ایک چھوٹے سے شہر میں دو بچے اپنے امی ابو کے ساتھ رہتے تھے۔ ایک کا نام ابراہیم تھا اور دوسرے کا نام اسمعیل۔ جب چھوٹے تھے تو نہایت پیارے اور فرمانبردار تھے، مگر جیسے جیسے بڑے ہونے لگے، ماں کی بات ماننا چھوڑ دیا۔ امی بول بول کر تھک جاتیں، مگر بچے سنتے ہی نہ۔
اسمعیل بیٹا! پڑھ لو۔ کھیلنے کا وقت ہو چکا! ابھی پڑھ لوں گا، امی! پھر کھیلتا رہتا، رات دیر تک جاگتا اور صبح دیر سے اٹھتا۔ امی بار بار آواز دیتیں: ’’اسمعیل، کپڑے بدل لو۔۔۔ نماز پڑھ لو!‘‘ وہ جواب دیتا: ’’ابھی کر لوں گا!‘‘ مگر وقت گزر جاتا، اور کام نہ کرتا۔ امی غصے میں آجاتیں، تب جاکے ڈر کے مارے وہ کام کر لیتا۔
مگر کب تک؟ اللہ کا شکر کہ دادا جان گاؤں سے شہر آگئے۔ بچوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ ’’دادا جان آ گئے! اب ہمیں کہانیاں سنائیں گے، باہر لے جائیں گے!‘‘ امی نے سکون کا سانس لیا اور دادا کو دونوں بچوں کی شرارتیں بھی بتا دیں۔ دادا جان مسکرائے اور بولے: ’’اچھا، اب میں ان سے بات کروں گا۔‘‘
بچوں کے اسکول سے آتے ہی دادا نے کہا: ’’جلدی سے کپڑے بدل لو، کھانا کھا لو۔ آج میں تمہیں حضرت اسمعیل علیہ السلام کی کہانی سناؤں گا!‘‘ بچوں نے خوشی خوشی سب کچھ وقت پر کیا اور دادا جان کے پاس آ گئے۔
دادا جان کی کہانی کا آغاز
‘‘بیٹو! پہلے وعدہ کرو کہ جو کہانی سنو گے، اُسے یاد رکھو گے اور اُس پر عمل کرنے کی کوشش کرو گے۔‘‘ جی دادا جان! ابراہیم نے کہا: ’’میں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا!‘‘ اسمعیل نے کہا: ’’میں سب کو معاف کر دیتا ہوں، جیسے آپ نے سکھایا!‘‘۔دادا جان نے مسکرا کر کہا: ماشاءاللہ بیٹوں! حضرت ابراہیم علیہ السلام کو سو سال کے بعد اللہ نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی صورت ایک بیٹا عطا فرمایا۔ اللہ کے حکم پر حضرت ابراہیم نے بی بی ہاجرہ اور ننھے اسمعیل کو سنسان وادی مکہ میں چھوڑ دیا۔ وقت گزرا، حضرت اسمعیل بڑے ہوئے۔ اللہ نے حضرت ابراہیم کو خواب میں دکھایا کہ وہ اپنے بیٹے کو قربان کر رہے ہیں۔
یاد رکھو بچو! نبیوں کے خواب بھی وحی ہوتے ہیں
ابراہیم علیہ السلام نے بیٹے سے فرمایا کہ بیٹا! میں خواب میں دیکھتا ہوں کہ تمہیں ذبح کر رہا ہوں۔ حضرت اسمعیل نے جواب دیا: بابا جان! آپ وہی کیجیے جس کا اللہ نے حکم دیا۔ آپ مجھے ان شاء اللہ صابر پائیں گے۔ پھر دونوں باپ بیٹے اللہ کے حکم پر چل دیے۔ شیطان نے تین بار بہکانے کی کوشش کی، مگر ہر بار اسے کنکریاں مار کر بھگا دیا گیا۔ یہی جمرات کی سنت ہے۔
ابراہیم علیہ السلام نے بیٹے کی آنکھوں پر پٹی باندھی اور ذبح کرنے لگے، مگر جب پٹی کھولی، تو بیٹے کی جگہ جنت کا دنبہ پڑا تھا اور اسمعیل علیہ السلام سلامت کھڑے تھے۔ اللہ تعالیٰ کو ابراہیم کا ایمان، اسمعیل کی اطاعت اور ہاجرہ کا توکل اتنا پسند آیا کہ قربانی قیامت تک کے لیے سنت بن گئی، زمزم کا چشمہ عطا ہوا، حج کے مناسک بنے، خانہ کعبہ کی تعمیر ہوئی، اور نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وسلم انھیں کی نسل سے آئے۔
دادا جان کا سبق
‘‘بچو! اللہ کی اطاعت کے بعد ماں باپ کی اطاعت فرض ہے۔ قرآن کہتا ہے: اف تک نہ کہو! ماں باپ کی ناراضی، اللہ کی ناراضی ہے۔ ان کی خدمت میں جنت ہے۔‘‘ پھر دادا جان نے کہا: ’’فرض کرو امی نانا کے گھر چلی گئی ہیں۔ اب کون تمہیں ناشتہ دے گا؟ کپڑے پہنائے گا؟ کون گلے لگائے گا؟‘‘ بچوں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ ‘‘دادو! ہمیں امی کے بغیر کچھ نہیں چاہیے! دادو! اب ہم امی کو کبھی نہیں ستائیں گے!’’ پھر دونوں بچے بھاگ کر ماں سے لپٹ گئے اور بولے: ‘‘امی! ہمیں معاف کر دو۔ اب ہم آپ کی ہر بات مانیں گے!’’اور گنگنانے لگے:
پیاری ماں! مجھ کو آپ کی اطاعت کا حکم ہوا
پیاری ماں! مجھ کو آپ کی دعا چاہیے
٭ ٭ ٭
بچوں کے اسکول سے آتے ہی دادا نے کہا: ’’جلدی سے کپڑے بدل لو، کھانا کھا لو۔ آج میں تمہیں حضرت اسمعیل علیہ السلام کی کہانی سناؤں گا!‘‘ بچوں نے خوشی خوشی سب کچھ وقت پر کیا اور دادا جان کے پاس آ گئے۔


0 Comments