یہ ایک سچا محاورہ ہے جو بچپن سے ہی نہ صرف سنتے بلکہ پڑھتے بھی آرہے ہیں۔ غالبا درجہ اول کی اردو کتاب میں اسے پڑھا تھا، جس کے حقیقی مفہوم سے اب آشنائی ہوئی اور اس کی قیمت کا اندازہ عمر کا ایک حصہ گزرنے کے بعد ہوا۔ انگریزی کا ایک مقولہ ’’Time is precious “ بھی بچپن سے ہی سن رکھا ہے۔یقینا وقت وہ قیمتی سرمایہ ہے جس کا کوئی متبادل نہیں۔ دنیا کی کوئی بھی چیز اگر ہاتھوں سے نکل جائے تو اسی صورت میں یا پھر اس سے بہتر شکل میں اس کا حصول اگرچہ ممکن تو ہے مگر وقت کا نکل جانا بالآخر ایسا سفر ہے جس کی واپسی ممکن نہیں۔
وقت کی اس اہمیت کا اندازہ ہم معلم انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے گراں قدر فرمان سے لگا سکتے ہیں جو ساڑھے چودہ سو صدی قبل انھوں نے وقت کی قدر کے تعلق سے بیان فرمائے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛ پانچ امور سے قبل پانچ امور سے فائدہ اٹھایا جائے؛ (۱) بڑھاپا آنے سے قبل جوانی سے (۲) مرنے سے قبل زندگی سے (۳) مصروفیات سے قبل فراغت سے (۴) غربت آنے سے قبل مال سے (۵) بیماری سے قبل صحت سے۔ (رواہ الحاکم)
ایک اور موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن کسی انسان کا قدم اللہ تعالیٰ کے سامنے سے نہیں ہٹ سکتا یہاں تک کہ وہ مذکورہ سوالات کا جواب دے د ے: زندگی کہاں گزاری ؟ جوانی کہاں لگائی ؟ مال کہاں سے کمایا ؟ یعنی حصول مال کے اسباب حلال تھے یا حرام؟ مال کہاں خرچ کیا؟ یعنی مال سے متعلق اللہ اور بندوں کے حقوق ادا کیے یا نہیں ؟ علم پر کتنا عمل کیا؟ ( رواہ الترمذی)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ خوبصورت ہدایات امت مسلمہ کو یہ باور کراتے ہیں کہ انسانی زندگی کا ہر لمحہ انتہائی قیمتی ہے، لہٰذا اسے فضولیات میں گزارنے کے بجائے بہترین کاموں میں صرف کیا جائے تاکہ آخرت کی سرخروئی کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی ترقی کی راہیں ہموار ہوتی جائیں۔ وقت کی قدر کے پیش نظر اللہ تعالی نے اسلام کے تمام احکام کو وقت سے مربوط کردیا ہے۔ چناں چہ ہم دیکھتے ہیں کہ دن کی پانچ نمازیں وقت کے ساتھ جڑی ہیں۔ ارشاد باری تعالی ہے:’’
إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا’’۔
(النساء، ۱۰۳) ’’بے شک نماز اپنے مقررہ وقتوں میں مسلمانوں پر فرض ہے۔‘‘
رمضان المبارک کا پورا مہینہ وقت کی تنظیم کا قیمتی پیمانہ ہے۔ عیدین، عشرہ ذوالحجہ میں انجام پانے والی حج جیسی عظیم عبادت اور پورے سال کی جانے والی تمام عبادات وقت کی تعیین سے مربوط ہیں۔ اسلامی احکامات کا یوں وقت سے مربوط ہونا وقت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، کیوں کہ انسانی فطرت کا خاصہ کسی نہ کسی کام میں مصروف رہنا ہے ۔ لہٰذا اگر اسے اچھے کاموں میں نہ لگایا جائے تو وہ برے کاموں میں مشغول ہوجاتا ہے۔ جناب نثار موسی صاحب اپنی کتاب ’مصروفیت یا جد و جہد‘ میں لکھتے ہیں:‘‘انسانی زندگی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ انسان اپنی فطرت میں تحرک پسند ہے۔ کوئی نہ کوئی کام کرنا چاہتا ہے،مصروف رہنا چاہتا ہے۔‘‘ لہٰذا اسی خاصیت کے پیش نظر انسان کسی نہ کسی مشاغل میں خود کو مصروف کرلیتا ہے۔ البتہ ان مشاغل میں پڑنے والوں کے نظریات مختلف ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ آپ کو ہمیشہ مصروف نظرآ ئیں گے اور کچھ لوگ جدوجہد کر تے ہوئے نظر آئیں گے۔ مصروف لوگ صرف سرگرم رہنا چاہتے ہیں، جب کہ جدوجہد کرنے والے کوئی بڑا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کسی منزل پر اپنے ساتھ دوسروں کو بھی پہنچانا چاہتے ہیں۔
لیکن جب انسان بالکل فارغ ہوتا ہے تو قرآنی آیت
’’إِنَّ النَّفْسَ لَأَمَّارَةٌ بِالسُّوءِ‘‘
کے مصداق خود کو بے مقصد ، لا یعنی اور لہو و لعب میں مشغول کر لیتا ہے۔ خالی دماغ شیطان کا کارخانہ ہوتا ہے یہ مثل یوں ہی نہیں کہی گئی ہے، بلکہ حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ یہ خالی دماغ نہیں بلکہ فارغ انسان ہوتا ہے۔ دماغ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہمہ وقت مصروف رہتا ہے، البتہ اگر کوئی شخص کام نہیں کرنا چاہتا یا اس کے پاس کام نہیں ہوتا تو فارغ الذہن ہوکر طرح طرح کے منصوبے بناتا ہے جو مثبت اور منفی دونوں طرح کے ہوسکتے ہیں۔چناں چہ جب وہ بیٹھ کر ایسے منصوبے بناتا ہے کہ ’’کمائے گی دنیااور کھائیں گے ہم‘‘ تو دماغ یقینی طور پر شیطان کا کارخانہ بن جاتا ہے۔ ارسطو کا کہنا ہے کہ ’’دولت مند چور یا چور کا بیٹا ہوتا ہے۔‘‘
وقت کی انھیں اہمیت کے پیش نظر علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے ضیاع وقت کو موت سے زیادہ خطرناک قرار دیا۔ چنانچہ فرماتے ہیں:’’ضياع الوقت
’’أشد من الموت لأن الموت يقطعك عن الدنيا وضياع الوقت يقطعك عن الله’’۔
وقت کا ضیاع موت سے زیادہ سخت ہے اس لیے کہ موت تمہیں دنیا اور دنیا والوں سے کاٹتی ہے، جب کہ وقت کا ضیاع تمھیں اللہ اور آخرت دونوں سے کاٹ دیتا ہے ۔‘‘ ( الفوائد، ۴۴ )
قرآن کریم نے بروز قیامت وقت ضائع کرنے والوں کے احساسات و ندامت کی عکاسی اس حسین پیرایہ میں کی ہے
يَوْمَئِذٍ يَتَذَكَّرُ الْإِنسَانُ وَأَنَّىٰ لَهُ الذِّكْرَىٰ، يَقُولُ يَا لَيْتَنِي قَدَّمْتُ لِحَيَاتِي
(الفجر، ۲۳،۲۴) اس دن آدمی سوچے گا اور اب اسے سوچنے کا وقت کہاں؟ کہے گا کاش میں نے جیتے جی نیکی آ گے بھیجی ہوتی! لیکن افسوس ! آج ہم اپنا وقت کتنی بے دردی سے ضائع کر رہے ہیں۔ گھنٹوں سوشل میڈیا پر بیٹھ کر ہم کس طرح اپنا آپا کھوئے جا رہے ہیں اور ہمیں احساس تک نہیں ہوتا۔ اس دوران احکام الہی ذہن میں رہتے ہیں نہ فرمودات رسول صلی اللہ علیہ وسلم جو ایک بامقصد زندگی گزارنے کے لیے انمول تحفہ ہیں۔ شارٹ ویڈیوز ، یو ٹیوب تو کبھی ٹیلیفونک گفتگو پر غیبتیں، جھوٹ اور چغلی وغیرہ میں وقت ضائع کرنا آج کا خاص وطیرہ بنتا جا رہا ہے۔ اس پر مستزاد اے آئی ( AI ) نے موجودہ نسل کو سوشل میڈیا کا اس طرح گرویدہ بنا دیا ہے کہ اس کے بغیر اب نوجوانان ملت کی حیات کا کوئی تصور ممکن ہی نہیں رہا۔
تاریخی صفحات کی ورق گردانی کی جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ مسلمانان عالم نے جب وقت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی قدر کی تو کبھی فاتح بیت المقدس ٹھہر روم و قیصر کو زیر کرنے والے عرب ہیرو کے ٹائٹل سے سرفراز ہوئے ۔ کبھی سندھ تک اپنے قدم جما کر ہندوستان میں ایک روحانی انقلاب برپا کیا تو کبھی یورپ کی سرزمین پر اپنے علم لہرائے، لیکن رفتہ رفتہ جب اسی قوم نے وقت کی اہمیت کو نظر انداز کرنا شروع کیا تو خود کو لہو لعب میں مشغول کر لیا جس کے نتیجے میں تاریخ اسلامی نے اندلس کے تاریک دور بھی دیکھے اور ہندوستان میں مسلم حکمرانوں کو زیر و زبر بھی ہوتے دیکھا اور یہی نہیں بلکہ یورپ کی شہ زوری اور جور و جبر سے بھی نبردآزما ہوئے۔ حالیہ دنوں میں اہل غزہ پر ڈھائے گئے مظالم بھی آج عرب حکمرانوں کی انھیں رنگ رلیوں کا نتیجہ ہیں، جو آج وقت سے بے نیاز ہوکر کہیں رقص و سرود کی محفلیں سجانے میں مدہوش ہیں، تو کہیں اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے جھوٹے حکمرانوں کے استقبال میں اپنی خواتین کو آگے بڑھانے میں اس طرح مشغول ہیں کہ انہیں سر زمین غزہ سے اٹھتے دھوئیں نظر نہیں آتے، وہاں سے سسکتی آہیں ان کے کانوں تک نہیں پہنچتیں، ان کی چینخ و پکار سے ان کے قلب غمگين نہیں ہوتے کیوں کہ انہوں نے بیتے لمحوں کی اہمیت کا ادراک کرنا چھوڑ دیا اور ایسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں کہ انہیں یہ فانی دنیا گویا دائمی دنیا محسوس ہونے لگی۔
وقت کی بڑھتی سوئی اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ زندگی کا جو لمحہ گزر گیا اس کی واپسی کی اب کوئی صورت ممکن نہیں۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ گزرتے لمحوں میں ہم خود کو لا یعنی مشاغل میں مصروف کرنے کے بجائے با مقصد جدوجہد میں مصروف رکھیں، اس لیے کہ جدوجہد ایک خاص مقصد، مشن و نصب العین کے لیے منصوبہ بندی، تسلسل اور حکمت کے ساتھ آہستہ آہستہ آگے بڑھنے کا نام ہے جو نہ صرف ذاتی زندگی کے مفاد تک محدود ہے بلکہ عملی طور پر جدوجہد کی ترغیب دلاتی ہے اور ایسے ہی بامقصد لوگ کسی بڑے معاشی، سماجی، تعلیمی،مذہبی اور ماحولیاتی مسئلے کا “حل” پیش کرنے کا تمغہ امتیاز حاصل کرتے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں وقت کی قدر کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارا ہر لمحہ با مقصد اور کار خیر کی نذر ہو۔ آمین یا رب العالمین
٭ ٭ ٭
کچھ لوگ آپ کو ہمیشہ مصروف نظرآ ئیں گے اور کچھ لوگ جدوجہد کر تے ہوئے نظر آئیں گے۔ مصروف لوگ صرف سرگرم رہنا چاہتے ہیں، جب کہ جدوجہد کرنے والے کوئی بڑا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں اور کسی منزل پر اپنے ساتھ دوسروں کو بھی پہنچانا چاہتے ہیں۔


اپ کی تحریر بہت ہی زبردست ہے اور بار بار پڑھنے اور اخبارات میں شائع ہونے کے لائق ہے اور بہت ہی بہترین تحریر ہے امید کرتا ہوں کہ اپ ہماری قوم کے لیے ایک نایاب تحفہ بن کر ابھریں گے انشاءاللہ
جزاک اللہ خیرا