آصف سے جانیےچھوٹے کاروباریوں کے لیے کیوں ضروری ہے بلاسودی قرض؟

۴۵؍ سال کے آصف کا تلنگانہ کے سنگاریڈی شہر میں اپنا کاروبار ہے۔ پہلے ان کی ایک چھوٹی سی گُمٹی تھی، لیکن اب شانتی نگر میں باقاعدہ ایک دکان ہے۔ آصف نے یہ مقام اپنے دم پر اور اپنے ہنر سے حاصل کیا۔
آصف اپنی دکان سے ایک کلومیٹر دور اندرا نگر علاقہ میں کرایے کے مکان میں رہتے ہیں۔ ان کے والد لکڑی کا کاروبار کیا کرتے تھے۔ سنگاریڈی کے پاس کنڈاکر گاؤں میں کبھی ان کی پشتینی زمین ہوا کرتی تھی جسے ان کے والد کو اپنی لڑکیوں کی شادی اور دوسری ضرورتیں پوری کرنے کے لیے بیچنا پڑا۔ آ مشترکہ فیملی میں ان کی ماں، تین بھائی، ایک بہن، اور ان کی بیوی، دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ خدمت کی برانچ نے جب سنگاریڈی میں کام کرنا شروع کیا، تو اس کے ڈیلی کلکٹر نے آصف کو خدمت کا ممبر بنایا۔ آصف قریب ڈیڑھ سال تک روزانہ سو سے لے کر پانچ سو روپے تک خدمت کے بچت کھاتے میں جمع کرتے رہے۔ اس کے بعد پہلا قرض بیس ہزار روپے کا لیا۔ اس سے انھوں نے اپنی دکان کے لیے سامان خریدا۔ ان کی دکان پر شاک ایبزاربر (shak abjarbar) اور گیس چولہے کی مرمت ہوتی تھی۔ لیکن اس سے جڑے سامان نہیں ہوتے تھے۔ آصف کو قرض لینے سے پہلے بچت کھاتے کے ذریعے ہی مدد ملنی شروع ہو گئی تھی۔ وہ یاد کرتے ہیں کہ ’’نیا مہینہ شروع ہونے پر تکلیف نہیں ہوتی تھی۔ دکان کا کرایہ، گھر کا کرایہ، بچوں کی فیس، ان سب کی ادائیگی میں بچت کھاتے کے پیسے کام آنے لگے۔ اتنا ہی نہیں ان پیسوں سے حیدرآباد جا کر سامان بھی لے آتے تھے۔‘‘

 جب مانگنے سے بھی آصف کو نہیں ملا قرض

آصف نے جب اے ٹو زیڈ نام سے دکان شروع کی، تب یہ ایک مکمل آٹو موبائل شاپ تھی۔ مگر ان کے والد کی بگڑتی صحت کے ساتھ ساتھ ان کی دکان کی حالت بھی بری ہوتی چلی گئی۔ ان کے والد فالج کا شکار ہوگئے تھے اور اس دوران آصف قریب چار مہینوں تک ٹھیک سے دکان نہیں چلا پائے۔ آصف نے بتایا کہ والد کے علاج میں انھوں نے قریب آٹھ لاکھ روپے خرچ کیے۔ وہ کہتے ہیں: ’’میں لگ بھگ سڑک پر آگیا تھا۔ اتنا پیسہ خرچ کرکے بھی والد کو نہیں بچا سکا۔ جب خدمت سے قرض لے کر آگے بڑھنے کی شروعات کی تو پہلے قرض کے وقت ہی بیوی کی طبیعت خراب ہوگئی۔‘‘اپنے پہلے ہی قرض کی ادائیگی کے لیے آصف کو اضافی وقت مانگنا پڑا، کیوں کہ بیمار بیوی کے علاج کے دوران وہ اپنے کام پر زیادہ دھیان نہیں دے پارہے تھے۔ قرض چکانے کے لیے زائد ڈیڑھ ماہ کا وقت تو مل گیا مگر جب وہ نیا قرض مانگنے گئے تو خدمت کے اس وقت کے منیجر نے پچھلے قرض کا حوالہ دیتے ہوئے نیا قرض دینے سے انکار کردیا۔ حالاں کہ آصف کا ماننا ہے کہ انہیں دوبارہ قرض ملنا چاہیے تھا۔ خدمت کے موجودہ منیجر فرید نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد خود جا کر آصف سے ملاقات کی اور دوبارہ قرض نہ لینے کی وجہ معلوم کی۔ آصف یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ’’مجھے فرید صاحب کے پوچھنے پر غصہ آگیا تھا۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ کا آفس ہی مجھے قرض نہیں دے رہا ہے۔‘‘ آصف نے بتایا کہ منیجر فرید صاحب نے ان کی پوری بات کو سمجھا اور اگلی صبح آکر قرض کے لیے درخواست دینے کو کہا۔ مجھے خدمت سے تیس ہزار کا نیا قرض مل گیا۔ ایک بار پھر خدمت سے میرا لین دین کا رشتہ شروع ہوگیا۔پورے معاملے پر منیجر فرید کہتے ہیں کہ ’’غلط فہمی دور کرنے کے لیے میں نے آصف کو نیا قرض لینے کا مشورہ دیا۔ میں نے پھر انھیں خدمت سے اور قریب لانے کی کوشش کی۔ مجھے پتہ چل جاتا ہے کہ مارکیٹ میں کون محنت کررہا ہے اور محنت کرکے خود مختاری کی زندگی جی رہا ہے۔ مجھے آصف کے بارے میں اچھی باتیں پتہ چل رہی تھیں، اسی لیے میں آصف کے گھر گیا تھا۔‘‘

