اسلامی معاشی تعلیم اسکولوں کے نصاب میں ایک جامع تجویز

جب ہم اپنے بچوں کے اسکول بیگ تیارکرتے ہیں،تو ہمارادھیان ان کتابوں پرہوتا ہے جو انہیں ریاضی، سائنس، انگریزی،یا دیگرمضامین میں مہارت دلائیں گی، لیکن کیا کبھی ہم نے غور کیا کہ ان کتابوں میں حلال و حرام کی تمیز، دیانت داری کی اہمیت، زکوٰۃ و وقف کے اصول، یامعاشی انصاف کی تعلیم کہاں ہے؟ ہمارا موجودہ تعلیمی نظام بچوںکو پیشہ ورانہ میدان میں کامیابی کے لیے تو تیارکرتا ہے، لیکن کیا یہ انہیں ایک باکردار تاجر، صنعت کار، یا معیشت دان بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے؟
اسلام نے معیشت کو صرف روزگار کمانے کا ذریعہ نہیں بنایا،بلکہ عبادت، سماجی فلاح،اور آخرت کی کامیابی کا راستہ قرار دیاہے۔رسول اللہ ﷺ خود ایک کامیاب تاجرتھے،جن کی تجارت دیانت،انصاف،اوراعلیٰ اخلاقیات کی روشن مثال تھی۔ صحابہ کرام،جیسے حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ، حضرت عثمان غنیؓ، اور حضرت ابومسعود انصاریؓ،نے تجارت کو نہ صرف اپنے معاش کا ذریعہ بنایا،بلکہ اسے دین کی تبلیغ،معاشرتی ترقی،اور امت کی خودکفالت کے لیے بھی استعمال کیا۔
حدیثِ مبارکہ میں ارشاد ہے:
’’سچا اور دیانت دار تاجر قیامت کے دن انبیاء، صدیقین، اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔‘‘ (ترمذی)
کیا ہمارے اسکولوں میں ایسی تعلیمات کی جگہ ہے؟ کیا ہم اپنے بچوںکویہ سکھاتے ہیںکہ تجارت صرف مالی منافع کا ذریعہ نہیں،بلکہ سماجی بھلائی اور آخرت کی کامیابی کا وسیلہ بھی ہے؟ بدقسمتی سے آج کا نصاب زیادہ تر مغربی معاشی ماڈلز پرمبنی ہے،جو منافع کی دوڑ،سرمایہ داری،اور مادیت پرستی کو فروغ دیتے ہیں۔ نتیجتاً، ہمارے بچے عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں تو وہ ایک ’’کماؤ مشین‘‘ بن کر رہ جاتے ہیں، لیکن ایک باکردار اور ذمہ دار انسان بننے میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
اس مضمون میں ایک ’’اسلامی معاشی نصاب‘‘ کی تجویز پیش کی جا رہی ہے، جو دینی اصولوں اور جدید معیشت کی ضروریات کویکجاکرے گا۔امیدہےیہ نصاب بچوں کومعاشی ہنر، اخلاقی اقدار، اور سماجی ذمہ داری کا شعور دے گا، تاکہ وہ نہ صرف کامیاب تاجر بنیں،بلکہ معاشرے کی فلاح کے لیے اصلاح پسند کردار بھی ادا کریں۔

 موجودہ تعلیمی نظام کی خامیاں

موجودہ تعلیمی نظام کا بنیادی مقصد طلبہ کو ملازمت کے قابل بنانا ہے۔ اگرچہ یہ ایک اہم مقصد ہے، لیکن یہ تنہا کافی نہیں۔ معیشت صرف ملازمتوں تک محدود نہیں،بلکہ اس کا تعلق تجارت، صنعت،مالیاتی اداروں،سماجی فلاح،اور پائیدار ترقی سے بھی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے اسکولوں میں معاشی تعلیم کے نام پرجوکچھ پڑھایاجاتاہے،وہ مغربی معاشی نظریات پر مبنی ہے،جو زیادہ تر انفرادی منافع، مقابلہ بازی، اور سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیتے ہیں۔
اس نظام میں کچھ بنیادی خامیاں یہ ہیں:

 ۱۔اخلاقی اقدار کی کمی:

 موجودہ نصاب میںدیانت،امانت،انصاف، اور اخلاص جیسے تصورات کی کوئی جگہ نہیں۔ طلبہ کو صرف منافع کمانے، لاگت کم کرنے، اور مارکیٹنگ کی حکمت عملی سکھائی جاتی ہے۔

۲۔دینی اصولوں سے دوری:

اسلامی معاشی اصول جیسے کہ سود سے اجتناب، زکوٰۃکی ادائیگی،مضاربہ، مشارکہ، اور وقف، نصاب کا حصہ نہیں ہیں۔

۳۔ سماجی ذمہ داری کا فقدان:

 طلبہ کو یہ نہیں سکھایا جاتا کہ معاشی سرگرمیاں معاشرتی فلاح اور امت کی ترقی سے کیسے منسلک ہو سکتی ہیں۔

۴۔عملی تربیت کی کمی:

نصاب زیادہ تر نظریاتی ہے اور طلبہ کو عملی معاشی سرگرمیوں،جیسے کہ کاروبار شروع کرنا یا مالیاتی منصوبہ بندی کی تربیت نہیں دی جاتی۔ دوسری طرف آج کے عالمی معاشی حالات بھی تشویشناک ہیں۔ سود پر مبنی مالیاتی نظام،معاشی بدعنوانی، غیر منصفانہ تجارت، اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے مسائل نے دنیا کو معاشی بحرانوں سے دوچارکر رکھا ہے۔ ایسی صورت حال میں اسلامی معاشی تعلیم نہ صرف ہماری مذہبی شناخت کو مضبوط کرے گی،بلکہ ایک منصفانہ، پائیدار، اور اخلاقی معاشی نظام کی بنیاد بھی فراہم کرے گی۔

اسلامی معاشی تعلیم کی ضرورت اور اہمیت

اسلام کا معاشی نظام ایک مکمل اور متوازن نظام ہے،جو نہ صرف انفرادی بھلائی کو یقینی بناتا ہے،بلکہ معاشرتی فلاح اور عالمی انصاف کو بھی فروغ دیتا ہے۔ اس کے چند بنیادی اصول یہ ہیں:

  دیانت اور امانت:

 تجارت میں سچائی،وعدوں کی پاسداری، اور ناپ تول کی درستگی۔

سود سے اجتناب:

قرآن کریم نے سود کو حرام قرار دیا (سورۃالبقرہ ۲۷۵۔۲۷۹)اور اس کے بجائے اشتراک پر مبنی مالیاتی ماڈلز،جیسے مضاربہ اور مشارکہ، کو فروغ دیا۔

 زکوٰۃ اور وقف:

دولت کی گردش کو یقینی بنانے اور سماجی فلاح کے لیے زکوٰۃ اور وقف جیسے اداروں کی اہمیت۔

 سماجی انصاف:

معاشی سرگرمیوں کا مقصد صرف ذاتی منافع نہیں،بلکہ معاشرے کی مجموعی بھلائی بھی ہونا چاہیے۔
یہ اصول نہ صرف دینی نقطہ نظرسے اہم ہیں،بلکہ جدیدمعاشی چیلنجز،جیسے کہ معاشی عدم مساوات، مالیاتی بحران،اور ماحولیاتی تباہی کے حل کے لیے بھی موزوں ہیں۔ مثال کے طور پر اسلامی بینکنگ (Islamic Banking)اور مالیاتی نظام نے عالمی سطح پر ایک پائیدار متبادل کے طور پر اپنی جگہ بنائی ہے۔
اسکولوں میں اسلامی معاشی تعلیم کے نفاذ سے ہم اپنے بچوں کو نہ صرف معاشی طور پر خودمختار بنا سکتے ہیں،بلکہ انہیں ایک ایسی نسل کے طور پر تیار کر سکتے ہیں جو معاشی بدعنوانی کا مقابلہ کرے، منصفانہ تجارت کو فروغ دے، اور معاشرتی فلاح کے لیے کام کرے۔

تجویز کردہ اسلامی معاشی نصاب: ڈھانچہ اور اجزاء

ایک جامع اسلامی معاشی نصاب کو تین اہم ستونوں پرقائم کیا جا سکتا ہے: ۱۔نظریاتی بنیاد
۲۔عملی سرگرمیاں
۳۔اخلاقی و سماجی تربیت
اس نصاب کا مقصد طلبہ کو معاشی ہنر، دینی شعور، اور اخلاقی اقدارسے آراستہ کرنا ہے۔

۱۔ نظریاتی بنیاد:

دین کی روشنی میں معیشت یہ حصہ طلبہ کو اسلامی معاشیات کے بنیادی اصولوں سے روشناس کرائے گا۔ اس میں شامل موضوعات یہ ہوں گے:

قرآنی آیات ۔ سود کی مذمت:

سورۃ البقرہ (آیات ۲۷۵۔۲۷۹)میں سود کے نقصانات اور تجارت کی اجازت پر واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ طلبہ کو سکھایا جائے گا کہ سود معاشی عدم مساوات کو بڑھاتا ہے، جبکہ تجارت اشتراک اور انصاف کو فروغ دیتی ہے۔

 تجارت کی حدود:

سورۃ الجمعہ (آیات ۹۔۱۱)میں جمعہ کی نماز کے وقت تجارت سے روکنے کی ہدایت ہے،جو عبادت اور کاروبارکے توازن کی اہمیت کو ظاہرکرتی ہے۔

  زکوٰۃ کی اہمیت:

سورۃ التوبہ (آیات ۶۰) میں زکوٰۃ کے مصارف بیان کیے گئے ہیں، جو سماجی فلاح کے ایک منظم نظام کی بنیاد ہیں۔
احادیث مبارکہ ۔ ’’سچا اور دیانت دار تاجر قیامت کے دن انبیاء، صدیقین، اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔‘‘ (ترمذی)
’’جس نے حلال کمائی سے کھانا کھایا، سنت پر عمل کیا، اور لوگوں کو اپنے شر سے محفوظ رکھا، وہ جنت میں داخل ہوگا۔‘‘ (ترمذی)
’’تاجر کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی چیزوں کی خامیوںکوچھپائےنہیں،بلکہ کھل کربتائے۔‘‘ (بخاری)
فقہی اصول۔ حلال و حرام کی تمیز:
طلبہ کو سکھایا جائے گا کہ کون سی معاشی سرگرمیاں جائز ہیں اور کون سی ممنوع، جیسے کہ سود، جوا، اور دھوکہ دہی۔

زکوٰۃ اور وقف:

زکوٰۃ کے حساب کے طریقے، وقف کے سماجی فوائد، اور ان کی جدید معیشت میں اہمیت۔

مضاربہ اور مشارکہ:

یہ اسلامی مالیاتی ماڈلز ہیں،جو اشتراک پرمبنی ہیں اورسودکے مقابلے میں منصفانہ متبادل فراہم کرتے ہیں۔

 یبع سلم اور اجارہ:

یہ اسلامی تجارت کے دیگر ماڈلز ہیں جو زرعی اور صنعتی شعبوں میں استعمال ہوتے ہیں۔

اسلامی تاریخ سے سبق۔ بازارِ مدینہ:

نبی کریم ﷺ نے مدینہ میں ایک منصفانہ بازار قائم کیا، جہاں دھوکہ دہی، ناپ تول میں کمی، اور ناجائز منافع خوری پرپابندی تھی۔

خلافت راشدہ کی معاشی پالیسیاں:

حضرت عمرؓکے دور میں ’’بیت المال‘‘کا قیام، سماجی فلاح کے منصوبے، اور منصفانہ ٹیکس نظام کی مثالیں۔

صحابہ کرامؓ کی تجارت:

حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓکی خودکفالت، حضرت عثمانؓ کی فیاضی،اور حضرت ابوبکرؓ کی سادگی کی مثالیں طلبہ کے لیے رہنما اصول ہوں گی۔یہ نظریاتی بنیاد طلبہ کو یہ سمجھائے گی کہ معاشی سرگرمیاں صرف مالی فوائدکے لیے نہیں، بلکہ دینی ذمہ داریوں اور سماجی فلاح کے لیے بھی ہیں۔

۲۔ عملی سرگرمیاں:

سیکھو،کرو،سمجھو نظریاتی علم کو عملی شکل دینے کے لیے درج ذیل سرگرمیاں نصاب کا حصہ ہوں گی:

حلال تجارت میلہ:

اسکولوں میں سالانہ میلے کا اہتمام کیاجائے،جہاںطلبہ اپنی بنائی ہوئی مصنوعات،جیسےکہ ہینڈمیڈ اشیاء،اسٹیشنری،یاکھانے پینےکی چیزیں فروخت کریں گے۔ اس سے انہیں تجارت کے عملی اصول،جیسے کہ لاگت، منافع، اور کسٹمر سروس، سمجھنے میں مدد ملے گی۔

 چھوٹے کاروباری ماڈل:

طلبہ کو گروپس میں تقسیم کرکے چھوٹے کاروباری منصوبوں پر کام کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ مثال کے طور پر ایک گروپ اسکول کی دکان کے لیے اسٹیشنری کاکاروبار شروع کرسکتاہے،جبکہ دوسراگروپ ہینڈ میڈ مصنوعات کا اسٹال لگا سکتا ہے۔

 مطالعاتی دورے:

مقامی اسلامی بینکوں،کوآپریٹو سوسائٹیوں، یا چھوٹے کاروباری اداروں کے دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ طلبہ یہ دیکھیں گے کہ اسلامی مالیاتی اصول عملی طورپرکیسے نافذ ہوتے ہیں۔

 ماہرین سے انٹرایکشن:

مقامی تاجروں، علماء، اور بزنس مین کو اسکولوں میں مدعو کیا جائے گاتاکہ وہ اپنے تجربات اور چیلنجز شیئر کریں۔ مثال کے طور پر ایک اسلامی بینک کا مینیجر طلبہ کو مضاربہ اور مشارکہ کے فوائد بتا سکتا ہے۔

زکوٰۃ اور وقف کے پروجیکٹس:

طلبہ کو عملی پروجیکٹس دیے جائیں گے،جیسےکہ زکوٰۃ کے حساب کا طریقہ سیکھنا،مقامی فلاحی اداروں کے وقف پرمبنی منصوبوں کاجائزہ لینا،یا ایک فرضی وقف ماڈل تیار کرنا۔

 سماجی خدمت کے منصوبے:

 طلبہ کو چھوٹے پیمانے پر سماجی خدمت کے منصوبوں میں شامل کیا جائے گا، جیسے کہ غریب طلبہ کے لیے اسکول فیس کے لیے فنڈ اکٹھا کرنا یا مقامی کمیونٹی کے لیے ایک چھوٹا فلاحی پروجیکٹ شروع کرنا۔
یہ سرگرمیاں طلبہ میں کاروباری سوچ، ٹیم ورک، اور معاشی ذمہ داری کا شعور پیدا کریں گی۔

۳۔ اخلاقی و سماجی تربیت:

کماؤ بھی، بانٹو بھی۔ یہ نصاب کا سب سے اہم جزو ہے، کیونکہ یہ طلبہ کو معاشی سرگرمیوں کے اخلاقی اور سماجی پہلوؤں سے روشناس کرائے گا۔ اس میں شامل موضوعات یہ ہوں گے:

