میرا قیمہ بنادیجیے
میں ٹولنٹن مارکیٹ کی چھوٹے گوشت کی دکان پرکھڑا اپنی باری کا انتظارکررہا تھا اورکچھ اس قسم کے ’’جذباتی‘‘سوال جواب سن رہا تھا۔
’’نسیم بھائی! پہلے میرا قیمہ بنا دیجئے‘‘ایک خاتون کہہ رہی تھیں۔
’’بہن جی آپ فکر ہی نہ کریں میں آپ کا ایسا قیمہ بناؤں گا کہ آپ یاد کریں گی۔۔۔!‘‘
’’ذرا جلدی کریں نسیم بھائی!‘‘
’’بس آپ کھڑی رہیں۔ آپ کے کھڑے کھڑے میں آپ کا قیمہ بنادوں گا‘‘
’’قیمہ روکھا بناؤں یا موٹا۔۔۔‘‘
’’روکھا ٹھیک رہے گا، لیکن میں ذراجلدی میں ہوں‘‘
’’بہن جی یہ قریشی صاحب کا قیمہ ہے، یہ والا جو میں کوٹ رہا ہوں اس کے بعد انشاء اللہ آپ کا قیمہ بنے گا۔‘‘
’’نسیم صاحب۔۔۔ مغزچاہیے مل جائے گا۔‘‘ ایک صاحب دریافت کرتے ہیں۔
’’کیوں نہیں جناب۔۔۔ یہ ہمارے لیڈران کرام تھوڑی ہیں بکرے ہیں ان میں بہت مغز ہے ابھی دیتا ہوں۔‘‘
’’اورمیرے گردوں کا کیا ہوا؟‘‘ ایک آوازآتی ہے۔
’’یہ والے!‘‘نسیم کا بھائی جو شکل سے ہیرو لگتا ہے چند گردے فضا میں بلند کرتے ہوئے کہتا ہے ’’آپ کے گردے ہیں۔۔۔ ابھی نکالے ہیں، بنا کر دیتا ہوں۔‘‘
’’اورمیری ران۔۔۔‘‘
’’یہ رہی آپ کی ران بالکل نرم اورتازہ تازہ‘‘
’’اورمیری سری۔۔۔‘‘
’’ابھی توڑتا ہوں۔۔۔‘‘
’’ایک صاحب جوآرڈردےکرجاچکےتھے واپس آکر پوچھتے ہیں‘‘، ’’یارابھی تک میرا گوشت نہیں بنایا۔۔۔‘‘
’’اوہوآپ یہ بتائیں کہ آپ کی بوٹیاں کیسےکاٹوں۔۔۔! چھوٹی یا بڑی۔۔۔ میں پانچ منٹ میں آپ کا گوشت بناتا ہوں جناب۔۔۔ ہم آپ کا گوشت نہیں کاٹیں گے تو اور کس کا کاٹیں گے۔۔۔‘‘
ایک خانگی مشورہ
اگر آپ بیوی ہیں اور آپ کا خاوند تھکا ماندہ دفتر سے آتا ہے۔ آپ مسکراہٹ سے اس کا استقبال کرتی ہیں اور اچھی اچھی باتیں سناتی ہیں تو شام کو وہ ضرور کہیں ادھر ادھر چلا جائے گا۔ لیکن اگر آتے ہی آپ اسے بے بھاؤ کی سنا دیں، بات بات پر لڑیں اور پریشان کن تذکرے چھیڑ دیں تو وہ منانے کی کوشش کرے گا اور شام گھر میں گزارے گا۔ اگر کہیں باہر گیا تو ساتھ لے جائے گا۔ (مگر یہ عمل بار بار نہ دہرایا جائے، ورنہ کہیں شوہر موصوف واپس گھر کا رخی نہ کرے)۔
ایک باکمال بزرگ
قطب الدین خاں جاگیردار کے ہاں شادی پر گئے۔ دولہا کی عجیب درگت بنی۔ عورتیں پہلے تو اسے برا بھلا کہتی رہیں، پھر زدو کوب کرنے لگیں اور وہ تھا کہ چپ چاپ بیٹھا تھا۔ سوچا کہ شاید ان بن ہو گئی ہے لیکن معلوم ہوا کہ شادی کی رسمیں ادا ہو رہی ہیں۔ لا حول پڑھی۔
نکاح سے قبل ہم نے دولہا سے دریافت کیا کہ اس کی آخری خواہش کیا ہے تاکہ پوری کروا دی جائے۔ وہیں ایک لنگوٹی پوش بزرگ کو دیکھا کہ لمبا سا عصا ہاتھ میں لیے خاموش بیٹھے ہیں۔ کسی کو علم نہ تھا کہ یہ رہتے کہاں ہیں اور کیا کرتے ہیں؟ لیکن کہیں شادی ہو تو ضرور آتے ہیں۔ نکاح شروع ہوا تو ذرا قریب آگئے۔ جب دولہا نے ’’قبول کیا‘‘ کہا تو بزرگ نے ڈنڈا اچھال کر ’’پھنس گیا‘‘ کا نعرہ لگایا اور غائب ہوگیا۔ معلوم ہوا کہ ہر شادی میں وہ اسی طرح کرتے ہیں۔ تعجب ہے کہ ہند میں ایسے ایسے باکمال بزرگ بھی موجود ہیں۔
بے روزگاری
مجاز کی بہن حمیدہ نے جب ایم اے پاس کیا تو ان کا بہ حیثیت لیکچرار کرامت حسین مسلم گرلز کالج میں تقرر ہو گیا۔ جب مجاز نے خبر سنی تو اپنی والدہ کے پاس گئے اور ان سے کہا: ’’اور تو سب باروزگار ہوگئے اماں، بس اب گھر میں ہم اور تم صرف دو ہی آدمی بے روزگار ہیں۔‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments