لزوالُ الدنيا أهونُ على اللهِ مِنْ قتلِ رجلٍ مسلمٍ (رواہ الترمذی)
ترجمہ: دنیا کا ختم ہو جانااللہ کے نزدیک ایک مسلمان کے قتل سے ہلکا ہے۔
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے،جو انسان کی جان ،مال، عزت اور آبرو کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔مذکورہ حدیث سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اللہ کے نزدیک دنیا کا فنا ہوجانا ایک مسلمان کی جان کے ضیاع سے زیادہ ہلکا ہے۔
اس حدیث مبارکہ سے ہمیں انسانی جان کی حرمت اور قدر و قیمت کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایک مسلمان کی جان کو ناحق لینا اللہ تعالیٰ کے نزدیک اتنا بڑا جرم ہے کہ پوری دنیا کا ختم ہو جانا اس کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔
اسلام میں کسی انسان کو ناحق قتل کرنا سنگین ترین گناہوں میں شمار ہوتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’اجتنبوا السبع الموبقات ‘‘
ترجمہ: سات ہلاک کر دینے والے گناہ سے بچو ۔
ان میں سے ایک ہے:
’’قتل النفس التي حرم الله إلابالحق۔‘‘
ان میں سے ایک ہے ناحق کسی جان کو قتل کرنا۔(صحیح بخاری)
’’المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده۔‘‘
ترجمہ: مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔(متفق علیہ)
’’إذا التقى المسلمان بسيفيهما فالقاتل والمقتول في النار‘‘
(متفق علیہ)
ترجمہ: جب دو مسلمان تلواریں لے کر ایک دوسرے سے لڑیں، تو قاتل اور مقتول دونوں جہنم میں جائیں گے۔‘‘
اس حدیث پہ صحابہ کرام نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول، قاتل کا جہنم میں جانا سمجھ میں آتا ہے مگر مقتول کیوں ؟
آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ کیونکہ وہ بھی اپنے ساتھی کے قتل کا خواہشمند ہے‘‘۔
انسانی جان اسلام میں اس قدر محترم ہے کہ ایک انسان کی زندگی کی حفاظت پوری انسانیت کی حفاظت کے برابرہے۔اور ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے برابرہے۔ورنہ اسلام ایسا مذہب ہے کی نیکی کا اجر بڑھا چڑھاکر دیتاہے۔نیک کام کی نیت کرنے پر ہی ایک مسلم اجرو ثواب کا حقدار ہوجاتا ہے، مگر برائی کا عذاب نیت پہ موقوف نہیں بلکہ عمل کامنتظر ہے کہ بندہ کر گزرے گا تو نامہ اعمال میں درج ہوگا ۔اور اتنا ہی عذاب ہوگا جتنا گناہ ہوگا۔
مگر صرف قتل و غار ت گری ایسا گناہ ہے، جس کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ ایک قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
مَن قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادُ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ الناس جميعًا ومن احیاھا فکانما احیا الناس جمیعا
(سورہ مائدہ ۳۲:)
ترجمہ: جس نے کسی جان کو بغیر قصاص یا زمین میں فساد کے مارا گویا اُس نے پوری انسانیت کو قتل کر دیا۔اور جس نے ایک کی جان بچای گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچای سورہ مائدہ ۳۲)
یہ آیت انسانی جان کی حرمت کو ایک عظیم اصول کے طور پر پیش کرتی ہے۔ یہاں مذہب کا ذکر نہیں کیا گیا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہر انسان کی جان محترم ہے،خواہ وہ کسی بھی مذہب کا ماننے والا ہو۔ لیکن حدیث میں خاص طور پر’’مسلمان‘‘ کی جان کی حرمت کو نمایاں کیا گیا ہے۔
’’وَلَا تَقْتُلُوا النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالْحَقِّ ‘‘
ترجمہ: اور اس جان کو قتل نہ کرو جسے اللہ نے حرام کیا ہے، مگر حق کے ساتھ۔(سورہ اسراء ۳۳)
قتل صرف ایک فرد کا نقصان نہیں ہوتا،بلکہ اس سے پورے معاشرے میں بدامنی ،خوف انتقام اوربے یقینی کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ جب انسان کی جان محفوظ نہ رہے تو باقی عبادات، حقوق اور امن کا تصور بھی ممکن نہیں۔
آج کے دور میں جب قتل و غارت گری، دہشت گردی اور فرقہ واریت عام ہو چکی ہے۔ یہ حدیث ہمیں ایک اہم یاد دہانی کراتی ہے کہ کسی بھی انسان کی جان لینا اللہ کے ہاں ناقابل معافی جرم ہے۔اس کی سنگینی کا انداذہ اس بات سے بھی ہوتا ہےکہ قیامت کے روز(حقوق العباد میں )سب سے پہلے قتل کے بارے میں فیصلہ کیا جاےگا ۔
مذکورہ بالا آ یات و احادیث اس بات کی بین ثبوت ہیں کی اسلام قتل و غارتگری کی تعلیم ہرگز نہیں دیتا ۔اسلام مذہب کی تفریق کے بغیر ہر انسانی جان بلکہ جانورو اور پیڑپودوں کی حفاظت تک کی تعلیم دیتا ہے نیز اس پر اجر کی بشارت بھی دیتا ہے۔احادیث میں آتاہے کی نبی کریم ﷺ نے دوران جنگ پیڑوںکو کاٹنے اور کھیتیوں کو جلانے سے منع فرمایا ۔صحیح بخاری کی ایک مشہور حدیث ہے کہ بنی اسراییل کی ایک بدکارہ عورت نے پیاس کی شدت سے تڑپتے ایک کتے کو دیکھا تو اپنا موزہ اتار کر اس میں پانی بھر کر پلایا تو اللہ نے اسے بخش دیا ۔جو مذہب اتنے سنگین گناہ کو ایک جانور کی جان بچانے پہ اجر دے اور اسکی وجہ سے اس کے گناہ بخش دے وہ بھلا انسانی جان کو پامال کرنے کی تعلیم کیسے دے سکتاہے ؟ اس کو ماننے والے دہشت گردکیسے ہو سکتے ہیں ؟ ضرورت اس بات کی ہےکہ ہرشہری اور ہرمسلم معاشرے میں امن اور بھائی چارہ کی فضا کو فروغ دے کہ اسلام سراسر سلامتی ہے ۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
عزیز! تم اپنی قیمت پہچانو، تمہارے مستقبل کی ضمانت پیغمبر اور خدائے لازوال نے لی ہے، بس شرط یہ ہے کہ تم ہیرے کو واقعتا ہیرا بنا لو۔ پتھر ایک بار نہیں کئی بار ٹوٹتا ہے اور بنتا ہے، شیشہ بھی ٹوٹتا اور بنتا ہے، لیکن ہیرا صرف ایک بار ہی بن سکتا ہے، ٹوٹ کر یا چٹک کر وہ دوبارہ نہیں بن سکتا۔ اگر تم اچھا بننا چاہو گے تو تمہیں کوئی روک نہیں سکتا اور نہ بننا چاہو گے تو مشیت الہی کے علاوہ کوئی شئے تم کو بنا نہیں سکتی۔
پاجا سراغ زندگی، از مولانا ابو الحسن علی حسنی ندوی


0 Comments