مزاح کےاسلامی آداب

زندگی میں مسکراہٹ اور خوش طبعی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ یہ انسان کے دل کو ہلکا کرتی ہے، ذہنی دباؤ کم کرتی ہے اور تعلقات میں نرمی پیدا کرتی ہے۔ اگر مزاح شائستگی اور حکمت کے ساتھ کیا جائے تو محبت، بھائی چارہ اور قربت پیدا ہوتی ہے۔ نفسیاتی ماہرین بھی اس بات پر متفق ہیں کہ مناسب اور بامقصد مزاح سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے اور رشتوں میں مضبوطی آتی ہے، مگر یہ تب ہی فائدہ مند ہے جب اس میں حد سے تجاوز نہ ہو اور یہ اخلاق و وقار کے دائرے میں رہے۔
سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اس حوالے سے سب سے اعلیٰ مثال ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مزاح ہمیشہ سچائی پر مبنی اور دل آزاری سے پاک ہوتا تھا۔ آپ ﷺ نے کبھی کسی سے اس طرح مذاق نہیں کیا کہ اس کی عزت مجروح ہو۔ ایک مرتبہ ایک بوڑھی خاتون نے آپ ﷺ سے جنت میں جانے کے بارے میں پوچھا تو آپ ﷺ نے مسکرا کر فرمایا: ’’بوڑھی عورتیں جنت میں داخل نہیں ہوں گی۔‘‘ خاتون پریشان ہوئیں تو آپ ﷺ نے وضاحت فرمائی کہ ’’اللہ تعالیٰ تمھیں جوان کرکے جنت میں داخل کرے گا۔‘‘ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مزاح محبت، خوشی اور خوش طبعی کے ساتھ ساتھ حکمت سے بھی بھرپور ہوتا تھا۔ اسی طرح ایک صحابی سے آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں تمہیں اونٹ کا بچہ دوں گا۔ جب وہ لینے آئے تو ایک بالغ اونٹ دیا اور ہنس کر بتایا کہ ہر اونٹ کسی نہ کسی اونٹ کا بچہ ہوتا ہے۔ یہ انداز نہ صرف مسکراہٹ لاتا ہے بلکہ سکھاتا ہے کہ مزاح ہمیشہ بے ضرر اور سچائی پر مبنی ہونا چاہیے۔
اسلام میں مزاح جائز ہے، لیکن نبی ﷺ نے کثرتِ مزاح سے منع فرمایا ہے، کیوں کہ زیادہ ہنسنا اور ہر وقت مذاق کرنا انسان کی سنجیدگی اور وقار کو کم کر دیتا ہے۔ لوگ اس کی بات کو سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیتے ہیں اور دل ذکرِ الٰہی سے غافل ہونے لگتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’زیادہ ہنسنے سے دل مردہ ہوجاتا ہے۔‘‘ اس لیے مزاح زندگی کا توازن بگاڑنے کے بجائے اسے خوشگوار بنانے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔
مزاح کرتے وقت اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ کسی کی شکل و صورت، حالات یا کمزوری کا مذاق نہ اڑایا جائے۔ قرآن کریم میں واضح ہدایت ہے کہ ’’تم ایک دوسرے کا مذاق نہ اڑاؤ، ہو سکتا ہے وہ تم سے بہتر ہو۔‘‘ یہ اصول خاص طور پر آج کے سوشل میڈیا کے دور میں اور بھی اہم ہو گیا ہے، جہاں لوگ لائکس اور فالوز کے لیے دوسروں کی تضحیک اور تمسخر کو تفریح سمجھنے لگے ہیں۔
دفتر، تعلیمی ادارے یا کسی بھی پیشہ ورانہ ماحول میں مزاح کے سلسلہ میں احتیاط کا دامن تھامنا چاہیے، خاص طور پر جب مرد و خواتین ایک ساتھ موجود ہوں۔ وہاں مزاح مختصر، شائستہ اور غیر متنازع ہونا چاہیے، تاکہ عزت اور احترام برقرار رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے مقام اور پوزیشن کا بھی لحاظ رکھنا چاہیے۔ اگر کوئی اپنے سے کم درجے کے ملازم، جیسے چپراسی یا جونیئر اسٹاف سے ہر وقت مذاق کرے تو یہ انھیں کمتر محسوس کروا سکتا ہے اور ان کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے مزاح میں برابری، عزت اور وقار کا اصول ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔
آج کے دور میں نوجوانوں میں مزاح اور مذاق کا رجحان بہت بڑھ گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہر وقت تفریح، میمز اور وائرل ویڈیوز میں مشغول رہنا ایک عام عادت بن چکی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ سنجیدہ گفتگو، تعلیم، کیریئر اور دینی شعور پسِ پشت چلا گیا ہے۔ یہ صرف ذاتی نقصان نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔ اگر مسلمانوں کو اپنے حالات بدلنے ہیں تو نوجوانوں کو اس بے مقصد مشغولیت سے نکل کر مقصدیت، محنت اور سنجیدگی کی طرف آنا ہوگا۔
مزاح ایک خوبصورت صفت ہے، لیکن یہ اس وقت حقیقی حسن رکھتی ہے جب اس میں وقار، سچائی اور ادب شامل ہو۔ سیرت النبی ﷺ سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہنسنا خوشی ہے، لیکن ہر وقت ہنسنا غفلت ہے۔ قوم کی بیداری اسی وقت ممکن ہے جب نوجوان مسکرائیں بھی مگر سوچ سمجھ کر، خوش طبع بھی ہوں مگر حیا اور سنجیدگی کے ساتھ۔ یہی توازن ہماری دنیا کو بھی بہتر بنا سکتا ہے اور آخرت کو بھی۔

٭ ٭ ٭

اسلام میں مزاح جائز ہے، لیکن نبیﷺ نے کثرتِ مزاح سے منع فرمایا ہے، کیوں کہ زیادہ ہنسنا اور ہر وقت مذاق کرنا انسان کی سنجیدگی اور وقار کو کم کر دیتا ہے۔ لوگ اس کی بات کو سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیتے ہیں اور دل ذکرِ الٰہی سے غافل ہونے لگتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: زیادہ ہنسنے سے دل مردہ ہوجاتا ہے۔ اس لیے مزاح زندگی کا توازن بگاڑنے کے بجائے اسے خوشگوار بنانے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

3 Comments

  1. Aliya Nikhath

    ماشاء اللہ ۔۔بہت خوب۔۔۔وقت کی اہم ضرورت۔۔۔۔یاد دھانی بہت ضروری ہوگی تھی

    Reply
  2. Urusa Shaheen

    Bohut hi khoobsurat massage hai jazakallah khair

    Reply
    • Zaheda begum

      السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ ،ماشاءاللہ تبارک اللہ ،ہادیہ ای میگزین میں تمام فیلڈ کے معلومات مل رہی ہیں ،بہت ہی کارآمد اور مفید ہیں ،اللہ تعالی اس کو مزید ترقی عطا فرمائے اور اس میگزین کے ڈمہ داروں کو بھی دنیا وآخرت کی کامیابی عطافرمائے آمین یارب العالمین ۔

      Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