ایک سیدھی سڑک گاؤں کے باھر سے گزرتی تھی، نہ بہت چوڑی نہ بہت تنگ۔ وقت کے ساتھ پکی ہو چکی تھی، لیکن اس کے کناروں پر اب بھی وهى مٹی، وهى دھول، وهی گاؤں کی خوشبو بکھری ہوتی تھی۔ اس سڑک پر چلتے چلتے کوئی تیس منٹ کی مسافت پر چھوٹے چھوٹے کئی گاؤں آتے تھے، جن کے نام اکثر یاد بھی نہ رہتے، لیکن چہروں کی پہچان باقی رہتی۔
سڑک پر بیل گاڑیاں، سائیکلیں، ٹیمپو، کبھی کبھی کوئی بگھی بھی آنکلتی۔ جب فصلیں کٹنے کا وقت ہوتا تو سڑک پر جیسے میلوں کا سا سماں بندھ جاتا۔ ٹریکٹر کی گڑگڑاہٹ اور بیل گاڑیوں کی گھنٹیوں کا جھنکار، سب مل کر جیسے کسی پرانے گیت کی دھن بجا رهے هوں۔اسی سڑک کے کنارے سے ایک کچی پگ ڈنڈی اندر کو جاتی تھی۔ اس کے سرے پر پان کی ایک ٹیری تھی اور ساتھ ہی چائے کی چھوٹی سی دکان، جو ایک پیپل کے پیڑ کے نیچے بنائی گئی تھی۔ دو لوہےکے بینچ، جو اتنے پرانے ہو چکے تھے کہ یوں معلوم ہوتے گویا وہ بھی پیپل کی جڑوں سے ہی نکلے ہوں۔ وہیں سے نکلتا تھا نانا جان کے گاؤں کا راستہ ۔
سیدھے ہاتھ پر کھیت اور دائیں ہاتھ پر ایک سرکاری اسکول تھا۔ امی اکثر بتایا کرتی تھیں کہ وہ اور ان کے بھائیوں نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی تھی۔ اسکول کا میدان بہت بڑا تھا۔ نیم کے پیڑوں کے سائے میں طلباء، جن کی سفید شرٹیں اور خاکی پتلونیں مٹی سے اٹی ہوتی تھیں۔لڑکیاں سفید کرتا، لال شلوار اور لال چننی پہنے ایسے لگتیں جیسے کسی پرانی تصویری کتاب کے ورق سے نکل آئی ہوں۔ کلاسز کمروں میں کم، پیڑوں کے نیچے زیادہ ہوا کرتی تھیں۔
وہ ایک ہندی میڈیم اسکول تھا۔اسکول سے آگے ریل کی پٹری سڑک کے بیچ و بیچ آ نکلتی تھی۔ گاؤں والے پٹری پر اتنا چلے کہ وہ زمین میں دھنس سی گئی تھی۔ بچپن میں مجھے لگتا تھا کہ ریل یہاں آ کر پٹری سے نیچے گر جاتی ہو گی۔ ایک روز ریل کو چلتے دیکھا تو یہ گمان بھی جاتا رہا۔
بارش کے دنوں میں وہی سڑک دلدل بن جاتی۔ سلیپر پہن کر نکلو تو کیچڑ کے جوتے بن جاتے۔ میں اور میرے بھائی اکثر یہی کرتے، کیچڑ میں قدم رکھ کر کیچڑ کے جوتے بناتے۔ سلیپر اکثر ٹوٹ جاتی، لیکن امی کبھی کچھ نہ کہتیں، وہ واقعی معصوم ہیں۔
چار موڑ کاٹ کر وہ سڑک نانا جان کی حویلی تک جا پہنچتی۔ اوه ہاں! وكيل صاحب کی حویلی! نانا جان پیشے سے وکیل تھے اور اردگرد کے گاؤں میں اسی نام سے جانے جاتے تھے۔ وہ حویلی۔۔۔ ایک خواب جیسی۔۔۔ پرانے طرز کی۔۔۔ لیکن خوشبو سے بھرپور۔ صحن میں گملے، جھاڑیاں، اور پھولدار بیلیں اور سب سے حسین گوشہ۔۔۔ نانا جان کی بیٹھک۔۔۔ بیٹھک ایک خاموش مگر بولتی ہوئی کہانی۔۔۔ ایک بڑا سا لکڑی کا میز، اس پر پرانے اخبار، ایک وزنی پیپر ویٹ، چند کتابیں اور کھیتوں کا حساب رکھنے والی ڈائری۔ دیوار پر ایک بڑی سی پرانی دیوار گھڑی جو پورے کمرے کو اپنی آواز سے بیدار رکھتی تھی۔ دیواروں پر مٹی کی مضبوط اینٹیں اور ساتھ ہی محراب بنے تھے۔ لکڑی کے ستون اور دو کھڑکیاں جن سے صبح کی روشنی اور شام کی خاموشی چھن کر اندر آتی تھی۔ چھت پر ایک پنکھا، جو ایک لمبی راڈ سے چلتا تھا، چلتا کم اور شور زیادہ کرتا تھا۔
کمرے میں ایک بڑا سا آئینہ تھا جو آدھی دیوار کو ڈھانپ لیتا تھا اور دروازے کے اوپر ایک تصویر نانا جان کی، ان کے گریجویشن ڈے کی۔ بلیک اینڈ وائٹ تصویر، مگر اس میں چھپی رنگینی نانا جان کے چہرے سے عیاں ہوتی تھی۔ دو دیواروں میں الماریاں، ایک میں قانون کی کتابیں، دوسری میں دینی کتب ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں، کیوں کہ وہ اہل سنت سے تعلق رکھتے تھے۔ اور ایک الماری اور بھی تھی جس میں کپڑے رکھے جاتے۔ کمرے کے باہر گملوں میں بیلیں، جو بیٹھک کو اور زیادہ پرنور بنا دیتی تھیں۔ بیٹھک کے دو دروازے: ایک اندر والوں کے لیے، دوسرا باہر والوں کے لیے، جو کبھی بند نہ ہوتا۔ کہنے کو یہ نانا جان کی بیٹھک تھی، مگر گاؤں بھر کے مسائل کی عدالت بھی یہی لگتی تھی۔ صحن کے آگے ایک بہت زیادہ بڑا اور بے حد پرانا ،
املی، نیل گری اور ریٹھے کا پیڑ لگا ہوا تھا۔ املی کے پیڑ کے نیچے جانوروں کا کوٹھا تھا، جہاں رات کے وقت گائے بیل رکھے جاتے اور صبح یہ بنڈی کے ساتھ کھیت میں چلے جاتے اور اسی املی کے پیڑ کے نیچے ایک ٹوٹا ہوا مٹی کا گھڑا بھی ركھا ہوتا، جس میں نانی امی وہ چائے کی پیالیاں ڈال دیتیں جن کی ڈنڈیاں ٹوٹ جاتیں۔ اس طرح چار سے پانچ گھڑوں میں انھوں نے رنگ برنگ، مختلف ڈیزائن کی نایاب کلیکشن سنبھال کر رکھی ہوئی تھی۔ آگے جا کر پہولوں کی باڑی میں مرغوں کا گھر تھا، جس میں بہت سی مرغیاں رکھی ہوئی تھیں۔ امی کا کہنا ہے کہ ان کے بچپن میں بطخیں بھی ہوا کرتی تھیں ۔
بہر حال۔۔۔ وقت گزرا۔ نانا جان چلے گئے، اور بیٹھک اسٹور روم بن گئی۔ اب وہاں کھیت کی کئی فصل رکھی جاتی ہے۔ ليكن جب بھی ہم گاؤں جاتے، امی کو بیٹھک صاف کرنے کا جنون سا ہوتا۔ شاید وہ صفائی نہیں کرتیں، یادوں کو چمکاتی تھیں۔ ویسا ہی حال پیارے ماما کے کمرے کا بھی ہوا۔ وہ بھی جب چلے گئے اور امی نے ان کے کمرے کو بھی اپنی یادوں کا میدان بنا لیا۔ پیارے ماما نے نانا جان کی وہ تصویر اپنے کمرے میں ٹانگ دی تھی۔ شاید امی صفائی نہیں کرتی تھیں، وہ بس یادوں کو جگاتی تھیں اور خود ان میں سو جاتی تھیں۔۔۔ پھر یوں ہوا کہ ’’مکان رہ گیا، مکیں چلے گئے‘‘ اور بیٹھک۔۔۔ اب بھی اپنی پرانی تصویر، پرانے اخبار اور دھول میں لپٹی خاموشی لیے، نانا جان کی راہ تکتی ہے۔
٭ ٭ ٭
کمرے میں ایک بڑا سا آئینہ تھا جو آدھی دیوار کو ڈھانپ لیتا تھا اور دروازے کے اوپر ایک تصویر نانا جان کی، ان کے گریجویشن ڈے کی۔ بلیک اینڈ وائٹ تصویر، مگر اس میں چھپی رنگینی نانا جان کے چہرے سے عیاں ہوتی تھی۔ دو دیواروں میں الماریاں، ایک میں قانون کی کتابیں، دوسری میں دینی کتب هندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں، کیوں کہ وہ اهل سنت سے تعلق رکھتے تھے۔ اور ایک الماری اور بھی تھی جس میں کپڑے رکھے جاتے۔


مجھے بھی نانا کا گھر یاد آگیا۔بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ مصنفہ نے اس دور کے نانا نانی کے گھروں کو چمکا کر سامنے لے آیئں۔ خداکر زور قلم اور زیادہ۔