تحریکی امور اور گھریلو مصروفیات میں توازن کیسے قائم کریں؟

یہ ایک سوال کی شکل میں ہر اس خاتون کے ذہن میں ضرور آتا ہے جو تحریک کا کام کرنے کے ساتھ اپنے گھر کو بھی بہترین طریقے سے سنبھالنا چاہتی ہے۔ ہم سب امت مسلمہ کا حصہ ہیں۔ امت کی بیٹی اور ایک مسلمان خاتون ہونے کی حیثیت سے ہماری کچھ ذمہ داریاں ذاتی امور سے تعلق رکھتی ہیں اور کچھ اجتماعی امور سے۔ کچھ کام ہمیں اپنی ذات ،اپنے بچے، اپنے خاندان کے لیے کرنے ہیں اور کچھ کام ہمیں امت کے لیے کرنے ہیں اور پھر آگے بڑھ کر انسانیت کے لیے بھی۔ ہم سب کا اس جماعت میں شامل ہونا ظاہری طور پر اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمیں اس ذمہ داری کا احساس بھی ہے اور ہمارے اندر اس کے لیے تڑپ بھی ہے۔ بس ضرورت ہے کہ ہم تمام ذمہ داریوں کو توازن کے ساتھ نبھائیں، تاکہ ایک کی وجہ سے دوسرے میں خلا پیدا نہ ہو۔

وقت کی منصوبہ بندی

اس سلسلے میں سب سے اہم اور ضروری چیز وقت کی منصوبہ بندی(Time managment) ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس بات کا جائزہ لیں کہ ہمارا وقت کس طرح صرف ہوتا ہے اور ہم اپنے کاموں کو کس طرح کم وقت میں بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے پورے دن کے کاموں کا وقت مقرر کرنا ہو گا کہ کس وقت کون سا کام کرنا ہے؟ کوشش کریں کہ وہ کام اسی وقت میں ختم ہو جائے۔ ان تمام کاموں کی منصوبہ بندی کرتے وقت یہ خیال رہے کہ مطالعہ اور دعوتی وتحریکی سرگرمیوں کے لیے ایسا وقت متعین کیا جائے جس میں زیادہ یکسوئی میسر ہو۔ پھر کاموں کی ترجیحات کا بھی تعین کریں۔ ہر دن یہ دیکھیں کہ کیا چیز زیادہ اہم ہے اور ایک کام کے درمیان دوسرا کام کرنے کی عادت ڈالیں۔ کھانا پکاتے وقت ساتھ ساتھ کچن سمیٹتے جائیں۔ برتن گندے ہوں تو وہ بھی دھلتے جائیں۔ گھر میں تمام چیزوں کو اپنی جگہ پر ترتیب سے رکھنے کی کوشش کریں۔ غرض یہ کہ ہمیں کام کرنے کے ان تمام طریقوں کو دھیان میں رکھنا چاہیے جن سے ہم وقت بچاسکیں اور اس کا بہتر استعمال کر سکیں۔ اچھی طرح یاد رکھیں کہ دین کا کام کرنا ہے تو جسم کو زیادہ محنت کا عادی بنانا ہوگا۔ کاموں میں زیادہ تیزی دکھانی ہوگی۔ گھر کے کاموں سے چھٹی لے کر دینی کام کرنے کے بجائے گھر کے کام کرتے ہوئے دین کا کام کرنا ہوگا۔ صبح بہت جلدی اٹھنا پڑے گا۔ دن کے آرام میں بھی کٹوتی ہوگی اور رات کو بھی دیر سے سونے کی نوبت آئے گی۔ جو مشکلوں سے بھاگتے ہیں وہ بلندیوں کا سفر نہیں کر پاتے ہیں۔ البتہ زندگی گزارنے کو مشکل نہیں بننے دیں۔ اسے آسان سے آسان تر بنائیں ۔جو زندگی گزارنے کو مشکل بنالیتے ہیں وہ پھر بلندیوں کے سفر کے لیے الگ سے ہمت اور وسائل نہیں جٹاپاتے ہیں۔

رشتے داروں کا تعاون لیں

 اگر کوئی ایسی بات ہے جس میں آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو ضرورمدد لیں۔ مثال کے طور پر آپ جوائنٹ فیملی میں رہتی ہیں۔ گھر میں ساس اور دوسرے افراد بھی ہیں۔ آپ کے بچے چھوٹے ہیں۔ان کو سنبھالنے کے لیے آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو ان سے ضرور مددلیں۔ ان سے کہیں کہ مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ رشتہ داریاں اور تعلقات انسان کی قوت میں اضافہ کرتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر اس بڑی قوت سے محروم ہو جانا سمجھ داری کی بات نہیں ہے۔ دینی مشن سے وابستہ خواتین کو ایسی نادانیوں سے دور رہنا چاہیے۔ جو خواتین گھر کے جھگڑوں میں الجھ جاتی ہیں یا اپنے رشتے داروں سے ناطہ توڑ لیتی ہیں وہ اپنے آپ کو بہت کمزور کر لیتی ہیں۔ اس کے بعد دین کے میدان میں بڑی خدمت انجام دینا ان کے لیے بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

کاموں کو تقسیم کریں

اگر گھر کے کاموں کے ساتھ دینی سرگرمیوں میں بھی شرکت کرنی ہے تو گھر میں کاموں کی تقسیم کا عمدہ ماحول بنائیں۔ اگر ہم سرگرمیوں کا حوالہ دے کر گھر کے کام سے چھٹی لیں گے تو گھر کے لوگ ناراض ہوں گے اور اطمینان سے کام نہیں ہو سکے گا۔ دوسری طرف گھر کے سارے کاموں کو اکیلے دیکھنے کے ساتھ دعوت دین کا کام کرنا بہت مشکل ہوگا اور کام کا بوجھ بہت بڑھ جائے گا۔ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ گھر کے تمام افراد کے درمیان کاموں کو مناسب طریقے سے تقسیم کریں۔ گھر کے تمام افراد کے ذمے کوئی نہ کوئی کام دیں۔ خاص طور سے بچوں کو کام کی ذمے داری دیں۔ اس طرح سے ان کی تربیت بھی ہوگی۔ اس کا بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ گھر کے ہر فرد کے وقت میں برکت ہوگی۔

گھر والوں کو ساتھ لے کر چلیں

گھر والوں کو اپنا حریف بنانے کے بجائے اپنا ہم خیال اور مددگار بنانے کی مسلسل اور انتھک کوشش کرتی رہیں۔ اگر حکمت کا خیال رکھا گیا اور اللہ کی مدد شامل حال رہی تو دیر سویر پورے گھر کا ذہن بدلے گا اور اس سے طاقت بہت بڑھ جائے گی اور ان کی حمایت سے آپ کافی کام کر سکیں گی۔

پلاننگ

آپ کا رول کیا کیا ہے؟ بحیثیت ماں، بحیثیت بیٹی، بحیثیت بیوی اور بحیثیت داعیہ۔ کیا کیا چیزیں آپ کے فرائض میں سے ہیں؟ اس کی لسٹ بنائیں اور اس حساب سے پلاننگ کریں اس کے مطابق کام کریں۔

خوش مزاج بنیں اور ماحول کوخوش گوار بنائیں

خوش مزاجی کی بدولت آپ کو گھر اور باہر کے کاموں میں آسانی ہو سکتی ہے۔ تھکن کے باوجود چہرے پر مسکراہٹ ہو۔ جھنجھلاہٹ اور چڑچڑے پن سے اپنے آپ کو بالکل دور رکھیں، کیوں کہ مومن بد اخلاق نہیں ہوتا۔ ایسا نہ ہو کہ ایسی صورت میں ہم دین کا ایسا نقشہ پیش کریں جس سے دوسرے لوگ بے زاری کا اظہار کریں۔

دعائیں اور استغفار

وقت میں برکت، دل کا سکون اور عمل کی توفیق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس لیے اس سے دعا کرتے رہیں اور استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔ ہماری کامیابی اس میں ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں میں توازن رکھیں۔ ماں، بیوی، بیٹی اور داعیہ سب کرداروں کو اللہ کے لیے ادا کریں۔ اللہ تعالٰی ہمیں کاموں میں توازن، اخلاص، حکمت اور برکت عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

اچھی طرح یاد رکھیں کہ دین کا کام کرنا ہے تو جسم کو زیادہ محنت کا عادی بنانا ہوگا۔ کاموں میں زیادہ تیزی دکھانی ہوگی۔ گھر کے کاموں سے چھٹی لے کر دینی کام کرنے کے بجائے گھر کے کام کرتے ہوئے دین کا کام کرنا ہوگا۔ صبح بہت جلدی اٹھنا پڑے گا۔ دن کے آرام میں بھی کٹوتی ہوگی اور رات کو بھی دیر سے سونے کی نوبت آئے گی۔ جو مشکلوں سے بھاگتے ہیں وہ بلندیوں کا سفر نہیں کر پاتے ہیں۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے