کہ سارے پھول یہ کاغذ کے ہیں خدا کی قسم

زوبیہ حسب معمول رات کا کھاناکھانے کے بعدواک (Walk)کے لیے نکلی تھی۔ خوبصورت راہداری کے دونوں جانب گلاب کے پودوے انتہائی نفاست سے رکھے ہوئےتھے۔مختلف رنگ برنگے پھول ماحول کو معطر کر رہے تھے۔ وہ اس خوش گوار ماحول سے لطف اندوز ہوتی ہوئی لان میں داخل ہوئی۔ مختلف قسم کے پلانٹس، منی پلانٹ ،(Mini Plant)چھوٹے چھوٹے امرود اور پپیتے کے درخت لان کی خوبصورتی کو دوبالا کررہے تھے۔ وہ اس ماحول سےمحظوظ ہوتے ہوئے واک کرنے میں مگن تھی۔چاند کی دھیمی روشنی ٹھنڈی اور خنک دار ہوائیں لطف بکھیر رہی تھیں۔ اس کا ذہن اب بھی صبح قرآن کلاس میں چل رہی قاری مشعاری کی رکارڈنگ سورہ نور کی آیت اَللّٰهُ نُورُ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضِ گردش کر رہی تھی۔ اس کی زبان پر بھی بے ساختہ یہ آیت جاری وساری ہو رہی تھی ۔
’’اللہ زمین و آسمان کا نور ہے‘‘اس کی نگا آسمان پر جگمگا تے مہ کامل پر جم گئی تھی ، جس کا نور کرہ عرض کے لیے نا کا فی تھا۔ایک لمحے کے لیے اس کادماغ غور وفکر کے سمندر میں غوطے لگا نے لگا تھا ۔ وہ اللہ رب العزت کی شاہکار تخلیق و صناعی سے وجدان کی کیفیت میں مبتلاہو رہی تھی۔

ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
سورج کے اجالےسے فضاؤں سے خلا سے
چاند اورستاروں کی چمک اور ضیا سے
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے

دولت ایمان کی نعمت پر رب ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہوئے وہ انتہائی سبک روی کے ساتھ بیڈ روم کی طرف چل پڑی تھی۔بیڈ روم میں داخل ہو نے کے بعد وہ طمانیت قلب کے ساتھ محو خواب ہوگئی تھی ۔
نماز فجر کی ادائیگی کے بعد وہ معمول کے مطابق امی ابو کے چائے کا نظم کر چکی تھی۔ اب اسے انابیہ اورارم کوبھی اجتماعی مطالعہ قرآن کے لیے تیار کرنا تھا۔ یہ دنوں گھر کی چھوٹی بیٹیاں تھیں، چنچل اورسست۔۔۔’’آپی ہفتے میں ایک ہی دن چھٹی کا ہوتا ہے،پلیز سونے دیں۔ دوپہر میں مطالعہ کرلیں گے پلیز‘‘، انابیہ نے کمبل کو اپنی طرف کھینچتے ہوئے کہا۔۔
’’بالکل نہیں ۔۔!!میں تمہارا ہال میں انتظار کررہی ہوں اور تم ناشتے کے بعد ہال میں آرہی ہو۔ تمہارے پاس صرف پندرہ منٹ ہیں۔‘‘انابیہ کے پاس سوائے بستر سے اٹھنے کے کوئی چارہ نہیں تھا۔ وہ منہ بسورتے ہوئے بالآخر اٹھ چکی تھی ۔
’’ آپی! سورہ احزاب تو کمپلیٹ ہو چکی، اب کس سورہ کا مطالعہ کرنا ہے‘‘؟؟یہ ارم تھی۔ انابیہ سے بڑی اور اس گھر کی منجھلی بیٹی۔۔۔
’’ہم آج سورہ نورکا مطالعہ کریں گے۔‘‘زوبیہ نے تفہیم القرآن کی جلد نمبر۳ کی فہرست کو دیکھتے ہوئے جواب دیا ۔
’’اس سورہ کے اندر معاشرتی اصلاح کے پیش نظر چند احکام دیے گئے ہیں۔جب منافقین اور کفار نے دیکھا کہ مسلمانوں کو میدان جنگ میں شکست دینا آسان کام نہیں ہے، توانہوں نے مسلمانوں کے اخلاقی تفوق پہ حملہ کرنے کی کوشش کی ۔واقعہ افک اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی،چنانچہ اسی تناظر میں اللہ تعالی نے یہ ہدایات اس سورہ کے اندر فرمائی ہیں۔۔۔‘‘
وہ سورہ نور کی تفسیر کبھی دیکھ کر پڑھتی کبھی۔۔۔روانی سے اپناحاصل بیان کرتی جا رہی تھی۔۔
’’حد قذف۔۔۔!
زانی کی سزا۔۔۔!
لعان کا طریقہ۔۔۔!
اظہار زینت سے ممانعت۔۔!
محرم اور غیر محرم سے پردے کی نوعیت۔۔۔!
گھروں میں داخلے کے لیے اجازت کا حکم ۔۔۔!
پردے کا حکم ۔۔۔!
عورتوں اور مردوں کو غض بصر کا حکم۔۔!
سماج میں بن بیاہے بیٹھنے کو ناپسند کرتے ہوئے لونڈیوں اور غلاموں کے نکاح کی تاکید۔۔۔۔!
گھر کے اندر خلوت کے اوقات میں اجازت لے کر داخل ہونے کی ہدایت۔۔۔۔!
یہ بنیادی اصول ہے جو ایک اسلامی معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘
’’بس آپی، اب بعد میں لیجیے گا پلیز۔‘‘انا بیہ بوریت کا اظہار کرنے لگی تھی۔ ’’ٹھیک ہے، اب ہم اگلے ہفتے continue کریں گے‘‘
وہ امی کے ساتھ کھانا بنانے میں مصروف تھی کہ اچانک فون کی رنگ بجنے لگی ۔ اس نے جھٹ سے فون رسیو کر لیا،’’ہائےزوبیہ، کیسی ہو‘‘؟
’’الحمدللہ!! میں ٹھیک ہوں تم سناؤ‘‘؟؟
’’ آج ہمیں شاہینہ باجی کی شادی کی شاپنگ کے لیے جانا ہے، اور تم تیار رہو گی اوکے۔‘‘آرزو نے تحکمانہ انداز میں کہا۔ ’’ان کی انگیجمنٹ کے موقع پر پیپر کا بہانہ بناکر تم منگنی سے غائب تھی۔ شادی کے موقع پر اس طرح کا کوئی ارادہ تو نہیں ہے نا‘‘؟
’’آرزو، تمہیں معلوم ہے نا میں انگیجمنٹ وغیرہ جیسے فنکشن اٹینڈ (Attend)نہیں کرتی ہوں،لیکن شادی میں ضرور جاؤں گی اور آج مارکیٹ بھی‘‘۔
’’ٹھیک ہے ،پھر میں۲۰ منٹ میں پہنچ رہی ہوں، تم تیار رہو۔‘‘
’’نہیں آرزو، ابھی اس وقت امی کے ساتھ کچن میں بزی ہوں۔ ہفتے میں بس ایک ہی دن توامی کا ہاتھ بٹانے کا موقع ملتا ہے۔ ویسے بھی امی نے آج تمہاری پسند کا گرین چکن کوفتہ بنایا ہے اور خالہ امی کے لیے لوکی کا حلوہ۔ دوپہر کے کھانے پہ آپ کی خالہ آپ لوگوں کی منتظر ہیں، آجاؤ ظہر کی نماز پڑھ کر کھانے کے بعدفورا ًنکل جائیں گے۔‘‘
’’ارے واہ !!کیا بات ہے۔گرین چکن اورلوکی کا حلوہ ۔۔۔سمجھ لے میں ابھی آئی اوکے، میں رکھتی ہوں، بائے۔۔‘‘
کھانا کھانے کے بعدوہ برقعہ پہن کر گیٹ کی طرف رواں دواں تھی، جہاں آرزو اس کا انتظار کر رہی تھی۔
’’زوبیہ!!! تم ناصرہ آپا کادرس قرآن اٹینڈ کرنے نہیں جا رہی ہو،بلکہ مال میں شاپنگ کرنے جا رہی ہو۔‘‘آرزو نے تعجب اور حیرت کے ملے جلے آثارکا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا۔
’’آرزو! پردہ دینی مجلسوں میں جانے کے لیے نہیں ہے،بلکہ دین یہ سکھاتا ہے۔۔
یُدْنِیْنَ عَلَیْهِنَّ مِنْ جَلَابِیْبِهِنَّ-ذٰلِكَ اَدْنٰى اَنْ یُّعْرَفْنَ فَلَا یُؤْذَیْن
(الاحزاب۳۳:۵۹)
ترجمہ: اپنی چادروں کو اپنے اوپر لپیٹ کر اوپرسے پلو لٹکا لیا کریں۔اس طرح وہ پہچان لی جائیں گی اور انہیں ستایا نہیں جائے گا۔۔! ‘‘
