تعلیم کبھی بھی ایک غیر جانب دار سرگرمی نہیں رہی۔ ہر تعلیمی نظام کی بنیاد ایک بنیادی سوال کے جواب پر ہوتی ہے۔ ہم کس طرح کا انسان اور کس طرح کا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں؟ نصاب، تدریس کا طریقۂ کار، امتحان اور جانچ کا نظام، اساتذہ، تعلیمی عمل، اسکول کی ثقافت، حتیٰ کہ اسکول کی عمارت اور اس کا طرزِ تعمیر بھی ہمیشہ اُس شخصیت، معاشرے اور تہذیب کی عکاسی کرتے ہیں جسے تعلیمی نظام تشکیل دینا چاہتا ہے۔
ہمارے زمانے میں ہندستان اور دنیا بھر کے اسکول ایک مخصوص تعلیمی پیراڈائم کی پیروی کرتے ہیں، جو ماہرین، پیشہ ور افراد اور ٹکنالوجی تخلیق کرنےوالے پیدا کرنے میں تو بہت کام یاب ہے۔ لیکن اس پیراڈائم نے معنی و مقصد کے ایک بے مثال بحران کو بھی جنم دیا ہے۔ آج نوجوانوں کو معلومات کی ایک ایسی وسیع وعریض دنیا تک رسائی حاصل ہے جو پہلے کبھی میسر نہیں تھی، لیکن اس کے باوجود زندگی کے واضح مقصد، اخلاقی سمت، جذباتی استحکام اور ایک مربوط تصورِ حیات کی یافت ان کے لیے ممکن نہیں ہوپارہی ہے۔
تعلیمی کام یابی اب حکمت کے بجائے ملازمت حاصل کرنے کی قابلیت، کردار کے بجائے اسناد اور خدمت کی صلاحیت کے بجائے مسابقت کا نام بنتی جا رہی ہے۔
ہمارے زمانے کے اس تضاد کو علامہ اقبال نے ایک صدی قبل ہی دیکھ لیا تھا۔
ڈھونڈنے والا ستاروں کی گزرگاہوں کا
اپنے افکار کی دنیا میں سفر کر نہ سکا
اپنی حکمت کے خم و پیچ میں الجھا ایسا
آج تک فیصلہ نفع و ضرر کر نہ سکا
جس نے سورج کی شعاعوں کو گرفتار کیا
زندگی کی شبِ تاریک سحر کر نہ سکا
یہ اشعار ہمارے عہد کی تعلیم کے بحران کی بڑی خوب صورت ترجمانی کرتے ہیں۔
انسانیت کے پاس آج جتنا وسیع سائنسی ذخیرہ، تکنیکی صلاحیت اور جتنے مادی وسائل موجود ہیں، اتنے پہلے کبھی نہیں تھے۔ ہمارے تعلیمی نظام کے فارغین نے کائنات کے نقشے بنالیے، جینوم کو ڈی کوڈ کرلیا، مصنوعی ذہانت کی بے پناہ قوت کو قابو میں کرلیا اور اس طبعی دنیا کو محیر العقل حد تک بد ڈالا۔ لیکن اس حیرت انگیز ترقی کے باوجود انسانیت اب بھی اخلاقی انتشار، سماجی تقسیم، ماحولیاتی تباہی، تنہائی، تشدد، لالچ اور معنی و مقصد کے عمومی بحران سے دوچار ہے۔
ہم نے فطرت کو فتح کرنا سیکھ لیا، مگر خود کو نہیں۔ ہماری تعلیم نے ہمیں غلبہ و تسخیر کو صلاحیت تو عطا کی لیکن حکمت و دانش مندی نہیں بخش سکی۔
اسی پس منظر میں پورے اسکول کے نظام پر سنجیدگی سے نظرِ ثانی اور ایک نئے تصور کی ضرورت ہے۔ ہمارے تصور کے اسکول میں تعلیم صرف ملازمت کی تیاری یا معاشی پیداوار کا ذریعہ نہیں ہوگی بلکہ زندگی کی تیاری ہوگی۔ یہ محض معلومات حاصل کرنے کا عمل نہیں بلکہ حکمت، کردار، مقصد اور ذمے داری کی افزائش کا ذریعہ ہوگی۔
تعلیمی نظام کی کام یابی کا معیار یہ نہیں ہے کہ اس نے کتنے پیشہ ور افراد پیدا کیے، بلکہ معیار یہ ہے کہ اس نے کس درجے کے انسان پیدا کیے اور کس قسم کی تہذیب کی تعمیر میں کردار ادا کیا؟ اسکول کی اصل ذمے داری ایسے انسان پیدا کرنا ہے جو ذہنی و فکری لحاظ سے پختہ، اخلاقی طور پرمضبوط، روحانی لحاظ سے خدا ترس، جذباتی طور پر بردبار، سماجی محاذ پر ذمے دار اور پیشہ ورانہ طور پر باکمال ہوں۔
ہمارے خوابوں کا اسکول کیسا ہونا چاہیے؟ چند موضوعات کے تحت اس کو واضح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بامعنی تعلیم (Meaningful Education)
ہمارے مطلوب اسکول میں ہر سبق کا آغاز ایک سادہ لیکن گہرے سوال سے ہوگا:
’’اس سبق کی ضرورت و اہمیت کیا ہے؟‘‘
طلبہ صرف امتحان پاس کرنے، ملازمت حاصل کرنے یا پیسہ کمانے کے لیے نہیں سیکھیں گے۔ وہ اس لیے سیکھیں گے کہ علم کے ذریعے وہ دنیا کو سمجھ سکیں، اپنا مقصد تلاش کر سکیں اور انسانیت کے لیے مفید کردار ادا کر سکیں۔
وہ جو بھی مضمون پڑھیں گے، وہ انھیں ایک زیادہ باشعور، ذمے دار اور ہمدرد انسان بننے کی طرف ایک قدم آگے لے جائے گا۔
ریاضی، سائنس، ادب، تاریخ یا ٹیکنالوجی کے اساتذہ کلاس روم کی تعلیم کو زندگی سے جوڑیں گے۔
ریاضی ہمیں منطقی انداز میں سوچنے اور حقیقی انسانی مسائل حل کرنے کی صلاحیت عطا کرتی ہے۔
سائنس صرف مادی مظاہر کا مطالعہ نہیں بلکہ آیاتُ اللہ یعنی تخلیق میں موجود اللہ کی نشانیوں کا مطالعہ بھی ہے۔ ایسا نقطۂ نظر سائنسی تجسس اور حیرت کو بیدار کرتا ہے۔
تاریخ صرف تاریخوں اور واقعات کا ریکارڈ نہیں بلکہ ایام ُاللہ کا مطالعہ بھی ہے؛ یعنی تاریخ میں پیش آنے والے وہ فیصلہ کن واقعات جو تہذیبوں کے عروج و زوال پر اثر انداز ہونے والے اخلاقی اصولوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
ادب تخیل اور ہمدردی کی پرورش کرتا ہے۔
ٹیکنالوجی صرف ذاتی سہولت، مال داروں کی خدمت، عیش یا غلبہ و تسخیر کاذریعہ نہیں ہے بلکہ طلبہ کو سکھاتی ہے کہ انسانیت کی خدمت کے بہتر طریقے کیسے تلاش کیے جائیں ۔
چناں چہ ہر مضمون صرف ’’کیسے؟‘‘ کا جواب نہیں دے گا بلکہ ’’کیوں؟‘‘ اور ’’کس مقصد کے لیے؟‘‘ کا جواب بھی دے گا۔
ایسے کلاس رومز میں طلبہ کو خود سے سوال کرنے کی ترغیب دی جائے گی کہ میں یہ کیوں سیکھ رہا ہوں؟
اس علم سے میرے خان دان، میری برادری، میرے ملک اور انسانیت کو کیا فائدہ ہوگا؟
اس علم کے ساتھ کون سی ذمے داریاں وابستہ ہیں؟
اس طرح تعلیم مقصد اور ذمے داری کا عمل بن جائے گی۔
طلبہ یہ یقین پیدا کریں گے کہ علم محض اپنی ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک امانت ہے جسے دوسروں کی خدمت کے لیے سمجھداری کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔
تعلیم صرف امتحانات یا پیشہ ورانہ تقاضوں کی سے عائد ہونے والی بیرونی ذمے داری نہیں رہ جائے گی، بلکہ سچ کی تلاش، حکمت کی پرورش اور دنیا کے ذمے دار نگہبان بننے کے اندرونی سفر کا روپ اختیار کرلے گی۔
تعلیم حاصل کرنے کے لیے اصل ترغیب صرف ’’گریڈز‘‘ اور ’’رینکس‘‘ نہیں ہوں گے۔ طلبہ اس لیے سیکھیں گے کہ سیکھنے کے عمل اور اپنے علم کو انسانیت کے فیض کے لیے استعمال کرنے کا لطف وہ حاصل کرسکیں۔
مربوط تعلیم ( Integrated Education)
ہمارے تصور کے اسکول میں سیکھنے کا عمل الگ الگ خانوں میں تقسیم شدہ ’’شعبہ ہائے علم ‘‘ کے دائروں میں نہیں ہوگا۔
طلبہ کو خیالات، مضامین، اقدار اور خود زندگی کے باہمی تعلق کو دیکھنے اور سمجھنے کی ترغیب دی جائے گی۔جو کچھ ہم حقیقی دنیا میں جانتے ہیں، جو کچھ انسانی مسائل کو حل کرنے کے لیے کرتے ہیں اور جو کچھ سماج کی بہتری کے لیے سوچتے اور کرتے ہیں، ہر مضمون اور ہر شعبہ علم اسی حقیقت کا ایک حصہ ہے۔
اساتذہ مختلف مضامین اور علمی شعبوں کے درمیان پل قائم کریں گے۔موسمیاتی تبدیلی کا ایک سبق سائنس، جغرافیہ، معاشیات، اخلاقیات، عوامی پالیسی اور شہری ذمے داری کو ساتھ ملاتا ہے۔
مصنوعی ذہانت کا مطالعہ صرف الگورتھم (پروگرام کے اصولوں) اور پروگرامنگ (پروگرام سازی) کے ذریعے نہیں بلکہ فلسفہ، نفسیات، قانون اور اخلاقیات کے ذریعے بھی کیا جائے گا۔
پانی کو سائنسی وسیلے کے طور پر بھی دیکھا جائے گا، معاشی اثاثے کے طور پر بھی، ماحولیاتی مسئلے کے طور پر بھی، انسانی حق کے طور پر بھی اور روحانی و اخلاقی قدروں سے جڑی ایک مقدس امانت کےروپ میں بھی۔
طلبہ یہ سیکھیں گے کہ دنیا کے حقیقی مسائل ریاضی، طبیعیات، معاشیات یا عمرانیات جیسے الگ الگ مضامین کے ساتھ بندھے ہوئے نہیں ہوتے؛ ان کے حل کے لیے مربوط سوچ اور مختلف علوم کے امتزاج و اشتراک کی ضرورت ہے۔
یہ امتزاج و اشتراک صرف مضامین کے درمیان ہی درکار نہیں بلکہ اصلاً اس تصور حیات (ورلڈ ویو) کے ساتھ بھی مطلوب ہے جو تعلیمی نظام کی اساس ہے۔
نصاب اس اصول پر قائم ہوگا کہ حقیقی علم ایک ہے، کیوں کہ حقیقت بھی ایک ہے اور علم کا سرچشمہ بھی ایک ہے: اللہ، جو سب کچھ جاننے والا ہے۔
علم کی مختلف شاخیں اُسی ایک حقیقت کے مختلف پہلو سامنے لاتی ہیں۔ انھیں ایک دوسرے سے مقابلہ نہیں کرنا ہے بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرنی ہے۔
طلبہ کو سُنن اللہ یعنی ان قوانین فطرت کی تلاش کی ترغیب دی جائے گی جن کے ذریعے کائنات کا نظام چل رہاہے۔ ساتھ ہی وہ یہ بھی سمجھ سکیں گے کہ سائنسی، سماجی اور اخلاقی علوم ، سب مل کر کس طرح ذمے دارانہ طور پر،عمارۃ الارض ، خلافت اور تہذیب و تمدن کی تعمیر کو ممکن بناتے ہیں۔
اقدار کو ’’اخلاقیات‘‘کے کسی الگ مضمون یا کبھی کبھار ہونے والی اسکول اسمبلی تک محدود نہیں کیا جائے گا۔ وہ ہر سبق اور طلبہ کی ہر سرگرمی میں سرایت ہوں گی۔
مضمون چاہے تجارت ہو، بایوٹیکنالوجی، ادب، انجینئرنگ یا فنون، طلبہ کو صرف یہ دریافت کرنے کی ترغیب نہیں دی جائے گی کہ کیا ممکن ہے، بلکہ یہ بھی کہ کیا سچ ہے؟ انسانی وقار و تکریم سے کیا ہم آہنگ ہے؟ اور مشترک انسانی بھلائی میں کس کا کیا کردار ہے؟
سیکھنے کا عمل اسکول سے باہر کی زندگی میں بھی جاری رہے گا۔
طلبہ سماج سے گہرا عملی تعلق بنائے رکھیں گے، مقامی مسائل کا جائزہ لیں گے، شہری اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے، سماجی حقائق کو دستاویزی شکل دیں گے اور اپنے وقت کے اہم مسائل کے عملی حل کی منصوبہ بندی کریں گے۔
انھیں یہ سمجھنے کی ترغیب دی جائے گی کہ علم بہ ذاتِ خود آخری مقصد نہیں بلکہ معاشرے کی خدمت اور انسانی حالت کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہے۔
یہ انضمام خود کلاس روم کو بھی تبدیل کر دے گا۔ اساتذہ مختلف مضامین کے درمیان مل کر کام کریں گے، الگ الگ مضامین کے جداگانہ اسائنمنٹ کی جگہ ایسے پروجیکٹ لیں گے جو حقیقی زندگی کے زندہ مسائل سےمتعلق ہوں اور طلبہ کومختلف مضامین سے متعلق الگ الگ حقائق کو محض یاد رکھنے پرنہیں بلکہ جوڑ کر مسائل کے حل تلاش کرنے پر ابھا را جائے گا۔
وہ آہستہ آہستہ دنیا کو ایک باہم مربوط کُل کے طور پر دیکھنا شروع کر دیں گے، جہاں علم، اقدار اور عمل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
چناں چہ تعلیم کا مقصد مختلف اور بکھری ہوئی معلومات جمع کرنا نہیں بلکہ ایک مربوط ذہن، ایک اخلاقی سمت اور مقصد کا شعور پیدا کرنا ہے، جو مل کر طالب علم کو دنیا کو سمجھنے، اس کی پیچیدگیوں میں حکمت کے ساتھ راستہ تلاش کرنے اور علم کو ذمے دارانہ عمل میں تبدیل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔
تحویلی تعلیم(Transformative Education)
ہمارے خوابوں کے اسکول میں تعلیم محض ذہن کو تعلیم دینے کا نام نہیں۔ یہ انسان کو تبدیل کرنے کا عمل ہے۔
علمی امتیاز اگرچہ ضروری ہے، لیکن ایک مکمل تعلیم یافتہ انسان کے متعدد عناصر ترکیبی میں سے ایک ہے۔
تعلیم کا مقصد طلبہ کو تخلیقی انداز میں سوچنے، اخلاقی طور پر عمل کرنے، ہمدردی کے ساتھ خدمت کرنے اور زندگی میں واضح مقصد کے ساتھ جینے کے قابل بنانا ہے۔
اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے ممتازماہرِ تعلیم سید محمد نقیب العطاس تین باہم مربوط تصورات کا ایک فریم ورک (ڈھانچہ) پیش کرتے ہیں:
تعلیم (Ta‘lim)، تربیت (Tarbiyah) اور تأدیب (Ta’dib)۔
تعلیم علم حاصل کرنے کا نام ہے۔ علم اہم اور ضروری ہے، لیکن کافی نہیں ہے؛ تحویلی تعلیم کا ایک اہم عنصر تربیت ہے۔
تربیت پورے انسان کی پرورش کا نام ہے۔ ایک باغبان جس طرح، ہر پودے کو اس کی اپنی فطرت کے مطابق نشوونما پانے میں مدد دیتا ہے، اساتذہ بھی ہر بچے کی منفرد صلاحیتوں، آرزوؤں اور امکانات کو پہچانتے ہیں۔ اس کےاندر ذہنی تجسس، جذباتی استحکام، تخلیقی صلاحیت، جسمانی صحت، قیادت اور اپنی شخصیت کے امکانات کی آخری حدتک ترقی کرنے کا حوصلہ و اعتماد پروان چڑھاتے ہیں۔ طالب علم کو ایسی پیداوار (Product) نہیں سمجھا جاتا جسے مخصوص معیارات پر ڈھالنا ہے، بلکہ ایک امانت سمجھا جاتا ہے جس کی پرورش کی جانی ہے۔
سب سے بلند مرحلہ تأدیب (Ta’dib) ہے؛ یعنی کردار، حکمت اور ذمے دارانہ رویے کی تشکیل۔
یہ اس صلاحیت کا نام ہے کہ انسان صحیح کام کو پہچان سکے، درست فیصلہ کر سکے اور علم کو اخلاقی عمل میں تبدیل کر سکے۔
طلبہ علمی دیانت کے ذریعے ایمان داری، خدمت کے ذریعے ہمدردی و مواساۃ، قیادتی عمل کے ذریعے ذمے داری اور روزمرہ کے نظم و ڈسپلن کے ذریعے عاجزی سیکھتےہیں یعنی کردار سازی کا عمل صرف چند اسباق کی تدریس تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اسکول کا پورا کلچر، اساتذہ کے عملی نمونے اور ہر روز کیے جانے والے بے شمار فیصلے و اقدامات کردار سازی میں رول ادا کرنے لگتے ہیں۔
کردار صرف باقاعدہ اسباق کے ذریعے نہیں بنتا بلکہ اسکول کی پوری ثقافت اور اساتذہ کے نمونے اور ہر روز طلبہ کے کیے جانے والے بے شمار فیصلوں کے ذریعے تشکیل پاتا ہے۔تحویل یا مطلوب تبدیلی کا عمل محض اتفاق نہیں ہوتا بلکہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اور خاص مطلوب سمت میں انجام پاتا ہے۔
سائنس کے منصوبے باہمی تعاون اور اخلاقی ذمے داری کو فروغ دیتے ہیں۔ کھیل ثابت قدمی اور نظم و ضبط پیدا کرتےہیں۔ سماجی کام ہمدردی اور شہری شعور پیدا کرتا ہے۔ قیادت کے مواقع اختیار ات اور مرتبے سے زیادہ جواب دہی کا سبق دیتے ہیں۔
حقیقی تعلیم علم، ذاتی نشوونما اور اخلاقی پختگی کے درمیان ایک گہرے باہم تعامل کا نام ہے۔ یہ طلبہ کو صرف مستقبل کے لیے تیار نہیں کرتی بلکہ انھیں ایسے انسان بناتی ہے جن کی تعلیم خود انھیں اور ان کے اردگرد کی دنیا کو بہتر بناتی ہے۔
چیلنجنگ تعلیم(Challenging Education)
ہمارے تصور کے اسکول میں ہر بچے کو چیلنج (مسئلہ) دیا جائے گا لیکن یہ چیلنج سب کے لیے ایک جیسا نہیں ہوگا۔
اللہ تعالیٰ نے کسی بچے کو بھی فطری صلاحیتوں کی نعمت سے محروم نہیں رکھا ہے لیکن اس کی نعمتیں سب کے لیے ایک جیسی نہیں ہیں۔ ہر بچے کی صلاحیتیں، قابلیتیں، امکانات، دلچسپیاں، مزاج اور سیکھنے کے انداز مختلف ہوتے ہیں۔ لیکن موجودہ تعلیم اکثر صرف کام یابیوں کی ایک مخصوص قسم ہی کی پذیرائی کرتی ہے، عموماً وہ جو امتحانات، لسانی مہارت، یادداشت یا ریاضیاتی صلاحیت کے پیمانوں کے ذریعے ناپی جا سکتی ہے۔
وہ طلبہ جن میں قیادت، تخلیق، دست کاری، ہمدردی، کاروباری صلاحیت، کھیل یا فنون کا ہنر ہوتا ہے، اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں یا انھیں ’’اوسط‘‘ بچوں کے زمرے میں ڈال دیا جاتا ہے۔
ہم ایسے اسکول کا تصور کرتے ہیں جو ہر طالب علم کی انفرادیت کو تسلیم کرے اور ہر بچے کو اس کی بلند ترین صلاحیت تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہو۔
اس کے لیے معیاری اور یکساں توقعات سے آگے بڑھ کر شخصی نوعیت کے چیلنج دینے ہوں گے۔ ہر طالب علم کو ایسے تعلیمی تجربات ملنے چاہئیں جو اس کی مخصوص صلاحیتوں کو وسعت دیں، اس کے تجسس کو ابھاریں اور مسلسل نشوونما کی تحریک دیں۔
تعلیم نہ تو بچے کو ضرورت سے زیادہ بوجھل کرے اور نہ اتنا سہل بنادے کہ وہ کوئی چیلنج ہی محسوس نہ کرپائے۔ ہر طالب علم کو صحیح وقت پر صحیح چیلنج ملنا چاہیے، تاکہ وہ اپنی موجودہ صلاحیتوں سے آگے بڑھ سکے اور اپنی منفرد صلاحیت کے مطابق پھل پھول سکے۔
ایسا اسکول کسی فیکٹری کی طرح نہیں ہوتا جہاں پہلے سے طے شدہ ڈیزائن کے مطابق اور ایک جیسے پیداواری عمل سے گذر کر مصنوعات تیار ہوتی ہیں۔
تعلیم کمہار کا کام نہیں ہے جو مقرر شدہ سانچے میں مٹی کو ڈھال کر مخصوص ڈیزائن کے برتن تیار کرتا ہے۔ تعلیم دراصل اُس باغبان کا کام ہے جو جانتا ہے کہ ہر بیج اپنے اندر ایک مختلف امکان رکھتا ہے۔ باغبان نہ تو پودے کی اونچائی پہلے سے طے کرتا ہے اور نہ یہ فیصلہ کرتا ہے کہ اس پر کس قسم کا پھل آئے گا۔ اس کی توجہ بیج کے اندر موجود امکانات پر ہوتی ہے اور وہ اسے وہ نگہداشت، غذا، مدد اور چیلنج فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے اپنے مخصوص امکانات کی آخری حد تک اس کی پرورش ممکن ہوسکے۔
اس اسکول میں اساتذہ محض معلومات منتقل کرنے والے نہیں رہتے بلکہ شخصیتوں کے پوشیدہ امکانات کے دریافت کنندہ بن جاتے ہیں۔
حقیقی معنوں میں کام یاب اسکول وہ ہے جہاں ہر بچے کو جانا جاتا ہو، ہر صلاحیت کی قدر کی جاتی ہو، ہر طالب علم کو چیلنج دیا جاتا ہو اور ہر فرد کو معاشرے کی خدمت کے لیے اپنا بہترین ممکنہ روپ حاصل کرنے کے لیے طاقت و مواقع بہم پہنچائے جاتے ہوں۔
حوصلہ بخش اساتذہ
(Inspirational Teachers)
ہمارے تصور کے اسکول میں اساتذہ صرف اپنے مضمون کے ماہر یا معلومات منتقل کرنے والے نہیں ہوں گے۔ یہ وہ ڈجیٹل دور ہے جب جنریشن الفا (نئی نسل) کے طلبہ کو اپنے والدین بلکہ اپنے اساتذہ سے بھی زیادہ معلومات اور معلومات کے سرچشموں تک رسائی حاصل ہے۔
انھیں ایسے استاد کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو صرف معلومات فراہم کرے۔ انھیں ان اساتذہ کی ضرورت ہے جو ان کی وہ ضرورتیں پوری کرسکیں جو ٹکنالوجی نہیں کرسکتی۔ان کی ضرورت وہ اساتذہ ہیں جو حوصلہ، حکمت اور مکمل انسانی ترقی کا سرچشمہ بن سکیں۔
ہمارے خوابوں کے اسکول میں اساتذہ مربی ہوتے ہیں۔ کوچ، رہبر، فلسفی اور زندگی بھر سیکھتے رہنے والے ہوتے ہیں۔ وہ بچوں کو جوابات کو اچھی طرح یاد کرنے والا نہیں بناتے بلکہ اچھے سوالات کرنے والا بناتے ہیں۔ ان کا زور مطابقت (Conformity ) پر نہیں ہوتا بلکہ تجسس (Curiosity) پر ہوتا ہے۔ وہ نقل (Imitation) کے لیے نہیں ابھارتے بلکہ تخلیقی سوچ (Imagination) کے لیے ابھارتے ہیں۔ان کی توجہ محض کارکردگی (Performance) پر نہیں بلکہ مقصد (Purpose) پر ہوتی ہے۔وہ طلبہ کی مدد صرف اپنے آس پاس کی دنیا کی دریافت کے لیے نہیں کرتے بلکہ اپنے اندرون کے امکانات کی دریافت میں بھی کرتے ہیں۔
اس طرح تعلیم ایک مشترک سفر بن جاتا ہے۔ بچوں کے ساتھ اساتذہ بھی پڑھتے، تحقیق کرتے، غور و فکر کرتے اورسیکھتے رہتے ہیں۔ انھیں یہ کہنے میں کوئی جھجک نہیں ہوتی کہ ’’میں نہیں جانتا، آو ہم مل کر معلوم کریں‘‘۔ اس طرز عمل سے وہ علمی عاجزی، تجسس اور زندگی بھر سیکھنے کا وہ لطف بچوں کو سکھاتے ہیں جو نہ کوئی درسی کتاب سکھا سکتی ہے اور نہ کوئی ٹکنالوجی۔
ایسا اسکول، ان معلمین کی افزائش کرتا ہے جنھیں غالب نے مغنی آتش نفس کہا ہے۔ وہ اساتذہ جو خوابوں کو بلند کرتے ہیں، حوصلہ و اعتماد پیدا کرتے ہیں اور حق اور کمال کے حصول کا شوق اور ہمت پروان چڑھاتے ہیں۔ ان کا جذبہ اور ولولہ متعدی ہوتا ہے اور ان کی زندگیاں ، ان کےدروس سے زیادہ موثر سبق فراہم کرتی ہیں۔
انسان مرکوز ٹیکنالوجی
(Human-Centred Technology)
آج کی دنیا میں ٹیکنالوجی نے تعلیم کے امکانات کو بے حد وسیع کر دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس (روبوٹ سازی)، آٹومیشن (خودکاری)، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم (ذریعہ) انسانی زندگی کے تقریباً ہر پہلو کو تبدیل کر رہے ہیں۔اس تغیر پذیر دنیا کے لیے طلبہ کو تیار کرنا ، تعلیم کی ایک اہم ذمے داری ہے۔
سوسائٹی5.0 اور ایجوکیشن5.0جیسے معاصر تصورات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ٹکنالوجی کی ترقیوں کا اصل ہدف انسانی فلاح و بہبود ہونا چاہیے محض معاشی ترقی نہیں۔ ہم اس تصور سے اتفاق کرتے ہین لیکن ساتھ ہی تعلیم سے متعلق اہم سوال کا اضافہ کرتے ہیں۔ ’’یہ بات کیسے یقینی بنائی جائے کہ ٹکنالوجی انسانیت کی خادم بنی رہے انسانوں کی مالک نہیں؟‘‘ اس کا جواب ٹکنالوجی کے پاس نہیں ہے بلکہ اس جواب کی ذمے داری اس نظام تعلیم پر ہے اور اس بات میں ہے کہ وہ کیسے انسان پیدا کررہا ہے؟ ٹیکنالوجی ایک اچھی خادم ضرور ہے، مگر ایک خطرناک حاکم بھی بن سکتی ہے۔ جب ٹیکنالوجی خادم کی بجائے حاکم بن جاتی ہے تو وہ ہماری ضروریات پوری کرنے کے بجائے ہماری خواہشوں کو تشکیل دینے لگتی ہے۔ وہ ہمارے ذہنوں کو وسعت دینے کے بجائے ہماری توجہ اور یکسوئی کو اپنے قابو میں لینے لگتی ہے۔ بے لگام ٹیکنالوجی ہماری آزادی میں اضافہ کرنے کے بجائے اسے کمزور کر دیتی ہے۔
یہ دنیا بھر میں اربوں انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑ سکتی ہے، لیکن اس کے باوجود دلوں کے درمیان فاصلے بڑھاسکتی ہے۔ یہ تعلقات کی مصنوعی صورتیں پیدا کر سکتی ہے، مگر ساتھ ہی ہمدردی کو کمزور، اعتماد کو مجروح اور حقیقی انسانی تعلق کو سطحی ڈیجیٹل مصروفیت سے بدل بھی سکتی ہے۔ یہ معلومات کو تو تیزی سے پروسیس کر سکتی ہے، لیکن انسانی ضمیر کی روشنی کو مدھم بھی کر سکتی ہے۔
لہٰذا تعلیم کا فرض ہے کہ وہ نوجوانوں کو صرف ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تربیت نہ دے، بلکہ اسے دانش مندی کے ساتھ اپنے قابو میں رکھنے کا شعور بھی عطا کرے، تاکہ ٹیکنالوجی انسانیت کی خدمت کا ایک طاقت ور ذریعہ بنی رہے۔ اسے انسانی ذہن، دل اور تقدیر پر حکمرانی کرنے والی قوت نہ بننے دے۔
جس مثالی اسکول کا ہم تصور کرتے ہیں، وہاں طلبہ صرف یہ نہیں سیکھتے کہ ٹیکنالوجی کو کیسے استعمال کرنا ہے، بلکہ یہ بھی سیکھتے ہیں کہ اسے کب استعمال کرنا ہے، کیوں استعمال کرنا ہے اور اتنا ہی اہم یہ کہ کب اس سے دور ہو جانا ہے۔
ڈیجیٹل خواندگی کے ساتھ ساتھ ان میں اخلاقی شعور، میڈیا سے متعلق فہم و بصیرت، جذباتی ذہانت، ماحولیاتی ذمے داری اور تنقیدی غور و فکر کی صلاحیت بھی پروان چڑھائی جائے۔ وہ سیکھیں کہ الگورتھم کے زیرِ اثر رہنے کے بجائے کیسے اس پر سوال اٹھائیں، کیسے غلط معلومات اور پوشیدہ تعصبات کو پہچانیں، کیسےاپنی نجی زندگی اور انسانی وقار کا تحفظ کریں اور کیسےٹیکنالوجی سے متعلق اپنے انتخاب کے اخلاقی اور سماجی نتائج کا جائزہ لیں۔
سب سے بڑھ کر، ان کے اندر وہ آزادی پروان چڑھے جو انھیں آزادانہ سوچنے، اپنے جذبات کو قابو میں رکھنے اور الگورتھم کی خاموش اور غیر محسوس دست درازی کا بے بس شکار بننے سے بچاسکے۔ ٹیکنالوجی ان کی ذہانت میں اضافہ کرے مگر ان کی خودمختاری، انسانی تعلقات اور انسانیت کو کمزور ہونے نہ دے۔ طلبہ مصنوعی ذہانت کو سوچنے کے عمل کا متبادل بنانے کے بجائے تحقیق اور جستجو کو گہرا کرنے کے لیے استعمال کریں۔ وہ ڈیجیٹل ذرائع کو تنہائی بڑھانے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بروئے کار لائیں اور ایجاد واختراع کی صلاحیتوں کو حقیقی انسانی مسائل کے حل کے لیے استعمال کریں۔
ایسے اسکول میں ٹیکنالوجی کبھی تعلیم سے متعلق فیصلے نہیں کرتی ، بلکہ تعلیم کو زیادہ مؤثر اور بااختیار بناتی ہے۔ انسانی ذہانت بہ دستورحکمت کے تابع رہتی ہے، اختراع و ایجاد کی بنیاد اقدار پر قائم رہتی ہے اور تکنیکی ترقی پوری قوت کے ساتھ انسانیت کی خدمت اور زندگی کی بہتری و نشوونما کے لیے وقف رہتی ہے۔
مستقبل کو تشکیل دینے والی تعلیم
(Future-Shaping Education)
جس اسکول کا ہم تصور کرتے ہیں، وہاں تعلیم کا مقصد صرف طلبہ کو مستقبل کے لیے تیار کرنا نہیں، بلکہ انھیں خود مستقبل کو تشکیل دینے کے قابل بنانا ہے۔
تعلیم کے بارے میں سوچنے اور پالیسی سازی کا آغازعام طور پر اس سوال سے ہوتا ہے: ’’دنیا کس سمت جا رہی ہے؟‘‘ پھر مستقبل کی معیشت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں اور کام کے بدلتے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے نصاب کو ازسرِنو مرتب کیا جاتا ہے۔ بلاشبہ مستقبل کے بارے میں یہ پیش بینی ضروری ہے، لیکن صرف یہی کافی نہیں۔ماہرین تعلیم کے لیے ،اس سے بھی زیادہ بنیادی سوال یہ ہے:’’دنیا کو کس سمت لے جانا چاہیے؟‘‘
اگر مستقبل بڑھتی ہوئی معاشی و سماجی نابرابری، ماحولیاتی تباہی، روحانی خلا، اخلاقی زوال، تشدد، صارفیت، حرص و لالچ، استحصال اور دولت و طاقت کے چند ہاتھوں میں ارتکاز سے عبارت ہو، تو تعلیم صرف اس بات پر مطمئن نہیں رہ سکتی کہ وہ نوجوانوں کو ایسی دنیا میں زندہ رہنے کے لیے تیار کر دے۔ اسے انھیں اس دنیا کو بدلنے اور بہتر بنانے کے لیے بھی تیار کرنا ہوگا۔
لہٰذا جس اسکول کا ہم تصور کرتے ہیں، وہ تعلیم کو مطلوب دنیا کے وژن کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔ ایک ایسی دنیا جہاں انسانی تکریم و وقار پر کوئی مصالحت نہ ہوسکے؛ جہاں انصاف طاقت کو اعتدال میں رکھے؛ جہاں تنوع معاشرے کی قوت بنے؛ جہاں ٹیکنالوجی انسانیت کی خدمت گزار ہو؛ جہاں معیشت سب کے لیے خوش حالی کا ذریعہ ہو اور جہاں ترقی کا معیار صرف دولت نہ ہو، بلکہ حکمت، ہمدردی، انسانوں کی فلاح اور کرۂ ارض کی سلامتی بھی ہو۔
ایسا وژن ایک مختلف نوعیت کے انسان کی تشکیل کا تقاضا کرتا ہے۔ ہم ایسے نوجوان مردوں اور عورتوں کی تیاری چاہتے ہیں جو فکری و علمی امتیاز کو اخلاقی جرأت کے ساتھ اور پیشہ ورانہ مہارت کو سماجی ذمے داری کے ساتھ جمع کر سکیں۔ ان کے پاس مسائل کے حل کے لیے علم ہو، ناانصافی کے مقابلے کی اخلاقی قوت ہو، بہتر امکانات کا تصور کرنے کی تخلیقی صلاحیت ہو، اور اپنے نظریات و اقدار کو عملی حقیقت میں ڈھالنے کا عزم و استقلال بھی ہو۔
اسکول کے اندر ہر سبق، ہر منصوبہ، ہر تعلق اور ہر چیلنج اسی عظیم مقصد کی تکمیل میں اپنا حصہ ادا کرے۔
یہ محض روزگار کے لیے تعلیم نہیں، بلکہ امانت، ذمے داری اور خدمت کے لیے تعلیم ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسی نسل کی تربیت کرنا ہے جو ٹوٹی ہوئی چیزوں کی مرمت کر سکے، بٹی ہوئی انسانیت کو جوڑ سکے، کمزور اور نازک چیزوں کا تحفظ کر سکے اور ایک زیادہ عادلانہ اور خوب صورت دنیا کی تعمیر کر سکے۔
خلاصہ
ہم ایک ایسے اسکول کا تصور کرتے ہیں:
جہاں علم، حکمت کی خدمت کرے۔
جہاں سیکھنا، خدمت کے جذبے کو بیدار کرے۔
جہاں امتیاز و کام یابی کو کردار سے الگ نہ سمجھا جائے۔
جہاں ہر بچے کی منفرد صلاحیتوں اور امکانات کے مطابق اس کی تربیت و نشوونما کی جائے۔
جہاں اساتذہ ذہنوں کو بیدار کریں اور روحوں میں بروشنی اور حرارت پیدا کریں۔
جہاں ٹیکنالوجی ہمیشہ انسانیت کی خدمت گزار رہے۔
جہاں تعلیم تجدید و اصلاح کا ایک مؤثر ذریعہ بن جائے اور ایسی نسل تیار کرے جو صرف مستقبل کی وارث نہ ہو، بلکہ بہتر مستقبل تخلیق کرنے کے لیے وژن، جرأت اور حوصلہ رکھتی ہو۔
ایسے اسکول صرف افراد کو تعلیم نہیں دیتے، بلکہ وہ کشت زار بن جاتے ہیں جس میں ایک زیادہ عادلانہ، متوازن اورانسان دوست تمدن کی تخم ریزی ہوسکے۔
(یہ مضمون اصل میں انگریزی زبان میں شائع ہوا ہے۔ پیشِ نظر متن اسی انگریزی مضمون کا اردو ترجمہ ہے۔ اصل مضمون کے مفہوم، انداز اور روح کو حتی الامکان برقرار رکھتے ہوئے اردو زبان میں یہ اہم مضمون قارئین کے لیے حاضر خدمت ہے۔)
٭ ٭ ٭


Mashallah bht bahtareen Allah tala jald az jald hamare in qwabo k school ko sach kar dikhae.. Hamari naslon ki hifazat farmae.. Aur aen Is mazmoon me bayan ki gai qualities kvmutabiq hamare schools ki tameer kar was.. Aameen