موبائل کی قید میں بچپن

کبھی وہ وقت تھا جب گلیوں میں بچوں کی ہنسی گونجا کرتی تھی۔ کبڈی، پکڑن پکڑائی، سائیکل کی دوڑ اور آم کے پیڑ پر چڑھنے کا مقابلہ، یہ سب بچپن کی پہچان تھی۔ مگر آج ہر بچہ کمرے میں بند، ہاتھ میں موبائل، آنکھوں میں مصنوعی روشنی اور دل میں وائرل ہونے کی خواہش لیے بیٹھا ہے۔ یہ صرف ایک تبدیلی نہیں، ایک نسل کی تباہی کی ابتدا ہے۔

ریلز کی دنیا

انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب، فیس بک جیسے ہر پلیٹ فارم پر ریلز کی بھرمار ہے۔ ہر دوسرا بچہ ’’کانٹینٹ کریئیٹر‘‘ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے، مگر یہ خواب محض ایک سراب ہے۔ بچے جب دن رات موبائل اسکرین کے سامنے ریلز بنانے میں مصروف ہوتے ہیں، تو وہ عملی زندگی کی مہارتوں سے محروم ہوتے جاتے ہیں۔ انسانی تعلقات سے دور ہوتے جاتے ہیں۔ ذہنی، جسمانی اور جذباتی زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ذہنی صحت پر اثرات

(۱) ڈوپامائن کا فریب

تحقیقات بتاتی ہیں کہ جب بھی ہم سوشل میڈیا پر ’’لائک، شیئر یا ویو‘‘ دیکھتے ہیں، تو ہمارے دماغ میں ڈوپامائن نامی خوشی کا ہارمون خارج ہوتا ہے، مگر بار بار ایسا ہونا ’ڈوپامائن ٹالرنس‘ پیدا کرتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بچے صرف اسکرین سے خوشی محسوس کرتے ہیں، وہ آہستہ آہستہ حقیقی زندگی سے خوشی محسوس کرنا بھول جاتے ہیں اور ہر وقت اسکرین کی طلب میں رہتے ہیں، جیسے منشیات کی طلب۔

(۲) توجہ کی کمی (Attention Deficit)

ریلز کا دورانیہ۱۳ یا ۱۵؍ سیکنڈ اور ایک منٹ ہوتا ہے۔ بچے تھوڑے وقت میں زیادہ تفریح کے عادی ہو جاتے ہیں۔ جب وہ اسکول، کتاب، لیکچر، یا کسی سنجیدہ کام میں بیٹھتے ہیں تو ان کا دھیان نہیں لگتا، وہ جلدی بور ہو جاتے ہیں۔ توجہ کی قوت کمزور ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی نسل کو زیادہ دیر کسی کام میں لگنا مشکل لگتا ہے۔

(۳) نیند کی خرابی (Sleep Disorders)

رات بھر موبائل کی اسکرین دیکھنے سے دماغ کی میلاٹونن ہارمون کی مقدار متاثر ہوتی ہے، بچے وقت پر نہیں سو پاتے۔ نیند کا دورانیہ کم اور معیار خراب ہو جاتا ہے۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ’’نیند کا تعلق براہ راست دماغی نشوونما، یادداشت اور مزاج سے ہوتا ہے۔‘‘ یعنی کم نیند+کم سیکھنے کی صلاحیت + چڑچڑاپن = افسردگی

جسمانی صحت پر منفی اثرات

(۱) موٹاپا اور سست روی

عالمی صحت ادارہ (WHO) کے مطابق: ’’دن میں کم از کم ایک گھنٹہ جسمانی سرگرمی ہر بچے کے لیے لازمی ہے۔‘‘ مگر المیہ یہ ہے کہ آج کے بچے نہ کھیلتے ہیں، نہ دوڑتے ہیں، نہ پسینہ بہاتے ہیں۔ نتیجتاً ان کے وزن میں اضافہ، چربی کا جمع ہونا، بچپن میں ہی ذیابطیس، کولیسٹرول اور دل کے مسائل پیدا ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

(۲) نظر کی کمزوری اور گردن کی بیماریاں

موبائل کو جھک کر دیکھنے سے گردن کے مہرے (cervical spine) پر دباؤ پڑتا ہے اور آنکھوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے۔ مستقل ‘اسکرین ٹائم‘ سے ’ڈرائی آئی سنڈروم’ہوتا ہے۔ آج دس سال کے بچے بھی چشمہ لگا رہے ہیں! یہ طبی معجزہ نہیں، ماں باپ کی خاموش لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔

والدین کی ذمہ داری: چند کڑوے سوالات

٭ کیا ہم بچوں کو وقت دینے سے بچنے کے لیے موبائل دے رہے ہیں؟
٭ کیا ہم جانتے ہیں کہ بچے موبائل میں کیا دیکھ رہے ہیں؟
٭ کیا ہم بچوں کے اندر کسی ہنر کی تربیت کر رہے ہیں؟
٭ کیا ہم صرف انھیں چپ کرانا چاہتے ہیں یا بنانا بھی چاہتے ہیں؟
یاد رکھیے کہ خاموش بچہ ہمیشہ اچھا نہیں ہوتا۔ بعض اوقات وہ موبائل کے ذریعے خود کو تباہ کر رہا ہوتا ہے۔

دوسرے ممالک کیا کر رہے ہیں؟

چین کی پالیسی

۱۸ سال سے کم عمر بچوں کے لیے محدود اسکرین ٹائم
٭ مخصوص دنوں میں موبائل گیمز کی اجازت
٭ سوشل میڈیا پر سخت نگرانی

جنوبی کوریا

٭بچوں کو ’’ڈیجیٹل ڈیٹاکس کیمپس‘‘ میں بھیجا جاتا ہے۔
٭ والدین کو ’’ڈیجیٹل پیرنٹنگ ورکشاپس‘‘ میں شامل کیا جاتا ہے۔
جب کہ ہم نے موبائل کو بچوں کی ’پالنے والی ماں‘ بنا دیا ہے۔

حل کیا ہے؟ ایک ماں کا لائحۂ عمل

(۱) بچوں کے لیے موبائل کا وقت مقرر کریں۔ ۱۸؍ سال سے زیادہ عمرکے بچے کو دن میں محض ایک گھنٹے کی اجازت دیں۔
(۲) ان کے اندر ہنر پیدا کریں: جیسے آرٹ، میوزک، سپورٹس، کرافٹس
(۳) روزانہ مطالعہ کا وقت بنائیں، کہانیاں پڑھیں، ساتھ بیٹھ کر سیکھیں۔
(۴) ریلز اور ٹک ٹاک جیسے apps انسٹال ہی نہ کریں۔
(۵) روز کم از کم آدھا گھنٹہ صرف بچوں کے ساتھ گزاریں۔
(۶) انھیں سماجی تقریبات، ڈرامے، مذہبی اجتماعات میں شامل کریں۔
(۷) یوگا، واک، یا کوئی جسمانی سرگرمی کو معمول بنائیں۔

ماں کا لمس، اسکرین سے بہتر ہے

کیا آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا بچہ بڑا ہو کر کامیاب ہو؟ تو اسے صرف موبائل مت دیجیے، اپنا وقت، اپنی محبت اور اپنی رہنمائی دیجیے۔ بچپن کبھی لوٹ کر نہیں آتا اور جو ماں اپنے بچے سے غافل ہو جائے تو ایک دن وہ بچہ ماں سے غافل ہو جاتا ہے۔ کاش ہم سمجھ سکیں کہ موبائل کا ہاتھوں میں ہونا ترقی نہیں، حقیقت میں بچپن کا خون ہے۔ ہمارے بچے ہمیں نہیں اسکرین کو دیکھ کر سوتے ہیں، ہماری لوریاں نہیں سنتے، بلکہ ریلز کی موسیقی میں پل رہے ہیں۔ کیا ہم نے انھیں جنم صرف اس لیے دیا تھا کہ وہ ایک اسکرین کی دنیا میں تنہا زندگی گزاریں؟ کیا ماں کی گود اتنی بے اثر ہو گئی ہے کہ بچہ سکون صرف یوٹیوب پر پاتا ہے؟ یاد رکھیں! بچہ ماں کے لمس سے سنورتا ہے، نہ کہ موبائل کے لمس سے۔ ماں کی گود دنیا کی سب سے پہلی یونیورسٹی ہے۔ اگر وہی ویران ہوگئی، تو پھر دنیا کا کوئی ادارہ بچے کو انسان نہیں بنا سکتا۔
خدارا! موبائل دے کر سکون کے متلاشیو! کل اسی بچے کی لاپرواہی پر آنکھیں نم نہ کرنا، کیوں کہ خود آپ نے ہی اس کی دنیا میں ریلز کے رنگ بھرے تھے، رشتوں کے نہیں۔ یاد رکھیے! بچوں کو لائکس نہیں، آپ کی لوریاں چاہیے۔ وائرل ویڈیوز نہیں، آپ کی دعاؤں کا لمس چاہیے۔ ان کے ہاتھوں میں موبائل نہیں، آپ کی انگلی ہونی چاہیے، جو انھیں زندگی کے صحیح راستے پر چلانا سکھائے۔

٭ ٭ ٭

انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب، فیس بک جیسے ہر پلیٹ فارم پر ریلز کی بھرمار ہے۔ ہر دوسرا بچہ ’’کانٹینٹ کریئیٹر‘‘ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے، مگر یہ خواب محض ایک سراب ہے۔ بچے جب دن رات موبائل اسکرین کے سامنے ریلز بنانے میں مصروف ہوتے ہیں، تو وہ عملی زندگی کی مہارتوں سے محروم ہوتے جاتے ہیں۔ انسانی تعلقات سے دور ہوتے جاتےہیں۔ ذہنی، جسمانی اور جذباتی زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