’’زوبیہ، تم اپنی بورنگ اور دادی اماں والی بات اپنے پاس رکھو۔ یہ زندگی بار بار نہیں ملتی۔ زندگی ایک بار ملی ہے، اسے خوب انجوائے کرو۔ آزادانہ جیو اور اس قید و بند والی زندگی سے باہر آؤ۔ میں اس طرح کی دقیانوسیت پہ بالکل یقین نہیں رکھتی‘‘
زوبیہ تاسف سے آرزو کے چست برقعے چھوٹے سے دوپٹے اور نوز پیس سے آزاد چہرے کو دیکھ رہی تھی !آرزو صرف گھر والوں کے دباؤ سے بر قعہ پہنتی تھی ۔
بعد میں شاپنگ مال، بازاروں اور کالج میں پہنچ کر خود کو اس سے آزاد کر دیتی تھی۔
آرزو بلو کلر کے فش کٹ شرارے میں ملبوس تھی ۔گولڈن کلر کے زردوزی اور اسٹون ورک سے منقش۔۔چست اتنا تھا کہ جسم کے نشیب و فراز عیاں ہورہے تھے۔ نیٹ کی آستین، بڑا سا گلا اور کندھے پہ رکھا ہوا نیٹ کا دوپٹہ۔ فل میک اپ میں وہ اتراتی ہوئی ہائی ہیل پہنے نزاکت سے ہال میں بچھے قالین پر آہستہ سے قدم رکھ رہی تھی، تیزپرفیوم کی خوشبو بکھیرتی ہوئی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہوئی وہ پوری شہزادی کی طرح داخل ہوئی تھی ۔ واقعی وہ بہت حسین لگ رہی تھی۔ بلو اور گولڈن کامبو آئی شیڈو آنکھوں پر لگا رکھا تھا۔وہ اسٹائل سے پورے ہال میں اِدھر اُدھر زوبیہ کو تلاش کر رہی تھی ۔
زوبیہ نے پنک کلر کا سوبر سا پاکستانی سوٹ پہنا تھا، جس پر گلابی ہی رنگ کے موتی جڑے تھے۔ ڈوپٹہ کوپن اپ کیا ہوا تھا،جس سے سر، سینہ اورپیٹھ ڈھک چکے تھے۔ ہلکے سے میک اپ کے ساتھ اپنی سادہ سی شکل اور گندمی رنگت کے باوجود کسی پری پیکر سے کم نظر نہیں آرہی تھی ۔
فراز اپنی چھوٹی بہن آرزو کا فون دینے کی غرض سے اندر آیا تھا ۔ اس کی نگاہ آرزو کے ساتھ بیٹھی زوبیہ پر پڑی، وہ زوبیہ کی سادگی اور حیا داری سے بہت متاثر ہوتاتھا ۔
اس نے کئی عرصے بعد زوبیہ کو دیکھا تھا۔ بچپن کے مناظر اس کی آنکھوں کے سامنے فلم کی طرح گھوم نے لگے تھے۔ چھٹیوں میں امی اورسب خالائیں اور کزنزنانی کے ہاں آیا کرتے تھے اور خوب رونقیں لگتی تھیں۔بچپن میںبھی زوبیہ سارے بچوں سے مختلف سادہ ،شرمیلی اور خوش مزاج سی ہواکرتی تھی۔ فرازتعلیم کی غرض سے کئی سال ملک سےباہر ہی رہا تھا ۔ اس نے زوبیہ کواس وقت دیکھا تھا جب وہ چھوٹی تھی۔ اس کے بعد وہ کبھی دکھائی ہی نہیں دی۔ حالانکہ خاندان میں ان دنوں کئی فنکشن ہوچکےتھے۔اس کی ایک وجہ زوبیہ کا فنکشن اورپروگراموں سے اجتناب تھا۔ وہ حد درجہ احتیاط کرتی تھی ۔
’’آرزو!! تمہارا پی جی (Post Graduation) بھی ہو گیا۔کئی اچھے رشتے ہیں تمہارے لئے، اب میں انہیں انکار نہیں کروں گی۔ تمہاری شادی کرکے اپنے فرض سے سبکدوش ہونا چاہتی ہوں۔‘‘
