عالمی یوم امن کے چہرے پر ایک بد نما داغ، انسانیت کو اتار تار اور شرمسار کرتی غزہ کی تصویر، عورتوں، معصوم بچوں، نوجوانوں اور بوڑھوں کی دم توڑتی، سسکتی، بھوک سے بلکتی خبریں، تصاویر اور ویڈیوز نے تمام عالم اسلام کو اور درد مند دل رکھنے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ڈاکٹرز کی ٹیم، میڈیا کے لوگ اور سوشل ورکرس غزہ سے واپس آنے والے ہر درد مند دل نے وہاں کے آنکھوں دیکھے مناظر کا بیانیہ بھی پیش کیا، لیکن حالات کے سامنے سب کے سب بے بس ہوگئے۔ ان پر بھی پابندی لگای گئی۔ ساری دنیا مل کر بھی غزہ کے لوگوں کو انصاف نہیں دلا سکی۔ وہاں امن اور سکون کے لیے انسانیت بے بس اور لاچار نظر آتی ہے۔ جو قدم بڑھتا ہے وہ روک دیا جاتا ہے۔ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ گویا وہ سچ کا نہیں جھوٹ کا ساتھ دے رہے ہوں۔ سچ بولنے کی آزادی پر پابندی اور لب کھولنا بھی گناہ بن گیا۔ جب دنیا میں یہ حالات ہوں، کھلے عام انسانیت پامال ہو رہی ہو، جب نہتے مجبور اور مظلوم لوگوں کا مقدر جنگ بن چکی ہو تو ایسے میں امن اور سکون کی بات کرنا گویا سچ کو جھوٹ ثابت کرنے کے مترادف ہے۔ عالمی امن اور سکون کی بات جب بھی ہوتی ہے تو ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک نایاب شئے بن چکی ہے۔ طاقت اور پاور کے نشے میں چور ڈکٹیٹر شپ اور تانا شاہی نے امن اور سکون کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ ہر طرف شور و پکار کے بیچ حق و انصاف اور انسانی حقوق کے نعرے لگانے والے خود ہی اس اصول اور قانون کے توڑنے اور ٹھکرانے والے بن چکے ہیں۔ ہر دور میں یہ دیکھا گیا ہے کہ طاقت ور نے ہمیشہ کمزور کو دبایا اور محکوم و غلام بنایا لیکن ایسے حالات میں کوئی رہبر اور رہنما ایسا ضرور اٹھا ہے جس نے ظلم اور ستم کو مٹا دیا۔ بدامنی کی حالت سے امن کی طرف رخ موڑ دیا۔ اس لیے کہ دریا کے دھارے کو موڑنے کے لیے عزم و حوصلہ اور ہمت کی ضرورت ہے۔
آج بھی ہو جو براہیم سا ایماں پیدا
آگ کر سکتی ہے انداز گلستاں پیدا
عالمی یوم امن کی شعبدہ بازی اور فلسطینی لاشیں
امن ہر دور کی اہم ضرورت رہی ہے، لیکن اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ بدامنی کی حالت ہے۔ حالات ایسے ہو رہے ہیں کہ کچھ دنوں میں سکون اور امن کی حالت میسر نہیں آئے گی اور لوگوں کو سکون حاصل کرنے کے لیے زمین میں گڑھا کھود کر کہیں پناہ لینی پڑے گی۔ امن کی حالت کو بدامنی میں تبدیل ہوتا دیکھ کر یہ کہنا پڑتا ہے کہ کیا قوانین اصول و ضوابط امن کے معاہدات اور مذاکرات سب کے سب بے جان اور بوسیدہ دیمک کھائے ہوئے ہوچکے ہیں؟ انسانی حقوق پر بات کرنے والے حکمران، انسانی حقوق کے چارٹر تیار کر کے بیٹھے ہیں، لیکن خود انھیں کے ہاتھوں اس کا جنازہ نکل رہا ہے۔ دنیا میں امن اور سکون ایک ادھورے خواب کے مانند ہے۔ پوری دنیا میں امن پر جب بات ہوتی ہے تو بڑی صفائی سے بد امنی، لاقانونیت اور امن و سکون کو غارت کرنے والے خود اپنی ہی تمام حرکتوں کو نظر انداز کر کے دنیا کو یہ باور کراتے ہیں کہ گویا طاقت کے بلبوتے پر سب کچھ ممکن ہے۔ حالاں کہ یہ ایک بدترین عمل ہے، یعنی جو بات کہی جائے اس پر خود عمل کرنے کی کوئی پابندی نہ ہو اور احساس بھی نہ ہو دنیا پر یہ دادا گیری کیا عدل و قسط کو قائم رہنے دے گی؟ دنیا کی سپر پاور طاقتیں کسی شہر کو کسی وقت اٹھ کر برباد کر دیتی ہیں۔ صرف اور صرف اس لیے کہ وہ ان کی من مانی قبول نہیں کرتے۔ ان کا ملک کسی طاقتور کی آرزؤوں کا محور ہے۔ اگرچہ وہ کسی کی سرزمین ہے، کسی کا ملک ہے، کسی کا وطن ہے۔ شہر عظیمت ’’فلسطین‘‘ اس وقت اسی درد اور کرب سے گزر رہا ہے۔ آج ساری دنیا ننگی آنکھ سے یہ تماشا دیکھ رہی ہے۔ ڈری اور سہمی آوازیں جو اٹھ رہی ہیں، وہ نقار خانے میں طوطی کی آواز کے مانند ہیں۔ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ عالمی امن کا دن سال کے مخصوص دنوں کی فہرست سے آخر کیوں مٹا نہیں دیا جاتا؟ اسے صفحہ ہستی سے تو مٹایا ہی جا رہا ہے، پھر یہ فضول کی شو بازی کیوں؟ آخر کیوں؟
اس وقت ایک ابراہیمی صفت کی ضرورت ہے، لیکن وہ کہاں سے آئے گی؟ کیسے آئے گی؟ ابراہیم کا نام لینے والے ابراہم اکارڑ کی بات بڑھ بڑھ کر کرتے ہیں، لیکن ابراہیمی صفت سے کوسوں دور ہیں۔ اس معاہدے کو امن و بھائی چارگی کے حوالے سے اسرائیل اور مغرب کے اشتراکیت پسند حلقوں کی طرف سے ایک اصطلاح ابراہیمی مذاہب سے جوڑا گیا، جو کہ تین توحیدی مذاہب والوں کو جوڑنے کے لیے طے ہوا، لیکن مغرب کی ایجاد کردہ اس اصطلاح کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ اصطلاح صیہونیت کی قائم کردہ جارہیت پر مبنی تھی۔ اس میں توحیدی مذاہب کی سچی تعلیمات سرے سے غائب تھیں۔ ابراہیمی مذہب پر ان کی تعلیمات کا غلط استعمال اور یہ لیول لگانا اس معاہدے کی اصلیت اور اس کے وقار کو خود ہی ختم کر دینے والا بن گیا۔ بات پھر وہیں آتی ہے کہ یہ سب زبانی جمع خرچ اور جان بوجھ کر کی جانے والی وہ باتیں ہیں جو لوگوں کو مکڑی کے جالے کی طرح پھنسا لیتی ہیں۔ اس وقت دنیا میں نو آبادیات کی طرف بڑھتا قدم ایک خطرے کی گھنٹی ہے، بلکہ اس سے اگے بڑھ کر اسے مکمل کرنے کے خواب کی حقیقت میں تبدیل کرنے کے ناپاک عزائم لے کر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ باتیں ثابت ہو چکی ہیں کہ امن کی بحالی کے لیے بنایا جانے والا کوئی بھی معاہدہ یا چارٹر اس وقت تک پاور فل ثابت نہیں ہو سکے گا، جب تک اس کے بنانے والوں کے دلوں میں یہ خوف اور ڈر نہیں ہوگا کہ ہماری کج روی اور زیادتی کہیں ہماری تباہی کا سبب نہ ہو؟ دنیا پر غربت اور پسپائی مسلط کرنے والے ہمیشہ خود اس مغالطے میں رہتے ہیں کہ وہ اس کا شکار نہیں ہوں گے۔ فتح مکہ کی طرف نظریں اٹھا کر دیکھیں تو وہاں کی دور جہالت میں مکہ کے لوگوں کی حالت بہت اچھی ہونے کے باوجود وہ معاہدے خود ہی بناتے ہیں اور خود ہی توڑتے۔ امن اور سکون کی حالت میں اپنے وجود کو محفوظ کرنے کے لیے مذاکرے کرنا، معاہدے توڑنا ان کا مشغلہ تھا۔ کمزور کے لیے ہر ظلم و جبر کو انھوں نے رواں کر لیا تھا۔ درد وکرب کے عالم میں جب محسن انسانیت، غم گسارے قوم و ملت لوگوں کے مسیحا بن کر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’تم سب ایک خدا کے بندے ہو اور مرنے کے بعد تمہیں اس کے سامنے حاضر ہونا ہے‘‘، تو سب کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ اس تصور جوابدہی کو انھوں نے سرے سے ٹھکرا دیا۔ اس بات کو ماننے سے انکار کر دیا کہ ہمیں اپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔ بھلا یہ کیسے ممکن ہو سکے گا؟ اس کے لیے وہ کسی طرح تیار نہیں تھے۔ یہی حال ابراہیمی مذہب کے ماننے والوں کا آج ہو رہا ہے۔ انھوں نے اپنی کتابوں کے لکھے ہوئے کو خود ہی مٹا دیا اور دنیا میں من مانی کو روا کر لیا اس پر یہ بات چسپاں کر دی کہ ہم خدا کے محبوب ترین ہیں۔ ہمیں تو ظلم و ستم کرنے پر کوئی سزا نہیں ملے گی۔ ہم ہی دنیا میں کامیاب و کامران ہیں۔
حقیقی امن کی تصویر اور رحمتہ العالمین
خاندان ابراہیم سے ہی اٹھنے والے محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا میں امن اور شانتی کا ایسا درس دیا، جس میں اونچ نیچ کی تفریق، چھوٹے بڑے کی تفریق، طاقتور اور کمزور کی تفریق کو سرے سے خارج کر دیا۔انھوں نے کہا کہ تم سب ایک خدا کے بندے ہو، تم میں کوئی اعلی اور افضل نہیں، سوائے اس کے جو اللہ کے نزدیک تقوی والا یا اللہ سے ڈرنے والا ہے۔ ہر حال میں اللہ سے ڈر اور خوف رکھنے والے ہی اللہ کے مقرب بندے ہیں۔ انھوں نے لوگوں کو مساوات اور انسان دوستی کا ایسا سبق سکھایا کہ اس پر عمل کی مہر لگا دی اور ہر مذہب کے ماننے والے کے مذہب کی قدر کی۔ لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنے کی مثال خود پیش کی۔ قوم و ملت کی تفریق، سرحدوں کی تفریق مٹائی، غلامی اور آقائی کا رواج ختم کیا اور دنیا میں ایسی مثال پیش کی، جس کی نظیر آج تک مل نہ سکی۔
انھوں نے پیغام تکریم بنی آدم، انسانوں کو انسانوں کی قدر کرنا سکھایا۔ ہر انسانی جان کو قابل احترام بتایا۔ اخلاقی قدروں کو دوامی بنایا اور یہ پیغام دنیا کے سامنے پیش کرنے سے پہلے خود عملی نمونہ پیش کیا۔ لوگوں کے قصوروں کو خود معاف کیا، بدلہ لینے کی طاقت رکھنے کے باوجود معافی کو پسند کیا، قیدیوں پر نرمی کی، بچوں بوڑھوں پر جنگ کے موقع پر ہاتھ اٹھانا منع فرمایا، ہری بھری کھیتیوں کو برباد کرنے سے روکا۔ چناں چہ ہر طرح کے ظلم و ستم کا انھوں نے قلع قمع کیا۔ تکبر، غرور، حسب و نسب کے فخر کو مٹا دیا۔ انسان کا رشتہ مالک حقیقی سے مضبوط کیا۔
گویا زمین پر فساد اور فتنہ نا انصافی اور توازن میں گڑبڑی پیدا کرنے کے سارے راستے مسدود کر دیے۔ انھوں نے انسان کو انسان بنایا، حیوان اور درندگی کی طرف بڑھنے والے ہر قدم کو روکا۔ نہ قتل و غارت گری، زنا و بدکاری، حق تلفی کے راستے بند کیے۔ آج دنیا کو پھر سے اسی پیغمبر اعظم کی تعلیمات کی ضرورت ہے۔ اس کے سائے میں تکریم بنی آدم کا سبق یاد دلانے کی ضرورت ہے۔ اب ایک ایسی دوا پیش کی جائے جو لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھے اور انھیں ٹھنڈی چھاؤں میں زندگی گزارنے کا موقع میسر آئے۔ اس عالمی یوم امن کے موقع پر اسی پیغام کو لوگوں تک پہنچانے، دکھی اور درد مند دلوں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔ تبھی عالمی امن کا دن کامیاب ہوگا۔ یوم عالمی امن کاغذ کے پھولوں کی طرح نہیں کہ جسے دیکھ کر خوش ہوا جائے بلکہ اسے عملی جامہ پہنانے کی طرف پیش قدمی ہو۔
٭ ٭ ٭
امن ہر دور کی اہم ضرورت رہی ہے، لیکن اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ بدامنی کی حالت ہے۔ حالات ایسے ہو رہے ہیں کہ کچھ دنوں میں سکون اور امن کی حالت میسر نہیں آئے گی اور لوگوں کو سکون حاصل کرنے کے لیے زمین میں گڑھا کھود کر کہیں پناہ لینی پڑے گی۔ امن کی حالت کو بدامنی میں تبدیل ہوتا دیکھ کر یہ کہنا پڑتا ہے کہ کیا قوانین اصول و ضوابط امن کے معاہدات اور مذاکرات سب کے سب بے جان اور بوسیدہ دیمک کھائے ہوئے ہوچکے ہیں؟


0 Comments