قاری کی رائے

ذمہ دارانِ ھادیہ ای میگزین!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اللہ ربّ العالمین آپ تمام کو جزاۓ خیر دے۔ آپ نے موبائل سے پڑھنے کی عادت کو فروغ دینے اور اس سے اپنے ایمان و عمل کو سنوارنے اور حالات حاضرہ کے مطابق مناسب رہنمائی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ مہیا کیا ہے۔ ہادیہ ای میگزین میں موجودہ حالات میں اورخاص طور پر مسلم معاشرہ کی اصلاح و تربیت کو مدّنظر رکھتے ہوئے اہم نکات پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔
محترمہ مبشّرہ فردوس صاحبہ کا مضمون ’’آہ تیرے معصوم فاقہ کش‘‘ پڑھ کر ایک عجیب سی کیفیت طاری ہے۔ ۱۰۱ ؍اموات میں سے ۸۰ ؍بچے ہیں، یہ سوچ کر سینہ درد سے کراہ اٹھتا ہے۔ کھانے کو دیکھ کر فلسطین کے فاقہ کش بچے ذہن میں گھومنے لگتے ہیں۔ ان شاء اللہ میں ضرور فلسطین کی مدد کے طور پر اسرائیل کو مدد کرنے والے کمپنیوں کے مال کا بائیکاٹ سختی سے کرتی رہوں گی اور تمام کو بھی اس کا احساس دلاتی رہوں گی اور فلسطینی مسلمانوں کے لیے دعا کرتی رہوں گی۔
محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ جو میرے لیے بڑی بہن اور ایک بہترین دوست ہیں، ان کا مضمون ’’دوستی کا رول‘‘ دیکھا۔ سچی دوستی کیا ہے؟ سچی دوستی کس طرح نبھانا چاہیے؟ سچ مچ انھوں نے میرے اندر دوستی کے احساس کو جلا بخشا۔ حضرت ابودرداءؓ اور حضرت عبداللہؓ کے واقعہ کے ذریعہ یہ سمجھایا کہ اپنے دوست کی سچی خیرخواہی کیا ہے؟ انھوں نے یہ احساس بھی زندہ کیا کہ اپنے اندر اتنی ہمت، خیرخواہی اور اپنائیت پیدا کریں کہ دوست کے گھر جا کر بت توڑسکیں اور اسے ایمان باللہ کی دعوت دے سکیں۔
ماشاءاللہ محترم امیر جماعت سعادت اللہ حسینی صاحب کے مضامین ایمان اور عمل کو تقویت دیتے ہیں اور مولانا محترم رضی الاسلام ندوی صاحب کے مضمون سے اپنی زندگی کے مسائل کو شریعت کے قانون کے مطابق حل کرنے کے لیے رنمائی ملتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ تمام کی کوششوں کو قبول فرمائے۔ جزاک اللہ خیراً کثیراً۔

وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ

درشہور! آپ کا مراسلہ پڑھ کر مسرت ہوئی۔ آپ ابتدا سے ماشاءاللہ ھادیہ کی قلم کار اور قاری ہیں اور بڑی لگن سے پڑھتی اور رائے دیتی رہتی ہیں۔ ساتھ ہی ھادیہ ٹیم کو کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

والسلام
ایڈیٹر، ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