کردار
استاد: آچاریہ وید پرکاش (ہندو، نرم مزاج اور باشعور)
ناصر: مسلمان بچہ، حساس دل والا
کومل: ہندو بچی، سادہ اور سیکھنے کی خواہشمند
پمی سنگھ: سکھ بچہ، صاف گو اور دلیر
یوشع: عیسائی بچہ، نرم دل اور ہمدرد
منظر
پانچویں جماعت کا ایک رنگین، خوبصورت کلاس روم۔ دیواروں پر اقوالِ زریں اور چارٹس آویزاں ہیں۔ کونے میں ایک گلوب رکھا ہے۔
استاد آچاریہ وید پرکاش بورڈ پر صرف ایک لفظ لکھتے ہیں: ’’انسانیت‘‘
آچاریہ (کلاس کی طرف دیکھتے ہوئے): بچو! آج ہم سائنس یا ریاضی نہیں پڑھیں گے۔ آج ہم صرف ایک سوال پر غور کریں گے۔
پمی سنگھ: کیا سوال ہے سر؟
آچاریہ (آہستگی سے):
ذرا آنکھیں بند کرو اور سوچو۔۔۔ ایک ایسی جگہ جہاں بچے بھوکے ہیں، عورتیں زخمی، بزرگ بے سہارا، گھروں پر بم برس رہے ہیں۔ جہاں نہ روٹی، نہ پانی، نہ سکون، صرف دھماکے اور خاموش جنازے۔
ناصر (پریشانی سے): سر! یہ تاریخ کی کسی پرانی جنگ کی بات ہے؟
آچاریہ (تھوڑے توقف کے بعد): نہیں بیٹا! یہ آج کی دنیا ہے، جہاں مشینیں خلاء میں پہنچ چکی ہیں، مگر دل بے حس ہو گئے ہیں۔
یوشع: سر! یہ کون سی جگہ ہے؟
آچاریہ (گہری سانس لیتے ہوئے): بتاؤ۔۔۔ وہ کون سی جگہ ہے جہاں سب کچھ ٹوٹ رہا ہے، بکھر رہا ہے، مگر صبر، یقین اور سچائی اب بھی باقی ہے؟
کلاس خاموش۔ کچھ بچے ایک دوسرے کی طرف دیکھتے ہیں۔
ناصر (آہستہ سے): سر! شاید۔ فلسطین؟
اتنے میں کومل بول اٹھتی ہے۔ کومل (ذرا تیکھے انداز میں): لیکن سر! وہ تو مسلمانوں کا مسئلہ ہے نا؟ ہم کیوں فکر کریں؟ کلاس میں سناٹا چھا جاتا ہے۔ کئی بچے نظریں جھکا لیتے ہیں۔ آچاریہ آہستہ سے کومل کے پاس آتے ہیں۔ نرمی، خلوص اور اپنائیت سے کہتے ہیں: بیٹا کومل! تم اس مسئلہ کی نوعیت سے لاعلم ہو۔ یہ مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ کیا بھوک کسی مذہب سے آتی ہے؟ کیا بم گرتے وقت پوچھتے ہیں کہ نیچے ہندو ہے یا مسلمان؟
جس رام کو ہم مانتے ہیں، وہ تو شاکاہاری تھے، عدم تشدد کے علمبردار تھے۔ وہ ہر ذی روح سے پیار کرتے تھے۔ تو کیا ہم ان نہتے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں پر گرتے بموں کو جائز کہیں گے؟ نہیں بیٹا! اگر ہم رام کو مانتے ہیں، تو پھر ظلم کو کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔
استاد (پمی سنگھ سے):
پمی! تمہارے گرو نانک جی کیا کہتے تھے؟
پمی سنگھ: ’’نانک نام چڑھدی کلا، تیرے بھانے سر بتھا بھلا‘‘ یعنی سب کی بھلائی مانگو۔
آچاریہ: تو ہم ان معصوم بچوں کے لیے بھلائی کیوں نہ مانگیں؟
استاد (یوشع سے): یوشع! عیسی مسیح نے کیا سکھایا تھا؟
یوشع: ”Love your neighbour as yourself“
یعنی اپنے پڑوسی سے ویسا ہی پیار کرو جیسا اپنے آپ سے کرتے ہو۔
آچاریہ (مسکراتے ہوئے): بالکل اور آج جو بچہ بھوکا ہے، جو سسک رہا ہے، وہی ہمارا اصل پڑوسی ہے۔
کومل (شرمندگی سے): سر! میں نے سوچے بغیر کہہ دیا تھا۔ اب میں سمجھ گئی ہوں۔ ظالم کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
آچاریہ: شاباش بیٹا! یاد رکھو! علم ہمیں انسان بناتا ہے، مذہب کا فرق نہیں سکھاتا۔ اگر کوئی تعلیم ہمیں نفرت سکھائے، تو وہ جہالت ہے، علم نہیں۔
(استاد تھوڑا سنجیدہ ہوتے ہیں۔ کلاس خاموش۔ استاد گلوب کی طرف اشارہ کرتے ہیں)
آچاریہ (گلوب کی طرف دیکھتے ہوئے): دیکھو! یہ دنیا یہ سب کچھ دیکھ رہی ہے، ٹی وی پر، سوشل میڈیا پر۔ ہم واقعات کی گواہیاں سن رہے ہیں: ڈاکٹروں کی، مقتولین کے رشتہ داروں کی،
بچ جانے والے معصوم بچوں کی۔ عورتوں، بچوں اور شیر خواروں کا یہ قتل ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اس کا فوری رک جانا ضروری ہے۔ اس کے لیے ہر کوئی سوچے کہ میں کیا کر سکتا ہوں؟ مذہب سے علی الرغم۔
(کچھ لمحے خاموشی۔ استاد کی آواز دھیمی لیکن پُرجوش ہو جاتی ہے)
آچاریہ: ہیروشیما اور ناگاساکی پر برسنے والے ایٹمی ہتھیاروں سے بھی زیادہ بارود معصوم فلسطینیوں پر برس چکا ہے۔ کئی شہر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ ریلیف سینٹروں کی عمارتیں تک ٹارگیٹیڈ بمباری کا شکار ہو چکی ہیں۔
(وہ گلوب کی طرف بڑھتے ہیں، ہاتھ سے فلسطین کی جگہ دکھاتے ہیں)
یہ دیکھو۔ یہ دنیا کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، جہاں انسانیت چیخ رہی ہے۔
No more silence
Stand for justice
سب بچے (پُرعزم ہوکر):
ہم مذہب سے بالاتر ہو کر حق کا ساتھ دیں گے!
ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے!
ہم انسانیت کو آواز دیں گے!
آچاریہ (نرمی اور وقار سے): پیارے بچو! تم چاہے ہندو ہو، مسلم ہو، سکھ یا عیسائی، یاد رکھو! تم سب انسان ہو ایک ماتا پتا کی سنتان۔ میرا کام تمھارے اندر سوئی ہوئی انسانیت کو جگانا تھا۔ اسی انسانیت کے ساتھ اب تمھیں دنیا کے مسائل کو حل کرنا ہے۔۔۔ اسکول کی گھنٹی بجتی ہے اور استاد اپنا فرض ادا کر کلاس روم سے نکل جاتے ہیں۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
ذرا آنکھیں بند کرو اور سوچو۔۔۔ ایک ایسی جگہ جہاں بچے بھوکے ہیں، عورتیں زخمی، بزرگ بے سہارا، گھروں پر بم برس رہے ہیں۔ جہاں نہ روٹی، نہ پانی، نہ سکون، صرف دھماکے اور خاموش جنازے۔


0 Comments