نہ جانے غزہ کا یہ بچہ کتنی مدتوں بعد مسکرایا ہوگا!
نہ جانے کتنے دنوں کی بھوک بھلا کر چہرے پہ مسکراہٹ بکھیرا ہوگا!
نہ جانے کتنے دنوں کی پیاس بھول کر سوکھے ہونٹوں سے مسکرایا ہوگا!
نہ جانے اس بھیانک زمین پر کیا سوچ کر مسکرایا ہوگا!
شاید ماں کے دل کو ٹھنڈک پہنچانے کے لیے مسکرا رہا ہو!
اے غزہ کی ماں! تجھ پر کیا بیتی ہوگی، جب تیرا لال شدید بھوک سے نڈھال ہوکر، منہ میں خالی دودھ کی شیشی لیے مسکرا رہا ہو! نہ جانے تو کس کیفیت سے گزری ہوگی، جب وہ سوکھی آنت، سوکھے ہونٹ، بھوک سے بدن پہ پڑی دراڑوں اور نم آنکھوں سے تجھے دیکھ کر مسکرایا ہوگا! ہم تیرے درد کو نہیں سمجھ سکتے۔ اگر سمجھتے تو شاید تمھیں اس کرب میں نہ دیکھتے۔ ہماری انسانیت دھری کی دھری رہ گئی۔ تیرے جگر کے ٹکڑے کے ارد گرد منڈلاتی مکھیاں، غزہ کی خون آلود زمین، غزہ کا گولا بارود سے سرخ اور ذرد و سیاہ آسمان، وہاں کی سرد ہوائیں اور وہاں کا زرہ زرہ گواہ ہے کہ بیت المقدس کی حفاظت کے لیے تم تنہا تھے۔ جو تم پہ بیتی وہ ہم پہ بیتے تو ہم ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھیں! آخر کہاں سے اے غزہ کی ماؤ! آخر کہاں سے یہ صبر پایا ہے تم نے؟ تم بھی تو اسی چمکتی دنیا میں ہو جس دنیا میں ہم ہیں۔ تمھارا بھی وہی رب ہے جو ہمارا ہے۔ پھر ایسی کون سی بات ہے تم میں جو ہم میں نہیں! آخر کون سی شئے تمہیں طاقت پہنچا رہی ہے جو پیمانہ صبر کو لبریز ہونے نہیں دیتی اور چمکتی دنیا سے تم دھوکہ نہیں کھائی اور نہ ایمان کی دولت سے محروم ہوئی؟ بلکہ ہر درد پر، ہر کرب پر، ہر تکلیف پر یہی جرات دکھائی کہ تم ’حسبنا اللہ ونعمل الوکیل‘ کے نعرے بلند کرتی رہی! آخر کون سی شئے ہے جو اس بدنما زمین پر بھی تمھیں مسکرانے اور جینے پر مجبور کر رہی ہے اور ہم تمام سہولیات ہونے کے باوجود زرا سی آزمائش میں خود پر زندگی حرام کر لیتے ہیں۔
بظاہر اہلِ غزہ دم توڑتے نظر آرہے ہیں لیکن موت تو ہمارے ضمیر کو آن پڑی ہے۔ وہ تو زندہ ہیں، جب کہ ہم مر کرچکے ہیں۔
اے اہل غزہ! یقیناً تم چن لیے گئے ہو ابدی جنت کے لیے، ابدی سکونت کے لیے، ابدی خوشحالی و نعمت کے لیے، جنت کے سرسبز و شاداب باغات کے لیے، نہروں کے لیے، جنت کے پھلوں کے لیے جنھیں ہم صرف سنتے رہ گئے اور تم امر ہو گئے۔ ائے غزہ کے لوگو! تم تاریخ میں امر ہوگئے۔
٭ ٭ ٭


رقت آمیز