 ریپیئرنگ سروس کے ساتھ اب اسپیئر پارٹس اور ایسیسریز کا اسٹاک

خدمت سے قرض نہیں ملنے کے بعد بھی آصف نے خدمت میں اپنا بچت کھاتہ ایکٹیو رکھا تھا۔ بچت کے پیسوں سے انھیں دکان اور گھر کا کرایہ دینے اور بچوں کے اسکول کی فیس جمع کرنے میں مدد مل جاتی تھی۔ خدمت کے ساتھ دوبارہ لین دین شروع ہونے کے بعد سے آصف تقریبا بیس بار قرض لے چکے ہیں۔ اس قرض سے ہونے والی آمدنی اور ترقی کو آصف ان الفاظ میں بتاتے ہیں: ’’ہر تین ماہ میں پچاس ہزار کا سامان لے کر دکان میں ڈال دیتا ہوں۔ سامان رہنے سے آمدنی بڑھ جاتی ہے۔ سو روپے کے سامان سے کبھی ڈیڑھ سو تو کبھی دو سو روپے بن جاتے ہیں۔ اس طرح پچاس ہزار سے ستر اسی ہزار تک بن جاتے ہیں۔ اس آمدنی سے اپنے تین بچوں کی فیس (جو تقریبا ساٹھ ہزار ہے) کی ادائیگی کرلیتا ہوں۔ خود اپنی بیوی کے لیے نیا موبائیل خریدا ہے، اسی کمائی سے میں نے بھائی کی شادی کی ہے اور جلد ہی بہن کی شادی دھوم دھام سے کروں گا۔‘‘
آصف کا کاروبار ترقی کرگیا ہے۔ پہلے ان کی دکان میں صرف مرمت کا کام ہوتا تھا۔ اب اس سے جڑے ہر طرح کے سامان بھی موجود ہوتے ہیں۔ مثلاً شاک ایبزاربر کا راڈ، اسپرنگ، تیل، سیل وغیرہ۔ ساتھ ہی نئے گیس کے چولہے اور اس سے جڑے چھوٹے بڑے پرزے بھی رہتے ہیں۔ آصف نے بتایا کہ ’’پہلے میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ اب دکان میں سامان بڑھ رہا ہے۔ پہلے میں صرف اسکوٹر اور موٹر سائیکل کے شاک ایبزاربر اور گیس چولہوں کی مرمت کرتا تھا، لیکن اب اس سے جڑے پرزے بھی رکھتا ہوں۔ میں محنت کررہا ہوں، خدمت سے مدد مل رہی ہے اور اللہ انعام دے رہا ہے۔ ‘‘

 صرف ایک بار ہی ملا مدرا لون

آصف کا ایک بینک میں پرانا کھاتہ ہے۔ انھوں نے بینک سے قرض لینے کی کوشش کی، لیکن قرض نہیں مل سکا۔ بینک ان سے سرکاری نوکری کرنے والے دو ضمانت دار مانگ رہے تھے، لیکن آصف اس شرط کو پورا نہیں کر پائے۔ حالاں کہ حال کے دنوں میں انھوں نے مدرا لون لیا ہے۔ اس سے جڑے تجربے کو بتاتے ہوئے آصف کہتے ہیں کہ ’’پچاس ہزار کا مدرا لون ادا کرنے کے لیے خدمت کے مقابلے میں زیادہ وقت ملا۔ قرض کی ادائیگی کے لیے تو ایک سال کا وقت مل گیا لیکن چار ہزار روپے سود کے طور پر دینے پڑے۔ اب پھر بینک والے بڑے قرض کے لیے سرکاری ضمانت دار مانگ رہے ہیں۔ لہذا خدمت ہی بہتر ہے۔‘‘
آصف کے پاس پہلے سے بینک کھاتہ تھا، لیکن خدمت سے جڑنے سے پہلے وہ اس کھاتے میں کوئی بچت نہیں کر پاتے تھے۔ آصف نے بتایا کہ ’’بینک میں جاکر پیسہ جمع کرنا پڑتا تھا اور یہی کام ہم سے نہیں ہو پاتا تھا۔ خدمت والے سو روپے ہوں یا پانچ سو، خود آکر پیسے لے جاتے ہیں۔ اسی طرح سے بچت ممکن ہوپاتی ہے۔ ہم روزانہ پانچ ہزار کی کمائی کرلیں تب بھی ہم پیسے نہیں بچا پائیں گے، الا یہ کہ خدمت والے خود آکر پیسے نہ لے جائیں۔ جیب میں پیسے رہنے سے غیر ضروری پیسے خرچ ہوجاتے ہیں، کبھی دوستوں کی پارٹی میں تو کبھی خریداری میں۔ اب خدمت کی وجہ سے آمدنی کا ایک حصہ بچت میں تبدیل ہوجاتا ہے۔‘‘
آصف بتاتے ہیں کہ بینک کے مقابلے میں خدمت کے بچت کھاتے سے پیسہ نکالنے میں بالکل بھی وقت نہیں لگتا۔ پانچ منٹ کے اندر اندر پیسے نکل جاتے ہیں۔ نیا قرض ملنے میں بھی وقت نہیں لگتا۔ خدمت سے جڑنے سے پہلے آصف کو پرائیویٹ فائنانسر سے بھی قرض لینا پڑتا تھا۔ اس سے جڑی پریشانیوں کو یاد کرکے آصف بتاتے ہیں کہ اگر کسی دن کمائی نہیں ہو سکی تو اگلے روز دو دن کی قسط دینی پڑتی تھی۔ قرض چکانے میں سو دن سے زیادہ وقت لگ جانے پر اضافی قیمت ادا کرنی پڑتی تھی۔ جب کہ خدمت میں بہت سہولت ہے۔ دو دن کیا، اگر آٹھ دن بھی قسط نہ دے پائے تو پریشان نہیں کیا جاتا۔ کوئی جرمانہ بھی نہیں لگایا جاتا۔ ہاں، وہ لوگ وقت پر قرض کی ادائیگی کی یاد دہانی ضرور کرتے رہتے ہیں۔

