آپ نے شاید اس سے پہلے ڈوپامائن کے بارے میں سنا ہوگا اور اس کا ایک دھندھلا سا تصور بھی آپ کے ذہن میں ضرور ہوگا۔ آج ہم مختصرا ڈوپامائن کا تعارف کرائیں گے اور اس کے طریقہ کار کو بھی واضح کریں گے۔ ڈوپامائن دراصل ایک کیمیائی مادہ ہے جو اچھے کاموں؛ ازدواجی تعلقات یا ذائقے دار پکوان کی رغبت پیدا کرتا ہے۔ اس سے ہمارے اندر کام کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اور ہم متعینہ ہدف تک پہنچنے کے لیے تگ و دو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ایک ایسی طاقت ہے جو ہمارے اندر کاموں کی تحریک پیدا کرتی ہے۔ اس کیمیائی مادہ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ اسے انسانوں کے زندہ رہنے اور افزائش نسل کا واحد ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ شاید میرے اور آپ کے اس دنیا میں زندہ رہنے کی سب سے اہم وجہ بھی یہی ہے۔
اکثر لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ خوشی کے جذبات پیدا کرنے والے کیمیائی مادہ کا نام ڈوپامائن ہے، حالاں کہ یہ ایک غلط مفروضہ ہے۔ کیوں کہ محض کسی واقعے سے ڈوپامائن جیسے کیمیائی مادے کے خارج ہونے کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم اس سے خوشی ہی پاتے ہیں۔ آپ نے ضرور محسوس کیا ہوگا کہ جب آپ کسی چیز پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تو جلد از جلد مطلوبہ انعام حاصل کرنے کی چاہت پیدا ہوتی ہے اور جب آپ اسے فوری طور پر حاصل کرلیتے ہیں تو ادھورے پن کا احساس ہونے لگتا ہے۔
سچ یہی ہے کہ پراگندہ خیالی اور مشتعل جذبات ذرہ برابر بھی آپ کو اس خوشی کا احساس نہیں کراسکتے ہیں، جس کے آپ صحیح معنوں میں متلاشی ہیں۔یہ مرض اتنا متعدی ہوچکا ہے کہ لوگوں کی اکثریت اسی بے چینی اور ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے۔ وہ اس انتظار میں ہیں کہ بس اب ڈوپامائن خارج ہو۔ ان کے اندر ہمیشہ زیادہ کی چاہت ہوتی ہے، مگر وہ کبھی مطمئن نہیں ہوتے۔ ہم جتنا زیادہ ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہوتے جائیں گے، اتنا ہی زیادہ تباہی کی طرف بڑھتے جائیں گے۔
اب اپنی زندگی پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کو کس چیز کی لت ہے؟ آپ کیا چاہتے ہیں؟ آپ کی تحریک کے اسباب کیا ہیں؟ کیا یہ ساری عادتیں صحیح میں آپ کو حقیقی خوشی دیتی ہیں؟ جیسے ہی یہ سارے سوالات آپ کو سمجھ میں آجائیں، تو شاید آپ کو احساس ہوگا کہ آپ سب سے زیادہ اضطراب پیدا کرنے والے کاموں میں ملوث ہیں۔ مثلا: ویڈیو گیمز دیکھنا یا خود کو سوشل میڈیا اور میل دیکھنے میں انتہائی حد تک مصروف رکھنا وغیرہ۔ جب ان افعال پر انسان کی مضبوط گرفت ہوجاتی ہے تو اس کا خود کی ذات پر قابو (self-control)کم ہونے لگتا ہے، زیادہ سے زیادہ ملوث ہونے کی خواہش بڑھتی رہتی ہے اور حقیقی خوشی یا دیر پا سکون نہ ملنے کے باوجود بھی اسی میں مصروف رہنے کو دل چاہتا ہے۔ نتیجتا حقیقی خوشی پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈوپامائن خارج کرنے کی چاہت رہتی ہے۔ کیا آپ کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا ہے؟
اس طرح کی اضطرابی کیفیت میں ہوتے ہوئے، کسی توجہ طلب کام کا انجام دینا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں عموما انسان ٹال مٹول سے کام لیتا ہے۔ اگر کوئی اہم کتاب تصنیف کرنی ہو تو اس میں تاخیر ہوتی ہے۔نئے اقدامات نہیں ہوپاتے یا اہم مفوضہ کام دھرا کا دھرا رہ جاتا ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ ڈوپامائن کا اصل کردار انسان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ وہ متعینہ ہدف کو پانے کے لیے کوشاں رہے، جو کہ زندہ ررہنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ یہی ڈوپامائن کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ مگر بدقسمتی یہ ہے کہ آج ڈوپامائن کے اس کردار کا غلط فائدہ اٹھایا جارہا ہے، جس کا انجام نہایت بھیانک ہے۔
خواہشات پیدا کرنے والے کیمیائی مادہ کا خروج
ڈوپامائن ایک طرح کا خواہشاتی مادہ ہے۔ ہمارے آس پاس کا ماحول یا ہمارے اعمال جتنا زیادہ ڈوپامائن کے اخراج کا سبب بنیں گے، اتنا ہی زیادہ ڈوپامائن کے اگلے سے اگلے مرحلے کو پالینے کی خواہش بھی بڑھے گی۔ (حقیقت میں بری عادتیں ڈوپامائن کے خروج کی تحریک پیدا کرتی ہیں اور یہی تحریک انسان کے اندر اضطراب اور بے چینی پیدا کرتی ہے، جس سے انسان انھیں عادتوں میں الجھ کر رہ جاتا ہے)۔ یہ بات مسلم ہے کہ خود ساختہ تباہ کاری کی بنیاد اس بات پر ہے کہ کسی چیز کی لت کتنی زیادہ ہے؟
مختلف طرح کی لت، جیسے: نشہ اور شراب وغیرہ سے جتنی زیادہ مقدار میں ڈوپامائن خارج ہوتا رہے گا، اسی تناسب سے خواہش کو پورا کرنے کی تحریک شدت سے ظاہر ہوگی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ پہلے سے زیادہ خوشی حاصل کرنے کے لیے اس کی خواہشات میں شدید قسم کی شدت بڑھ جاتی ہے اور وہ حقیقی خوشی سے محروم رہتا ہے۔
بہرکیف لت صرف شراب اور نشے کی نہیں ہوتی، بلکہ بہت سے افعال ایسے ہوتے ہیں، جن کی لت لگنا عام بات ہے۔ ذیل میں بعض عام عادتیں قابل غور ہیں:
٭ جواں کھیلنا
٭ سیکس (خود لذتی، بد نگاہی، لواطت، بدکاری، زنا وغیرہ)
٭ بلا ضرورت خریداری
٭ زیادہ سوچنا(Overthinking)
٭ ویڈیو گیمز
٭ ضرورت سے زیادہ جسمانی ورزش پر توجہ، (اس کے لیے مختلف ادویات اور سپلیمنٹ کا استعمال وغیرہ)
٭ کام کرنا (کولہو کا بیل بنے رہنا)
آپ کس صورت حال سے گزر رہے ہیں؟ کیا ابھی آپ کسی لت کا شکار ہیں؟ اگر آپ اپنا ایک دن بھی ان تمام افعال میں ملوث ہوئے بغیر نہیں گزار پارہے ہیں، تو اس کا سیدھا سا مطلب یہ ہے کہ آپ کہیں نہ کہیں اس کے عادی ہوچکے ہیں۔ مگر خوشی کی بات یہ ہے کہ اس تحریک کو کم کرنے کے بہت سے راستے ہیں۔ ان افعال کی طرف تشویق دلانے والے مواقع کو ہم جتنا کم سے کم کرنے میں کامیاب ہوں گے، اتنا ہی فطری طور پر ہماری توجہ مثبت کاموں کی جانب مبذول ہوگی اور ہمارا افادی پہلو بھی ظاہر ہوگا۔
آئندہ اب ہم یہ دیکھیں گے کہ آپ کا کیمیائی مادہ ’ڈوپامائن‘ کیسے ہائیجیک ہوجاتا ہے؟ اس ضمن میں ہم بعض خاص طریقے (Technics)بھی جاننے کی کوشش کریں گے، تاکہ ہمارے اندر خود اعتمادی بحال ہوسکے۔
عملی مشقیں
اپنی کاپی پر ان سوالات کے جوابات تحریر کیجیے:
٭ آپ کو کس چیز کی لت لگی ہوئی ہے؟
٭ آپ کی تحریک کے اسباب کیا ہیں؟
٭ کیا اس سے آپ کو حقیقی خوشی ملتی ہے؟
٭ کیا اس کے بغیر ایک دن اور لمحہ بھی گزارنا دشوار ہے؟
٭ ٭ ٭


0 Comments