’’نہیں امی!! بالکل نہیں!! میں ابھی آزاد رہنا چاہتی ہوں۔ آپ مجھےشادی وغیرہ کے جھمیلے میں نہ کھینچیں۔۔ اورمجھ سے دوبارہ اس ٹاپک پر بات نہ کریں پلیز‘‘
اس نے خفگی سے کہا ۔
’’بیٹا فراز! تم ہی سمجھاؤ آرزو کو،میں اس کی من مانیوں سے تنگ آگئی ہوں۔‘‘ فراز اور اس کی امی آرزو کے اس رویہ سے سخت خفاء تھے۔وہ اكثر شادی کی بات سے ایسے ہی چڑجایا کرتی تھی ۔
’’تم سمجھاؤ اسے فراز! میری توایک نہیں سنتی ہے یہ لڑکی۔ دیکھا تم نے کیسا رویہ ہے اس کا شادی کے نام پر ؟میں چاہتی ہوں کہ میں جلد از جلد تم دونوں کی شادی کروادوں اور اپنی ذمہ داریوںسے سبک دوش ہو جاؤں۔ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ہے۔‘‘ وہ بے اختیار رو پڑی تھیں۔فراز نے انہیں تسلی دیتے ہوئے اپنے سینے سے لگا لیا تھا۔
’’امی اس طرح کی بات کیوں کرتیں ہیں آپ؟آپ پریشان نہ ہو، آرزو ابھی مزیدپڑھناچاہتی ہے،آپ اسے پڑھنے دیں۔ میں اسے سمجھاؤں گا، فی الحال آپ میری شادی کی فکرکریںبلکہ آپ ایساکریں میری شادی طے کردیں۔۔۔‘‘ اس نے شوخی ا ور شرارت بھرے انداز میں اپنی ماں کےغم کو ہلکا کرنے کی کوشش کی۔
’’تم نے کہیں کوئی لڑکی دیکھ رکھی ہے؟‘‘
’’ہمم !!!‘‘
’’اچھا!! تو تم نے لڑکی پسند بھی کر لی ہے؟‘‘ انہوں نے ابھی کچھ دیر پہلے کے غم کو یکسر فراموش کرتے ہوئے حیرت اور استعجاب سے فراز کو دیکھتے ہوئے کہا۔
’’میں نے آپ کا کام آسان کیا ہے بھئی ۔۔۔اب آپ کو میرے لیے لڑکی تلاش کرتے ہوئے خوار نہیں ہونا پڑے گا ۔بندے نے آپ کا کام آسان کر دیا ہے۔‘‘اس نے سر اور کندھوں کو خم دیتے ہوئے مسکراکرکہا۔‘‘
’’اچھا!! تمہارے ساتھ جاب کرتی ہے؟؟ ‘‘
’’نہیں‘‘
’’توپھر کون ہے؟ ‘‘
’’آپ کی بہن کی بیٹی زوبیہ‘‘
فراز کی امی کےآنکھوں میں چمک بھرآئی تھی۔ اس خوشی نے وقتی طور پر آرزو کے روّیے پر پردہ ڈال دیا تھا ۔
فراز کی فرمائش کے مطابق انتہائی سادگی سے اس کا نکاح زوبیہ سے ہوگیا تھا۔
زوبیہ کی شادی کو دو سال گزر چکے تھے۔آرزو اپنے کمرے میں تنہا ماضی کی یادوں کو اپنے خیالوں میں کسی فلم کی طرح دیکھ رہی تھی ۔ ’’آرزو بیٹا!!! ضد چھوڑ دو، شادی کر لو۔ شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد کوئی قیدی نہیں ہو جاتا ہے، بلکہ نکاح کے بعد توزوجین کے درمیان آپس میں الفت،مودت،خلوص،اور اعتماد کا مضبوط رشتہ پیدا ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے تو نکاح کو پاک دامنی کا محفوظ قلع قرار دیا گیا ہے۔زوبیہ تم سے عمر میں چھوٹی ہے، نکاح ہو گیا الحمدللہ۔ کتنی خوش اور مطمئن زندگی اپنے شوہر اوربچوں کے ساتھ گزار رہی ہے۔‘‘
’’نہیں امی، مجھے نہیں پڑنا شادی وادی کی الجھنوں میں‘‘
آرزو کے کانوں میں امی کے الفاظ باربارسنائی دیتے تھے۔وہ اپنے بیڈ پر سوجی ہوئی آنکھوں سے کمرے کے خالی پن کو دیکھ رہی تھی ۔
’’آرزو امی تمہارے نکاح کی تمنا لیے اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ کتنا وقت گزر گیا، تم کیوں اپنی زندگی اور اپنی عمر کے ساتھ دشمنی کر رہی ہو!‘‘
زوبیہ نے اس کے کندھے پر تھپکی دیتے ہوئے کہا ۔۔
’’ پلیز میری بہن، میری دو بات مان لو، میں تمہارا انتہائی شکر گزار ہوں گا۔پہلی بات یہ ہے کہ تم نکاح کے لیے حامی بھرو د،وسری یہ کہ تم اس آفس میں کام کرنا چھوڑ دو۔ اسلام مخلوط سوسائٹی کی بالکل اجازت نہیں دیتا ہے۔ تمہارا آفس جانا اور مردوں کے ساتھ کام کرنا مجھے بالکل پسند نہیں ہے۔‘‘
فراز نے آرزو سے احتجائی لہجے میں کہا ۔
’’میری پیاری بہن ،تم بہت معصوم ہو۔ دنیا کی فریب کاریوں کو جانتی نہیں ہو‘‘
آرزو بنا کچھ کہے اٹھ کر چلی گئی تھی ۔زوبیہ اور فراز مایوسی سے اسے جاتا دیکھ رہے تھے۔
وہ اسد کو بار بار میسج کررہی تھی۔ اسد کا ابھی تک کوئی رپلائی نہیں آیاتھا۔ ’’گھر میں بھائی اور زوبیہ نکاح کے لیے بہت فورس کر رہے ہیں، تم بھائی سے ہماری شادی کی بات کرلو پلیز!! ‘‘
اس کی نگاہ اسکرین پر جم گئی تھی۔ وہ بے صبری سے اسد کے رپلائی کا انتظار کر رہی تھی۔۔ ۔ نکاح؟؟؟؟اسکرین پر میسیج دکھائی دے رہا تھا ۔آرزو کی آنکھیں سکڑنے لگی تھیں ۔
ہمارا رشتہ توبس FWB (Friend with benfit)تک تھا اور ویسے بھی میں اس وقت ایئرپورٹ پہ ہوں، آسٹریلیاجا رہا ہوں۔ وہاں پہ میری جاب لگ گئی ہے ۔تم اپنے گھر والوں کی مرضی کے مطابق نکاح کرلو‘‘
آرزو کا دماغ سائیں سائیں کرنے لگاتھا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیاتھا۔ وہ بے ہوشی کے عالم میں فرش پہ گرگئی تھی ۔کسی بے جان مردے کی طرح۔۔اس کے بے جان ہاتھوں کے سامنے فون کے اسکرین پر اب بھی اسدکا کچھ دیر پہلے کیا گیا میسج چمک رہا تھا، ’’اپنے گھر والوں کی مرضی کے مطابق نکاح کرلو۔۔۔‘‘
زوبیہ اور فراز ایمرجنسی وارڈ کے باہر کوری ڈور میں کرسیوں پرپریشان حال بیٹھے تھے۔زوبیہ کی زبان پر ذکر جاری تھا۔فراز بے چین سا کبھی کرسی پر بیٹھتا کبھی اٹھ کر کھڑا ہو جاتا۔اس کی نگاہ ایمرجنسی وارڈ سے نکلتے ہوئے ڈاکٹر پر پڑی تھی۔ وہ لپک کر اس کے قریب پہنچ گیا تھا،’’کیا سچویشن ہے سر؟‘‘
’’ٹھیک ہے۔پینک اٹیک (Panic Attack) ہواہے۔‘‘ یہ کہتا ہوا ڈاکٹر جا چکا تھا ۔زوبیہ کی زبان پر اب بھی ذکر جاری تھا۔ اس کے ہاتھ میں آرزو کا فون تھا، جو اسے اس کے بے ہوش شدہ جسم کے پاس ملا تھا۔ اس وقت سے لے کر اب تک وہ کئی بار اسد اور آرزو کی چیٹنگ کو پڑھ چکی تھی ۔
’’میںpregnant ہوں اسد، پلیز میرے بھائی سے بات کرو۔‘‘جس کے جواب میں اس نے رذیلانہ انداز میں معاملے کو رفع دفع کرکےاسےخاموشی اختیار کرنے کا مشورہ دیا تھا۔زوبیہ کی نگاہ اس ایک آخری میسج پر ٹک گئی تھی ۔
’’اپنے گھر والوں کی مرضی کے مطابق نکاح کرلو‘‘
اس کے کانوں میں آرزو کی آوازیں گونجنے لگی تھیں، جواکثر کہا کرتی تھی ’’مجھے اپنی آزادی پیاری ہے۔ میں اپنی مرضی سے زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ شادی، بچے ذمے داریاں اففف۔۔۔۔!!
’’زوبیہ، تم اپنی بورنگ اور دادی اماں والی بات نا اپنے پاس رکھو۔ یہ زندگی بار بار نہیں ملتی۔ زندگی ایک بار ملی ہے ،اسے خوب انجوائے کرو آزادانہ جیو اور اس قید و بند والی زندگی سے باہر آؤ۔ میں اس طرح کی دقیانوسیت پہ بالکل یقین نہیں رکھتی۔۔۔۔‘‘
زوبیہ کی آنکھوں سے مسلسل آنسو رواں تھے ۔دوسری طرف فراز مطمئن تھا۔ مگر وہ نہیں جانتا تھا کہ یہ اطمینان اب کرب و اضطراب میں بدلنے والا تھا۔

 تیری حیات ہے کردار رابعہ بصری
تیرے فسانے کا موضوع ہے عصمت مریم
نہ دیکھ رشک سے تہذیب کی نمائش کو
کہ سارے پھول یہ کاغذ کے ہیں خدا کی قسم
وہی ہے راہ تیرے عزم و شوق کی منزل
جہاں ہیں عائشہ و فاطمہ کے نقش قدم

اسلام کی قدروں کی بنیاد نہایت مستحکم عقائد پر رکھی گئی ہے۔ ایک مسلمان معاشرہ خاندانی زندگی کی قدروں اور عورت کے نسوانی کردار کا تحفظ کرتا ہے تو اس کی وجہ صرف یہی نہیں ہوتی کہ اس معاشرے کی قدیم روایتیں اس کا تقاضہ کرتی ہیں بلکہ اصل وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ معاشرہ اس پر پختہ ایمان رکھتا ہے کہ یہ خدا کے احکام ہیں جن میں تبدیلی کا اسے کوئی اختیار نہیں ہے۔ یہ پختہ ایمان ہی اس طوفان بلا خیز کا مقابلہ کر سکتا ہے جو جدید مغرب کی دانش گاہوں سے اٹھا اور اب ساری دنیا کے روایتی ڈھانچوں کو ملیامٹ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کہتے ہیں کہ اب خاندان اور عورت کے نسوانی وجود کی آخری پناہ گاہ، اسلام ہی ہے۔
خواتین میں اسلامی تحریک، سید سعادت اللہ حسینی

٭ ٭ ٭

آرزو کا دماغ سائیں سائیں کرنے لگاتھا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیاتھا۔ وہ بے ہوشی کے عالم میں فرش پہ گرگئی تھی ۔کسی بے جان مردے کی طرح۔۔اس کے بے جان ہاتھوں کے سامنے فون کے اسکرین پر اب بھی اسدکا کچھ دیر پہلے کیا گیا میسج چمک رہا تھا، ’’اپنے گھر والوں کی مرضی کے مطابق نکاح کرلو۔۔۔‘‘

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے