ماں

آج صبح ہی ایک فون کال نے دل کی دیوار پر دستک دی۔ساتھی ٹیچر کی آواز میں لرزش تھی ’’ماں کا انتقال ہوگیا ہے۔‘‘
’’لفظ ‘‘ماں سنتے ہی دل کے گوشے سہم گئے۔میں فوراً تعزیت کے لیے نکلی۔ قدموں میں بے اختیاری دل میں ایک بوجھ سا جیسے ہی وہاں پہنچی فضا میں ایک عجیب سی خاموشی گونج رہی تھی اور اُس خاموشی کے بیچ ایک چہرہ سکون کی چادر اوڑھے نور میں لپٹاہوانمازکے دوپٹے میں یوں جیسے عبادت نے خود اسے کفن بن کر گلے لگا لیا ہو۔ اس کےآس پاس اولاد بلک رہی تھی ۔ آنسو زمین کو بھگو رہے تھے۔
اتنے میں ایک آواز ابھری
’’آج ماں کا دن ہے۔۔ اور اسی دن تم نے اپنی ماں کو کھو دیا۔‘‘
میں چونک گئی!
یہ جملہ جذب سے کہا گیا تھا،شاید عقیدت سے ،شاید افسوس سے لیکن میرے دل نے ایک اور زاویے سے سوچنا شروع کیا،ماں کا دن؟کیا واقعی ماں کا کوئی مخصوص دن ہوتا ہے؟
محض تین حرفوں پر مشتمل یہ لفظ جب دل سے نکلتا ہے تو کائنات کے سب سے مقدس رشتے کی خوشبو بکھر جاتی ہے۔یہ کوئی تاریخ میں قید لمحہ نہیں یہ تو صدیوں کا اثاثہ ہے۔یہ کوئی اشتہار زدہ دن نہیں ،یہ تو شب و روز کے سجدوں میں بھیگی وہ دعا ہے جو اپنی اولاد کے ماتھے پہ سائے کی صورت چھائی رہتی ہے۔
سماج واٹس ایپ (WhatsApp)کے اسٹیٹس (Status)سے اپنی عقیدت کے فریضے ادا کر رہا ہے۔کچھ تقاریر،کچھ تعریفی پوسٹرز،چند اشعار کچھ جذباتی گیت اور سمجھ لیا گیا کہ ماں کا دن منا لیا گیا،لیکن ماں کی خدمت، ماں کی دلجوئی اور ماں کی آنکھوں میں جھانک کر اس کی خاموش چیخ سننے کا دن کب مقرر ہے؟اس کا وقت کب آتا ہے؟کیا ماں کے لیے مختص دن اسی وقت آتا ہے، جب اس کا بستر ٹھنڈا ہو جائے؟جب اس کی پیشانی پہ پڑی جھریاں وقت کی کتاب کا آخری باب بن جائیں؟کیا ماںکو صرف مرنے کے بعد عقیدت سے نوازا جائے؟کیا وہ زندگی میں صرف دسترخوان پہ بچی ہوئی روٹیوں کی حقدار ہے؟
ایک حساس حقیقت یہ ہے کہ ماں جب زندہ ہوتی ہے تو نہ اس کے درد کو سماج سنتا ہےنہ اس کی خاموشی کو معاشرہ سمجھتا ہے،نہ اس کے چہرے کی زردی کسی کو نظر آتی ہے۔ وہ تڑپتی ہے، ترستی ہے،کبھی دوائی کے لیے، کبھی وقت کے لیے ،کبھی اس ایک مسکراہٹ کے لیے جو صرف اولاد کی آنکھوں میں بسے سکون سے جڑی ہوتی ہے،لیکن اولاد مصروف ہے۔کبھی کیریئر،کبھی تعلقات،کبھی دنیا کے خواب ماں کی ہچکیوں میں ڈوبی دعائیں پس منظر میں چلی جاتی ہیں اور ایک دن وہ پل آتاہے جب وہ خاموش ہو جاتی ہے۔تب مسجدیں،مدرسے،اور یتیم خانے آباد ہوتے ہیں۔تب صدقات، خیرات، اور ایصالِ ثواب کی فہرستیں طویل ہوتی ہیں۔تب فیس بک(facebook) پہ ’’میری ماں میری جنت‘‘ کا کیپشن لگتا ہےاور دل کے خلاء کو دنیاوی نمائش سے بھرا جاتا ہے۔
لیکن جو ماں دنیا میں جیتے جی بھوکی سوئی ہواس کے لیے بعد از مرگ کی یہ تقاریب کتنی غیر متعلق، کتنی بے معنی ہوتی ہیں!
یہ تحریر، یہ فریاد، اس بات کی گواہی ہے کہ ماں کے دن کا مفہوم صرف کیلنڈر پر چمکتا ایک عدد نہیں ہونا چاہیے۔ماں کا دن وہ ہوتا ہے جب اولاد اس کی آنکھوں میں جھانک کراسے ’’ماں‘‘ کہے بغیر اس کا حال سمجھ جائے۔جب وہ بیچ رات پانی مانگے بغیر جگا دی جائے،جب اس کا دکھ بنا کہے سنا جائے،جب اس کی دعائیں بانہیں پھیلا کر مانگی نہ جائیںبلکہ اس کے لب خاموش ہوں تو بھی اولاد اس کے دل کی سچائی سن سکے۔
حقیقی ماں کا دن تب ہوتا ہے جب ماں زندہ ہو اور زندہ دل سے محسوس کی جائے۔تب ماں کے قدموں تلے صرف جنت ہی نہیںبل کہ ایک مکمل انسان کی نجات، ایک نسل کی بھلائی اور ایک معاشرے کی تہذیب پنپتی ہے۔تو آج اگر واقعی ماں کا دن ہےتووہ اولاد اپنے آپ کو پرکھے،جھانکے اور سوچے کہ کیا وہ اپنی ماںکوجیتے جی وہ مقام دے رہی ہےجس کا شور وہ دنیا کو دکھانے کے لیے لگا رہی ہے؟
کیونکہ اگر ماں کو زندہ رہتے وہ محبت، وہ وقت،وہ مقام نہ ملا تو ’’ماں کا دن‘‘ محض اک دکھاوے کا دن رہ جائے گا، جس میں لفظ بولیں گے لیکن جذبات مر جائیں گے۔
کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ماں کا دن واقعی معتبر ہو؟تو پھر اس کے لیے ہر دن ماں کا دن بنائیے۔ اس کے سائے کو زندگی میں محسوس کیجیے۔کیونکہ ماں کے بغیر زندگی صرف ایک خالی گود ہے، جس میں کوئی دعا جنم نہیں لیتی۔
ماں جس نے نہ دن دیکھا،نہ رات، اپنے خوابوں کی پرواہ کی نہ اپنے درد کی صدا سنی۔اولاد کی مسکراہٹ کو ہی اپنی کامیابی جانا۔ وہی ماں ایک دن ایسی لاچاری کی تصویر بن جاتی ہے جہاں علاج کے لیے محض دعائیں کی جاتی ہیں، دوا نہیں۔۔اور اگر کبھی دوا دی بھی گئی،تو اس پر بھی فخریہ پرچار کیاجاتاہےجیسے کسی نے کارِ خیرکردیا ہو۔یہ وہ عہد ہے، جہاں خدمت بھی شو کیس کی جاتی ہےجہاں دیا گیاتحفہ واپس لے لینے کا چلن ہے۔جہاں کسی کے جذبات نہیں، صرف دعوے گونجتے ہیں۔جہاں ماں کی محبت توبے حساب ہوتی ہےمگر اولاد کی محبت، ماپ تول کے ترازو میں تولی جاتی ہے۔کچھ کم ظرف اولاد،ماں کے آخری دنوں میں دیے گئے تحفےماں کے لبوں سے گرنے والے آخری کلمات سے پہلے ہی واپس کھینچ لیتی ہے یا انتقال کے بعد ان چیزوں پر قبضہ جما لیتی ہے، یوں جیسے وہ چیزیںمحبت کا نہیں، ملکیت کا ثبوت ہوں۔ کتنے دلوں میں چھپی کچلی سچائیاں ہیں کہ ماں کی موت کے بعد بھی اذیت کا سلسلہ نہیں رکتا۔جنازہ تک بے حسی کا بوجھ اٹھاتا ہے۔
ایسے بھی ہوتے ہیںجو ماں کے دیدار کو ترسنے کے بجائے اسے برف کے سپرد کرکےاپنے آنے جانے کے حساب کتاب میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ اور ماں خاموشی سے سب سہتی ہے۔آخری سفر میں بھی شکوہ نہیں کرتی ۔کیا یہی صلہ ہے اُس ہستی کا جس نے بھوکے پیٹ، ٹھنڈی راتوں اور جلتے دنوں میںاولاد کی ایک مسکراہٹ کے لیےاپنی سانسیں وار دی تھیں؟افسوس ماں کے نصیب میں وہی احترام رہ گیا ہے جو مرنے کے بعد تعزیت کے جملوں، پھولوں اورایصالِ ثواب کے عارضی انتظامات تک محدود ہے،لیکن اے زمانے کے فرزندو! کیا ہی بہتر ہوتااگر ماں کو جیتے جی وہ مقام دیا جاتاجو مرنے کے بعد اشتہاراتی عقیدت میں ظاہرکیا جاتاہے؟کیا ہی بہتر ہوتا اگر ماں کے علاج، ماں کے کھانے، ماں کے کپڑے اور ماں کے جذبات،کسی نمائش کا حصہ نہ بنتے بل کہ دل کی خاموش عبادت بن جاتے۔عظمتِ ماں ایک دن کی محتاج نہیں یہ تو ہردن، ہرسانس،ہرجذبے میں رچی ہونی چاہیے۔صرف اپنی ماں نہیں بل کہ ہر اُس ماں کی عزت ہونی چاہیے جو اولاد کے لیے جیتی ہے، جھیلتی ہے اور بلا شکایت مرجاتی ہے۔ماں کے نام پر بننے والے دن یاد دہانی کے لیے ہونے چاہئیں، عمل کے لیے نہیں۔ عمل تو روز کا ہے، لمحہ لمحہ ہےکہ جب ماں کی آنکھوں میں جھانکو تو وہ ٹھنڈی سانس کے بجائےمسکرا کر کہے ’’ہاں میرے بچے نے مجھے محسوس کیا‘‘۔محبت تب ہی معتبر ہوتی ہےجب وہ وقت پرکی جائے،ورنہ بعد از مرگ کی رسومات،محض ضمیر کی تاخیر زدہ پکار ہوتی ہیں جو سماج کو تو سُنائی دیتی ہیں لیکن ماں کی روح کے لیے بے معنی ہوتی ہیں۔ماں وہ صدا ہے جو جیتے جی سنائی دے تو جنت بن جاتی ہےاور اگر مرنے کے بعد پکاروتو صرف شرمندگی بن کر لوٹتی ہے۔

٭ ٭ ٭

حقیقی ماں کا دن تب ہوتا ہے جب ماں زندہ ہو اور زندہ دل سے محسوس کی جائے۔تب ماں کے قدموں تلے صرف جنت ہی نہیںبل کہ ایک مکمل انسان کی نجات، ایک نسل کی بھلائی اور ایک معاشرے کی تہذیب پنپتی ہے۔تو آج اگر واقعی ماں کا دن ہےتووہ اولاد اپنے آپ کو پرکھے،جھانکے اور سوچے کہ کیا وہ اپنی ماںکوجیتے جی وہ مقام دے رہی ہےجس کا شور وہ دنیا کو دکھانے کے لیے لگا رہی ہے؟

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Fatida Nisar Ahmed Ansari

    “ماں” یہ تین حرفی لفظ میں دنیا جہان ڈوب سکتے ہیں.
    کوئی نعم البدل، کوئی اعلی سے اعلی شخصیت بھی اس خلا کو پُر نہیں کر سکتی.
    صرف ایک دن اس کے نام مختص کرنا یہ مغربی لوگوں کا شعار ہے. ہمارا نہیں. پر دیکھا دیکھی کی یہ دنیا، یہ انجمنیں ماں کے رتبے کو بھی مستعار لے بیٹھیں ہیں.
    وہ ہستی جس کے بغیر انسان کا تصور ہی کھو جانے اس کے لئے ایک دن مختص کرنے سے بہتر ہے نہ کرے.. اسے اس کے جیسے بھی حال ہوں اسے رہنے دیں.

    رعنا بہن کے قلم نے عمدگی سے اپنے خیالات کو دل کے دکھ کی سیاہی سے لکھ کر قرطاس کے سپرد کیا.
    آج کے دور کی حقیقت کھول کر رکھ دی.
    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جون ۲۰۲٥