ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

ہمارا تمہارا خدا بادشاہ

کسی ملک میں ایک تھا بادشاہ۔ بڑا دانش مند، مهربان اور انصاف پسند – اس کے زمانے میں ملک نے بہت ترقی کی اور رعایا اس کو بہت پسند کرتی تھی۔ اس بات کی شہادت نہ صرف اس زمانے کے محکمہ اطلاعات کے کتابچوں اور پریس نوٹوں سے ملتی ہے بلکہ بادشاہ کی خود نوشت سوانح عمری سے بھی۔

 

آزادی اظہار رئے

شاہ جم جاہ کے زمانے میں ہر طرف آزادی کا دور دورہ تھا۔ لوگ آزاد تھے اور اخبار آزادتھےکہ جوچاہیںکہیں،جوچاہیں لکھیں۔بشرطیکہ وہ بادشاہ کی تعریف میں ہو،خلاف نہ ہو ۔

حسن انتظام ایسا کہ!

اس بادشاہ کا زمانہ ترقی اور فتوحات کے لئے مشہور ہے۔ ہر طرف خوش حالی ہی خوش حالی نظر آتی تھی،کہیں تل دھرنے کو جگہ باقی نہ تھی۔ جو لوگ لکھ پتی تھے دیکھتے دیکھتے کروڑ پتی ہوگئے۔حسن انتظام ایسا تھا کہ امیر لوگ سونا اچھالتے اچھالتے ملک کے اس سرے سے اس سرے تک بلکہ بعض اوقات بیرون ملک بھی چلے جاتے تھے۔ کسی کی مجال نہ تھی کہ پوچھے اتناسوناکہاں سے آیا اور کہاں لئے جا رہے ہو ۔

عیب جوئی بری بات ہے

روحانیت سے شغف تھا۔ کئی درویش اُسے ہوائی اڈے پر لینے چھوڑنے جاتے یا اُس کی کامرانی کے لئے چلے کاٹتے تھے۔ طبیعت میں عفو اور درگزر کا مادہ از حد تھا۔ اگر کوئی آکر شکایت کرتا تھا کہ فلاں شخص نے میری فلاں جائیدا د ہتھیا لی ہے یا فلاں کارخانے پر قبضہ کر لیا ہے، تو مجرم خواہ بادشاہ کا کتنا ہی قریبی عزیز کیوں نہ ہوا وہ کماں سیر چشمی سے اُسے معاف کر دیتے تھے، بلکہ شکایت کرنے والوں پر خفا ہوتے تھے کہ عیب جوئی بری بات ہے ۔
اب بھی زندہ ہے!
جب بادشاہ کا دل حکومت سے بھر گیا تو وہ اپنی چیک بکیں لے کر تارک دنیا ہو گیا اور پہاڑوں کی طرف نکل گیا۔کچھ لوگ کہتے ہیں اب بھی زندہ ہے ۔ والله اعلم بالصواب

ایک سبق جغرافیے کا
دنیا گول ہے

جغرافیہ میں سب سے پہلےیہ بتایاجاتا ہے کہ دنیاگول ہے۔ ایک زمانے میںبے شک یہ چپٹی ہوئی تھی ،پھر گول قرار پائی ۔گول ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ لوگ مشرق کی طرف سے جاتے ہیں مغرب کی طرف جا نکلتے ہیں،کوئی ان کو پکڑ نہیں سکتا۔اسمگلروں، مجرموں اور سیاست دانوں کے لئے بڑی آسانی ہو گئی ۔
ہٹلر نے زمین کو دوبارہ چپٹاکرنے کی کوشش کی تھی، لیکن کامیاب نہیں ہوا۔پرانے زمانے میں زمین گل محمد کی طرح ساکن ہوتی تھی۔ سورج اور آسمان وغیرہ اس کے گرد گھوماکرتے تھے ۔شاعر کہتاہے ، رات دن گردش میں ہیں سات آسمان ،پھر گلیلیو (Galileo)نامی ایک شخص آیا اور اس نے زمین کو سورج کے گرد گھمانا شروع کر دیا ۔ پادری بہت ناراض ہوئے کہ یہ ہم کو کس چکر میں ڈال دیا ہے۔ گلیلیو کو تو انھوں نے قرار واقعی سزا دے کر آئندہ اس قسم کی حرکات سے روک دیا ۔ زمین کو البتہ نہیں روک سکے، برا بر حرکت کئے جا رہی ہے ۔

کولمبس کی دریافت

شروع میں دنیا میں تھوڑے ہی ملک تھے ۔ لوگ خاصی امن چین کی زندگی بسر کرتے تھے۔پندرھویں صدی میں کولمبس (Columbus)نے امریکہ دریافت کیا۔اس کے بارے میں دو نظریئے ہیں۔کچھ لوگ کہتے ہیںکہ اس کا قصورر نہیں یہ ہندوستان کو یعنی ہمیں دریافت کرنا چاہتا تھا، غلطی سے امریکہ کو دریافت کر بیٹھا۔ اس نظریئے کو اس بات سے تقویت ملتی ہے کہ ہم ابھی تک دریافت نہیں ہو پائے ۔
دوسرا فریق کہتا ہے کہ نہیں، کولمبس نے جان بوجھ کہ یہ حرکت کی یعنی امریکہ دریافت کیا ۔ بہر حال اگر یہ غلطی بھی تھی تو بہت سنگین غلطی تھی۔ کولمبس تو مر گیا ، اس کا خمیازہ ہم لوگ بھگت رہے ہیں ۔

ماخوذ :اردو کی آخری کتاب
مولفہ: ابن انشا

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے