غزہ کا درد

صبح کا اجالا غزہ کی گلیوں تک پہنچتے پہنچتے تھک سا گیا تھا۔ سورج نکلا تو ضرور، مگر اس کی کرنیں دھوئیں کے دبیز پردوں میں قید تھیں۔ ہوا میں بارود کا ذائقہ اس طرح رچ بس گیا تھا جیسے یہ شہر کبھی خوشبو جانتا ہی نہ ہو۔ دنیا کے نقشے پر غزہ ایک چھوٹا سا نقطہ ہے، مگر اس نقطے کے اندر درد کا ایک ایسا سمندر ہے جو بڑے بڑے ملکوں کی زمینوں کو بہا سکتا ہے، اگر وہ سننے اور دیکھنے کی ہمت رکھیں۔
دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں صبح حسبِ معمول اپنا پہرا دے رہی تھی۔ کافی کے کپ بھاپ اڑا رہے تھے، موبائل اسکرینیں جگمگا رہی تھیں اور ٹی وی پر چلتی خبروں میں غزہ کا ذکر ایک تھکی ہوئی سرخی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا تھا۔ دنیا والے یہ نہیں جانتے تھے کہ ظلم پر خاموش رہنے والے دن گنتے ہیں اور جب یہ دن پورے ہوتے ہیں تو دھوئیں کے بادل صرف غزہ کے نہیں رہتے، وہ ہر آسمان پر چھا جاتے ہیں۔
غزہ کی اس دھویں زدہ دھند میں ’یاسر‘ ایک تنگ گلی سے گزرتا چلا جارہا تھا۔ جہاں ہر موڑ پر دیواریں ٹوٹی ہوئی تھیں، جیسے عمارتیں اپنے ہی زخم چھپانے کے لیے جھک گئی ہوں۔ مٹی کے ذرات اس کے پاؤں سے لپٹتے جاتے، جیسے راستے اس کے غم کو پہچان کر اسے تھام لینا چاہتا ہوں۔
وہ چلتا گیا اور گلی کی اُداس مٹی اس کے قدموں سے لپٹ کر ایسے پیچھا کرتی گئی جیسے صدیوں سے کسی کا لمس تلاش کر رہی ہو۔ اس دھول میں ماضی کی ہنسی بھی تھی اور حال کے زخم بھی اور یاسر کے قدم دونوں کو اپنے ساتھ لیے آگے بڑھ رہے تھے۔
وہ ایک چہرہ تلاش کر رہا تھا۔ ایک ایسا چہرہ جو ہر شام ایک روٹی توڑ کر اس کے ہاتھ میں رکھ دیتا اور کہتا: ’’یہ لو، بیٹا، باقی میں کھا لوں گا۔‘‘
یاسر جانتا تھا کہ بابا ہمیشہ جھوٹ بولتے ہے اور بابا خالی پیٹ سو جاتے ہے۔
آج بابا گھر نہیں آئے تھے۔ یاسر کو پتا تھا کہ وہ قریبی محاذ پر گئے ہیں، مگر وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ محاذ سے لوٹنے والوں کی دو صورتیں ہوتی ہیں:
ایک وہ جو چلتے ہوئے واپس آتے ہیں اور ایک وہ جو خاموش لوٹتے ہیں۔
گلی کے آخری موڑ پر ایک مجمع تھا۔ یاسر نے قدم تیز کر دیے، وہ ہجوم کو چیرتے ہوئے آگے بڑھا۔ زمین پر کوئی لیٹا تھا۔ چہرہ دھول میں چھپا ہوا تھا۔ یاسر نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر کندھا ہلایا۔
’’بابا!!! بابا اٹھو، بابا چلو نا، کھانا کھاتے ہیں۔۔!‘‘
’’بابا، ہم کھانا کب کھائیں گے؟ آپ نے تو جاگنے میں بڑی دیر کر دی آج۔۔۔‘‘
اس کی آواز میں ضد بھی تھی اور وہ تشنگی بھی جو کئی دن سے جمع ہو چکی تھی۔ وہ انتظار کرتا رہا کہ بابا آنکھ کھولیں گے، مسکرائیں گے اور کہیں گے: ابھی۔۔۔ بس ابھی۔ مگر بابا خاموش تھے۔ ان کے چہرے پر ایسا سکون پھیل گیا تھا، جیسے صدیوں کی تھکی ہوئی روح آخرکار اپنے ساحل تک پہنچ گئی ہو، جیسے جنگ کی گرج اور بھوک کی سسکاریاں اب ان کے کانوں تک نہ پہنچ پائی ہو، جیسے وہ کسی ابدی بستی میں جا بسے ہوں، جہاں نہ بموں کا شور ہے، نہ مٹی کا ذائقہ۔ صرف ایک لمبی، خاموش سانس جو ہمیشہ چلتی رہتی ہے۔
یاسر نے چاروں طرف دیکھا۔ لوگ کھڑے تھے۔ کچھ کے چہروں پر افسوس، کچھ پر خاموشی اور کچھ پر وہ بے تاثر رنگ جو عادت بن چکا تھا۔
ان سب کی آنکھوں میں ایک تھکن تھی، جو یہ بتا رہی تھی کہ انھوں نے ایسے مناظر اتنی بار دیکھا ہے کہ اب کوئی دھڑکن تیز ہی نہیں ہوتی۔
دنیا ایک شفاف شیشے کی طرح تھی۔ سب کچھ دیکھ رہی تھی، مگر چھو کر محسوس کرنے کو تیار نہیں تھی۔ یاسر نے بابا کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیا۔ یہ ہاتھ جو کل تک گرم تھا، آج پتھر سا ہوگیا تھا۔ اس کی آنکھوں کے کونے نم تھے، مگر اس نے رونا نہیں چاہا۔
اسے یاد آیا، مما کہتی تھیں: ’’بیٹا، مرد بننے کا مطلب یہ نہیں کہ تم کبھی نہ رو۔۔ بلکہ یہ ہے کہ تم رو کر بھی ہار نہ مانو۔‘‘
یاسر نے آسمان کی طرف نگاہ اٹھائی۔ دھوئیں کے بوجھل بادل آسمان کو جیسے اپنے شکنجے میں لیے ہوئے تھے، مگر ان کے بیچ ایک باریک سی سنہری کرن چپکے سے راستہ بنا کر نیچے اتر رہی تھی۔ یاسر کو یوں محسوس ہوا جیسے وہ کرن خاموشی سے زمین پر آ کر ٹھہر گئی ہو۔ بالکل اس جگہ، جہاں اس کی چھوٹی سی ہتھیلی اور بابا کے سرد ہاتھ کے بیچ خلا سا تھا۔ جیسے کوئی خاموش وعدہ کر رہی ہو کہ یہ دن ہمیشہ کے لیے نہیں ہے۔
وہ جانتا تھا کہ دنیا کی بے حسی کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔ جو آنکھیں انسانیت پر بند رہتی ہیں، ایک دن وہ اپنے خوابوں کے لیے بھی اندھی ہو جاتی ہیں۔ جو دل دوسروں کے درد پر پتھر بن جاتے ہیں، ایک دن اپنی دھڑکن کا شور بھی نہیں سن پاتے۔
یاسر کھڑا ہوا۔
لوگ اب بھی خاموش تھے۔
دنیا اب بھی اپنی رفتار میں تھی۔
کہیں ہنسی گونج رہی تھی۔
کہیں بازاروں میں سودے ہو رہے تھے۔
کہیں کھانوں کی خوشبو پھیل رہی تھی۔
اور یہاں، اس گلی میں، ایک بچہ اپنے بابا کو الوداع کہہ رہا تھا۔
پیچھے سورج کی کرن دھوئیں کو چیر کر مزید پھیل رہی تھی، جیسے کہہ رہی ہو کہ دنیا جتنی دیر چاہے اپنی بے حسی میں سوئی رہے، مگر وہ دن ضرور آئے گا جب یہ گلیاں آزاد ہوا کا جشن منائیں گی۔ جب کوئی بچہ کھڑکی سے باہر دیکھ کر ماں سے کہے گا:
’’امی! آج غزہ آزاد ہے۔‘‘
اس دن غزہ کا آسمان صاف ہوگا، مگر دنیا کے ماتھے پر بے حسی کا داغ ہمیشہ کے لیے رہ جائے گا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲٥