فوڈ فیسٹیول نہیں، بک فیسٹیول

  قرونِ اولی کے مسلمان اپنے شہروں میں بڑی بڑی لائبریریاں قائم کرتے تھے اور یوں ان کے شہر علم و حکمت کا مرکز بن جاتے تھے۔ جہاں دنیا بھر سے لوگ بلا تفریق علم کی پیاس بجھانے آتے اور سیراب ہو کر جاتے تھے۔ بغداد کی مشہور لائبریری بیت الحکمت اور قاہرہ کی دارالحکمت اس کی عمدہ مثالیں ہیں۔ غرض یہ کہ ہر جگہ علم کے چرچے عام ہوا کرتے تھے اور پورا معاشرہ علم دوست ماحول سے سرشار ہوتا تھا۔ اس ماحول میں انواع و اقسام کی کتابیں لکھی اور پڑھی جاتی تھیں۔ اس طرح عالم اسلام نے دنیا کو نئے نئے علوم سے روشناس کروایا۔
جب کہ موجودہ دور کے مسلمان اپنے شہروں میں لذیذ لذیذ کھانوں کے ہوٹلز کھول رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے شہر ’’فوڈ ہب‘‘ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ اب دنیا بھر کے لوگ یہاں بلا تفریق اپنے پیٹ کی آگ بجھاتے ہیں اور شکم سیر ہو کر جاتے ہیں۔
ہمارے ملک میں دہلی اور لکھنؤ بطور خاص اپنے پکوان کے لیے ہی جانے جاتے ہیں۔ ہر جگہ کھانے پینے کی باتیں زبان زد عام ہیں اور یوں پورا معاشرہ ’’شکم دوست‘‘ ماحول سے لبریز نظر آتا ہے۔ اس طرح اب شہر کی گلیوں اور چوراہوں پر نت نئے اقسام کے پکوان پکائے اور کھائے جاتے ہیں۔ لہٰذا بلا مبالغہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس وقت عالم اسلام کھانے میں ’’سپر پاور‘‘ ہے۔
موجودہ دور میں فوڈ فیسٹیول عام ہے۔ لوگ کھانے کی مختلف اقسام سے لطف اندوز ہوتے ہیں، جب کہ جسم کی طرح غذائیت کی ضرورت روح کو بھی ہوتی ہے، جو کہ مطالعہ سے حاصل ہوتی ہے۔ قومیں صرف ذائقوں سے نہیں بلکہ علم و مطالعے سے ترقی کرتی ہیں۔ اس لیے ہمیں کھانے کے میلوں سے زیادہ کتابوں کے میلوں کی ضرورت ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہ منظر نامہ بدلے، تو ہم اپنی نسلوں کو ’’رکابی‘‘ سے بڑھ کر ’’کتابی‘‘ بنائیں۔
اساتذہ کرام اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ لہٰذا انھیں چاہیے کہ اپنے اسکولوں میں فوڈ فیسٹیول کے بجائے بک فیسٹیول کا اہتمام کریں اور اس فیسٹیول میں نہ صرف یہ کہ کتابوں کی خرید و فروخت ہو بلکہ علم کا جشن عام ہو اور یوں کھانے پینے سے زیادہ پڑھنے پڑھانے کا کلچر پروان چڑھایا جائے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