 دیانت اور ایفائے عہد:

طلبہ کو سکھایا جائے گا کہ تجارت میں سچائی، وعدوں کی پاسداری، اور امانت کی حفاظت کتنی اہم ہے۔مثال کے طور پر،ایک تاجر کو اپنی مصنوعات کی خامیوں کو چھپانا نہیں چاہیے،بلکہ کھل کر بتاناچاہیے۔

 منافع کے ساتھ خیرات:

طلبہ کو یہ سمجھایا جائے گا کہ منافع کمانا جائز ہے، لیکن اسے معاشرے کی بھلائی کے لیے بھی استعمال کرنا ضروری ہے۔ زکوٰۃ، صدقہ، اور وقف جیسے تصورات اس کی بہترین مثالیں ہیں۔

 پیسے کی محبت سے بچاؤ:

سورۃ التکاثر کی روشنی میں طلبہ کو سمجھایا جائے گاکہ دولت کی ہوس انسان کو دنیا اور آخرت دونوں میں تباہ کر سکتی ہے۔

کاروبار اور سماجی خدمت:

طلبہ کو یہ بتایا جائے گا کہ تجارت معاشرتی ترقی اور امت کی فلاح کا ذریعہ بن سکتی ہے۔مثال کے طور پر ایک تاجر اپنے منافع کا کچھ حصہ اسکول یا ہسپتال بنانے کے لیے وقف کر سکتا ہے۔

 وقف کی اہمیت:

 وقف کو ایک پائیدار فلاحی معیشت کی بنیاد کے طور پرسمجھایا جائے گا۔ طلبہ کو تاریخی مثالیں،جیسے کہ عثمانی دور میں وقف پرچلنے والے ہسپتال اور یونیورسٹیاں دکھائی جائیں گی۔

 ماحولیاتی ذمہ داری:

طلبہ کو یہ سکھایا جائے گا کہ اسلامی معاشی اصول ماحولیاتی تحفظ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ مثال کے طور پرغیر ضروری وسائل کا ضیاع اور ماحولیاتی آلودگی سے بچنا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔یہ تربیت طلبہ کو نہ صرف معاشی طور پر خودمختار بنائے گی،بلکہ انہیں ایک ذمہ دار، خیر خواہ، اور ماحول دوست شہری بھی بنائے گی۔

نصاب کا عملی نفاذ:

 عملی اقدامات اور تجاویز۔ اس نصاب کو اسکولوں میں نافذ کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں:

۱۔ نصاب کا ڈیزائن:

 اسلامی معاشی تعلیم کو لازمی یا اختیاری مضمون کے طور پر شامل کیا جائے۔ نصاب کو اردو، ہندی، مراٹھی، انگریزی، اور دیگر علاقائی زبانوں میں تیار کیا جائے تاکہ یہ زیادہ سے زیادہ طلبہ تک پہنچ سکے۔
نصاب کو عمرکے لحاظ سے مناسب بنایا جائے:

 پرائمری لیول:

 بنیادی تصورات،جیسے کہ حلال و حرام، دیانت، اور صدقہ۔

 مڈل اسکول:

زکوٰۃ، وقف، اور سادہ کاروباری ماڈلز۔

ہائی اسکول:

 مضاربہ، مشارکہ، اسلامی بینکنگ، اور جدید معاشی چیلنجز۔

۲۔ اساتذہ کی تربیت:

اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیاجائےجن میں اسلامی معاشیات کے ماہرین،علماء،اور مالیاتی مشیر شامل ہوں۔
تربیت میں جدید تدریسی طریقوں،جیسے کہ پروجیکٹ بیسڈ لرننگ،(Project Based Learning) ایکٹیویٹی بیسڈ ایجوکیشن،(Equity Based Education) اور کیس اسٹڈیز،(Case Studies) پر زور دیا جائے۔
اساتذہ کو مقامی کاروباری اداروں اور اسلامی بینکوں کے ساتھ رابطے میں رکھا جائے تاکہ وہ طلبہ کو عملی مثالوں سے سمجھا سکیں۔

۳۔ سماجی و دینی اداروں کی شراکت:

 مساجد، مدرسوں، اور اسلامی فلاحی اداروں کو اس نصاب کے نفاذ میں شامل کیا جائے۔مثال کے طورپر،مقامی مساجد زکوٰۃ اور وقف کے عملی ماڈلز پر ورکشاپس کا اہتمام کر سکتی ہیں۔ مقامی تاجروں اور کاروباری افراد کو اسکولوں کے ساتھ جوڑاجائےتاکہ وہ طلبہ کی رہنمائی کرسکیں۔اسلامی مالیاتی اداروں،جیسے کہ اسلامی بینکوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں،کو نصاب کی تیاری اور نفاذ میں شامل کیا جائے۔

۴۔ حکومتی تعاون:

 نئی تعلیمی پالیسی۲۰۲۰ (NEP 2020) کے تحت ’’ویلیو بیسڈ ایجوکیشن‘‘ (Value Based Education)اور’’ہنر پر مبنی تعلیم‘‘ کے ایجنڈے میں اس نصاب کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی جائے۔ حکومت سے اپیل کی جائے کہ وہ اس نصاب کے لیے فنڈز،وسائل،اور تربیتی پروگرامز فراہم کرے۔ نصاب کو قومی اور ریاستی تعلیمی بورڈز کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ اسے بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا سکے۔

۵۔دہلی کے EMC سے سبق:

دہلی حکومت کا (Entrepreneurship Mindset Curriculum)(EMC) ایک کامیاب ماڈل ہے، جس نے اسکولوں میں کاروباری سوچ کو فروغ دیا۔ اس ماڈل سے سیکھتے ہوئے اسلامی معاشی نصاب کو ہمارے دینی تشخص،اقدار، اور مقاصد کے ساتھ اپنایا جا سکتا ہے۔ EMC کی طرح اس نصاب میں عملی سرگرمیوں، ماہرین سے انٹرایکشن، اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور دیا جائے۔

۶۔ ٹیکنالوجی کا استعمال:

نصاب کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز(Digital Platorms)پر بھی دستیاب کیاجائے،جیسے کہ آن لائن کورسز، ایپس، اور ویڈیو لیکچرز۔
طلبہ کے لیے انٹرایکٹو ایپلیکیشنز تیارکی جائیں،جیسےکہ زکوٰۃ کیلکولیٹر، اسلامی مالیاتی ماڈلز کے سمیلیشنز،یا ورچوئل حلال تجارت میلہ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرکے طلبہ اور والدین میں اس نصاب کے بارے میں شعور اجاگر کیا جائے۔
فوائد: بچوں، معاشرے، اور امت کے لیے یہ نصاب نہ صرف تعلیمی نظام میں ایک مثبت تبدیلی لائے گا،بلکہ اس کے دور رس اثرات ہوں گے:
بچوں کے لیےمعاشی ہنر:
طلبہ کاروبار شروع کرنے،مالیاتی منصوبہ بندی،اوراسلامی مالیاتی ماڈلز کو سمجھنے کے قابل ہوں گے۔

 اخلاقی اقدار:

وہ دیانت، امانت، اور انصاف جیسے اصولوں پر عمل پیرا ہوں گے۔

دینی شعور:

وہ اپنی معاشی سرگرمیوں کو عبادت اور آخرت کی کامیابی سے جوڑ سکیں گے۔
معاشرے کے لیےدیانت دار تاجر:
یہ نصاب ایک ایسی نسل تیار کرے گا جو معاشی بدعنوانی، دھوکہ دہی، اور غیر منصفانہ تجارت کا مقابلہ کرے گی۔

 سماجی فلاح:

زکوٰۃ،وقف،اورصدقہ جیسے اداروں کو فروغ ملے گا،جومعاشرتی عدم مساوات کو کم کریں گے۔

 ماحولیاتی تحفظ:

اسلامی اصولوں پر مبنی معاشی سرگرمیاں ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دیں گی۔
امت کے لیےمعاشی خودمختاری:
یہ نصاب امت کو معاشی طور پر خودمختاربنانے میں مدد دے گا۔

 اسلامی مالیاتی نظام:

مضاربہ، مشارکہ، اور وقف جیسے ماڈلز کو فروغ ملے گا،جو عالمی معیشت کے لیے ایک منصفانہ متبادل بن سکتے ہیں۔

 عالمی اثر:

اسلامی معاشی تعلیم ایک ایسی نسل تیار کرے گی جو عالمی سطح پر منصفانہ معاشی نظام کے قیام میں کردار ادا کرے گی۔
چیلنجز اور ان کا حل اس نصاب کے نفاذ میں کچھ چیلنجز ہو سکتے ہیں، لیکن ان کا حل ممکن ہے:

۱۔ وسائل کی کمی:

 حل:

حکومت، نجی اداروں، اور اسلامی فلاحی تنظیموں سے فنڈز حاصل کیے جائیں۔ مقامی کاروباری افراد سے تعاون مانگا جائے۔

۲۔ اساتذہ کی تربیت:

 حل:

تربیتی پروگرامز کے لیے اسلامی یونیورسٹیوں اور مالیاتی اداروں سے تعاون لیا جائے۔ آن لائن تربیتی کورسز بھی تیار کیے جائیں۔

۳۔سماجی قبولیت:

 حل:

والدین، اساتذہ، اور کمیونٹی لیڈرزکے لیے ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ اس نصاب کی اہمیت کو سمجھیں۔

۴۔ نصاب کا تنوع:

 حل:

نصاب کو مختلف علاقائی زبانوں اور ثقافتوں کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ یہ ہر طبقے کے لیے قابل قبول ہو۔
ہمارے بچوں کی تعلیم ہمارے مستقبل کی بنیاد ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم انہیں صرف کیریئر کے لیے تیار کریں گے یا کردار کے لیے بھی؟ کیا ہم انہیں صرف معیشت کے ہنر سکھائیں گے یا معاشرت کی بصیرت بھی دیں گے؟کیا ہم ان کے ہاتھ میں صرف پیسہ تھمائیں گے یا مقصدِ زندگی بھی سمجھائیں گے؟
یہ اسلامی معاشی نصاب ہمارے بچوں کو صرف تاجر نہیں، بلکہ اصلاح پسند تاجر بنائے گا۔ وہ تاجرجو سچ بولے، انصاف کرے، معاشرے کی فلاح کے لیے کام کرے، اور ماحولیاتی ذمہ داری کو سمجھے۔ وہ تاجر جو نبی کریم ﷺ کے اس قول کا مصداق ہو:
’’الکاسب حبیب اللہ‘‘
کمانے والا اللہ کا محبوب ہے۔
یہ نصاب ایک خواب نہیں،بلکہ ایک قابل عمل منصوبہ ہے۔اسکولوں، والدین، اساتذہ، سماجی اداروں، اور حکومت کو مل کر اسے حقیقت کا روپ دینا ہوگا۔ آئیے، اپنے بچوں کو ایک ایسی تعلیم دیں جو انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب بنائے۔

٭ ٭ ٭

ہمارے بچوں کی تعلیم ہمارے مستقبل کی بنیاد ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم انہیں صرف کیریئر کے لیے تیار کریں گے یا کردار کے لیے بھی؟ کیا ہم انہیں صرف معیشت کے ہنر سکھائیں گے یا معاشرت کی بصیرت بھی دیں گے؟کیا ہم ان کے ہاتھ میں صرف پیسہ تھمائیں گے یا مقصدِ زندگی بھی سمجھائیں گے؟

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے