتیت مرد کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اسی طرح عورت کے اندر جلد متاثر ہونے کی بھی صفت پاتی جاتی ہے۔ اس تناظر میں طلاق کا اختیار مردوں کو دیا گیا ہے تاکہ وہ سوچ سمجھ کر اس کا استعمال کرے۔ طلاق کا اختیار مردوں کو دینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس معاملہ میں مرد شتر بے مہار ہے، وہ جب چاہے اس اختیار کا استعمال کرے۔ علاحدگی کے فیصلہ سے قبل قرآن میں مذکور چار تدابیر کا استعمال کیا جائے تو یا تو مسائل حل ہوجائیں گے یا واضح ہوجائے گا کہ اب علاحدگی ہی بہتر ہے۔ ایسی صورت میں اگر شوہر علاحدگی کا فیصلہ کرتا ہے تو ان کے اس فیصلے سے دونوں اس پریشانی سے آزاد ہوجائیں گے۔ اگر قرآنی ہدایات کو نظر انداز کرکے شوہر علاحدگی کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کا یہ عمل گناہ شمار ہوگا، کیوں کہ حلال چیزوں میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ چیز طلاق ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: أبغض الحلال إلی اللہ تعالی الطلاق. (سنن أبی داؤد، کتاب الطلاق، باب فی کراہیۃ الطلاق، حدیث نمبر: ۲۱۸۰)
شریعت میں طلاق کے طریقے بتائے گئے، اسی کے مطابق طلاق کا استعمال کرنا چاہئے، تاکہ طلاق کے بعد غور وفکر کرنے اور دوبارہ ساتھ رہنے کی گنجائش باقی رہے۔ اگر عورت کو اپنے شوہر کے ساتھ زندگی بسر کرنا کسی وجہ سے دشوار محسوس ہو۔ مثلا: شوہر ظلم کرتا ہے، عورت کے حقوق ادا نہیں کرتا یا کسی مہلک مرض میں مبتلا ہے۔ ایسی صورتوں میں عورت بھی علاحدگی کا راستہ چن سکتی ہے۔ علاحدگی کی اس شکل کو خلع کہا جاتا ہے۔ قرآن کریم میں خلع کا ذکر موجود ہے:
فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا فِيمَا ٱفْتَدَتْ بِهِۦ ۗ تِلْكَ حُدُودُ ٱللَّهِ فَلَا تَعْتَدُوهَا ۚ وَمَن يَتَعَدَّ حُدُودَ ٱللَّهِ فَأُو۟لَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلظَّـٰلِمُونَ. (البقرة، ٢٢٩)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں کئی صحابیات نے اپنے شوہروں سے خلع حاصل کی تھیں۔ ربیع بنت معوذ بن عفراء اور ثابت بن قیس کی بیوی حبیبہ بن سہل کے خلع لینے کا واقعہ احادیث کی اکثر کتابوں میں درج ہے۔ خلع نکاح سے علاحدگی کے لیے عورت کے پاس ایک شرعی حق ہے، لیکن جس طرح شوہر کے لیے بلاوجہ طلاق دینا گناہ کی بات ہے۔ اسی طرح عورت کے لیے بلاوجہ طلاق کا مطالبہ کرنا گناہ کی بات ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
أیما امرأۃ سألت زوجها طلاقا من غیر بأس فحرام علیہا رائحة الجنة.
(سنن الترمذی، باب ماجاء فی المختلعات، حدیث نمبر: ۱۲۲۵) عورت خلع کے ذریعہ اپنے شوہر سے رشتہ نکاح ختم کرسکتی ہے. عورت خلع لینا چاہے تو شوہر پر خلع دینا لازمی ہے یا نہیں۔ اس بارے میں فقہاء کے درمیان اختلاف ہے۔ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جن صحابیات نے رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنے شوہروں کی شکایت کی۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کے مسائل کو حل فرمایا۔ خلع کی شکل میں یا طلاق کے ذریعہ اور یہی عقل سلیم کے مطابق بھی ہے، کیوں کہ اگر کوئی عورت ساتھ رہنا نہیں چاہتی تو اس کو مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ اسے خلع نہیں ملے گا تو ممکن ہے علاحدگی کے لیے کوئی دوسری تدبیر اختیار کرنے پر مجبور ہو۔ خلع میں عورت اپنے شوہر سے نکاح سے علاحدگی کی درخواست کرتی ہے اور بدلے میں مہر یا عدت کا خرچہ یا کچھ مال جو آپس میں طے ہوجائے واپس کرتی ہے۔ اس طرح ایک معاہدہ کی بنیاد پر دونوں میں علاحدگی ہوجاتی ہے۔
مسلم معاشرہ میں عموما خلع کے عمل کو مشکل سمجھا جاتا ہے، حالاں کہ یہ ایک آسان عمل ہے۔ اس کے لیے عدالت یا دارالقضاء جانا ضروری نہیں ہے۔ بس ایک معاہدہ نامہ تیار ہوجائے جس میں یہ درج ہو کہ عورت کی درخواست پر شوہر اسے طلاق دے رہا ہے۔ اس معاہدہ پر شوہر وبیوی کے علاوہ دو گواہوں کے دستخط ہوں۔ اس معاہدہ نامہ پر دستخط ہونے کے بعد اسی وقت سے دونوں کے درمیان علاحدگی ہوجائے گی۔ آپسی نزاع کی صورت میں کبھی سامان جہیز کی واپسی کا مسئلہ ہوتا ہے، کبھی بچوں کی پرورش کا مسئلہ ہے۔ خلع کے لئے جو تحریر تیاری کی جائے گی اس میں ان مسائل کو آپسی سمجھوتا سے حل کرکے اس کو درج کیاجائے گا، تاکہ آئندہ ان مسائل پر نزاع باقی نہ رہے۔
نکاح کامقصد ہی آپسی سکون ہے۔ اگر کسی وجہ سے یہ سکون حاصل نہ ہو، زندگی خوشگوارہونے کے بجائے تلخ ہوجائے، نباہ مشکل ہوجائے، تو عقلمندی یہی ہے کہ اس رشتہ کو ختم کردیا جائے۔ نہ شوہر کو ظلم کی اجازت ہے اور نہ عورت کو گھٹ گھٹ کر مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے گا، بلکہ خاندان کے بڑے اور سنجیدہ افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ اگر کہیں آپسی ناچاقی اتنی بڑھ جائے کہ نباہ مشکل ہوجائے تو ایسے شوہر وبیوی کو نرمی سے سمجھائیں، مصالحت کرائیں اور اگر انہیں علاحدگی زیادہ بہتر نظر آئے تو علاحدگی کی مناسب شکلوں پر غور کریں۔
مسلم سماج کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ بہن، بیٹی کا نکاح بڑے دھوم دھام سے کرتے ہیں۔ اپنے شوق وارمان کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، مگرکسی وجہ سے اسی بہن یا بیٹی کو ان کی زندگی میں مشکلات پیش آرہی ہوں یا ان کا نبھاہ نہیں ہوپا رہا ہو، تو ایسے موقع پر ان کی مدد کے لیے کھڑے نہیں ہوتے، ان کا ساتھ نہیں دیتے اور اگر خدا نہ خواستہ علاحدگی کے بعد ایسی عورت اپنے گھر واپس آجائے تو انہیں حقارت بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے، بلکہ بسا اوقات ان کو قبول کرنے میں عار محسوس ہوتا ہے، حالاں کہ باپ بیٹی اور بھائی بہن کا رشتہ اب بھی اسی طرح باقی ہوتا ہے۔ شادی کے بعد بہن اجنبی نہیں ہوجاتی، بلکہ ایسی عورت زیادہ ہمدردی کی مستحق ہوتی ہے۔ اس معاملہ میں مردوں کے مقابلہ عورتیں زیادہ تنگ نظر واقع ہوئیں ہیں۔ شریعت کا واضح نظام ہے کہ جس طرح لڑکی کی کفالت شادی سے پہلے باپ پر عائد ہوتی ہے، اسی طرح شادی کے بعد بھی اگر علاحدگی ہوجائے تو اس کی کفالت اسی طرح باپ پر واجب ہوگی۔ یہی حال بھائی اور چچا کا بھی ہے۔ نکاح ختم ہونے کی صورت میں اگر اولاد کمانے کے لائق ہیں تو عورت کا نفقہ اولاد پر واجب ہے۔ اولاد کے چھوٹے ہونے یا نہ ہونے کی صورت پر والد پر ہے۔ اگروالد اس قابل نہ ہوں تو بھائی پر اور اس کے بعد چچا پر عورت کا نفقہ واجب ہے۔ یہ شرعی ذمہ داری ہے، جس میں کوتاہی برتنے کی صورت میں عنداللہ جواب دہی ہوگی۔
موجودہ وقت میں عورتوں میں خلع لینے کا رجحان بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ یہ سماج کے حق میں بہتر نہیں ہے۔ نکاح سے پہلے خوب اچھی طرح غور کرلینا چاہیے، لیکن جب اس رشتے میں بندھ جائیں تو اس رشہ کو نبھانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ گھریلو مسائل سے فرار مسائل کا حل نہیں ہے۔ اختلافات کے اسباب کو سمجھیں۔ اپنے حقوق کے مقابلہ میں فرائض پر توجہ دیں۔ دوسرے کے حقوق کا لحاظ کریں۔ جوائنٹ فیملی میں قوت براداشت بہت ضروری ہے۔ اسی طرح کشادہ قلبی اور حکمت کی ہر قدم پر ضرورت پڑتی رہتی ہے۔ ان باتوں کا لحاظ رکھا جائے تو ازدواجی زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
گھر کو پرسکون بنانا مرد وعورت دونوں کی ذمہ داری ہے۔ ضرورت پڑنے پر دونوں قربانی دینی چاہئے۔ رسول اللہ ﷺ نے جہاں عورت کے لیے شوہر کی رضا کو جنت میں داخل ہونے کا سبب قرار دیا وہیں آپ کا فرمان ہے کہ مرد کے حسن اخلاق کا پیمانہ اس کا اپنی بیوی کے ساتھ حسن سلوک ہے۔
٭ ٭ ٭
مسلم سماج کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ بہن، بیٹی کا نکاح بڑے دھوم دھام سے کرتے ہیں۔ اپنے شوق وارمان کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، مگرکسی وجہ سے اسی بہن یا بیٹی کو ان کی زندگی میں مشکلات پیش آرہی ہوں یا ان کا نبھاہ نہیں ہوپا رہا ہو، تو ایسے موقع پر ان کی مدد کے لیے کھڑے نہیں ہوتے، ان کا ساتھ نہیں دیتے اور اگر خدا نہ خواستہ علاحدگی کے بعد ایسی عورت اپنے گھر واپس آجائے تو انہیں حقارت بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے، بلکہ بسا اوقات ان کو قبول کرنے میں عار محسوس ہوتا ہے


0 Comments