 دوگنی مدت والے بڑے قرض کی ضرورت

آصف کے ذریعہ خدمت سے جڑ کر ان کے دس بارہ دوست اور رشتے دار الگ الگ طریقے سے اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی جدوجہد میں لگے ہیں۔ آصف بتاتے ہیں کہ ’’خدمت کے قرض سے کئی لوگوں کا کاروبار بڑھ گیا ہے۔ کسی نے گاڑی خرید لی ہے تو کسی نے اپنا بینک بیلنس بڑھا لیا ہے اور کسی نے سونے کے زیورات بنالیے ہیں۔‘‘
آصف خدمت کی سالانہ میٹنگوں میں دو تین بار شریک ہوچکے ہیں۔ مگر انھیں ابھی تک اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ مستقبل میں اگر ان کو اپنی بات رکھنے کا موقع ملتا ہے تو وہ یقینا بڑے قرض اور قرض کی ادائیگی کی مدت بڑھانے کی مانگ کریں گے۔ آصف اپنی دکان کا اسٹاک مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ دو پہیہ گاڑیوں کے نئے شاک ایبزاربر بھی رکھیں۔ اس کے لیے انہیں ایک لاکھ روپے کی ضرورت ہوگی۔ آصف کہتے ہیں کہ ’’مہنگائی کی وجہ سے پچاس ہزار کے قرض سے دکان کے لیے سبھی ضروری سامان نہیں خرید پاتا ہوں۔ خدمت ایک لاکھ روپے کا قرض دینے کے لیے تیار ہے مگر اس کی ادائیگی کے لیے تین ماہ کی شرط لگا رکھی ہے۔ مجھ جیسے چھوٹے دکان دار کے لیے اتنا وقت بہت کم ہے۔ قرض کی ادائیگی کی مدت بڑھنی چاہیے۔ اگر یہ مدت تین ماہ ہی رہی تو میں قرض نہیں لے پاؤں گا۔ وقت پر قرض واپس نہ کر کے میں پھر سے اپنا نام خراب نہیں کرنا چاہتا۔‘‘
آصف زور دے کر کہتے ہیں کہ ’’مجھے کاروبار کو بڑھانے کے لیے ایک لاکھ روپے کا قرض چاہیے اور قرض کی واپسی کے لیے چھ ماہ کا وقت ملنا چاہیے۔ تین ماہ کی میعاد سے بہت مشکل ہوتی ہے۔ ہر دن ایک ہزار روپے سے زیادہ کی قسط دے کر فیملی اور دکان دونوں کا خرچ چلانا مشکل ہے۔ روزانہ ہزار روپے نکل جانے سے میری دکان میں سرمایہ کی گردش کمزور پڑجائے گی۔ ‘‘

٭ ٭ ٭

اپنے پہلے ہی قرض کی ادائیگی کے لیے آصف کو اضافی وقت مانگنا پڑا، کیوں کہ بیمار بیوی کے علاج کے دوران وہ اپنے کام پر زیادہ دھیان نہیں دے پارہے تھے۔ قرض چکانے کے لیے زائد ڈیڑھ ماہ کا وقت تو مل گیا مگر جب وہ نیا قرض مانگنے گئے تو خدمت کے اس وقت کے منیجر نے پچھلے قرض کا حوالہ دیتے ہوئے نیا قرض دینے سے انکار کردیا۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے